Tag: پیاز

  • چھٹیوں میں کلاس رومز کا ’استعمال‘ ہیڈ ٹیچر نے سرکاری پرائمری اسکول کو پیاز کے گودام میں بدل دیا

    چھٹیوں میں کلاس رومز کا ’استعمال‘ ہیڈ ٹیچر نے سرکاری پرائمری اسکول کو پیاز کے گودام میں بدل دیا

    لاڑکانہ: صوبہ سندھ کے شہر نوڈیرو کے ایک اسکول ہیڈ ٹیچر نے چھٹیوں میں کلاس رومز کو ’کام‘ میں لانے کے لیے اسکول کو پیاز کے گودام میں بدل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نوڈیرو کے نواحی گاؤں علی شیر کھوکھر میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول کو گودام میں تبدیل کر دیا گیا، ہیڈ ٹیچر نے کلاس روم کو پیاز ذخیرہ کرنے کے لیے گودام بنا دیا۔

    اس سلسلے میں ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس نے اس معاملے کو نمایاں کیا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہوٹا کے قریب واقع گورنمنٹ پرائمری کی کلاسز میں پیاز موجود ہیں۔

    نوڈیرو پرائمری اسکول پیاز ہیڈ ٹیچر

    ہیڈ ٹیچر غلام اللہ کھوکھر کلاسز کی ویڈیو بنانے سے روکتا رہا، 6 کلاسز پر مشتمل اسکول کی صرف 2 کلاسز میں تدریس کا عمل جاری تھا، جب کہ اسکول میں مقرر 7 اساتذہ میں سے ہیڈ ٹیچر سمیت 3 اساتذہ ڈیوٹی پر موجود تھے، دیگر غیر حاضر رہے۔

    ہیڈ ٹیچر نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ گرمیوں کی چھٹیاں ہونے والی ہیں، سوچا کلاس رومز کو استعمال میں لایا جائے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل صوبہ سندھ کے دیہاتوں میں اسکولوں میں مویشی باندھنے کے واقعات تواتر کے ساتھ میڈیا میں نمایاں ہوتے رہے ہیں۔

  • یو اے ای میں پیاز کی قیمتیں کیوں کم ہورہی ہیں؟

    یو اے ای میں پیاز کی قیمتیں کیوں کم ہورہی ہیں؟

    اماراتی وزارت خزانہ نے پیاز کی سپلائی میں نمایاں اضافے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ درآمد بڑھنے کے باعث پیاز کی قیمتوں میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریٹیل سیکٹر سے منسلک افراد کا کہنا ہے’ مارکیٹ میں پیاز کا وافر اسٹاک موجود ہے جس کے باعث قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ رواں ماہ کے آخر میں انڈین پیاز کی درآمد پر پابندی کے خاتمے کے بعد پیاز مزید سستی ہونے کا امکان ہے۔‘

    یو اے ای کے سیکریٹری وزارت خزانہ برائے تجارتی کنٹرول عبداللہ سلطان الفن الشامسی کے مطابق درآمد کنندگان اور ریٹیل کمپنیز نے انڈیا کی جانب سے برآمد پر پابندی کے پیش نظر پیاز کے عالمی بحران کا مثبت انداز میں سامنا کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ’دیگر ذرائع سے پیاز کی درآمد کے باعث منڈیوں میں پیاز کی کمی کو کنٹرول کیا گیا جبکہ مسابقت کے باعث قیمتوں میں بڑی کمی سامنے آئی ہے۔

    علاوہ ازیں ریٹیلنگ چین میں سیلز کے ذمہ دار دلیپ بیگوی کا کہنا تھا کہ پیاز کی بعض اقسام کی قیمتوں میں کمی ایران، ترکیہ، پاکستان اور ترکمانستان سے درآمد کے معاہدوں اور مارکیٹ میں دستیابی کے باعث ہوئی ہے۔

    نئی حکومت کے پہلے ہفتے ہی مہنگائی کی شرح میں بڑا اضافہ ریکارڈ

    فی کلو گرام قیمت تقریبا 8 درہم سے کم ہوکر 6.5 اور7 درہم تک آگئی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہے گا۔

  • پیاز کے سرکاری نرخ کیا ہیں اور مارکیٹ میں کتنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے؟

    پیاز کے سرکاری نرخ کیا ہیں اور مارکیٹ میں کتنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے؟

    لاہور: ملک بھر میں مہنگائی کے طوفان نے شہریوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے، دکانوں پر شہریوں سے من مانی قیمتوں کی وصولی ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں بازاروں میں پیاز کے سرکاری نرخوں پر انتظامیہ عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آ رہی ہے، فی کلو پیاز کا سرکاری ریٹ 175 روپے ہے جب کہ دکانوں میں 230 سے 250 میں فروخت ہو رہی ہے۔

    مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی درجن انڈوں کی قیمت بلند ترین سطح 400 تک پہنچ گئی ہے، اور مرغی کے گوشت کی 615 روپے فی کلو میں فروخت جاری ہے۔

    پیاز کی قیمت میں کمی کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    ایل پی جی کی سرکاری قیمت 256 روپے مقرر ہے تاہم مارکیٹ میں 300 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔

  • پیاز کی قیمت اور قلت کیوں بڑھ رہی ہے؟ حقائق سامنے آگئے

    پیاز کی قیمت اور قلت کیوں بڑھ رہی ہے؟ حقائق سامنے آگئے

    بازاروں میں پیاز کے بڑھتے ہوئے نرخ کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی پریشانی بھی بڑھ گئی ہے، پیاز کی قلت کی وجہ سے قیمتیں بڑھنا شروع ہوگئی ہیں، جس کی موجودہ قیمت 240 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

    پیاز کی قیمت میں ہونے والے حالیہ اضافے نے شہریوں کو کہیں کا نہیں چھوڑا کیونکہ گھروں میں بنائے جانے والے تمام کھانوں میں پیاز لازم و ملزوم ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں صدر ہول سیلر ویجیٹیبل ایسوسی ایشن شیخ محمد شاہ جہاں نے پیاز کی قلت اور اس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی حقیقت سے متعلق ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت یا اس سے پہلے بھی ملک میں پیاز کی کوئی قلت نہیں تھی رواں سال فصلیں بھرپور ہوئی ہیں، بازاروں میں پیاز کی قلت اور قیمت کی بڑی وجہ پیاز کا ایکسپورٹ ہونا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کو زرمبادلہ کی شدید ضرورت ہے اور اس کیلئے قربانی ہمیشہ عوام ہی دیتے آئے ہیں، پیاز اس وقت ملکی تاریخ کی سب سے بہترین برآمدات ہے جس کا ایکسپورٹ ریٹ بہت زیادہ ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پیاز کی قلت کے باعث اپنی ایکسپورٹ بند کردی تاکہ وہ اپنے عوام کو پیاز فراہم کرسکیں جس کا فائدہ پاکستان اور دوسرے ممالک کو ہوا۔

    شیخ محمد شاہ جہاں نے کہا کہ میں ہمیشہ اس بات پر زور دیتا آیا ہوں کہ ایک ایسا بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں درآمد اور برآمد کنندگان کے ساتھ حکومتی نمائندے شامل ہوں اور اس حوالے سے ہر 15روز بعد اجلاس میں پالیسی مرتب کی جائے۔

    واضح رہے کہ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود ملک میں مہنگائی کے طوفان میں مزید شدت آ گئی ہے، سبزیاں تک عوام کی پہنچ سے دور ہوگئیں، موسم کی سبزیوں کی بھرپور پیداوار کے باوجود ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، پیاز نے تو ڈبل سنچری سے بھی تجاوز کرلیا ہے۔

  • چہرے کی جھریوں سے نجات بہت آسان

    چہرے کی جھریوں سے نجات بہت آسان

    عمر کے ساتھ چہرے پر ظاہر ہونے والی جھریوں سے ہر شخص ہی پریشانی کا اظہار کرتا ہے بعض اوقات یہ جھریاں وقت سے ذرا پہلے ہی نمودار ہوجاتی ہیں جس سے چھٹکارا پانا ممکن ہے۔

    جھریاں محض بری ہی نہیں لگتیں بلکہ انسان کو اس کی عمر سے بڑا بھی ظاہر کرتی ہیں، وہ افراد جو کم عمری میں ہی اس مسئلے سے دوچار ہیں انہیں اپنے طرز زندگی میں تبدیلی لانے کی اشد ضرورت ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر ام راحیل نے جھریوں سے نجات کیلئے نہایت آسان اور سستا حل بیان کیا جس پر عمل کرکے آپ اپنے چہرے کو تروتازہ اور خوبصورت بنا سکتی ہیں۔

    ڈاکٹر ام راحیل نے بتایا کہ دو چمچ پیاز کا جوس دو چمچ ٹماٹر کا جوس اور ایک چمچ شہد لیں اور ان کو اچھی طرح مکس کرکے رات کو سونے سے پہلے ایک چمچ پی لیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس مکسچر کو ایک چمچ پینے کے بعد تھوڑا سا اپنے ہاتھوں اور چہرے پر بھی لگا کر سوجائیں اور صبح اٹھ کر دھولیں، اس پر عمل کرنے سے چہرے اور ہاتھوں کی جھریاں ختم ہوجائیں گی۔

    ماہرین صحت کے مطابق جن افراد کو قبل از وقت جھریوں کی شکایت ہو ان کو چاہیے کہ اسٹریس بالکل نہ لیں، نیند پوری لیا کریں، صحت مند اور متوازن غذا لیں، گاجر زیادہ کھائیں اور گاجر کا جوس پیئیں ، چقندر اور کھیرے کا استعمال بھی روز مرہ خوراک میں بڑھا دیں۔ اس کے علاوہ اوپر دیا گیا نسخہ بھی جھریوں سے نجات دلانے میں اہم اور مدد گار ثابت ہوگا۔

  • ہمارے روزمرہ کھانوں کا حصہ بننے والی یہ سبزی کینسر سے بچا سکتی ہے

    ہمارے روزمرہ کھانوں کا حصہ بننے والی یہ سبزی کینسر سے بچا سکتی ہے

    ہمارے روزمرہ کھانوں کا لازمی جز پیاز اپنے اندر شمار فوائد رکھتی ہے، ایک تحقیق کے مطابق پیاز کینسر سے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

    پیاز نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے بلکہ اس کے اندر کئی ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو بہت سے امراض کے علاج میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں۔

    کم کیلوریز لیے اس حیرت انگیز سبزی میں پوٹاشیئم، وٹامن بی 6 اور سی کی کثیر مقدار کے ساتھ دیگر وٹامنز اور منرلز وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔

    ایک تحقیق کے مطابق پیاز کے جہاں بے شمار فائدے ہیں وہیں یہ کینسر سے بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ گہرے رنگ کی پیاز کئی طرح کے کینسر کے خلیات کو کم کرنے میں سب سے زیادہ مؤثر ہے۔

    اس کی وجہ پیاز میں موجود اینتھو سائنین نامی ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے، ساتھ ہی اس میں ایسے مرکبات بھی پائے جاتے ہیں جو ٹیومر کو روکنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

    علاوہ ازیں پیاز کا روزانہ استعمال دل کی صحت کے لیے بھی مفید ہے جبکہ یہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

  • آج افطار میں پیاز کے مزیدار پکوڑے تیار کریں

    آج افطار میں پیاز کے مزیدار پکوڑے تیار کریں

    پکوڑے ماہ رمضان کا خاص جز ہیں، اس مہینے پکوڑوں کی مختلف ورائٹی تیار کی جاتی ہے، آج ہم آپ کو مزیدار پیاز کے پکوڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    پیاز

    بیسن

    کارن فلور

    بیکنگ پاؤڈر

    مکھن

    نمک

    ہلدی

    لال مرچ پاؤڈر

    کالی مرچ پاؤڈر

    بریڈ کرمز

    تلنے کے لیے تیل

    ترکیب

    پیاز کو گول دائروں کی شکل میں موٹا موٹا کاٹ لیں۔

    اس کو دھو کر خشک کرلیں اور اس پر نمک چھڑک کر چھوڑ دیں۔

    پیالے میں بیسن، کارن فلور، پانی، ہلدی، لال مرچ پاؤڈر، بریڈ کرمز، مکھن، کالی مرچ پاؤڈر اور تھوڑا سا بیکنگ پاؤڈر ڈال کر مکس کرلیں۔

    پین میں آئل گرم کریں اور پیاز کا ایک ایک رنگ بیسن میں ڈپ کر کے فرائی کرلیں۔

    مزیدار کرسپی پیاز کے پکوڑے تیار ہیں، افطار میں کیچپ اور چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

  • موسمِ گرما: پیاز کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے؟

    موسمِ گرما: پیاز کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے؟

    قدرت نے ہمیں موسمی تغیّرات کا مقابلہ کرنے اور آب و ہوا کی تبدیلیوں کے ساتھ صحّت اور جسمانی توانائی برقرار رکھنے کے لیے قسم قسم کا اناج، سبزیاں اور پھل بھی دیے ہیں جن میں پیاز بھی شامل ہے۔

    موسمِ گرما میں ہمیں ایسی غذائیں اپنی خوراک میں ضرور شامل کرنا چاہییں‌ جو نہ ہماری مجموعی صحّت کے لیے مفید ہوں بلکہ گرمی کی شدّت اور جسم پر اس کے منفی اثرات سے ہمیں‌ بچاسکیں۔

    پیاز وہ سبزی ہے جو جسم کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ یہ سبزی ہر قسم کے پکوان کا لازمی جزو ہے اور اسے کچّا بھی کھایا جاتا ہے۔

    پیاز فولا، اینٹی آکسیڈینٹ، ضروری وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی اور بی کی بھی مخصوص مقدار شامل ہوتی ہے۔

    گرمیوں میں پیاز کا استعمال موسم کی سختی سے نمٹنے اور صحّت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق پیاز کی ایک خصوصیت جسم کو ٹھنڈک پہنچانا ہے۔ یہ جسم کے درجہ حرارت کو متوازن بنانے میں مدد دیتی ہے۔ پیاز کو سلاد کے طور پر کچّا کھایا جاسکتا ہے۔ پیاز ہمارے جسم کی وٹامن سی کی ضرورت بھی پوری کرتی ہے۔

    پیاز سے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس میں پوٹاشیم ہوتا ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    یہ سبزی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔ طبّی ماہرین کے مطابق پیاز کا گلیسیمک انڈیکس 10 سے کم ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اچّھا ہوتا ہے۔ اس میں بہت کم کاربس اور کثیر مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے۔

    پیاز میں فائبر اور پری بائیوٹک کی خاصی مقدار قدرتی طور پر شامل ہے جو آنت کی صحّت کے لیے فائدہ مند ہے۔ پیاز کھانے سے ہمارا نظامِ ہاضمہ بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔ اس سے کولیسٹرول کی سطح کنٹرول ہوتی ہے۔

    عام اور صحّت مند افراد تو پیاز کو موسم کی شدّت اور سختی کے دوران ضرورت کے مطابق اپنی غذا اور خوراک کا حصّہ بنا سکتے ہیں، لیکن ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہیے کہ اس حوالے سے ضرور اپنے معالج سے مشورہ کریں اور طبّی ماہر کی تجویز اور ہدایت ہی پر پیاز کو اپنی غذا میں شامل کریں۔

  • وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    وزارت تجارت پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے: سندھ حکومت

    کراچی: سندھ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی اور پیاز کی برآمد کے اقدامات کے لیے وفاق کو خط لکھ دیا، صوبائی وزیر زراعت کا کہنا ہے کہ ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر زراعت اسماعیل راہو نے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی پیداوار میں سندھ پہلے نمبر پر ہے، صوبے بھر میں پیاز اور ٹماٹر کی فصلوں کی کٹائی شروع ہوگئی۔

    وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ سندھ میں اس سال پیاز اور ٹماٹر کی بہت اچھی پیداوار متوقع ہے، ٹماٹر درآمد اور پیاز برآمد نہ ہونے سے قیمتوں میں کمی ہوئی۔ کسان اپنی پیداوار کی مناسب قیمت وصول نہیں کر رہے ہیں۔ کسان ٹماٹر درآمد پر پابندی کے لیے سندھ میں احتجاج بھی کر چکے ہیں۔

    انہوں نے لکھا کہ گزشتہ سال 20-2019 میں 57 ہزار 900 ہیکٹر رقبے پر پیاز کی کاشت ہوئی تھی اور 7 لاکھ 82 ہزار 140 میٹرک ٹن پیاز کی پیداوار ہوئی، رواں سال 21-2020 میں سندھ میں 58 ہزار 200 ہیکٹر پر پیاز کی فصل کاشت کی گئی۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال 20-2019 کے دوران 22 ہزار 542 ہیکٹر پر ٹماٹر کی کاشت کی گئی اور 1 لاکھ 64 ہزار 658 میٹرک ٹن ٹماٹر پیدا ہوا۔ رواں سال 2020-21 ٹماٹر کی فصل 30 ہزار ہیکٹر پر کاشت کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی ناقص پالیسی سے کسانوں کو فصل کی لاگت نہیں مل رہی، ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

    وزیر زراعت کا مزید کہنا تھا کہ وزارت تجارت اور فوڈ سیکیورٹی پیاز ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دے۔

  • کونسی سبزی بچوں کو کروناوائرس سے بچا سکتی ہے؟ ماؤں کا دیسی ٹوٹکا

    کونسی سبزی بچوں کو کروناوائرس سے بچا سکتی ہے؟ ماؤں کا دیسی ٹوٹکا

    لندن: برطانیہ میں کچھ مائیں اپنے بچوں کو کروناوائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے دیسی ٹوٹکے اپنارہی ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماؤں کا خیال ہے کہ پیاز بچوں کو کروناوائرس سے بچا سکتے ہیں۔ برطانیہ میں پیغام رسانی کی سب سے بڑی ایپلیکیشن واٹس ایپ کے ذریعے اس ٹوٹکے کو پھیلایا بھی جارہا ہے۔

    ماؤں نے اس ٹوٹکے کو اپناتے ہوئے کمرے کے چاروں کو کونے میں ایک ایک پیاز رکھے اور یقین کا اظہار کیا کہ اب یہ پیاز بچوں کو کروناوائرس سے محفوظ رکھیں گے۔ خیال رہے کہ مذکورہ ٹوٹکا مفروضوں اور پرانی کہاوتوں پر مشتمل ہے جبکہ سائنس بھی ٹوٹکوں کو من گھڑت اور گڑھی ہوئی باتیں قرار دیتی ہے۔

    واٹس ایپ کے ذریعے پھیلائے جانے والے اس ٹوٹکے میں ماؤں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس طرح پیاز کا استعمال کریں، پیاز میں بکٹیریا کو اپنے اندر سمونے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے، جو ممکنہ طور پر کروناوائرس سے بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔ سوشل میڈیا پر چند صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی ماں کو بھی ایسا کرتا دیکھا ہے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ان کی ماں کو یہ مشورہ واٹس ایپ کے ذریعے ملا جس کے بعد انہوں نے عمل کرنا شروع کردیا۔ بہت سے صارفین نے اس عمل پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے احمقانہ قرار دیا۔