Tag: پیاز کے فوائد

  • کولیسٹرول پر قابو پانے کیلئے پیاز کا جادوئی اثر

    کولیسٹرول پر قابو پانے کیلئے پیاز کا جادوئی اثر

    ہمارے ہر پکوان کی لازم و ملزوم چیز پیاز ہے جس کے بغیر سالن کی لذت بے ذائقہ رہتی ہے، پیاز ہمیں نہ صرف ذائقہ فراہم کرتی ہے بلکہ یہ طبی لحاظ سے بھی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

    ماہرین صحت کے مطابق پیاز کھانے سے صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں سر فہرست کولیسٹرول کی سطح کا متوازن ہونا ہے۔

    ماہرین غذائیت کے مطابق فاسفورس سے بھر پور پیاز کے 100 گرام میں 40 کیلوریز ، 89 فیصد پانی، 1.1 گرام پروٹین ، 9.3 گرام کاربز ، 4.2 گرام شوگر ، 1.7 گرام فائبر اور 0.1 گرام فیٹ پایا جاتا ہے۔

    منرلز اور وٹامنز کے اعتبار سے پیاز میں وٹامن سی ، اینٹی آکسیڈنٹ جز پائے جاتے ہیں جو کہ جلد اور بالوں کے لیے نہایت مفید ہیں۔

    فولیٹ یعنی وٹامن بی9 کی موجودگی سے میٹابالزم تیز اور نئے خلیوں کو بننے میں مدد ملتی ہے، وٹامن بی9 کے سبب پیاز حاملہ خواتین کے لیے نہایت موزوں غذا ہے۔

    وٹامن بی6 کی موجودگی خون میں لال خلیوں کی افزائش بہتر بناتی ہے اور ان کی کارکردگی مزید بڑھاتی ہے۔

    انسانی جسم کے لیے بنیادی منرل پوٹاشیم کے سبب بلڈ پریشر متوازن ہوتا ہے اور دل کی صحت بہتر بناتا ہے اور کولیسٹرول کی سطح متوازن رکھتا ہے۔

    کرمیم کہلانے والی ایک قدرتی دھات بھی پیاز میں موجود ہوتی ہے جس کی بدولت خون میں شکر کی مقدار قابو رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

    زخموں میں جلن کم کرنے اور ایڑیوں کی تکلیف سے چھٹکارا پانے میں بھی پیاز کی افادیت صدیوں سے تسلیم شدہ ہے۔

    اگر پیاز کو پکائے بغیر خام حالت میں کھایا جائے تو یہ جسم کو نقصان پہنچانے والے کولیسٹرول یعنی ’’ایل ڈی ایل‘‘ کو بننے سے روکتی ہے اور آپ کو بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں سے محفوظ کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔

  • موسمِ گرما: پیاز کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے؟

    موسمِ گرما: پیاز کیا فائدہ پہنچا سکتی ہے؟

    قدرت نے ہمیں موسمی تغیّرات کا مقابلہ کرنے اور آب و ہوا کی تبدیلیوں کے ساتھ صحّت اور جسمانی توانائی برقرار رکھنے کے لیے قسم قسم کا اناج، سبزیاں اور پھل بھی دیے ہیں جن میں پیاز بھی شامل ہے۔

    موسمِ گرما میں ہمیں ایسی غذائیں اپنی خوراک میں ضرور شامل کرنا چاہییں‌ جو نہ ہماری مجموعی صحّت کے لیے مفید ہوں بلکہ گرمی کی شدّت اور جسم پر اس کے منفی اثرات سے ہمیں‌ بچاسکیں۔

    پیاز وہ سبزی ہے جو جسم کو گرمی کے اثرات سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ یہ سبزی ہر قسم کے پکوان کا لازمی جزو ہے اور اسے کچّا بھی کھایا جاتا ہے۔

    پیاز فولا، اینٹی آکسیڈینٹ، ضروری وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی اور بی کی بھی مخصوص مقدار شامل ہوتی ہے۔

    گرمیوں میں پیاز کا استعمال موسم کی سختی سے نمٹنے اور صحّت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق پیاز کی ایک خصوصیت جسم کو ٹھنڈک پہنچانا ہے۔ یہ جسم کے درجہ حرارت کو متوازن بنانے میں مدد دیتی ہے۔ پیاز کو سلاد کے طور پر کچّا کھایا جاسکتا ہے۔ پیاز ہمارے جسم کی وٹامن سی کی ضرورت بھی پوری کرتی ہے۔

    پیاز سے ہائی بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس میں پوٹاشیم ہوتا ہے جو بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    یہ سبزی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔ طبّی ماہرین کے مطابق پیاز کا گلیسیمک انڈیکس 10 سے کم ہے جو ذیابیطس کے مریضوں کے لیے اچّھا ہوتا ہے۔ اس میں بہت کم کاربس اور کثیر مقدار میں فائبر موجود ہوتا ہے۔

    پیاز میں فائبر اور پری بائیوٹک کی خاصی مقدار قدرتی طور پر شامل ہے جو آنت کی صحّت کے لیے فائدہ مند ہے۔ پیاز کھانے سے ہمارا نظامِ ہاضمہ بھی بہتر طریقے سے کام کرتا ہے۔ اس سے کولیسٹرول کی سطح کنٹرول ہوتی ہے۔

    عام اور صحّت مند افراد تو پیاز کو موسم کی شدّت اور سختی کے دوران ضرورت کے مطابق اپنی غذا اور خوراک کا حصّہ بنا سکتے ہیں، لیکن ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو چاہیے کہ اس حوالے سے ضرور اپنے معالج سے مشورہ کریں اور طبّی ماہر کی تجویز اور ہدایت ہی پر پیاز کو اپنی غذا میں شامل کریں۔

  • پیاز، فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرسکتی ہے؟

    پیاز، فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرسکتی ہے؟

    پیاز ایک ایسی ترکاری ہے جو پکوان کی ضرورت اور ذائقے کے علاوہ مختلف امراض اور تکالیف سے نجات دلانے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔

    طبی محققین کے مطابق یہ خون کی شریانوں سے فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرنے میں مدد دیتی ہے اور اس طرح دل کے امراض سے بچانے میں معاون ہے۔ پیاز کی اہمیت اور افادیت کے پیشِ نظر جدید سائنس اور طبی ماہرین اسے خوراک میں شامل رکھنے پر زور دیتے ہیں۔

    یہ سبزی نظامِ ہضم کی رطوبتوں میں اضافہ کر کے بھوک بڑھانے میں مددگار ثٓابت ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہاضم ہونے کے ساتھ ساتھ دافعِ بلغم بھی ہے۔ نزلہ زکام، ہیضے جیسے امراض میں مفید ثابت ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق پیاز سے خون کی کمی دور کی جاسکتی ہے۔ اس سبزی کی مخصوص مقدار میں نشاستہ، کیلشیم، فاسفورس کے علاوہ وٹامن بی اور سی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

    زراعت کے ماہرین پیاز کی پیداوار کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ چین وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پیاز اگائی جاتی ہے جب کہ پاکستان اس کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر ہے، لیکن فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے دیکھیں تو یہ کافی ملکوں سے پیچھے ہے۔ پیاز کی زیادہ کاشت کے لیے ہمارے ملک میں ملتان، بہاولپور اور لیہ مشہورر ہیں۔ اس کی مختلف اقسام میں پھلکارہ، دیسی سرخ اور دیسی سفید، سوات، ریڈ بیوٹی اور روزیٹا شامل ہیں۔