ڈھاکا (20 جولائی 2025): پہلے ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو با آسانی ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 111 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 16 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 7 رنز پر گرا دی تھیں۔ تاہم اس کے بعد پرویز حسین اور توحید ہریدوئے کے درمیان 73 رنز کی فتح گر پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
توحید 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تو جاکر حسین نے کریز سنبھالی۔ اس دوران پرویز حسین نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ناقابل شکست 56 رنز اسکور کیے۔ جاکر حسین نے بھی 15 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا۔
اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیش نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔ سیریز کے بقیہ دو میچز بھی ڈھاکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 19.3 اوورز میں 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر فخر زمان 44 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ آخر میں عباس آفریدی نے 22 رنز ناٹ آؤٹ اننگ کھیل کر قومی ٹیم کی لاج رکھ لی۔ خوشدل شاہ 17 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہونے والے تیسرے بلے باز تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے کامیاب بولر تسکین احمد رہے۔ انہوں نے 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ مستفیض الرحمان سب سے کفایتی بولر رہے۔
انہوں نے اپنے کوٹے کے چار اوررز میں صرف 6 رنز دیے اور دو وکٹیں بھی اڑائیں۔ تنظیم حسن اور مہدی حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار بنگلہ دیش میں ٹی 20 سیریز 2021 میں کھیلی تھی اور اس میں قومی ٹیم تین صفر سے کامیاب رہی تھی۔