Tag: پہلا غیر ملکی دورہ

  • ’’ڈونلڈ ٹرمپ پہلا دورہ کس ملک کا کریں گے؟‘‘

    ’’ڈونلڈ ٹرمپ پہلا دورہ کس ملک کا کریں گے؟‘‘

    واشنگٹن : امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدہ صدارت کا حلف اٹھا لیا، جس کے بعد وہ امریکا کے 47 ویں صدر بن گئے، وہ پہلا غیرملکی دورہ کس ملک کا کریں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور اسی لیے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وہ صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے کیلیے چین کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

    یہ دعویٰ ٹرمپ کے قریبی لوگوں کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ٹرمپ حلف برداری کے بعد بھارت کا دورہ کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔

    گزشتہ دنوں جب ڈونلڈ ٹرمپ ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، اس دوران ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ اور بیٹا بیرن ٹرمپ بھی ان کے ساتھ تھے۔

    بعد ازاں ایک اجلاس میں نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں سے کہا ہے کہ وہ بطور صدر حلف اٹھانے کے بعد چین کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔

    انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی، اب ٹرمپ کے دورہ چین کو امریکہ اور چین کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اپنے مشیروں کے ساتھ ہندوستان کے ممکنہ دورے پر بھی بات چیت کی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کواڈ کانفرنس اس سال ہندوستان میں بھی منعقد ہونے والی ہے جس میں امریکہ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور جاپان کے سربراہان مملکت شرکت کرسکتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا دورہ ہندوستان اس سال اپریل میں یا سال کے آخر میں ہوسکتا ہے۔ ایک سوچ یہ بھی ہے کہ وزیر اعظم مودی کو بھی وائٹ ہاؤس مدعو کیا جاسکتا ہے۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ سے فون پر بات کی۔ ٹرمپ نے گفتگو کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، فینٹینیل، ٹک ٹاک اور دیگر مسائل پر اچھی بات چیت ہوئی۔

  • وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    وزیرِ اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات پہنچ گئے

    دبئی: وزیرِ اعظم عمران خان سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے متحدہ عرب امارات پہنچ گئے، دبئی ائیر پورٹ پر ولیٔ عہد شہزادہ شیخ محمد بن زائد النہیان نے استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم اپنے پہلے دو روزہ غیر ملکی سرکاری دورے کے دوسرے مرحلے پر یو اے ای پہنچ چکے ہیں، امارات کے ولیٔ عہد نے ان سے ملاقات کی۔

    دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا اور تعلقات کی موجودہ سطح پر باہمی تعاون پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے انھیں مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان اور ولیٔ عہد شیخ محمد بن زائد النہیان نے ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کرتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ باہمی اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب مکمل، جدہ سے روانہ


    ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا، رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھائی جاسکتی ہے۔

    دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر یکساں مؤقف رکھنے پر اظہارِ اطمینان کیا، دوسری طرف خطے کے موجودہ مسائل پر بھی تبادلہٗ خیال کیا گیا۔

    عمران خان کے ساتھ ملاقات میں یو اے ای کے ولیٔ عہد کے ساتھ امارات کے نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ داخلہ، وزیرِ خارجہ، نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اور وزیر برائے صدارتی امور بھی موجود تھے۔

  • پہلا غیر ملکی دورہ: وزیرِ اعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    پہلا غیر ملکی دورہ: وزیرِ اعظم عمران خان آج سعودی عرب روانہ ہوں گے

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر آج سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے، دو روزہ سرکاری دورے میں وہ سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم دو روزہ غیر ملکی دورے کے پہلے مرحلے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، وزیرِ اعظم سعودی فرماں روا اور ولی عہد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

    ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس دورے میں خارجہ اور خزانہ کے وفاقی وزرا اور مشیرِ تجارت بھی وزیرِ اعظم کے ہم راہ ہوں گے، وزیرِ اعظم سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

    دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی فرماں روا وزیرِ اعظم عمران خان کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے، جب کہ وزیرِ اعظم مدینہ منوّرہ میں زیارت اور عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے۔

    دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیرِ اعظم کے ہم راہ جانے والے وزرا اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے، وزیرِ اعظم سے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل بھی ملاقات کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم ہاؤس کی 102 گاڑیوں کی نیلامی جاری، 75 گاڑیاں فروخت


    وفاقی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں، ملاقات کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ فاصلے کم کریں گے۔

    دفترِ خارجہ کے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم بدھ کی شام وفد کے ہم راہ متحدہ عرب امارات پہنچیں گے، جہاں یو اے ای کے ولی عہد ان کا ایئر پورٹ پر استقبال کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔