Tag: پولیو

  • دور افتادہ علاقوں کے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں

    دور افتادہ علاقوں کے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں

    اسلام آباد: حکومت پاکستان کی جانب سے دور افتادہ علاقوں اور وسیع علاقہ کور کرنے والے انسداد پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے انسداد پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے احسن اقدام کرتے ہوئے پولیو ورکرز کو موٹر سائیکلیں فراہم کر دیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل دور افتادہ علاقوں اور وسیع علاقہ کور کرنے والے پولیو ورکرز کو دی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو ورکرز کو موٹر سائیکل 2 مراحل میں فراہم کی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 12 سو 54 موٹر سائیکلیں دی جائیں گی۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انسداد پولیو ورکرز کو 42 موٹر سائیکلیں اور آزاد کشمیر کے انسداد پولیو ورکرز کو 376 موٹر سائیکلیں دی گئی ہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 164 جبکہ قبائلی اضلاع کے انسداد پولیو ورکرز کو 672 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئیں۔

    ذرائع کے مطابق موٹر سائیکلوں کی خریداری کے لیے فنڈ حکومت نے فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ حکومت نے کرونا وائرس سے انسداد پولیو مہم کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متواتر انسداد پولیو مہمات چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

    اس فیصلے کے تحت رواں ماہ قومی انسداد پولیو مہم، اکتوبر اور نومبر میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم جبکہ دسمبر میں پھر قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔

  • انسداد پولیو کے لیے حکومت کا اہم فیصلہ

    انسداد پولیو کے لیے حکومت کا اہم فیصلہ

    اسلام آباد: کرونا وائرس کی وجہ سے آنے والے تعطل کے باعث انسداد پولیو کی مہم 4 ماہ تک متواتر چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب تک ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 68 ہوچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس سے انسداد پولیو مہم کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کا فیصلہ کرلیا، رواں سال کی آخری سہ ماہی میں متواتر انسداد پولیو مہمات چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہر ماہ انسداد پولیو مہم چلائی جائیں گی۔

    ذرائع کے مطابق متواتر پولیو مہم کا مقصد کرونا وبا سے ہوئے نقصان کا ازالہ کرنا ہے، کرونا وائرس کے باعث رواں سال مارچ میں انسداد پولیو مہم مؤخر کر دی گئی تھیں تاہم کرونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر جولائی میں انسداد پولیو مہم کا از سر نو آغاز ہوا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نے صوبوں سے آخری سہ ماہی کی متواتر مہم پر مشاورت کر لی، وفاق نے صوبوں کو آخری سہ ماہی کی مہم کے لیے بھرپور تیاری کی ہدایت کردی ہے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ رواں ماہ قومی انسداد پولیو مہم، اکتوبر اور نومبر میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم جبکہ دسمبر میں پھر قومی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔

    خیال رہے کہ اب تک ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 68 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختونخواہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 22 ہے۔

    دیگر صوبوں میں سے سندھ میں 21، بلوچستان میں 17 اور پنجاب سے 4 پولیو کیسز سامنے آئے۔

  • پاکستان میں پولیو بے قابو،  2 مزید کیسز  رپورٹ

    پاکستان میں پولیو بے قابو، 2 مزید کیسز رپورٹ

    لاہو ر: صوبہ پنجاب میں پولیو کے دو مزید کیسز سامنے آئے ، جس کے بعد صوبے میں پولیو سےمتاثرہ بچوں کی تعداد 8ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پولیو کےمزید 2کیس رپورٹ ہوئے، پولیوکیسز ڈیرہ غازی خان اوربہاولپور میں سامنے آئے ۔

    پنجاب انسدادپولیو پروگرام نے کہا ہے کہ ڈٖی جی خان میں پولیو سے متاثرہ بچے کی عمر 8ماہ ہے، اس کے دونوں ہاتھ،پاؤں متاثرہوئے ، تاہم متاثرہ بچہ وفات پاگیا۔

    بہاولپور میں 13 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ بچےکی دائیں ٹانگ متاثرہوئی، دو کیسز رپورٹ ہونے کے بعد پنجاب میں پولیو سےمتاثرہ بچوں کی تعداد 8ہوگئی ہے۔

    خیال رہے حالیہ دنوں خصوصی طور پر پولیو مہم چلائی گئی تھی جس نے اپنا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال پولیو کے حوالے سے پاکستان کے لیے بدترین رہا تھا جب ملک بھر میں 147 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین تھی کیونکہ اس سے قبل 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

  • سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، دوںوں صوبوں میں مہم کا افتتاح وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ اور عثمان بزدار نے کیا۔

    سندھ اور پنجاب میں 3 روزہ پولیو مہم جاری رہے گی جبکہ ایک روز کیچ اپ ڈے ہوگا، کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم ہوگی جبکہ 2 دن کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    بلوچستان اور آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 17 اگست سے ہوگا، بلوچستان کے 25 اضلاع میں 21 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد ہوگا، انسداد پولیو ٹیموں کو کرونا ایس او پیز سے متعلق تربیت دی جا چکی ہے۔ پولیو ورکرز ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز اور ٹشو کے استعمال سمیت سماجی فاصلے کا خیال رکھیں گے۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، وٹامن اے کے قطرے 6 ماہ سے 6 سال تک کے بچوں کو پلائے جائیں گے۔ وٹامن اے سے بچوں میں وبائی امراض کے خلاف قوت مدافعت بڑھے گی۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں کے درمیان کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کرونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اور پولیو مہم کی بحالی پر گفت و شنید ہوئی۔

    اس موقع پر بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی انسداد پولیو مہم میں کوششیں قابل تعریف ہیں، پاک فوج نے ہر جگہ انسداد پولیو مہم کی رسائی یقینی بنائی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم قومی کاز ہے، پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قومی کوشش کا حصہ ہیں۔ کامیاب مہم کا سہرا موبائل ٹیمز، صحت عامہ اور سیکیورٹی اداروں کے سر ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق گفتگو میں انسداد پولیو مہم کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر بھی بات ہوئی، بل گیٹس نے کرونا وائرس پر قابو پانے کی پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو بھی سراہا۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کم وسائل کے باوجود کامیابی سے کرونا وائرس پر قابو پایا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف کامیابی قومی حکمت عملی کے نتیجے میں ممکن ہوئی، این سی او سی کے ذریعے قومی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔

    بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ گیٹس فاونڈیشن عالمی وباؤں کے خلاف تعاون جاری رکھے گی جبکہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان سے بھی تعاون جاری رہے گا۔

  • کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اگست سے کیا جائے گا، 45 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے 21 اضلاع میں 13 اگست سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد یہ صوبے کی پہلی بڑی انسداد پولیو مہم ہوگی۔

    ایمرجنسی سینٹر کا کہنا ہے کہ 45 لاکھ 63 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے لیے 609 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 14 ہزار 335 موبائل ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

    ایمرجنسی سینٹر کے مطابق مہم میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل ہوگا، عملے کو سرجیکل ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز، پی پی ایز اور تھرمل گنز دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ اب تک ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 64 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز پختونخواہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 22 ہے۔

  • پولیو مہم: لاہور، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں 4 لاکھ 36 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    پولیو مہم: لاہور، فیصل آباد، اٹک اور جنوبی وزیرستان میں 4 لاکھ 36 ہزار بچوں کو قطرے پلائے گئے

    اسلام آباد: ملک بھر میں انسداد پولیو پروگرام جاری ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے۔

    ترجمان قومی انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کا دورانیہ بڑھانے کی خبر درست نہیں، خصوصی انسداد پولیو مہم کی مدت 20 سے 25 جولائی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے تحت آج بھی قطرے پلائے جا رہے ہیں، مہم کے دوران اب تک وزیرستان میں 78 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے۔

    20 جولائی سے شروع ہونے والی مہم کے لیے تربیت یافتہ پولیس ورکرز پر مشتمل 609 ٹیموں نے سماجی فاصلہ رکھ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے، ٹیموں کو فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور تمام پی پی ایز بھی فراہم کی گئی تھیں، یہ مہم آج اختتام پذیر ہوگی۔

    ادھر پنجاب کے تین اضلاع میں کیچ اپ کا دوسرا روز ہے، لاہور، فیصل آباد اور اٹک میں پہلے 4 روز کے دوران 3 لاکھ 58 ہزار بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے گئے، فیصل آباد میں 251000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔

    انسداد پولیو پروگرام کے مطابق اٹک میں 55 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں، لاہور میں 4 روز کے دوران 53000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، باقی بچوں کو آج قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

  • بچے مضبوط ہوں گے تو پورا پاکستان مضبوط ہوگا، وسیم اکرم کا والدین کے نام پیغام

    بچے مضبوط ہوں گے تو پورا پاکستان مضبوط ہوگا، وسیم اکرم کا والدین کے نام پیغام

    کراچی : لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ خطرناک صورتحال کے دوران بھی گھرگھر جاکر پولیو کے قطرے پلانے والوں کی خدمات کو سراہا ہے۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باولر وسیم اکرم نے ان خیالات کا اظہار والدین کے نام جاری اپنے پیغام میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ جب بھی انسداد پولیو مہم کے رضا کار آئیں، پانچ سال کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔

    پولیو رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ جانباز ورکرز کورونا کی مشکلات کے باوجود گھر گھر جا رہے ہیں، آپ کی ہمت کو سلام، آپ قوم کا مستقبل محفوظ بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

    لیجنڈری وسیم اکرم بچے مضبوط ہوں گے تو پورا پاکستان مضبوط ہوگا۔

    ملک کے مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے، پولیو ورکرز مکمل ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تربیت یافتہ رضا کار ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، کراچی میں بلدیہ، اورنگی، نارتھ نآظم آباد اور لیاقت آباد میں 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں جا رہے ہیں۔

  • تیسرا روز: پولیو ورکرز ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر پہنچنے لگے

    کراچی: ملک کے مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے، پولیو ورکرز مکمل ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج ملک کے مخصوص اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا تیسرا روز ہے، بچوں کو پلائے جانے والے پولیو کے دو بوند نہ صرف اپنے بچوں کی خاطر، اپنے گھر کی خاطر ہیں بلکہ یہ پاکستان کی خاطر ہیں۔

    بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے تربیت یافتہ رضا کار ایس او پیز کے ساتھ گھر گھر جا رہے ہیں، کراچی میں بلدیہ، اورنگی، نارتھ نآظم آباد اور لیاقت آباد میں 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں جا رہے ہیں۔

    لاہور کی 6 یونین کونسلز میں اب تک (دو روز میں) 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، فیصل آباد میں ایک لاکھ 53 ہزار اور اٹک میں 35 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، باقی بچوں کو آج اور آنے والے دنوں میں قطرے پلائے جائیں گے، ڈی ڈی ایچ او راوی ٹاؤن کے مطابق لاہور میں آج 27 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ٹاسک ہے۔

    پنجاب کے 3 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا روز

    کوئٹہ کی 10 یونین کونسلز میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کی دو بوندیں پلانے کا ہدف ہے، جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا، انگوراڈا سمیت مختلف علاقوں میں بھی انسداد پولیو مہم جاری ہے، پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ کرونا کے پیش نظر انسداد پولیو ورکرز ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال کر رہے ہیں، فیلڈ میں جانے سے قبل ورکرز کی اسکریننگ بھی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب میں پولیو مہم کے حوالے سے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی علاقے میں پولیو کیس نکلا تو متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا اور ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

  • پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے جوابدہی ہوگی: عثمان بزدار

    پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے جوابدہی ہوگی: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے، پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت انسداد پولیو کے لیے خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں انسداد پولیو کے لیے مربوط انداز میں مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پولیو فری بنانا ہمارا مشن ہے، پنجاب میں انسداد پولیو کی مہم میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ کرونا وائرس کے پیش نظر انسداد پولیو مہم کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متعلقہ اجلاس نہ کرنے پر بعض ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ جاری کی گئی، پولیو کیس پر متعلقہ سی ای او ہیلتھ کے خلاف ایکشن ہوگا۔ پولیو کیس آنے پر ڈپٹی کمشنر سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، انسداد پولیو مہم میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔

    اجلاس میں 50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو ورکرز ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کریں گے، فیلڈ میں جانے سے قبل انسداد پولیو ورکرز کی اسکریننگ ہوگی۔