Tag: پُل ٹوٹنے

  • چین کے سیاحتی مقام پر پُل ٹوٹنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    چین کے سیاحتی مقام پر پُل ٹوٹنے سے 5 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بیجنگ(7 اگست 2025): چین کے علاقے سنکیانگ میں سیاحتی مقام پر واقع پُل ٹوٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق شمال مغربی چین کے علاقے سنکیانگ میں کیبلز ٹوٹنے کے بعد پُل ایک جانب جھک گیا تھا، پُل ٹوٹنے سے اس وقت وہاں موجود 29 افراد نیچے گر گئے تھے۔

    اس حادثے میں پانچ افراد افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے ہیں حادثے کے بعد سیاحتی مقام کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    65 مربع کلومیٹر پر پھلیے ہوئے اس علاقے کو Xiata کہا جاتا ہے، یہ علاقہ ایک قدرتی منظر پیش کرتا ہے جس میں ایک پہاڑی، وادی، اور ایک دریا کے ساتھ ساتھ ثقافتی باقیات جیسے ایک قدیم قصبے کے کھنڈرات شامل ہیں۔

    اس سے قبل چار سیاحتی کشتیاں چین کے صوبہ گوئی چو کے بی جیے شہر کے ایک سیاحتی مقام پر تیز ہوا کے باعث پانی میں الٹ گئیں تھی حادثے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 70 افراد زخمی ہوئے تھے۔

  • پُل ٹوٹنے کے بعد اسلام آباد میں سیلاب، گاڑیاں بہنے لگیں (پُل ٹوٹنے کی ویڈیو)

    پُل ٹوٹنے کے بعد اسلام آباد میں سیلاب، گاڑیاں بہنے لگیں (پُل ٹوٹنے کی ویڈیو)

    اسلام آباد پنڈی سمیت گرد ونواح میں موسلا دھار بارش جاری ہے سید پور میں برساتی نالے کا پُل ٹوٹنے سے وفاقی دارالحکومت میں سیلاب آ گیا۔

    پاکستان کے بیشتر علاقے شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہیں اور کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا ہے۔ جڑواں شہر اسلام آباد اور پنڈی بھی آج صبح سے تیز بارش کی زد میں ہیں جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

    موسلادھار بارش سے سیدپور کے علاقے میں پانی کے تیز بہاؤ سے نالے کا پل ٹوٹ گیا اور وفاقی دارالحکومت میں سیلاب آ گیا۔

    پُل ٹوٹنے اور پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث ایک گاڑی نالے میں گر گئی جب کہ کئی گاڑیاں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں۔

    متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے بعد نالے کے اطراف غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جائے گا۔

     

    جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش سید پور کے مقام پر 124 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

    موسلادھار بارش کی صورتحال کے باعث نشیبی علاقوں میں عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ تعینات ہے اور واسا کے مطابق نالہ لئی کی نگرانی جاری ہے۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 14 فٹ بلند ہو چکی ہے، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی سائرن بجا دیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی طوفانی بارش کے باعث وفاقی دارالحکومت کے تمام ڈیمز میں تیراکی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جب کہ کشتی رانی پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-braces-for-more-rains-as-monsoon-death-toll-rises-to-216/