Tag: پیاز کی قیمت

  • پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ، بازار میں نایاب ہوگئی

    پیاز کی قیمت میں مزید اضافہ، بازار میں نایاب ہوگئی

    وزارت تجارت کی جانب سے پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کے بجائے اس کی برآمدی قیمت میں اضافہ کرنے سے برآمد کنندگان کی چاندی ہوگئی۔

    قیمت مقرر کرنے سے خوردہ سطح پر پیاز کی قیمت میں مزید 40روپے کا اضافہ سامنے آیا ہے، مقامی مارکیٹ میں پیاز 240روپے کلو فروخت ہورہی ہے۔

    گزشتہ دنوں وزارت تجارت نے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات پر ایکسپورٹرز کے مالی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے پیاز کی ایکسپورٹ پرائس 750ڈالر سے بڑھا کر 1200ڈالر فی ٹن مقرر کی تھی جس کے بعد پیاز کی ذخیرہ اندوزی میں مزید شدت آگئی اور خوردہ مارکیٹ کے لیے پیاز کی سپلائی انتہائی محدود ہوگئی۔

    کھانے پکانے کیلئے ہر گھر میں لازم و ملزم پیاز بھی مارکیٹوں میں نایاب ہوتی جارہی ہے، سبزی منڈی ذرائع کے مطابق منڈی میں پیاز نایاب ہے اس کی ایکسپورٹ سے کاشتکاروں کو کوئی فائدہ نہیں ہے، اونے پونے داموں خریدی جانے والی پیاز کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت کی جانب سے مقامی مارکیٹ میں پیاز کی دستیابی کو ممکن بنانے اور اپنی عوام کو سستے داموں پیاز کی فراہمی کے لیے بھارت سے پیاز کی برآمد پر پابندی عائد کردی گئی جبکہ پاکستان میں معاشی بحران اور تاریخ کی بدترین مہنگائی کے باوجود ایکسپورٹرز کو پیاز کی ذخیرہ اندوزی اور ایکسپورٹ سے سرمایہ کمانے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں لاہور کے بازاروں میں پیاز کے سرکاری نرخوں پر انتظامیہ عمل درآمد کرانے میں ناکام نظر آرہی ہے، فی کلو پیاز کی سرکاری قیمت 175 روپے ہے جب کہ دکانوں میں 230 سے 250میں فروخت کی جارہی ہے۔

  • پیاز کی قیمت میں کمی کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    پیاز کی قیمت میں کمی کیلئے حکومت کا اہم اقدام

    اسلام آباد : ملک میں پیاز کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے وزارت تجارت نے پیاز کی کم از کم برآمدی قیمت مقرر کردی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت تجارت کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیاز کی کم از کم برآمدی قیمت 1200ڈالر فی میٹرک ٹن ہے۔

    نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیاز کی برآمدات کی اجازت صرف پیشگی ادائیگی کی شرائط کے تحت ہوگی۔

    پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے 11جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران پیاز کی مقامی اوسط قیمت 160تا 250 روپے فی کلو سے بڑھ کر 180تا260 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔

    قیمتوں میں یہ اضافہ 8 دسمبر 2023 کو بھارت کی جانب سے پیاز کی برآمدات پر پابندی کے بعد ہوا، جب 7 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے پاکستان میں پیاز کی قومی اوسط قیمت 130تا 220 روپے فی  کلوگرام رہی۔