Tag: پہلی سحری

  • رمضان المبارک کی پہلی سحری میں ہی گیس غائب

    رمضان المبارک کی پہلی سحری میں ہی گیس غائب

    گیس کمپنیوں کے اعلانات کے باوجود مختلف شہروں میں رمضان المبارک کی پہلی سحری میں گیس غٓائب رہی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گیس فراہمی کے اداروں نے ماہ رمضان المبارک میں سحر اور افطار کے اوقات میں گیس فراہمی کے اعلانات کیے تھے۔ تاہم پہلی سحری پر کئی شہروں میں سحر کے وقت گیس غائب رہی اور لوگوں کو سحری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    کراچی اور راولپنڈی کے کئی علاقوں میں گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کو گھروں میں سحری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوٹلوں پر عوام کا رش لگ گیا۔

    کراچی کے علاقوں رفاہ عام سوسائٹی ملیر، ناظم آباد، گلبہار اور رنچھوڑ لائن میں گیس غائب رہی۔ راولپنڈی کے علاقوں سکستھ روڈ، سیٹلائٹ ٹاون، راو ٔڈھوک کشمیریاں، ڈھوک پراچہ، سروس روڈ کےعلاقوں میں بھی سحری میں لوگ گیس کا انتظار کرتے رہے۔

    اس کے علاوہ ڈھوک کالا خان، خرم کالونی، صادق آباد میں بھی چولہوں میں گیس نہ آئی۔ دیگر کئی علاقوں میں بھی گیس بندش کی اطلاعات ملی ہیں۔

    سحری کے اوقات میں گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کو سحری کی تیاری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ متاثرہ علاقوں میں ہوٹلوں پر سحری کے لیے تیار پراٹھے، انڈے اور چائے کی خریداری کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا۔

    کئی علاقوں میں سحری دستیاب نہ ہونے پر لوگوں نے بغیر سحری پہلا روزہ رکھا۔

    رمضان المبارک 2025: سحر وافطار کے اوقات جاننے کے لیے کلک کریں۔

    واضح رہے کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی نے اور سوئی سدرن گیس کمپنی نے ماہ رمضان المبارک میں سحری اور افطار کے اوقات میں بلاتعطل گیس کی فراہمی کا اعلان کیا تھا لیکن اس اعلان پر پہلے روز ہی عملدرآمد نہ ہوسکا۔

    https://urdu.arynews.tv/long-and-short-term-fasts-sehr-and-iftar-timing/

  • کراچی میں پہلی سحری پرشہرکے مختلف علاقوں میں بجلی غائب

    کراچی میں پہلی سحری پرشہرکے مختلف علاقوں میں بجلی غائب

    کراچی: شہرقائد کے مختلف علاقوں میں رمضان المبارک کے پہلے روز بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، حسن اسکوائر، موسیٰ کالونی، شاہ فیصل کالونی، شادمان، بفرزون، نارتھ کراچی، نصرت بھٹو کالونی، کاٹھور اور گڈاپ ناگوری سوسائٹی سمیت شہر کے مختلف علاقے بجلی نہ ہونے کے باعث اندھیرے میں ڈوبے رہے جہاں شہریوں نے اندھیرے میں رمضان المبارک کی پہلی سحری کی۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے آغاز پر کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید کے مطابق آج شہر قائد کے درجہ حرارت میں مزید 2 ڈگری کمی کی توقع ہے، درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 32 سے 34 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں یکم مئی 2019 سال کا گرم ترین دن تھا اور درجہ حرارت 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔