Tag: پہلی اربن الیکٹرک ٹرین

  • وزیر اعلیٰ  پنجاب کا پہلی اربن الیکٹرک ٹرین "سپر اٹانومس ریپڈٹرانزٹ” میں تجرباتی سفر

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا پہلی اربن الیکٹرک ٹرین "سپر اٹانومس ریپڈٹرانزٹ” میں تجرباتی سفر

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے لاہور میں پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین میں تجرباتی سفرکیا اور ’سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ‘ سے شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی اربن الیکٹرک ٹرین "سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ (SRT)” میں تجرباتی سفر کیا اور خود روڈ ٹیسٹ مانیٹر کیا۔

    تجرباتی سفر علی ٹاؤن سے مسلم ٹاؤن تک کیا گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے عام ٹریفک کے درمیان ٹرین کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

    وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ایس آر ٹی کے تکنیکی پہلوؤں، سہولیات اور روڈ ٹیسٹ سے متعلق وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیراعلیٰ نے ٹرین میں موجود سہولیات، نشستوں، وینٹیلیشن اور دیگر انتظامات کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر انھوں کہا کہ "پنجاب کے عوام کے لیے اب ہر روز خوشی کی خبر منتظر ہوتی ہے، سپر اٹانومس ریپڈ ٹرانزٹ نہ صرف لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور ٹریفک نظام میں بہتری بھی لائے گی۔”

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں بھی جلد ایس آر ٹی منصوبے شروع کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آ سکیں۔

    ایس آر ٹی میں فی الحال تین بوگیاں نصب کی گئی ہیں جن میں چار بوگیوں تک توسیع کی گنجائش موجود ہے۔ ایک ٹرین میں 320 مسافر سفر کرسکتے ہیں جبکہ ایک چارج پر 40 کلومیٹر تک فاصلہ طے کیا جا سکتا ہے۔

    جدید سہولیات سے آراستہ یہ ٹرین ائرکنڈیشنڈ ہے اور شہریوں کو ایک نئی، پُرسکون اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرے گی۔

    حکام کے مطابق ایس آر ٹی منصوبہ لاہور میں ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ نظام کی بنیاد ثابت ہوگا، جس سے نہ صرف سفری وقت کم ہوگا بلکہ ایندھن کے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔