Tag: پھلوں سے علاج

  • آلو بخارا جو عمدہ غذا اور بہترین دوا بھی ہے

    آلو بخارا جو عمدہ غذا اور بہترین دوا بھی ہے

    آلُو بخارا یا آلوچہ ایک خوش ذائقہ پھل ہے جو حیاتین(وٹامن) کا خزانہ ہے اور ان دنوں‌ یہ پھل بازار میں‌ عام دست یاب ہے۔

    اس پھل کی ایک بڑی خوبی اس کا قبض کشا اور زود ہضم ہونا ہے اور حکیم اسے عمدہ غذا اور بہترین دوا بتاتے ہیں۔

    قدرت نے اس قرمزی رنگت والے پھل کو خوب نما بنایا ہے۔ یہ دیکھنے میں‌ اکثر آتشیں سرخ بھی نظر آتا ہے۔ اس کا چھلکا نرم اور اندر گودا ہوتا ہے۔

    یہ پھل نشاستہ دار اجزا کے علاوہ کیلشیم، پوٹاشیم، فلورین، فاسفورس، امینو ایسڈ، گلوکوز کی وجہ سے صحت بخش اور جسم کے لیے مفید ہے۔

    آلو بخارے میں وٹامن اے، بی بھی پائے جاتے ہیں، لیکن یہ پھل وٹامن سی کا خزانہ ہے جو ہمیں کئی طبی مسائل اور پیچیدگیوں‌ سے محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے۔

    پھلوں کی تاثیر اور افادیت سے متعلق کتب میں‌ لکھا ہے کہ آلو بخارے کا مزاج سرد تر ہوتا ہے اور یہ معدہ کی تیزابیت دُور کرنے کے لیے انتہائی مفید پھل ہے۔ یہ پھل دو سے تین گھنٹوں میں ہضم ہوکر جزوِ بدن بن جاتا ہے۔

    گرم مزاج، جن لوگوں کے کام کی نوعیت ایسی ہے کہ انھیں‌ زیادہ سوچنا اور غور کرنا پڑتا ہے، ان کے لیے یہ پھل نہایت مفید ہے جب کہ بیماری کے بعد اور حاملہ عورتوں کے لیے بہترین غذا ہے۔

    آلو بخارا معدہ کی سختی، جلن اور اُپھارہ دُور کرتا ہے، بھوک لگاتا ہے۔ صدیوں سے اس پھل کو پیاس اور صفرا کا زور توڑنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

    اسے جگر کی گرمی، ہاتھ پاؤں کی جلن ختم کرنے کے ساتھ ساتھ طبیب اور حکیم چڑچڑا پن دُور کرنے میں‌ بھی مددگار بتاتے ہیں۔

    آلو بخارا پاک و ہند میں‌ عام ہے اور اسے خشک کرکے بھی کھایا جاتا ہے۔ خشک آلو بخارے کو برصغیر میں‌ مختلف پکوان میں‌ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

  • وہ پھل جسے دنیائے طب میں قدرتی ٹانک کہا جاتا ہے!

    وہ پھل جسے دنیائے طب میں قدرتی ٹانک کہا جاتا ہے!

    موسم کی شدت کے اثرات سے ہم کسی بھی عام بیماری جیسے شدید کھانسی، نزلہ، بخار کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح پانی کی کمی اور اس کے نتیجے میں شدید جسمانی کم زوری بھی لاحق ہوسکتی ہے۔

    کرونا کے ساتھ ہمیں موسم کی شدت اور عام بیماریوں کا بھی مقابلہ کرنا ہے جو ہماری قوتِ مدافعت کو متاثر کرسکتی ہیں۔ خاص طور پر بخار کے بعد انسان نقاہت محسوس کرتا ہے اور اسے معمولات انجام دینے میں دشواری محسوس ہوتی ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق عام نقاہت اور بخار کی وجہ سے پیدا ہونے والی کم زوری دور کرنے کے لیے دواؤں کے بجائے قدرت کے خزانے سے پھلوں اور سبزیوں سے بھی مدد لینا چاہیے۔ اس کے لیے طبی ماہرین سنگترے کو بہت مفید بتاتے ہیں اور اس کا شربت پینے کی ہدایت کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ قدرتی ٹانک کا کام کرتا ہے اور قوت بخش ہے۔

    سنگترا ہمارے یہاں بہ کثرت پیدا ہوتا ہے۔ اس پھل کی افادیت اور غذائیت کو سبھی مانتے ہیں۔

    موسم کے لحاظ سے اس کا باقاعدہ استعمال دماغی چستی اور توانائی کا سبب بنتا ہے اور جسم کو فرحت حاصل ہوتی ہے۔

    یہ پھل وٹامن سی سے بھرپور ہے، جس کا رس گویا حلق سے اترتے ہی جزو بدن بن جاتا ہے۔ اس پھل کی اسی خاصیت کو دیکھتے ہوئے ماہرین طب جسمانی نقاہت دور کرنے اور خاص طور پر بخار میں سنگترے کا رس دینے کی ہدایت کرتے ہیں۔

    یہ پھل پیاس کی شدت ختم کرتا ہے اور مختلف جسمانی تکالیف سے بھی نجات دلاتا ہے۔ سنگترے کے چھلکے بھی مختلف اور عام طبی مسائل کی صورت میں مخصوص طریقے سے استعمال ہوتے ہیں۔ تاہم جلدی امراض یا دوسری بیماریوں میں ٹوٹکے آزمانے اور کسی بھی پھل یا سبزی وغیرہ سے ازخود علاج سے گریز کرنا چاہیے۔ اس ضمن میں‌ ماہر اور مستند معالج اور حکیم سے مشورہ کرنا ضروری ہے۔

  • امیون سسٹم بہتر بنانے کے لیے اسٹرابیری کھائیے

    امیون سسٹم بہتر بنانے کے لیے اسٹرابیری کھائیے

    دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کے باعث انسان زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق اکثر لوگ اپنے طرزِ زندگی کی وجہ سے بھی امراضِ قلب میں مبتلا ہورہے ہیں۔ آرام طلبی، باہر کے کھانے اور ورزش یا چہل قدمی ترک کرنا بھی دل کی بیماریوں کی وجہ ہے۔ تاہم قدرت کی نعمتوں میں پھلوں کی مختلف اقسام ایسی ہیں جو ہمیں دل کے امراض سے محفوظ رکھ سکتی ہیں یا ان کا خطرہ کم سے کم ہوجاتا ہے۔

    اسٹرابیری ایسا ہی پھل ہے جو دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس میں موجود ایلیجک ایسڈ اور فلیونوائڈز ایسا اینٹی آکسیڈنٹ اثر فراہم کرتے ہیں، جو دل کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔ یہ خراب کولیسٹرول کے ان اثرات سے لڑتے ہیں جو شریانوں میں خون گاڑھا کرتے ہیں۔

    ایک طبی تحقیق کے مطابق اسٹرابیری کا غذا میں استعمال امراض قلب اور ذیابیطس سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ اسٹرابیری استعمال کریں۔

    پھلوں کی افادیت سے متعلق متعدد تحقیق سے اس کے مختلف طبی فوائد ثابت ہوئے ہیں۔ طبی محققین کے مطابق اسٹرابیری میں موجود پوٹاشیم اور منرلز ہمارے جسم کے مدافعتی نظام کو بہتر بناتے ہیں۔

    طبی ماہرین اسٹرابیری کو وٹامن سی کے حصول کا بہترین ذریعہ کہتے ہیں۔ وٹامن سی جسمانی دفاعی نظام کو مضبوط اور طاقت ور بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انسانی جسم اس وٹامن کو بنانے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور یہی وجہ ہے اسے غذا کے ذریعے حاصل کرنا ضروری ہے۔

  • تربوز: گرمی بھگائے، دل کو امراض سے بچائے

    تربوز: گرمی بھگائے، دل کو امراض سے بچائے

    گرمیوں میں ہمارے جسم کو پانی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، کیوں کہ موسم کی شدت کے ساتھ معمولاتِ زندگی انجام دینے کے دوران پسینے کا زیادہ اخراج ہوتا ہے۔

    خاص طور سخت مشقت اور دھوپ میں‌ کام کرنے والوں‌ کے جسم سے پسینے کی شکل میں‌ پانی کی خاصی مقدار نکل جاتی ہے۔

    اس موسم کے پھلوں کی بات کی جائے تو خدا کی عطا کردہ بیش شمار نعمتوں میں سے ایک تربوز ہے جو موسمِ گرما میں پانی کی کمی دور کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری صحت کے لیے مفید ہے۔

    یہ غذائیت سے بھرپور پھل ہے جس وافر مقدار میں پانی اور فائبر بھی موجود ہوتا ہے جو نظام ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔

    تربوز میں شامل اجزا ہماری صحت کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں جن میں‌ وٹامن سی، اے، میگنیشیم، پوٹاشیم، وٹامن بی ون، بی فائیو شامل ہیں۔

    ماہرینَ صحت نے اسے دل کے لیے بھی بہت مفید بتایا ہے۔ تربوز ایسا پھل ہے جو کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کی سطح کو کم کرتا ہے۔