Tag: پہلے مقدمے کا فیصلہ

  • بطورچیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سنادیا

    بطورچیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سنادیا

    اسلام آباد: چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حلف اٹھاتے ہی عدالت لگا کر ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے منشیات کے کیس میں سزا یافتہ نور محمد کی سزا میں کمی کی درخواست مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نئےچیف جسٹس نے جو کہا اسے ایک لمحہ ضائع کئے بغیر ثابت کرنا شروع کردیا، چیف جسٹس پاکستان آصف سعیدکھوسہ سپریم کورٹ پہنچے تو انھیں گارڈ آف آنرپیش کیا گیا، اٹارنی جنرل انورمنصور نے روسٹرم پر آکر چیف جسٹس آصف کھوسہ کو خوش آمدید کہا ، چیف جسٹس آصف سعید کی عدالت میں غیرملکی مہمان بھی موجود تھے۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنا پہلا مقدمہ میانوالی کے رہائشی نور محمد کی جانب سے سزا کے خلاف اپیل کو سنا اور ایک گھنٹے کے اندر پہلے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔

    ۔ عدالت نے منشیات کے کیس میں سزا یافتہ نور محمد کی سزا کے خلاف درخواست مسترد کردی اور ہائی کورٹ کا فیصلہ بر قرار رکھتے ہوئے نور محمد کی سزا کو برقرار رکھا، جسٹس منصورعلی شاہ بنچ کاحصہ تھے۔

    عدالت نے کہا کہ اس کیس میں گواہ سرکاری ملازمین تھے جن کی ملزم سے کوئی ذاتی عناد نہ تھی اور کیمیکل لیبارٹریز نے بھی منشیات کے نمونہ جات کی تصدیق کی تھی۔

    ملزم نور محمد 21 سو گرام چرس کے ساتھ میانوالی میں پکڑا گیا تھا، ملزم کو ماتحت عدالت نے 5 اگست 2016 کو 4 سال 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی فیصلہ بر قرار رکھا تھا۔

    دوسرے مقدمے میں عدالت نے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں ملزم خالد محمود کو ضمانت پر رہا کردیا گیا جبکہ تیسرے مقدمے میں عدالت نے ضمانت منسوخی کیس میں قاسم جان کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تین مقدمات کی سماعت کر کے عدالتی کارروائی ختم کی اور بنچ میں شامل مہانوں اور عدالت میں بیٹھے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امید ہے آپ کا ویک اینڈ اچھا گزرے گا۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے حلف لیتے ہی اپنی سرکاری گاڑی سے سی جے پی ون کی نمبر پلیٹ بھی ہٹادی۔

    مزید پڑھیں : جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھا لیا

    یاد رہے آج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے ملک کے 26 ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا، صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف لیا۔

    گذشتہ روز فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ زیر التوامقدمات کا قرض اتاروں گا، فوج اورحساس اداروں کاسویلین معاملات میں دخل نہیں ہوناچاہیئے، ملٹری کورٹس میں سویلین کاٹرائل ساری دنیامیں غلط سمجھا جاتاہے،کوشش کریں گےسول عدالتوں میں بھی جلدفیصلےہوں۔

    چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ بطورچیف جسٹس انصاف کی فراہمی میں تعطل دور کرنےکی کوشش کروں گا،جعلی مقدمات اور جھوٹےگواہوں کیخلاف ڈیم بناؤں گا۔