گلگت بلتستان (12 اگست 2025): سیلابی ریلوں کے باعث دریائے ہنزہ ایک بار پھر بپھر گیا 50 سے زائد مزدور بال بال بچ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے بیشتر علاقے اس وقت شدید بارشوں جب کہ بالائی علاقے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں ہیں۔ گلگت بلتستان میں گلمت اور گوجال کے مقام پر سیلابی ریلوں نے ایک بار پھر تباہی مچا دی۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان بدترین سیلابی تباہیوں کی زد میں ہے۔ سیلابی ریلوں کے باعث دریائے ہنزہ ایک بار پھر بپھر گیا۔
اس موقع پر 50 سے زائد مزدور واٹر چینل کی بحالی کا کام کر رہے تھے کہ اچانک سیلابی ریلا آنے کے باعث انہوں نے بھاگ کر جان بچائی اور سیلابی ریلے میں بہنے سے بال بال بچ گئے۔
ترجمان جی بی حکومت کے مطابق شاہراہ ریشم پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے جس کے باعث ہنزہ کے مقام پر شاہراہ ریشم بلاک ہو گئی ہے اور درجنوں مسافر پھنس گئے ہیں۔ حکومت نے ہنزہ انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہیں اور سڑک کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ بلتستان کے علاقے شگر میں بھی سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ درجنوں درخت سیلابی ریلے کا تیز بہاؤ سہہ نہ سکے اور جڑوں سے اکھڑ کر پانی میں بہہ گئے جبکہ زرعی اراضی دریا میں تبدیل ہو گئی۔
دریں اثنا نارووال میں نالہ بئیں سکمال پلی پر طغیانی کے باعث پھنس جانے والے 15 افراد کو بحفاظت ریسکو کرلیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نالا پار کر کے کھیت میں گئے تھے۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان گزشتہ ایک ماہ سے طوفانی بارشوں، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر پھٹنے کے باعث تباہ کن صورتحال سے دوچار ہے۔
سیلابی ریلوں میں بہہ کر درجنوں افراد نے اپنی جان گنوا دی، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی۔ 500 سے زائد مکانات سمیت درجنوں اسکولز، مساجد، ہوٹلز بھی تباہ ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث 37 علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا جا چکا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلع دیامر میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 12 مقامات پر ایمرجنسی بھی نافذ ہے۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ اور وزیراعلیٰ جی بی سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے جی بی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے 4 ارب روپے امداد کا اعلان بھی کیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/pm-announces-rs4-billion-grant-for-flood-affected-areas-of-gb/