Tag: پہلا ٹیسٹ میچ

  • موسم کی مداخلت، پاکستان ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ میچ تاخیر کا شکار

    موسم کی مداخلت، پاکستان ویسٹ انڈیز پہلا ٹیسٹ میچ تاخیر کا شکار

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ موسم کی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آج سے ملتان میں آغاز ہو رہا ہے۔ تاہم موسم کی مداخلت کے باعث پہلا ٹیسٹ میچ تاخیر کا شکار ہے۔ اس وقت وہاں دھند چھائی ہوئی ہے اور ٹاس بھی نہیں ہو سکا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو زیر کرنے کے لیے اسپن جال بچھایا ہے اور پہلے میچ کے اسکواڈ میں تین اسیپشلسٹ اسپنرز اور ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا ہے۔

    مہمان ٹیم کو اسپن ٹریک پر ڈھیر کرنے کے لیے انگلینڈ سیریز کے ہیرو ساجد خان اور نعمان علی کے ساتھ ابرار احمد میدان میں اتریں گے جب کہ واحد فاسٹ بولر خرم شہزاد ہوں گے۔

    صائم ایوب کے زخمی ہونے کی وجہ سے محمد ہریرہ کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ ممکنہ طور پر پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کو ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ سیریز جیتے تقریباً 8 سال گزر گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی۔

    تاہم پاکستان کی سر زمین پر ویسٹ انڈیز کا ریکارڈ خراب ہے۔ دنوں ٹیموں کے درمیان سات ٹیسٹ سیریز ہوئیں جس میں صرف ایک بار 1980 میں کامیابی ملی۔

    ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی سر زمین پر 21 میچز کھیل رکھے ہیں۔ ان میں سے صرف چار میں فتح حاصل ہوئی اور 9 میں ہار کو گلے لگایا۔ 8 میچز ڈرا رہے۔

    https://urdu.arynews.tv/test-series-with-west-indies-pakistan-planned/

  • بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 12 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر شکست

    بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 12 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر شکست

    بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں  12 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسرا ٹیسٹ 113 رنز سے جیت گئی۔

    بنگلورو کے بعد پونے میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز میں بھی بھارت نیوزی لینڈ سے میچ ہار گیا، ہوم گراؤنڈ پر بھارت کے بڑے بڑے نام ناکام ہوگئے، نیوزی لینڈ نے پہلی بار بھارتی سرزمین پر ٹیسٹ سیرز جیت لی۔

    پونے میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 113رنز سے شکست دی، کھیل کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کے 359 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 245 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی جس کے بعد بھارت کو 12 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 259 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 255 رنز بنا کر بھارت کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    پہلا ٹیسٹ میچ

    نیوزی لینڈ نے باؤلرز اور رچن رویندرا کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر بھارتی سرزمین پر 36 سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ جیت لیا تھا۔

    بنگلورو میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پہلے دن کا کھیل بارش کی وجہ سے ضائع ہونے کے بعد میچ کے دوسرے دن بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو تباہ کن ثابت ہوا اور بھارتی ٹیم صرف 46 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

    یہ بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناصرف اپنی سرزمین پر سب سے کم ترین اسکور تھا بلکہ ایشیا میں بھی کسی ایشیائی ٹیم کا اب تک سب سے کم اسکور ہے۔

  • ویسٹ انڈیز نےدوسری اننگزمیں 4وکٹوں کےنقصان پر93رنزبنالیے

    ویسٹ انڈیز نےدوسری اننگزمیں 4وکٹوں کےنقصان پر93رنزبنالیے

    جمیکا: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز دوسری اننگزمیں چاروکٹوں کے نقصان پر 93رنزبنالیے۔

    تفصیلات کےمطابق کنگسٹن میں کھیلے جاررہے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی پہلی اننگزکی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 28رنز درکار ہیں اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےدرمیان چوتھےروز وشول سنگھ اوربشو بغیر کوئی رنز بنائےکریزپر موجود تھے۔دوسری اننگزمیں ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 22رنز کے اسکور پرگری جب یاسرشاہ نے بریتھ ویٹ کو 14کے انفرادی اسکور پرآؤٹ کیا۔

    ویسٹ انڈیز کو دوسرا نقصان 72 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب یاسر شاہ نے ہیٹمئر کو 20 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا۔ ہوپ نے چھ رنز بنائے اور یاسر شاہ نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا جبکہ پوویل 49 رنز بنا کر یاسر شاہ کی چوتھا شکار بنے۔

    خیال رہےکہ پہلےٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز نے چاروکٹوں کےنقصان پر 93رنزاسکور کرلیے۔

    پہلا ٹیسٹ : پاکستان ٹیم 407رنزبناکرآؤٹ ہوگئی

    واضح رہےکہ اس سےقبل ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے اسکور 286 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 407 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح پاکستان کو 121 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےدرمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائےگا

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےدرمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج کھیلا جائےگا

    جمیکا: پاکستان اورویسٹ انڈیز کےدرمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج جمیکا میں کھیلا جائےگا۔

    تفصیلات کےمطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےدرمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج جمیکا میں کھیلا جائےگا۔میچ پاکستانی وقت کےمطابق رات آٹھ بجے شروع ہوگا۔

    قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سریز جیتنے کےبعد ٹیسٹ سیریز بھی اپنے نام کرنے کے لیے پرامید ہے۔

    مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے آج میچ کی تیاری کے لیے جمیکا میں بھرپور ٹریننگ کی اور تین گھنٹے کے سیشن کےدوران کوچزنے زیادہ ترتوجہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فریکل فٹنس پر دی۔

    ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر اب تک مکمل فٹ نہ ہوسکے اور خدشہ ہےکہ آج کے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو ان کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی۔


    تیسراون ڈے: پاکستان نےویسٹ انڈیز کوشکست دےدی


    خیال رہےکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو بڑے اسٹارز مصباح الحق اور یونس خان ویسٹ انڈیز کے خلاف آخری باراس ٹیسٹ سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

    قومی ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں کی ویسٹ انڈیز کےخلاف شاندار بیٹنگ سےپاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں پانچواں نمبر برقرار رکھ سکتا ہے۔

    واضح رہےکہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کےامکانات روشن ہیں لیکن پاکستانی بیٹسمینوں کو ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

  • پہلا ٹیسٹ میچ : پاکستانی ٹیم کی دبئی میں بھرپورتیاریاں جاری

    پہلا ٹیسٹ میچ : پاکستانی ٹیم کی دبئی میں بھرپورتیاریاں جاری

    دبئی : ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی دبئی میں بھرپورتیاریاں جاری ہیں۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی قومی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے,

    تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ اور ون ڈے میں وائٹ واش کرنے کے بعد اب ٹیسٹ سیریز کا میدان سجے گا۔

    سرفراز احمد اور اظہر علی تو اپنے امتحان میں پاس ہوگئے اب مصباح الحق کا ٹیسٹ ہوگا۔ دبئی میں جمعرات سے شروع ہونے والے ایشیاء کے پہلے ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کیلئے دونوں ٹیموں کی ڈے نائٹ تیاریاں زور و شور جاری ہیں، کرکٹ میں بھی جدت آگئی۔

    سفید اور لال کے بعد اب گلابی رنگ کی گیند سے کھیلنا ہوگا۔ شارجہ میں دونوں ٹیموں نے پہلے ٹیسٹ کی تیاری سے ہم آہنگ ہونے کیلئے ڈے نائٹ ٹیسٹ بھی کھیلا جو ڈرا رہا۔

    اپنی والدہ کی بیماری کے باعث تیسرے ون ڈے سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامرنے دبئی میں ٹیم کو جوان کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز،قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کااعلان

     تجربہ کار بیٹسمین یونس خان پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ نوجوان کھلاڑی بابر اعظم اور محمد نواز کو ٹیسٹ کیپ دیئے جانے کا امکان ہے۔

    پاکستانی ٹیم رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئی ہے۔ دوسری پوزیشن مستحکم کرنے کے لئے شاہینوں کو تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ درکار ہوگا۔

     

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ روزہ معرکہ آج لارڈز میں سجے گا

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ روزہ معرکہ آج لارڈز میں سجے گا

    لندن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے لارڈز کے تاریخی اسٹیڈیم میں شروع ہونے جا رہا ہے۔

    4 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ لارڈز کے تاریخی اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق سہہ پر 3 بجے کھیلے جانے والے پہلے ٹاکرے کے لیے دونوں ٹیمیں نے کمریں کس لی ہیں، تیاریاں مکمل ہیں،عزائم جواں ہیں اور دونوں ہی ٹیمیں فتح کے لیے پرامید ہیں۔

    پاکستان و برطانیہ دنیائے کرکٹ کی بہترین کرکٹ ٹیموں میں شمار ہوتی ہیں برطانیہ بابائے کرکٹ ہے تو پاکستان صلاحیت و مقابلے میں ثانی نہیں رکھتا،انگلینڈ پیشہ وارانہ کرکٹ میں کمانڈ رکھتا ہے تو پاکستان "حیران کن” پرفارمنس میں دینے کا ماہرہے،انگلش ٹیم بال ٹو بال کھیلتی ہے تو پاکستان آخری بال پر پانسہ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے،کمال و مہارت سے مالامال دونوں ٹیموں کا معرکہ مضبوط اعصاب سے ہی سَرکیا جا سکتا ہے۔

    LORDS FEATURE 1

    پاکستان و برطانیہ کی یہ اعصابی جنگ کئی تنازعات کا بھی شکار رہی کبھی امپائرنگ پر سوال اٹھے تو کبھی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑکے چرچے ہوئے کبھی فکسنگ کے معاملے نے ضرب لگائی تو کبھی بیچوں بیچ کھیل ہی ختم کر دیا گيا۔

    اس تلخ تاریخ کا آغاز1956 ہی سے ہو گیا تھا جب پاکستانی امپائر ادریس بیگ پر انگللش کھلاڑیوں کی جانب سے پانی پھینکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    MIK GEETING POST 1

    1987 مین انگلش کپتان مائیک گیٹنگ اور امپائر شکور رانا کے درمیان فیلڈ کو غلط طر یقے سے ہٹانے پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد انگلش کپتان ٹیم کو لے کر گراؤنڈ سے نکل آئے تھے تو 2006 میں اوول ٹیسٹ میں پاکستانی کپتان انظمام الحق ٹیم کو میدان سے باہر لے آئے تھے۔

    MIKE GETTING POST 2

    INZI POST 2

    1992 میں وقار اور وسیم کی ریورس سوئنگ سے پریشان انگلش ٹیم نے پاکستانی بولروں پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگایا اور اپنی ناکامی کو چھپانے کی ناکام کوشش کی۔

    2010 میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے سیاہ ترین واقعہ بھی برطانیہ سیریز میں پیش آیا جب فکسڈ نو بال کروانے پر فاسٹ بولرز محمد آصف و محمد عامراور کپتان سلمان بٹ کو سزائیں سنائی گئیں اور عالمی سطح پر پاکستان کو سبکی اُٹھانی پڑی تھی۔

    پاکستان و برطانیہ کی سیریز انہی تلخ جملوں کے تبادلوں اور گرما گرمی سے شروع ہوتی اور کسی نہ کسی تنازعے پر ختم ہوتی یوں شائقین کو ایک تناؤ سے بھرپور مگر کلاسک کرکٹ دیکھنے کو ملتی۔

    MISBAH UL HAQ POST 2

    آج ہونے والے ٹیسٹ مین قومی ٹیم کے پاس مڈل آرڈر میں مصباح الحق، یونس خان، اظہر علی اور اسد شفیق جیسے قابل بھروسہ بلے باز ہیں جنہوں نے سائیڈ میچ میں ذبردست پرفارمنس سے انگلش بولرز کو مشکلات میں ڈالے رکھا جب کہ بولنگ کے شعبے میں قومی ٹیم کے پاس فاسٹ بولر محمد عامر، وہاب ریاض، راحت علی اور اسپن کے شعبے میں یاسر شاہ اور قومی ٹیم کے اہم ہتھیار ہیں ،محمد عامر انگلش میڈیا اور انگلش ٹیم کی تنقید کی زد پر محمد عامر اپنی پرفارمنس سے ناقدین کے منہ بند کروانے کے لیے بے تاب ہیں۔

    AMIR POST 1

    دوسری جانب انگلش ٹیم کی بیٹنگ لائن بھی کسی سے کم نہیں کہ انگلش اسکواڈ کے کپتان السٹرکک بہترین فارم میں ہیں اُن کا ساتھ دینے کے لیے ٹیم میں الیکس ہیلز، جوئے روٹ، گیری بیلنس، جیمس ونس، جونی بریسٹو، معین علی، کرس ووکس، اسٹارٹ براڈ، جیک بال، اسٹیون فن اور ٹوبی رولینڈ موجود ہیں۔

    COOK POST 3

    سیریز کے آغاز ہی میں ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے لیکن یہ تنازعہ پاکستان اور برطانیہ کرکٹ ٹیم کے درمیان بلکہ انگلش کپتان السٹر کک اور انگلش سلیکٹرز کے درمیان کھڑا ہو گیا ہے،السٹر کک کا کہنا ہے کہ جارح مزاج آل راؤنڈر بین اسٹوک اور فاسٹ بولر جیمس انڈریسن کی ٹیم میں غیر موجودگی سے بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی شعبوں میں انگلش ٹیم مشکلات کا شکار ہو جائے گی۔

  • پاکستان اورانگلینڈ آج لارڈزمیں مدمقابل، سب کی نظریں محمد عامرپر

    پاکستان اورانگلینڈ آج لارڈزمیں مدمقابل، سب کی نظریں محمد عامرپر

    لندن : پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لندن کے لارڈزکرکٹ گراؤنڈ پر آج سے پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہو رہا ہے۔ محمد عامر کی واپسی پر سب کی توجہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں۔ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں چھ سال بعد ایک بار پھر لارڈز کے تاریخی میدان میں مد مقابل ہونگی۔ دونوں ٹیموں میں چار میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا۔

    ٹیسٹ کرکٹ کی رینکنگ میں نمبر تین پاکستان کا نمبر چار انگلینڈ سے کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے اور سب کی نظریں ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے محمد عامر کی دھواں دھار بولنگ پر ہوں گی۔

    اس ٹیسٹ کو محمد عامر یادگار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وہ کرکٹ میں اپنا ادھورا سفر لارڈز سے ہی شروع کرینگے۔ اسی گراؤنڈ پر تیزی سے اوپر جانیوالے باؤلر محمد عامر پراسپاٹ فکسنگ کے الزام میں پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

    پاکستان کے کپتان مصباح الحق کو امید ہے کہ محمد عامر مرد میداں بن سکتا ہے، انگلش ٹیم کو نہ صرف محمد عامر کا خوف ہے بلکہ اپنے اہم بولر ان فٹ جمی اینڈرسن کے نہ ہونے کا بھی دباؤ ہے۔

    انگلش کپتان ایلیسٹر کک نے کہا ہے کہ محمد عامر کی باتیں بہت ہو گئیں اب کرکٹ پر توجہ مرکوز ہے، لارڈز کے میدان میں ٹاس اہم ہو تا ہے۔ دیکھا یہ گیا ہے کہ زیادہ تر جیت اسی ٹیم کی ہوتی ہے جو ٹاس جیت کر درست فیصلہ کرے۔

    ریکارڈ پر نظر ڈالیں تو ٹیسٹ کرکٹ میں انگلینڈ کا پاکستان کیخلاف پلڑا بھاری ہے لیکن پاکستان انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز چار صفر یا تین صفر سے جیت کر آسٹریلیا سے پہلی پوزیشن چھین سکتا ہے۔

    شاہینوں کے پاس دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم بننے کا سنہری موقع ہے۔ ٹیسٹ سیریز تین ایک یا دو ایک سے جیتنے کی صورت میں پاکستان بھارت کو پیچھے چھوڑ دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلے گا۔

    انگلینڈ کسی بھی مارجن سے سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تو پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلاجائے گا۔اورانگلینڈ تیسرے نمبر پر آجائے گا۔

    مجموعی طور پر ستتر میچز میں سے اکیس انگلینڈ کے نام رہے تو اٹھارہ میں پاکستان فاتح رہا۔ اڑتیس میچز ڈرا ہوئے۔ پاکستان کوانگلینڈ کیخلاف آخری ناکامی دوہزاردس کے لارڈز ٹیسٹ میں ہوئی تھی۔ جس کےبعد یو اےای میں کھیلے گئے چھ میں پانچ میچز پاکستان نے جیتے تھے۔

     

  • دبئی ٹیسٹ: پہلے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 4 وکٹوں پر219 رنز بنالئے

    دبئی ٹیسٹ: پہلے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف 4 وکٹوں پر219 رنز بنالئے

    دبئی ٹیسٹ : پہلے روز پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف چار وکٹوں پر دو سو انیس رنز بنالئے ہیں، مصباح الحق چونیتس ا ور اسد شفیق نو رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ ہے۔

    دبئی ٹیسٹ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، احمد شہزاد اور محمد حفیظ کپتان کے فیصلے کی لاج نہ رکھ سکے، انجری سے نجات حاصل کرنے والے پروفیسر بری فارم سے جان نہ چھڑا سکے اور کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

    احمد شہزاد بھی کوئی تیر مارے بغیر 3 رنز پر ٹیم کو مزید مشکلات میں چھوڑگئے،اوپنرز کے جان چھڑانے کےبعد اظہر علی کی نصف سنچری اور یونس خان کی سنچری نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا، اظہر 53 اور یونس خان 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    پہلے روز کھیل کے اختتام پر مصباح الحق چونیتس اور اسد شیفق نو رنز کے ساتھ دوسرے روز میدان میں اترے گے۔

  • دبئی: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

    دبئی: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، پہلا ٹیسٹ میچ آج سے شروع ہوگا

    دبئی : پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج دبئی میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس بیس سال بعد ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔

    پاکستان انیس سو چورانوے کے بعد سے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکا، یو اے ای میں پاکستان کے پاس تاریخ بدلنے کا سنہری موقع ہے، کپتان مصباح الحق کے لئے سیریز بقا کی جنگ ہوگی، گرین شرٹس کی بولنگ لائن کمزور ہے۔

    تجربہ کار آف اسپنر سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے، بیٹنگ میں پاکستان یونس خان، محمد حفیظ سمیت سینئیر کھلاڑیوں پر انحصار کرے گا۔

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت موجود ہے، امید ہے کہ مصباح ٹیسٹ سیریز میں فارم پھر سے حاصل کرلیں گے۔

    دوسری جانب  ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میں فتح حاصل کرنے کے بعد کینگروز کے حوصلے بلند ہوں گے، ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش آسٹریلیا کو آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ایک پر پہنچا دے گا۔

    آسٹریلوی ٹیم پہلی مرتبہ دبئی کے میدان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے، پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔