کراچی(22 اگست 2025): ایم اے جناح روڈ پر پٹاخے کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے مرنے والوں کی تعداد 5 تک پہنچ گئی، اور واقعے کا پریڈی تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر پٹاخے کے گودام میں دھماکے کے بعد آگ لگنے سے متاثر ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی، مرنے والے شخص کی شناخت 45 سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی ہے، اب تک اس واقعے میں مرنے والوں کی تعداد 5 تک پہنچ گئی۔
جمعرات کی شام ہونے والے اس واقعے کے بعد آگ بجھانے کے لیے 12 سے زائد فائر ٹینڈرز تعینات کیے گئے جب کہ کراچی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ ایس ایس یو کمانڈوز نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور عمارت کی چھت پر پھنسے لوگوں کو نکالا تھا۔
دوسری جانب ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل بالسبب، دھماکا خیز مواد آتش گیر مادے اور غفلت برتنے کی دفعات شامل ہیں۔
پریڈی تھانے میں درج مقدمے کے متن کے مطابق گودام مالک حنیف اور ایوب کو نامزد کیا گیا ہے، ملزم حنیف زخمی ہوکر اسپتال میں زیر علاج ہے، جب کہ ایک ملزم فرار ہوچکا ہے۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-fireworks-factory-explosion-21-august-2025/