Tag: پہلا

  • پاکستان کا پہلا تتلی گھر (دلچسپ اور معلوماتی ویڈیو رپورٹ)

    پاکستان کا پہلا تتلی گھر (دلچسپ اور معلوماتی ویڈیو رپورٹ)

    فضا میں اؑڑتی اور پھولوں پر منڈلاتی رنگ برنگی تتلیاں تو آپ نے دیکھی ہوں گی لیکن آج ہم آپ کو پاکستان کا پہلا تتلی گھر دکھا رہے ہیں۔

    یہ تتلی گھر لاہور میں بنایا گیا ہے جو اب تک پاکستان کا واحد تتلی گھر ہے، بلکہ جس وقت یہ بنایا گیا تھا تو اس وقت خطے کے کسی ملک میں تتلی گھر نہیں تھا۔

    اس تتلی گھر میں ماہر حیاتیات سمیت تربیت یافتہ اسٹاف موجود ہے جو تتلیوں کی افزائش نسل، اقسام اور ان کی دیکھ بھال کرتا ہے۔

    سینئر ماہر حیاتیات نازنین سحر نے اس حوالے سے دلچسپ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہر تتلی کا ایک الگ پودا ہوتا ہے جو اس کی نسل اور مزاج سے مطابقت رکھتا ہے۔ یہ تتلیاں اسی پودے کے پھول پر بیٹھ کر انڈے دیتی ہیں، ورنہ نہیں دیتیں۔ اس لیے اس کی شناخت کرنا کہ کس پودے پر وہ انڈے دے گی یہ بھی بہت چیلنجنگ ٹاسک ہوتا ہے۔

    نازنین سحر نے بتایا کہ انڈے سیکنڈ فیز میں لاروا میں تبدیل ہوتے ہیں، تو انہیں لیب لے جایا جاتا ہے، جہاں ان کی فیڈنگ کرائی جاتی ہے۔ تیسرے مرحلے میں پیوپا بن کر لگ بھگ وہ تتلی کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اور آخری مرحلے میں وہ مکمل تتلی بن جاتے ہیں۔

    ماہر حیاتیات نے بتایا کہ انڈوں سے تتلی بننے کا تک عمل 35 سے 40 دن پر مشتمل ہوتا ہے۔ تاہم ایک تتلی کی زندگی انتہائی مختصر ہوتی ہے جو عام طور پر 7 سے 8 دن یا زیادہ سے زیادہ 15 دن ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگ یہاں تفریح کے لیے آتے ہیں تو تتلی گھر دیکھ کر حیران اور خوش ہوتے ہیں۔ بالخصوص بچوں کے لیے یہ انوکھا تجربہ ہوتا ہے۔ ہم یہاں آنے والوں کو تتلیوں کے بارے میں مکمل معلومات بھی فراہم کرتے ہیں۔

    ماہر حیاتیات کا کہنا تھا کہ تتلی اگرچہ ایک کیڑا ہے، لیکن آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔