Tag: پڈعیدن

  • پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں

    پڈعیدن: صوبہ سندھ کے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، ریلوے کا اپ اورڈاؤن ٹریک بلاک، ٹرینوں کومختلف اسٹیشنزپرروک لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے پڈعیدن کے قریب مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث کراچی سے لاہور جانے والی متاثرہ ٹرین کے کنٹینرز الٹ گئے۔

    پڈعیدن میں ابراہیم شاہ کے مقام پر مال گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد کراچی سے لاہور اور پشاور جانے اور وہاں سے کراچی آنے والی ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا ہے۔

    متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کوٹری سے امدادی ٹرین طلب کرلی گئی ہے جبکہ اپ اور ڈاؤن ٹریک بند کردیے گئے ہیں۔

    ریلوے حکام کے مطابق گرین لائن ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے اسٹیشن پر جبکہ خیبرمیل کو باندھی ریلوے اسٹیشن پرروک لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ملت ایکسپریس کو رانی ریلوے اسٹیشن اور کراچی سے سکھر آنے والی سکھر ایکسپریس کو نواب شاہ میں روک لیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 6 مارچ کو سکھر اسٹیشن کے قریب گڈانی پھاٹک پرسلیپر سے بھری ہوئی مال گاڑی کے دو ڈبے پٹڑی سے اتر گئے تھے، مال گاڑی سکھر سے روہڑی جا رہی تھی۔

  • بلاول بھٹو کی ایک بار پھر نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیش کش

    بلاول بھٹو کی ایک بار پھر نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیش کش

    پڈ عیدن: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیش کش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ایک بار پھر نواز شریف کو سندھ میں علاج کی پیش کش کی، انھوں نے پڈ عیدن میں خطاب کے دوران اپنی پیش کش دہرائی۔

    بلاول بھٹو نے کہا ’نواز شریف سندھ آئیں، ہم انھیں ویلکم کریں گے، ہم نواز شریف کی صحت کا خاص خیال رکھیں گے۔‘

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ این آئی سی وی ڈی (نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز) دل کے امراض کے علاج کا بہترین ادارہ ہے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں دنیا کی جدید ترین طبی سہولتیں دستیاب ہیں، طبی سہولتوں سے متعلق سندھ دیگر صوبوں سے آگے ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم ہاؤس سے چیخیں آرہی ہیں، بلاول بھٹو

    قبل ازیں، بلاول بھٹو نے نواز شریف کو ضمانت اور شہباز شریف کو ان کا نام ای سی ایل سے نکلنے پر مبارک باد دی، انھوں نے کہا کہ بڑا لیڈر کبھی آمر کے سامنے نہیں جھکتا۔

    خیال رہے کہ کاروان ٹرین مارچ بلاول بھٹو زرداری کے قافلے نے آج دوسرے روز نواب شاہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا، قافلہ اب 5 گھنٹے تاخیر سے محراب پور اسٹیشن پہنچ گیا ہے۔