Tag: پُرامن احتجاج

  • امریکا کا 9 مئی سے متعلق مؤقف سامنے آگیا

    امریکا کا 9 مئی سے متعلق مؤقف سامنے آگیا

    واشنگٹن : امریکا نے پاکستان میں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات کی مذمت کر دی، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ احتجاج پُرامن طریقے سے کیا جانا چاہیے۔

    واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہم پُرتشدد کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہیں۔

    پریس کانفرنس سے دوران ایک صحافی کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ 9مئی کو مظاہرین کی جانب سے فوجی تنصیبات پر حملوں کو کس طرح دیکھتا ہے؟۔

    جس کے جواب میں میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ امریکا 9 مئی طرز کے پُرتشدد واقعات کی مخالفت کرتا ہے، ہم آزادی اظہار رائے اور پُرامن احتجاج کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم آزادی اظہار رائے اور پرامن احتجاج کے حق کی حمایت اور پرتشدد مظاہروں کی مخالفت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم توڑ پھوڑ لوٹ مار آگ لگانے کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، تمام احتجاج پرامن طریقے سے ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوٹ مار اور جلاؤ گھیراؤ پرامن احتجاج کے زمرے میں نہیں آتا، قانون پر سختی سے عملداری کی جانی چاہیئے۔

    اس کے علاوہ میتھیو ملر سے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ٹی ٹی پی کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بیان پر بھی سوال کیا گیا۔

    کیا امریکا ٹی ٹی پی کے خلاف پاکستانی حملوں کی حمایت کرتا ہے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے۔

    ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ علاقائی سلامتی کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں پاکستان امریکا کا مشترکہ مفاد ہے، ہم پاکستانی شہری اداروں کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔

  • الیکشن  میں دھاندلی : پاکستان تحریک انصاف کا کل  پُرامن احتجاج کا اعلان

    الیکشن میں دھاندلی : پاکستان تحریک انصاف کا کل پُرامن احتجاج کا اعلان

    راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرعمیرنیازی نے الیکشن میں دھاندلی پر کل پُرامن احتجاج کا اعلان کردیا اور کہا عوام کل دوپہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرعمیرنیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 50 سیٹوں والا کیسے اپنی جیت کا اعلان کر سکتا ہے، پی ٹی آئی مرکز، پنجاب اور خیبر پختون خواہ میں حکومت بنائے گی۔

    بیرسٹرعمیرنیازی نے اعلان کیا کہ جن حلقوں میں دھاندلی ہوئی وہاں عوام کل دوپہر نکلیں اور پُرامن احتجاج کریں۔

    رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قوم کے مینڈیٹ کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ معیشت زمین بوس ہو چکی ہے ، تمام لوگ غور کریں ملکی معیشت کو استحکام کی ضرورت ہے۔

    نواز شریف کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نواز شریف کا ٹریک ریکارڈ ہے ہر بار ملک کو ڈیفالٹ کر کے گئے۔