Tag: پولیو

  • افریقہ میں 23 سال بعد پولیو کیس رپورٹ

    افریقہ میں 23 سال بعد پولیو کیس رپورٹ

    للنگوے: افریقی ملک ملاوی میں 23 سال بعد پولیو کیس رپورٹ کیا گیا ہے، فی الوقت دنیا کے صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے، ملاوی کو 23 سال قبل پولیو سے پاک ملک کا درجہ دیا جاچکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق افریقی ملک ملاوی میں 23 سال بعد 3 سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تشخیص نے عالمی ادارہ برائے صحت کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

    عالمی ادارہ برائے صحت کا کہنا ہے کہ ملاوی کو 23 سال قبل پولیو سے پاک ملک کا درجہ دے دیا گیا تھا، تاہم اب وہاں ایک 3 سالہ بچی میں اس وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کے مطابق ملاوی میں پولیو کا آخری کیس 1999 اور براعظم افریقہ میں 2016 میں سامنے آیا تھا۔

    ڈبلیو ایچ او افریقہ کے علاقائی ڈائریکٹر ڈاکٹر متشیدیو موئتی کا اس بارے میں کہنا ہے کہ لیباریٹری میں کی گئی جانچ سے پتہ چلا کہ اس وائرس کا تعلق پاکستان میں ابھی تک گردش کرنے والی قسم سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دارالحکومت للنگوے میں رپورٹ ہونے والے اس کیس میں مذکورہ بچی کی ایک ٹانگ متاثر ہوگئی ہے۔

    ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کے تدارک کے لیے کیے گئے سخت اقدامات کی وجہ سے فوراً اس بچی میں وائرس کی شناخت کر لی گئی ہے، اوراس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس وقت دنیا کے صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔

  • ‘پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے’

    ‘پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے’

    اسلام آباد: مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل شخصیت بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔

    وزیر اعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بل گیٹس نے آج جمعرات کو قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کا دورہ کیا، انھوں نے اس موقع پر کہا پاکستان نے پولیو کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، اس کامیابی کو برقرار رکھتے ہوئے ہم منزل حاصل کر لیں گے۔

    دورے کے دوران کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے انھیں بریفنگ بھی دی، اور بل گیٹس کو اب تک کی کامیابیوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، اس دوران بل گیٹس نے ہیلپ لائن 1166 کا بھی دورہ کیا۔

    بل گیٹس کا این سی او سی کا دورہ، کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف

    معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ ہم ضلعی سطح پر اپنی ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں، اور ہم نے انسداد پولیو کے لیے حساس علاقوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے، پاکستان جلد پولیو سے پاک ملک بن جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بل گیٹس نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، جس میں پولیو کے خاتمے پر بھی بات چیت کی گئی، ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر کیا۔

    وزیراعظم عمران خان کا پولیو کے خاتمے کیلئے تعاون پر بل گیٹس سے اظہار تشکر

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو حکومت پاکستان کی جانب سے ”ہلال پاکستان“ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے، بل گیٹس کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہلال پاکستان ایوارڈ دیا۔

  • پی ایس ایل ٹیموں سے متعلق محمد یوسف کا بیان

    پی ایس ایل ٹیموں سے متعلق محمد یوسف کا بیان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 7 میں جس مینجمنٹ نے ٹیم اچھی بنائی ہے، وہی بہتر پرفارم کر رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق مایہ ناز پاکستانی بیٹسمین محمد یوسف نے آج لاہور کے نجی اسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تقریب میں شرکت کی۔

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں محمد یوسف نے کہا کہ ڈاکٹرز کو حکومت کے ساتھ مل کر معاشرے کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ بہترین پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔

    انھوں نے کہا سب کو مل کر انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا چاہیے، کسی کو بھی اس کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے، یہی بچے پاکستان کا مستقبل ہیں، انھی بچوں نے پاکستان کو سنبھالنا ہے۔

    محمد یوسف کا کہنا تھا جو لوگ پولیو مہم کے خلاف ہیں ان کو بھی بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    پی ایس ایل سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ یہ کرکٹ ہے، جس مینجمنٹ نے ٹیم اچھی بنائی ہے وہ بہتر پرفارم کر رہی ہے، لاہور قلندر آخری 6 ایڈیشنز میں آخری نمبر پر آئی، اس بار انھوں نے اچھی ٹیم بنائی ہے۔

    محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ملتان سلطان نے پہلے بھی اچھا کھیلا، اور اس بار بھی وہ پرفارم کر رہی ہے۔

  • پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ گزشتہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کا انعقاد صوبائی دارالحکومت لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور میانوالی میں کیا جارہا ہے۔

    مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی ہیں۔ مہم میں 60 ہزار سے زائد پولیو ورکرز تعینات کیے گئے ہیں۔

    پنجاب پولیو پروگرام کی سربراہ سندس ارشاد کا کہنا ہے کہ ٹیمیں 70 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف پورا کریں گی، مہم کے لیے پولیو ورکرز کو کووِڈ 19 ایس او پیز پر خصوصی تربیت دی گئی ہے۔

    سندس ارشاد کا کہنا تھا کہ 14 ماہ سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، پنجاب کے تمام ماحولیاتی نمونے منفی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کی ضرورت ہے، توجہ اعلیٰ معیار کی مہمات پر مرکوز رکھی جائے گی۔

    انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنائیں۔

  • پولیو ورکرز پر حملوں کی صورت میں ضلعی انتظامیہ قانونی کارروائی کرے: وزیر اعظم

    پولیو ورکرز پر حملوں کی صورت میں ضلعی انتظامیہ قانونی کارروائی کرے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر نوشین حامد، چیف سیکریٹریز، اور 30 سے زائد ضلعی ڈپٹی کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کے لیے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پولیو ورکرز مشکل علاقوں تک پہنچ کر قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز خصوصی تعریف کے مستحق ہیں، بہترین کارکردگی پر پولیو ورکرز کے لیے انعامات کا پلان مرتب کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کم منتقلی والا سیزن پولیو کے خاتمے کے لیے موزوں ترین وقت ہے، ہم سب کو مل کر پولیو وائرس کا خاتمہ کرنا ہے۔

    وزیر اعظم نے چیف سیکریٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیو ورکرز پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔

    انہوں نے کہا کہ بچوں کے عمومی بچاؤ کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ چلایا جائے، اومیکرون کے پیش نظر ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔

  • انسداد پولیو: نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 23-2022 منظور

    انسداد پولیو: نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 23-2022 منظور

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کے لیے ٹاسک فورس کے اجلاس میں نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 23-2022 کی منظوری دے دی گئی، وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے میں مدد کے لیے عالمی اداروں ڈبلیو ایچ او، یونیسف، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر سے اظہار تشکر کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے کے لیے ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا، ٹاسک فورس نے نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 23-2022 کی منظوری دے دی۔

    وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے صوبائی صحت کے محکموں کے کردار کو سراہا، انہوں نے عالمی اداروں ڈبلیو ایچ او، یونیسف، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور دیگر سے اظہار تشکر بھی کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان پولیو کے خاتمے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، صوبے مثبت نتائج کے لیے روابط کو مزید مضبوط بنائے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ملک میں اب تک صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جو بلوچستان میں سامنے آیا، اس کے برعکس سال 2020 میں ملک میں 84 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

    گزشتہ برس کرونا وائرس کی وجہ سے پولیو مہمات متاثر ضرور ہوئیں تاہم اس کے بعد انسداد پولیو کی نئی حکمت عملی اپنائی گئی جس کے بعد سے صورتحال میں نمایاں بہتری آئی، نئی انسداد پولیو حکمت عملی کورونا کی پہلی لہر کے بعد تیار کی گئی تھی، پولیو کی پہلی لہر کے بعد ملک میں بھرپور انسداد پولیو مہم چلائی گئی تھیں۔

    پہلی لہر کے بعد روٹین ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دی گئی، سیکیورٹی فورسز کے تعاون سے دور دراز علاقوں میں روٹین ایمونائزیشن پرتوجہ دی گئی جبکہ انسداد پولیو ٹیکے کی دوسری ڈوز سے بچوں کی قوت مدافعت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

  • 2 کروڑ سے زائد بچوں کو بچانے کا ہدف، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    2 کروڑ سے زائد بچوں کو بچانے کا ہدف، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کا ہدف 23 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کے ہدف کے تحت صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ کے 18 اضلاع میں 30 جولائی سے انسداد پولیو مہم جاری ہے۔

    نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ کا کہنا ہے کہ مہم میں 1 لاکھ 79 ہزار پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، کرونا وبا سے بچاؤ کے حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا لازمی ہیں، والدین فرنٹ لائن ورکرز کو خوش آمدید کہیں، پیدائش سے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں۔

    ڈاکٹر شہزاد بیگ کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال اب تک صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے جو صوبہ بلوچستان میں سامنے آیا تھا۔

  • انشا اللہ آئندہ سال  ملک سے پولیو کا خاتمہ ہوجائے گا، وزیراعظم

    انشا اللہ آئندہ سال ملک سے پولیو کا خاتمہ ہوجائے گا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 56 پولیوکیسز اور رواں سال صرف ایک پولیوکیس رپورٹ ہوا ، انشا اللہ آئندہ سال ملک سے پولیو کا خاتمہ ہوجائے گا۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس سے رابطے کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ رات بل گیٹس سےبات ہوئی ، بل گیٹس فاؤنڈیشن کاپولیوکےخاتمے کیلئےکردارپرشکریہ اداکیا ، گزشتہ سال 56 پولیوکیسز رپورٹ ہوئے اور رواں سال صرف ایک پولیوکیس رپورٹ ہوا ، انشا اللہ آئندہ سال ملک سےپولیوکاخاتمہ ہوجائےگا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ  بل گیٹس سے پاکستان میں مائیکرسوفٹ انکیوبیشن لیب قائم کرنے  کی التماس بھی کی ہے۔

  • قومی انسداد پولیو مہم: کتنے بچوں کو قطرے پلائے گئے؟

    قومی انسداد پولیو مہم: کتنے بچوں کو قطرے پلائے گئے؟

    اسلام آباد: قومی انسداد پولیو مہم کا ہدف پورا ہوگیا، پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک 33 ملین سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو پروگرام پاکستان کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک 33 ملین سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، انسداد پولیو مہم 124 اضلاع میں ہوئی۔

    ترجمان پولیو پروگرام کے مطابق 2 لاکھ 25 ہزار صحت تحفظ فرنٹ لائن ورکرز نے مہم میں حصہ لیا، مہم میں کرونا وائرس کی حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کیا گیا۔ عوام کے تعاون سے مہم کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا گیا۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو کے ہدف کے حصول میں صوبائی حکومتوں کا کردار قابل ستائش ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے کامیاب مہمات کی ضرورت ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال اب تک پاکستان میں صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جو بلوچستان میں سامنے آیا تھا۔

  • پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی فنڈ کا اعلان

    پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی فنڈ کا اعلان

    جنیوا: پولیو کے خاتمے کے عالمی پروگرام نے 5.1 ارب ڈالر کے عالمی فنڈ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے 5.1 ارب ڈالر کے عالمی فنڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے، مختص کردہ عالمی فنڈ کا بڑا حصہ پاکستان اور افغانستان میں انسدادِ پولیو مہم پر صرف ہوگا۔

    اس وقت صرف پاکستان اور افغانستان ہی ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو موجود ہے، جب کہ دنیا بھر سے پولیو کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔

    پولیو کے خاتمے سے متعلق حکومتوں، غیر سرکاری اداروں اور صحت کی تنظیموں کے مشترکہ عالمی پروگرام ’گلوبل پولیو اریڈیکیشن انیشی ایٹیو‘ (پی جی ای آئی) نے دنیا بھر سے 2026 تک پولیو کے مکمل خاتمے کا اعادہ کیا۔

    پاکستان کی پولیو فری ملک بننے کی طرف تیزی سے پیش قدمی

    ایک بیان میں عالمی پروگرام نے کہا ہے کہ پولیو کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے فوری اور منظم کوششوں کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کرونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث انسدادِ پولیو پروگرام پر بھی توجہ کم ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں 2020 کے دوران پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

    گزشتہ برس پولیو کیسز ایک ہزار 226 تک پہنچے، جب کہ 2018 میں یہ تعداد صرف 138 رہ گئی تھی، امراض اور وباؤں کے تدارک سے متعلق امریکی ادارے سی ڈی سی کا بھی کہنا ہے کہ پولیو کے خلاف کوششیں دگنی کرنے کی ضرورت ہے۔