Tag: پولیو

  • سندھ میں نئی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ میں نئی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی: سندھ میں 7 جون سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، صوبے کے 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، ڈبلیو ایچ او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ سندھ میں 7 جون سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا، صوبے کے 94 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے 30 اضلاع میں حکام نے اجلاس کیے ہیں اور پولیو ورکرز کی ٹریننگ مکمل کی گئی ہے، پولیو ورکرز کو کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی ماسک، پی پی ایز اور ضروری سہولیات دی گئی ہیں۔

    اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو پولیو مہم بھرپور انداز میں چلانے کی ہدایت کی گئی، چیف سیکریٹری سندھ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کے مقرر کردہ 100 فیصد ہدف حاصل کیے جائیں۔

    وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ عوام پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کرے اور 5 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ سوشل موبلائیزرز اور انفلوئینسرز کے کردار کو مزید مؤثر بنایا جائے تا کہ انکاری والدین کو آمادہ کیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام والدین سے گزارش ہے کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں، صوبے میں 71 ہزار سے زائد پولیو ورکرز مہم کا حصہ بنیں گے۔

  • قوم کے لیے بڑی خوش خبری، چاروں صوبوں کے سیوریج کا پانی پولیو وائرس سے پاک نکلا

    قوم کے لیے بڑی خوش خبری، چاروں صوبوں کے سیوریج کا پانی پولیو وائرس سے پاک نکلا

    اسلام آباد: ملک کے سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے غائب ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی صحت کا کہنا ہے کہ ملک کے سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس تیزی سے غائب ہونے لگا ہے، چاروں صوبوں کے سیوریج کا پانی پولیو وائرس سے پاک نکلا۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملک کے 60 سے زائد مقامات کے گٹرز کے پانی کا پولیو ٹیسٹ کیا گیا تھا، جانچ کے دوران طویل عرصے بعد کسی بھی شہر کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    پولیوٹیسٹ کے لیےگٹرز سے نمونے 8 تا 23 اپریل کو لیے گئے تھے، جن علاقوں سے نمونے حاصل کیے گئے تھے ان میں مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ کراچی، سکھر کےگٹر، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، ڈی جی خان کے علاقے شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، لورالائی، پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، بنوں کے گٹروں کے نمونے پولیو وائرس سے پاک نکلے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کرونا کی پہلی لہر کے بعد پولیو کی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی، پہلی لہر کے بعد ملک میں بھرپور انسداد پولیو مہم چلائی گئی، اور ملک کے دور دراز علاقوں میں روٹین ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق روٹین ایمونائزیشن میں بہتری سے انسداد پولیو مہم کے نتائج مثبت آئے، یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ برس کا آخری پولیو کیس نومبر میں سامنے آیا تھا۔

  • پاکستان کا اہم شہر پولیو فری قرار

    پاکستان کا اہم شہر پولیو فری قرار

    لاہور کے ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے دعویٰ کیا کہ  لاہور پولیو فری ہوگیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض نے دعویٰ کیا کہ لاہور کا پانچواں پولیو کا ماحولیاتی نمونہ بھی منفی آگیا ہے جبکہ اس سے قبل شہر کے چار نمونہ جات منفی آچکے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ڈاکٹرز، پولیو ہیلتھ ورکرز کی محنت اور والدین کے تعاون سے ہی صورت حال بہتر ہوئی اور لاہور نے اتنا بڑا اعزاز اپنے نام کیا‘۔

    مدثر ریاض کا کہنا تھا کہ ’ضلعی انتظامیہ کے انتظامی افسران نے بھی بھرپورکام کیا، ہم سب نے مل کر لاہور کو پولیو فری ہی رکھناہے، آئیں عزم کریں اپنے بچوں کو ہر بار مہم میں اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرےضرور پلانےہیں‘۔

    واضح رہے کہ لاہور نے  پاکستان کا پہلا پولیو فری  شہر بننے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ملک بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم  جاری رہی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 35 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    کرونا کی وجہ سے پولیو مہم تاخیر کا شکار ضرور رہی، بعد ازاں ملک بھر کے 2 لاکھ 90 ہزار پولیو ورکرز کو  ایس او پیز کے ساتھ فیلڈ میں اتارا گیا جنہوں نے حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی فرائض انجام دیے۔

  • ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، اب تک ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 29 مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر انسداد پولیو مہم کامیابی سے جاری ہے، انسداد پولیومہم کا ہدف 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا ہے۔

    پہلے 4 دن میں ساڑھے 3 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے والے پولیو ورکرز کی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار ہے جو بطور فرنٹ لائن ورکرز اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج احسن طریقے سے نبھا رہی ہے، مسلح افواج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیو ٹیموں کی حفاظت یقینی بنا رہے ہیں۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا، عوام میں پولیو کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    مہم کے دوران کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور حفاظتی تدابیر کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔

  • پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت انسداد پولیو مہم کا آغاز

    پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت انسداد پولیو مہم کا آغاز

    اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، ہائی رسک ایریاز میں 5 جبکہ دیگر علاقوں میں 3 روزہ مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔

    پاکستان میں قومی انسداد پولیو مہم 29 مارچ سے 2 اپریل تک جاری رہے گی۔ ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مہم کے 3 روز ہوں گے جبکہ 2 کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ پولیو کے ہائی رسک ایریاز میں مہم 5 روز چلائی جائے گی جبکہ 2 کیچ اپ ڈیز ہوں گے، قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ 1 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    یاد رہے کہ سنہ 2020 میں ملک میں 84 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، سب سے زیادہ پولیو کیسز بلوچستان سے سامنے آئے جن کی تعداد 26 ہے۔

    اس کے بعد سندھ اور خیبر پختونخواہ میں 22، 22 کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ پنجاب سے 14 پولیو کیسز سامنے آئے۔

    رواں برس اب تک بلوچستان میں 1 پولیو کیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں 65 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

  • 4 کروڑ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہو گئی

    4 کروڑ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہو گئی

    اسلام آباد: قومی انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں قومی انسداد پولیو مہم کا اختتام ہو چکا ہے، مہم کے دوران چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    پولیو مہم میں 3 کروڑ سے زائد بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے، اس مہم میں 2 لاکھ 87 ہزار پولیو ورکرز نے حصہ لیا، اور مہم کے دوران کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کیا گیا۔

    ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر صفدر رانا نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز کی کارکردگی قابل ستائش رہی ہے، سیکیورٹی اداروں نے پر امن پولیو مہم کا انعقاد یقینی بنایا۔

    ڈاکٹر صفدر نے کہا ملک کو پولیو سے پاک کرنے تک جدوجہد جاری رہے گی، والدین بچوں کی پولیو ویکسینیشن ضرور کرائیں، آئندہ قومی انسداد پولیو مہم مارچ میں ہوگی۔

    یاد رہے کہ اتوار کو رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کی ابتدائی کارکردگی رپورٹ تیار کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ مہم نے مقررہ ہدف کا 98 فی صد حاصل کر لیا ہے، پولیو مہم کا ہدف 4 کروڑ 56 ہزار بچوں کی ویکسی نیشن تھا۔

    ذرائع وزارت صحت نے بتایا تھا کہ اتوار کو آخری کیچ اپ ڈے میں کراچی، کوئٹہ، پشاور، خیبر بلاک میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کی گئی تھی، یہ مہم ہائی رسک علاقوں میں 5 روز اور 2 روز کیچ اپ ڈیز پر مشتمل تھی، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں 3 روزہ پولیو مہم، اور 2 روز کیچ اپ ڈیز پر مشتمل تھی۔

    مہم کے دوران 5 تا 59 ماہ عمر کے بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے گئے، جس کا مقصد بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرنا تھا۔ پولیو مہم میں 2 لاکھ 87 ہزار ورکرز نے حصہ لیا، عملے کو کرونا ایس او پیز کی ٹریننگ دی گئی تھی۔

  • پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    پولیو ویکسین: آئی ڈی بی کی جانب سے عطیہ اور قرضے کے لیے معاہدہ

    اسلام آباد: اسلامی ترقیاتی بینک پولیو ویکسین کے لیے پاکستان کو 60 ملین ڈالر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ڈی بی کے ساتھ پولیو ویکسین کے لیے عطیے اور قرضے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں وزارت اقتصادی امور کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بینک 39 ملین قرضہ اور 21 ملین ڈالر بطورگرانٹ دے گا۔

    اعلامیے کے مطابق آج وزارت اقتصادی امور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے گئے، معاہدے پر سیکریٹری اقتصادی امور اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندے نے دستخط کیے۔

    ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

    اس رقم سے پولیو ویکسین کی خریداری، انسداد پولیو مہم کے دوران اس کے استعمال اور دیگر امور نمٹائے جائیں گے، اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں پولیو مہم 2 لاکھ 60 ہزار پولیو ورکرز کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے، دنیا میں اب صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں، جہاں اس کے کیسز اب بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کر چکا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیر اعظم عمران خان کا بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بل گیٹس سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں پاکستان میں کرونا کی صورت حال اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو فون کر کے صحت اور معیشت پر وبائی امراض کے مضر اثرات کو قابو کرنے پر بات چیت کی ہے۔

    وزیر اعظم نے بل گیٹس کو وبائی مرض سے متعلق پاکستان کی پالیسی سے آگاہ کیا، اور پاکستان کی قومی مربوط کوششوں پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر اعظم نے کرونا کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے حکومتی عزم کا اظہار بھی کیا۔

    وزیر اعظم نے کہا اسمارٹ لاک ڈاؤن سے لوگوں کو کرونا اور بھوک سے بچایا گیا، اس بار ایس او پیز پر عمل درآمد زیادہ مشکل ہے۔

    دونوں شخصیات کے درمیان احساس پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے ویکسین کی فراہمی کے لیے وکالت کی تعریف کی۔

    انھوں نے کہا ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی ایک اولین ترجیح ہے، پولیو کے خاتمے کے لیے انتظامی مدد پرگیٹس فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو تیز کیا جا رہا ہے، ہماری صحت ٹیم پولیو کے خاتمے کے لیے فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

    بل گیٹس نے وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور کہا پاکستان نے اقتصادی سرگرمیوں کو بحال رکھ کر وبائی مرض کا مقابلہ کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس نے پولیو اور وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے کوششوں پر اتفاق کیا۔

  • پنجاب سے ایک اور پولیو کیس رپورٹ

    پنجاب سے ایک اور پولیو کیس رپورٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع لیہ سے پولیو کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں برس اب تک ملک میں رپورٹ پولیو کیسز کی تعداد 81 ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق انچارج پنجاب انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ ضلع لیہ سے پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے، بچے کے ہاتھ اور پاؤں وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق نیا پولیو کیس رپورٹ ہونا افسوسناک ہے، نیا کیس آنے کے بعد پنجاب میں پولیو کیس کی تعداد 14 ہوگئی۔

    یاد رہے کہ رواں برس اب تک ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 81 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز بلوچستان سے سامنے آئے جن کی تعداد 23 ہے۔

    اس کے بعد سندھ اور خیبر پختونخواہ میں 22، 22 کیسز ریکارڈ ہوئے جبکہ پنجاب سے 14 پولیو کیسز سامنے آئے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں 65 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے انسداد پولیو کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو فری ملک بن جائے گا۔

  • آپ کے پسندیدہ کھلاڑی اب پولیو کی اہمیت اجاگر کریں گے

    آپ کے پسندیدہ کھلاڑی اب پولیو کی اہمیت اجاگر کریں گے

    اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ اور قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی اور قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر پولیو ویکسی نیشن کی اہمیت اجاگر کرنے کی آگہی مہم پر مشترکہ کام کریں گے۔

    اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کے بعد اب کھلاڑی پولیو ویکسین کی اہمیت اجا گر کریں گے۔

    کوآرڈینیٹر آپریشنز سینٹر ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ کرکٹرز پاکستانی بچوں اور نوجوانوں کے لیے رول ماڈل ہیں، قومی ہیروز ملک سے پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

    ملک سے پولیو کے خاتمے کا مشن، لیجنڈ کرکٹر بھی میدان میں آگئے

    پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا تھا کہ پولیو کے خلاف آگہی بڑھانے کی یہ مہم بہت اہم ہے تاکہ لوگ ویکسین لینے کی طرف راغب ہوں، ہمیں اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے ہر قدم اٹھانا چاہیے۔

    انھوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پولیو کے خاتمے کے پلیٹ فارم کے ساتھ مل کر کرکٹر پولیو کے خلاف آگہی بڑھا سکتے ہیں، ہمارے کھلاڑی قومی سفیر ہیں، ان کی آواز سنی جاتی ہے، اس لیے پولیو کے خاتمے کے لیے ان کی آواز استعمال کرنا اور مل کر کام کرنا بہت اہم ہے۔