Tag: پولی کلینک اسپتال

  • صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام

    صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام

    اسلام آباد : وزرات صحت نے پولی کلینک اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلیے 4 ارب روپے کا پی سی ون منظور کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحت کے شعبے میں وزرات صحت کا بڑا انقلابی اقدام سامنے آیا ، ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ پولی کلینک اسپتال کی اپ گریڈیشن کیلیے چار ارب روپے کا پی سی ون منظور کرلیا ہے۔

    وزیر اعظم کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ پولی کلینک اسپتال میں کیتھ لیب انسٹال کی جائے گی، کیتھ لیب سے دل کے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    ڈاکٹر مختار احمد کا کہنا تھا کہ کیتھ لیب سے دل کے مریضوں کو سٹنٹگ کی سہولت بھی میسر ہوگی اور باییومیڈیکل کی پرانی مشینری تبدیل کرکے نئی مشینری خریدی جائے گی، جس سے مریض جدید طبی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ اسپتال کی مین بلڈنگ ایم سی ایچ آبپارہ G73/74 ڈسپنسری اور ہاسٹل کو سولر پر شفٹ کیا جائے گا ، سولر پر شفٹ کرنے سے توانائی کی بچت ہو گی گورنمنٹ کے خزانے پر بوجھ بھی کم ہو گا۔

    ڈاکٹر مختار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو معیاری اور جدید سہولیات فراہم کرنے کیلیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

  • ڈینگی کی ایکسپائر ٹیسٹ کٹس استعمال کرانے کا انکشاف

    ڈینگی کی ایکسپائر ٹیسٹ کٹس استعمال کرانے کا انکشاف

    اسلام آباد : پولی کلینک اسپتال میں ڈینگی کی ایکسپائرٹیسٹ کٹس استعمال کرانے کا انکشاف ہوا ، 2021 میں تمام ٹیسٹ کٹس کی معیاد ختم ہوگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پولی کلینک اسپتال میں ڈینگی کی ایکسپائرٹیسٹ کٹس استعمال کرانے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد ایکسپائر کٹس دینے پر ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 4 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے جونینئراسسٹنٹ کی مدعیت میں درج کیا ، مقدمے میں کہا گیا کہ 2019میں آئیڈیل ڈائیگنوسٹک راولپنڈی نے ٹیسٹ کٹس فراہم کیں، پولی کلینک اسپتال کو 27 ہزار 960 ڈینگی ٹیسٹ کٹس فراہم کی گئی تھیں۔

    مقدمے کے متن میں کہنا تھا کہ آئیڈیل ڈائیگنوسٹک راولپنڈی نے 7 ہزار 200 سیرولوجی ٹیسٹ کٹس بھی دیں ، 2021 میں تمام ٹیسٹ کٹس کی معیاد ختم ہوگئی ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹینڈر کی شرائط کے مطابق ٹھیکیدار نے میعاد ختم ہونے پر نئی ٹیسٹ آلات دینے تھے۔

    مقدمے کے مطابق ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امان اللہ ، عابد حسین ڈسپنسر نے ایکسپائر کٹس استعمال کیں، ملزمان نے آئیڈیل ڈائیگنوسٹک کے مالک کو 55لاکھ 96 ہزار کا فائدہ پہنچایا۔

  • کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پولی کلینک کے مختلف شعبے بند کرنے کا فیصلہ

    کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پولی کلینک کے مختلف شعبے بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد پولی کلینک اسپتال کے مختلف شعبے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولی کلینک اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شعبے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پولی کلینک کی شام کی او پی ڈی سروس بند کردی گئی ہے۔

    ذرائع پولی کلینک اسپتال کا کہنا ہے کہ زیر علاج بیشتر مریضوں کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شدید نوعیت کے بیمار مریضوں کو زیر علاج رکھا جائے گا۔

    پولی کلینک میں مزید مریضوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، شعبہ ایمرجنسی میں شدید نوعیت کے مریضوں کو دیکھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد، پولی کلینک کے ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولی کلینک شعبہ میڈیسن کے سربراہ گھر میں قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، متاثرہ ڈاکٹر پولی کلینک کے شعبہ میڈیسن میں ڈیوٹی کررہے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال میں گلگت کے ایک ڈاکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ہاسٹل میں موجود تمام ڈاکٹرز کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 408 ہوگئی ہے، پنجاب میں 490، سندھ 457، کے پی میں 180 کرونا کے مریض ہیں۔ بلوچستان میں 133، جی بی میں 107، اسلام آباد 39 اور آزاد کشمیر میں 2 مریض ہیں۔

    ملک میں کرونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 11 ہوگئی ہے اور 7 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ کرونا وائرس کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 25 ہے۔