Tag: پھل دار درخت

  • ملک بھر کی موٹر ویز کے اطراف پھل دار درخت اور شجر کاری کا فیصلہ

    ملک بھر کی موٹر ویز کے اطراف پھل دار درخت اور شجر کاری کا فیصلہ

    موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے محفوظ رہنے کے لیے پاکستان بھر کی موٹر ویز کے اطراف پھل دار درخت اور شجرکاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    موسمیاتی تبدیلی نے دنیا بھر کو متاثر کیا ہے اور پاکستان اس سے شدید طور پر متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھتی گرمی، کہیں غیر معمولی بارشیں تو کہیں خشک سالی سے انسانی زندگی بہت متاثر ہو رہی ہے۔

    حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے بد اثرات سے بچنے کے لیے ملک میں ماحول دوست کلچر اپناتے ہوئے درخت لگائیں، گرمی بھگائیں کے فارمولے پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس سلسلے میں وزارت مواصلات اور وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے ملک بھر کے موٹر ویز کے اطراف پھل دار درخت لگانے اور بڑے پیمانے پر شجر کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس فیصلے کا مقصد پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بد اثرات سے بچانے کے ساتھ ساتھ موٹر ویز پر سفر کو خوشگوار اور ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے زرعی ماہرین اور فارمرز سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کی موٹر ویز اور اس کے اگلے مرحلے میں دیگر شاہراہوں پر بھی پھل دار درخت لگائے جائیں گے۔

    عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے بہت زبردست اور عوام دوست ہیں، اور جس طرح ماحولیاتی تبدیلیاں ہو رہی ہیں، گرمی کا دورانیہ بڑھتا جارہا ہے، ایسے حالات میں درختوں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

  • اسلام آباد میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ

    اسلام آباد میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دارالحکومت میں جلد جامن، آڑو، امرود، لوکاٹ، آلو بخارہ اور چیکو کے پودوں کی شجر کاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قومی صحت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پھل دار پودے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 500 پھل دار پودے لگائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق لگائے جانے والے پودوں میں جامن، آڑو، امرود، لوکاٹ، آلو بخارہ اور چیکو کے پودے شامل ہوں گے۔ اس مقصد کے لیے وزارت قومی صحت نے اراضی حاصل کرلی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پھل دار پورے فضل الحق روڈ کی گرین بیلٹ پر لگائے جائیں گے۔ وزارت صحت اور مقامی آبادی پودوں کی دیکھ بھال کی ذمے دار ہوگی۔

    اس مقصد کے لیے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے گرین بیلٹ وزارت قومی صحت کے حوالے کردی ہے۔

    دارالحکومت میں پھل دار شجر کاری کا یہ منصوبہ وزیر اعظم کے بلین ٹری سونامی منصوبے کا حصہ ہے، دوسرے مرحلے میں مزید مقامات پر بھی پھل دار پودے لگائے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ اسلام آباد میں ملبیری درختوں کی بھرمار ہے جو شہریوں میں پولن الرجی پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

    سی ڈی اے ان درختوں کو کاٹ کر دیگر درخت لگانے پر بھی کام کر رہی ہے۔