Tag: پولیو ٹیم

  • دیامر میں  پولیو ٹیم حملے میں بال بال بچ گئی

    دیامر میں پولیو ٹیم حملے میں بال بال بچ گئی

    دیامر: پولیو مانیٹرنگ ٹیم پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کردی تاہم تاہم پولیو ٹیم محفوظ رہی۔

    تفصیلات کے مطابق دیامر کے علاقے تانگیر شیخو میں پولیو مانیٹرنگ ٹیم پر حملہ ہوا، فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹا تاہم پولیو ٹیم محفوظ رہی۔

    پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف ایف آئی آر درج کر لی، ترجمان جی بی حکومت نے بتایا کہ حکومتی سطح پر سیکیورٹی کے اقدامات مزید سخت کر رہے ہیں ، پولیوٹیم بغیر اطلاع تانگیر پہنچی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کواطلاع دینی چاہیے تھی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نےفائرنگ کےواقعےکا نوٹس لیا ہے اور حکومت کا پولیو مہم جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات سخت کیے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں : نوشکی : انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ، ایک پولیس اہلکار شہید

    یاد رہے چند روز قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا.

    اس حوالے سے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ شہید اہلکار وحید کا تعلق جمال آباد نوشکی سے تھا، یہ حملہ قومی انسدادپولیومہم کوسبوتاژ اور خوف و ہراس پھیلانے کی سازش ہے۔

  • کراچی: پولیو ٹیم اور شہری کے درمیان جھگڑا، خاتون ورکر کو زبردستی بٹھالیا گیا

    کراچی: پولیو ٹیم اور شہری کے درمیان جھگڑا، خاتون ورکر کو زبردستی بٹھالیا گیا

    کراچی: ناظم آباد نمبر 3 میں پولیو ٹیم اور فلیٹ مکین کے درمیان جھگڑا ہوگیا، پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کیساتھ شہری کو حراست میں لےلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِحراست شہری موبائل مارکیٹ میں تاجر ہے، مبینہ طور پر پولیو کے قطرے نہ پلانے پر جھگڑا ہوا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پولیس کی بھاری نفری لےکر پہنچا، پولیس اور ضلعی ٹیم نے گھر میں گھس کر شہری اور دیگر کو باہر نکالا۔

    پولیس نے بتایا کہ فلیٹ مکینوں نے کئی مرتبہ پولیو قطرے پلانے سے انکار کیا ہے، خاتون ورکر گھر میں گئی تو اس کو زبردستی کمرے میں بٹھالیا گیا

    پولیو ٹیم کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس فلیٹ پر پہنچی تھی، زبردستی دروازہ کھلوا کر پولیو ورکر کو بازیاب کرایا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا مزید کہنا تھا کہ جس شخص کو جھگڑے پر حراست میں لیا گیا ہے اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کریں گے، دوسری جانب شہری کا مؤقف ہے کہ پولیو ٹیم کو قطرے پلانے سے روکا نہیں تھا۔

    شہری نے بتایا کہ گھروالوں نے کہا تھا کہ ایک بچہ بیمار ہے اس کو خود قطرے پلوا دیں گے، اسسٹنٹ کمشنر گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا۔

  • کرک اور  بنوں میں  پولیو ٹیم  پر حملہ، ایک  پولیس اہلکار شہید، ورکر زخمی

    کرک اور بنوں میں پولیو ٹیم پر حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، ورکر زخمی

    پشاور : کرک اور بنوں میں پولیو ٹیم پر حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک پولیو ورکر اور اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرک، بنوں اور لکی مروت میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کرک میں بانڈہ داؤد شاہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا۔

    حملے میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید اور پولیو ورکر زخمی ہوا اور حملہ آور فرار ہوگئے، پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

    بنوں میں تھانہ صدر کی حدود میں پولیو اہلکار پر فائرنگ کی گئی، جس سے اہلکار حیات اللہ خان زخمی ہوگیا۔

    حیات اللہ کے خاندان کی پرانی دشمنی ہے تاہم مسلح حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

    لکی مروت میں تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں دہشت گردوں نے حملہ کرکے انسداد پولیو ٹیم سے سامان چھین لیا، پولیس کا کہنا ہے سامان چھیننے کے بعد دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم کو چھوڑ دیا، انسداد پولیو ٹیم ڈیوٹی کے بعد مقامی اسپتال واپس جا رہی تھی۔

    گورنر خیبرپختونخوا نے کرک پولیو ٹیم پر حملے کی اعلی حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم پر حملہ انتہائی افسوسناک ہے اور حملہ میں پولیس اہلکار کی شہادت پر دلی افسوس ہوا۔

    فیصل کریم کا کہنا تھا کہ زخمی پولیو ورکر کو ہر ممکن علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پولیو ورکرز پر حملہ پاکستان اور انسانیت دشمن قوتوں کی سازش ہے۔

    چئرمین پی پی بلاول بھٹو نے بنوں،کرک میں پولیوٹیموں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گورنر کے پی سے رپورٹ طلب کرلی۔

    پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ پولیو ورکرزاور ٹیم کی سکیورٹی پرمامور پولیس اہلکارکی شہادت پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیومہم کی کامیابی کیلئےپولیوورکرزکاتحفظ انتہائی ضروری ہے، خیبرپختونخواحکومت پولیوورکرز کے تحفظ اورمہم کی کامیابی کو یقینی بنائے۔

  • کراچی میں  پولیو ٹیم سے ناروا سلوک پر مقدمہ درج، 3 ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیو ٹیم سے ناروا سلوک پر مقدمہ درج، 3 ملزمان گرفتار

    کراچی : پولیو ٹیم سے نارو اسلوک پر مقدمہ درج کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ٹیم پر ڈنڈے ، جھاڑو اور دیگر اشیا سے حملہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد بلاک 3 میں پولیو ٹیم سے نارواسلوک پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس نے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج مقدمے میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ خاتون نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرےپلانے سے منع کیا اور لیڈی کانسٹیبل پر ہاتھ اٹھایا، مغلظات بکیں۔

    ایف آئی آر میں کہنا تھا کہ  ٹیم پر ڈنڈے،جھاڑواوردیگراشیاسےحملہ کیا گیا جبکہ خاتون کے شوہر اور بھائی نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

  • چمن  : مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون پولیو ورکر سمیت 3  لیویز اہلکار زخمی

    چمن : مسلح افراد کا پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون پولیو ورکر سمیت 3 لیویز اہلکار زخمی

    کوئٹہ : ڈنڈا بردار افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں خاتون پولیو ورکر ،2 لیویز اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں دھرناکمیٹی کے ڈنڈابردارافراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کردیا اور حملہ آوروں نے پولیس اور لیویز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔

    ڈپٹی کمشنر راجا اطہر عباس نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں خاتون پولیوورکر، 2 لیویز اور ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگیا۔

    راجا اطہر عباس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید نفری روانہ کر دی گئی ہے، پولیومہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے چمن میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور پولیو ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہی ہے، ملزمان پرانسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    خیال رہے آج ملک کے سڑسٹھ مخصوص اضلاع میں انسداد پولیومہم کا آغاز کیا گیا ہے، مہم کےدوران ایک کروڑ پینسٹھ لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن کا ہدف ہے۔

    بلوچستان کے چودہ اضلاع میں بھی انسداد پولیو مہم شروع کی گئی ہے، جس میں اٹھارہ لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ بلوچستان کے چھ اضلاع میں ہیٹ ویوکی پیش گوئی کے باعث مہم پانچ دن کیلئے مؤخر ہے، ان اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم آٹھ جون سےشروع ہوگی۔

  • بنوں میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

    بنوں میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق

    بنوں: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں فائرنگ سے پولیو ٹیم کی حفاظت  پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں تھانہ میریان کی حدود میں پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ٹیم کی حفاظت پر مامور  پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکار پولیو ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی پر مامور تھا، واقعے کے بعد حملہ آور فرار  ہوگیا جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

    واضح رہے اس سے قبل 1 اگست کو کوئٹہ کے واں کلی میں فائرنگ سے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے تھے۔

  • پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    پولیو ٹیم پر حملہ: وزیر خارجہ کا ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر خارجہ نے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر بھی اظہارِ افسوس کیا ہے۔

    انہوں نے حکم دیا ہے کہ حملے میں ملوث درندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور انسداد پولیو مہم کے لیے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 2 کانسٹیبل پیر رحمٰن اور نثار احمد موقع پر شہید ہوگئے جبکہ ایک پولیو ورکر زخمی ہوگیا۔

    حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے ٹانک اور گرد و نواح کی قبائلی بستیوں میں آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔

  • صوابی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق

    صوابی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق

    صوابی: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جاں بحق ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں نامعلوم ملزمان نے ڈیوٹی کرنے والی پولیو ٹیم پر فائرنک کر دی جس کے نتیجے میں 2 لیڈی ہیلتھ ورکرز جان کی باز ہار گئیں۔ ڈی پی او صوابی نے کہا کہ پولیس نے جائے وقوع سے گولیوں کے خول برآمد کر لیے۔

    پولیو ٹیم پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہیں۔

    آئی جی خیبرپختونخواہ ثنا اللہ عباسی نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کر دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا ثنا اللہ عباسی سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے پولیس کو ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت بھی کی۔

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کئی علاقوں میں پولیو ورکرز پر حملوں کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں، پولیو ورکرز پر حملے ملک سے پولیو کے خاتمے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔

  • رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز

    رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: ملک بھر میں 6 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا۔ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

    چھ روزہ مہم کے دوران کراچی میں 15 لاکھ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قطرے نہ پلوانے پر والدین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ حساس یونین کونسلز میں انر او آؤٹر کارڈن کی بنیاد پر پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ ایسی تمام یوسیز میں پولیس کمانڈوز کو خصوصی ذمہ داریاں دی جائیں۔

    مزید پڑھیں: سوچ میں تبدیلی پولیو کے خاتمے کے لیے ضروری

    دوسری جانب پنجاب کے تمام اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیو کے دوران 1 کروڑ 84 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ مہم کے دوران سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    بلوچستان میں انسداد پولیو مہم میں 24 لاکھ 51 ہزار 295 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ مہم میں 9 ہزار 287 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں بھی سخت سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ انسداد پولیو مہم جاری ہے جہاں سب سے زیادہ پولیو کیسز رپورٹ کیے جاتے ہیں۔

    مقامی افسران کے مطابق یہاں کے غیر ترقی یافتہ اور قبائلی علاقوں میں پولیو ویکسین کو بانجھ کردینے والی دوا سمجھی جاتی ہے، علاوہ ازیں دشوار گزار راستوں کی وجہ سے بھی درجنوں بچے پولیو کے قطروں تک رسائی حاصل کرنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پشاور کا پانی پولیو وائرس سے پاک قرار

    تاہم قبائلی علاقہ جات کے میڈیا آفیسر عقیل احمد کا کہنا ہے کہ اب قبائلی علاقوں میں بھی پولیو سے بچاؤ اور قطرے پلانے کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی آرہی ہے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے صرف 2 سال میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے اور اب پولیو کے قطرے پینے سے محروم بچوں کی شرح صرف 1 فیصد رہ گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ 2 سال میں پاکستان نے انسداد پولیو کے لیے نہایت بہترین اور منظم اقدامات اٹھائے ہیں جن کے باعث ان 2 سالوں میں پولیو کیسز کی شرح میں خاصی کمی آئی ہے۔

    کچھ عرصہ قبل یونیسف نے بھی انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پولیو کے مرض کے خاتمے کے لیے بھرپور اور نہایت منظم اقدامات اٹھائے ہیں جن کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ رواں سال کے اختتام تک پاکستان سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    یاد رہے کہ سنہ 2015 میں اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹس کے مطابق صرف پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو ایسے ممالک تھے جہاں اکیسویں صدی میں بھی پولیو وائرس موجود تھا تاہم رواں برس افریقی ملک نائجیریا میں بھی ایک سے 2 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد اب نائیجریا بھی پولیو زدہ ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔

  • چارسدہ،ریموٹ کنٹرول بم حملہ،9افراد زخمی

    چارسدہ،ریموٹ کنٹرول بم حملہ،9افراد زخمی

    چارسدہ : صوبہ خیبرپختونخواہ میں چاسدہ کے علاقے میں پولیس وین پرحملے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت9افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق پولیس وین کو شب قدر کے علاقے سروکلئی میں نشانہ بنایا گیا۔ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چارپولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شدید زخمی بھی ہوگئے، قریب سے گزرتی ایک مسافربس کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم حملہ آورں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہےکہ ریموٹ کنٹرول بم حملےمیں زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق دہشت گردی کا نشانہ بننے والےپولیس اہلکار پولیوٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور تھے۔

    مزید پڑھیں: پشاور میں فائرنگ،پولیو افسر جاں بحق

    یاد رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیو افسر ڈاکٹر ذکاء اللہ خان کو جاں بحق کردیا تھا۔