Tag: پہاڑی شیر

  • اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    اسکول کے اندر شیر کا مٹر گشت، ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک پہاڑی شیر اسکول کے اندر داخل ہوگیا، اسکول انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو ایک کمرے میں بند کردیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق شیر کو ریاست کیلی فورنیا کے ایک اسکول میں دیکھا گیا، شیر صبح کے وقت اسکول میں داخل ہوا۔

    تاہم انتظامیہ میں سے کچھ افراد نے ہوشیاری سے شیر کو ایک خالی کمرے میں بند کردیا۔

    بعد ازاں کیلی فورنیا ڈپارٹمنٹ آف فش اینڈ وائلڈ لائف کو طلب کیا گیا جنہوں نے نہایت احتیاط سے شیر کو وہاں سے منتقل کیا۔

    اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران اسکول میں موجود تمام افراد بشمول عملہ اور طلبا محفوظ رہے اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

  • پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    پہاڑی شیر 2 دن مزے سے شہر کی سڑکوں پر گھومتا رہا

    سان فرانسسکو: امریکی ریاست شمالی کیلی فورنیا کے شہر میں ایک پہاڑی شیر 2 دن تک سڑکوں پر مزے سے آزادانہ گھومتا رہا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سان فرانسسکو میں اوریکل پارک کے قریب ایک پولیس افسر نے پہاڑی شیر کو ایک عمارت کے باہر پودوں کے ایک بڑے باکس میں مزے سے لیٹے دیکھا تو حیران رہ گیا۔

    معلوم ہوا کہ اپنا راستہ کھونے والا پہاڑی شیر دو دن سے سڑکوں پر گھوم رہا تھا، جب پولیس افسر آدم لوبسنگر نے اسے دیکھا تو فوری طور پر محکمہ جنگلی حیات کو مطلع کر دیا، جنھوں نے آ کر اسے بہ آسانی پکڑ لیا۔

    انیمل کنٹرول کیئر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پچاس پونڈ وزن کا یہ شیر ایک اپارٹمنٹ کے سامنے گرین ایریا میں لیٹا ہوا تھا، اسے پکڑنے کے لیے بے ہوشی کی ضرورت بھی نہیں پڑی۔ ترجمان ڈیب کیمبل کا کہنا تھا کہ شیر نے چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف چند ہی بلاکس کا سفر کیا، اسے شاید سچ میں مدد کی ضرورت تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ سال میں ایک بار جنگلی حیات کے حکام کو پہاڑی شیر کی آمد کی اطلاع ملتی ہے، یہ شیر سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع پہاڑیوں سے اتر کر آتے ہیں لیکن پھر اپنے راستے پر واپس بھی چلے جاتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ پہاڑی شیر سان فرانسسکو شہر کے بیچ میں نکل آیا ہو۔

    رپورٹس کے مطابق حکام اس شیر کی نقل و حرکت منگل سے نوٹ کر رہے تھے جب ایک موٹرسٹ نے اسے رشین ہلز کے پاس دیکھا تھا، پھر اسے ایک ٹی وی اسٹیشن کے پارکنگ لاٹ میں سی سی ٹی وی کے ذریعے دیکھا گیا، اور آخر میں اسے اوریکل پارک کے قریب دیکھا گیا، جسے جمعرات کو آخرکار پکڑ لیا گیا۔

    واضح رہے کہ اس علاقے میں جب کوئی پہاڑی شیر نکل آتا ہے تو حکام اسے فوری پکڑنے کی بجائے اس کی نقل و حرکت نوٹ کرتے رہتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ وہ خود اپنے راستے پر لوٹ جائے، مذکورہ شیر سے متعلق بھی حکام نے انتظار کیا اور لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے شیر کی نقل و حرکت نوٹ کر کے حکام کو مطلع کرتے رہیں۔

    علاقے کی پولیس نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ ایک پہاڑی شیر علاقے میں نکل آیا ہے اس لیے اپنی حفاظت کریں، ایسا لگتا ہے کہ شیر راستہ بھول گیا ہے، تاہم وہ جلد جنوب میں اپنا راستہ ڈھونڈ لے گا۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑی شیر (cougar) دو سال کی عمر تک پہنچنے کے بعد خاندان چھوڑ دیتے ہیں، تاہم مذکورہ شیر ابھی چھوٹا تھا اور معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس نے اپنا خاندان کیوں چھوڑا۔ بعد ازاں، آکلینڈ زو میں شیر کا معائنہ کیے جانے کے بعد وائلڈ لائف نے اسے پہاڑیوں میں چھوڑ دیا۔