Tag: پیاز

  • پیاز، فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرسکتی ہے؟

    پیاز، فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرسکتی ہے؟

    پیاز ایک ایسی ترکاری ہے جو پکوان کی ضرورت اور ذائقے کے علاوہ مختلف امراض اور تکالیف سے نجات دلانے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے۔

    طبی محققین کے مطابق یہ خون کی شریانوں سے فالتو کولیسٹرول کو تحلیل کرنے میں مدد دیتی ہے اور اس طرح دل کے امراض سے بچانے میں معاون ہے۔ پیاز کی اہمیت اور افادیت کے پیشِ نظر جدید سائنس اور طبی ماہرین اسے خوراک میں شامل رکھنے پر زور دیتے ہیں۔

    یہ سبزی نظامِ ہضم کی رطوبتوں میں اضافہ کر کے بھوک بڑھانے میں مددگار ثٓابت ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہاضم ہونے کے ساتھ ساتھ دافعِ بلغم بھی ہے۔ نزلہ زکام، ہیضے جیسے امراض میں مفید ثابت ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق پیاز سے خون کی کمی دور کی جاسکتی ہے۔ اس سبزی کی مخصوص مقدار میں نشاستہ، کیلشیم، فاسفورس کے علاوہ وٹامن بی اور سی کافی مقدار میں پائے جاتے ہیں۔

    زراعت کے ماہرین پیاز کی پیداوار کے حوالے سے بتاتے ہیں کہ چین وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پیاز اگائی جاتی ہے جب کہ پاکستان اس کی پیداوار کے لحاظ سے دنیا بھر میں پانچویں نمبر پر ہے، لیکن فی ایکڑ پیداوار کے لحاظ سے دیکھیں تو یہ کافی ملکوں سے پیچھے ہے۔ پیاز کی زیادہ کاشت کے لیے ہمارے ملک میں ملتان، بہاولپور اور لیہ مشہورر ہیں۔ اس کی مختلف اقسام میں پھلکارہ، دیسی سرخ اور دیسی سفید، سوات، ریڈ بیوٹی اور روزیٹا شامل ہیں۔

  • حکومت نے پیاز کے حوالے سے اہم پابندی لگا دی

    حکومت نے پیاز کے حوالے سے اہم پابندی لگا دی

    اسلام آباد: وزارت فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی عائد کر دی۔ پیاز کی برآمدات 31 مئی تک بند رہے گی۔
    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وفاقی وزارت فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے پابندی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

    نوٹفکیشن کے اجراء سے قبل بندرگاہ پر پہنچنے والی لاکھوں ڈالر کی پیاز کی ایکسپورٹ خطرے میں پڑ گئی ہے۔

    پاکستان فروٹ اینڈ ویجییٹبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزارت تجارت سے مطالبہ کیا ہے کہ پورٹ پر موجود پیاز کی ایکسپورٹ کی اجازت دی جائے۔

    ایسوسی ایشن کے مطابق پیاز کے 170 کنٹینرز بندرگاہ پر موجود ہیں یہ کنٹینرز پیر کو روانہ ہونے والے جہاز پر لادے جانے تھے اگر پورٹ پر موجود پیاز کے کنٹینرز ایکسپورٹ نہ ہوئے تو 20 لاکھ ڈالر کا نقصان ہوگا۔

  • سرخ پیاز بریسٹ کینسر سے بچاؤ میں معاون

    سرخ پیاز بریسٹ کینسر سے بچاؤ میں معاون

    کیا آپ تیزی سے پھیلتے ہوئے مرض بریسٹ کینسر سے بچنا چاہتی ہیں؟ تو پھر پیاز کو اپنے کھانے کا لازمی جز بنا لیں۔ حال ہی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سرخ پیاز بریسٹ کینسر کے خلاف ڈھال ثابت ہوسکتی ہے۔

    کینیڈا کی یونیورسٹی آف گویلف میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق سرخ پیاز کینسر کے خلاف بھرپور مزاحمت کرسکتی ہے اور کینسر کے خلیات کو پیدا ہونے سے روکتی ہے۔

    تحقیق کے لیے ماہرین نے سرخ اور دیگر رنگوں کی پیاز کو کینسر کے خلیات کے سامنے رکھا، انہوں نے دیکھا کہ دیگر رنگوں کی پیاز کے مقابلے میں سرخ پیاز نے کینسر خلیات پر بھرپور وار کیا۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ سرخ پیاز میں موجود ایک جز کوئسٹن کینسر اور امراض قلب سمیت بے شمار بیماریوں سے بچاتا ہے جبکہ یہ قوت مدافعت میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: 50 سال سے کم عمر خواتین میں بریسٹ کینسر کا خطرہ دگنا

    پیاز اور دیگر سبزیوں میں موجود ایک پگمنٹ اینتھو سائنن جو ان سبزیوں کو رنگ دیتا ہے، کوئسٹن کی اثر انگیزی بڑھاتا ہے۔ یعنی جتنا زیادہ پیاز کا رنگ گہرا ہوگا، اس کا مطلب ہوگا کہ اس میں اینتھو سائنن کی اتنی ہی زیادہ مقدار موجود ہے اور یہ پیاز کینسر کے خلاف اتنی ہی زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔

    تحقیق کے مطابق سرخ پیاز کینسر کے خلیوں کے درمیان آپس کے رابطے کو منقطع کرتی ہے جبکہ ان کے لیے ایسا ماحول بناتی ہے جس میں وہ مزید افزائش نہیں پاسکتے۔ سرخ پیاز صرف چھاتی کے ہی نہیں بلکہ بڑی آنت کے کینسر سمیت دیگر اقسام کے کینسرز کے خلاف بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ پیاز کے علاوہ دیگر رنگوں کی پیاز میں بھی اینٹی آکسیڈنٹس کی بھاری مقدار اور کوئسٹن موجود ہوتے ہیں جو کینسر سمیت متعدد بیماریوں سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔

  • روزے میں پیازکاٹتے ہوئے رونے سے کیسے بچا جائے

    روزے میں پیازکاٹتے ہوئے رونے سے کیسے بچا جائے

    پیاز ویسے تو ہمارے معاشرے میں روز مرہ کی خوراک کا حصہ ہے لیکن رمضان میں اس کا استعمال بڑھ جاتا ہے، لیکن یہی پیاز کاٹنے والے کو آنسوؤں سے رونے پرمجبورکردیتی ہے۔

    افطارکی تیاری کے دوران گھر میں تقریباً ہر روز پیاز کٹنے کے باعث کام میں مصروف تمام افراد رونے پر مجبور ہوتے ہوں گے۔ پیاز چاہے آپ کاٹ رہے ہوں یا کوئی اور، وہاں موجود ہر شخص کو رونا پڑتا ہے۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک ایسا خفیہ طریقہ بھی ہے جس پر عمل کرنے کے بعد آپ پیاز کٹنے کے دوران ہرگز نہیں روئیں گے۔

    دراصل پیاز میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ویسے تو بے ضرر ہوتے ہیں لیکن جب پیاز کو ٹکڑوں کی شکل میں کاٹا جائے تو یہ اپنی جگہ تبدیل کرلیتے ہیں جس کے باعث ایک تیز قسم کی گیس خارج ہوتی ہے۔

    یہ گیس آپ کی آنکھوں میں جلن پیدا کرتی ہے جس کے بعد آپ کے دماغ کو سگنل ملتے ہیں کہ فوری طور ان اجزا کو آنکھوں سے دھو دیا جائے یوں آپ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگتے ہیں۔

    پیاز کٹنے کے دوران رونے سے بچنے کی ایک ترکیب یہ ہے کہ پیاز کو فریج میں رکھ دیا جائے۔

    جب یہ مرکبات ٹھنڈے ہوں گے تو جلن پیدا کرنے والی گیس خارج نہیں کریں گے۔ یوں آپ کی آنکھیں بھی جلنے سے بچیں گی اور آپ کو رونا بھی نہیں پڑے گا۔

  • ان اشیا کو کچرے میں پھینکنے سے گریز کریں

    ان اشیا کو کچرے میں پھینکنے سے گریز کریں

    پھل اور سبزیاں کھاتے ہوئے ہم ان کے کنارے اور چھلکے پھینک دیتے ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں ان چھلکوں میں بھی بے شمار فوائد چھپے ہوتے ہیں۔

    پھینکی جانے والی یہ اشیا لاتعداد وٹامنز اور غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں لہٰذا انہیں پھینکنا کوئی دانشمندانہ بات نہیں، آئیں دیکھتے کہ کن چیزوں کو پھینکنے سے گریز کرنا چاہیئے۔

    پھول گوبھی کے کنارے

    پھول گوبھی یوں تو صحت کے لیے نہایت فائدہ مند شے ہے تاہم اس کے پھینک دیے جانے والے کنارے بھی نہایت فائدہ مند ہوتے ہیں۔ ماہرین کےمطابق یہ کنارے جسم میں ٹیومر کا خطرہ کم کرتے ہیں جبکہ ڈی این اے کی توڑ پھوڑ میں بھی کمی کرتے ہیں۔

    پیاز کے چھلکے

    پیاز کاٹتے ہوئے اس کے چھلکے پھینکے جانا معمول کی بات ہے۔ پیاز کے سرخ چھلکے کینسر سے بچاؤ فراہم کرسکتے ہیں اور دل کو صحت مند رکھتے ہیں۔

    کھیرے کا چھلکا

    کھیرے کے چھلکے میں وٹامن کے موجود ہوتا ہے جو خون میں لوتھڑے بننے سے حفاظت کرتا ہے اور ہڈیوں کو صحت مند رکھتا ہے۔

    نارنگی کے چھلکے

    نارنگی وٹامن سی سے بھرپور پھل ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں نارنگی کے چھلکے میں پھل سے 3 گنا زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے۔ یہ چھلکے ریشہ اور منرلز سے بھرپور ہوتے ہیں۔

    تربوز کے بیج

    تربوز کھاتے ہوئے عموماً اس کے بیجوں اور سفید حصے کو ضائع کردیا جاتا ہے، ان دونوں چیزوں میں امائنو ایسڈ موجود ہوتا ہے جو خون کی روانی کو بہتر بناتا ہے اور دل کو صحت مند رکھتا ہے۔ علاوہ ازیں تربوز کے بیجوں کو بھون کر سلاد میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    سیب کا چھلکا

    سیب کا چھلکا بھی اپنے اندر گودے سے زیادہ غذائیت رکھتا ہے۔ یہ جسم سے فاسد مواد خارج ہونے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ فائبر اور وٹامن سی سے بھی بھرپور ہوتا ہے۔

    کیلے کا چھلکا

    کیلے کی اصل غذائیت اس کے چھلکے میں چھپی ہے۔ کیلے کے چھلکے کا سفید حصہ سیروٹونین کا منبع ہوتا ہے جو ڈپریشن کو کم کرنے اور موڈ کو خوشگوار بنانے میں مدد دیتا ہے۔

  • ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ان غذاؤں کو فریج میں رکھنے سے گریز کریں

    ریفریجریٹر جدید دور کی نہایت کارآمد اور فائدہ مند ایجاد ہے جس نے خوراک کو محفوظ کر کے اسے ضائع ہونے سے بچا لیا۔ فریج میں رکھی جانے والی اشیا عموماً تازہ رہتی ہیں مگر کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کو فریج میں رکھنا ان کو غذائیت سے محروم کرنے کا سبب بنتا ہے۔

    یہاں آپ کو ان غذائی اشیا کے بارے میں بتایا جارہا ہے جو فریج سے باہر رہ کر زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔

    کافی

    coffee

    کافی کو اگر فریج میں رکھا جائے تو یہ خشک ہوجاتی ہے۔ علاوہ ازیں اس کی خوشبو سے فریج کی فضا میں موجود تمام جراثیم اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔

    شہد

    شہد کو فریج میں رکھنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ فریج کی ٹھنڈک شہد کے مالیکیولز کو سخت کردیتی ہے جس کے باعث اسے نکال کر استعمال کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

    ڈبل روٹی

    bread

    ڈبل روٹی معمول کے درجہ حرات پر تازہ اور نرم رہتی ہے۔ فریج میں یہ سخت ہوجاتی ہے۔

    آلو

    potatoes

    آلو کی ساخت اور ذائقہ فریج میں رکھنے پر تبدیل ہوجاتا ہے۔ آلو کو ہمیشہ فریج سے باہر مگر ٹھنڈی جگہ پر رکھنا چاہیئے۔

    پیاز

    onions

    بغیر چھلی ہوئی پیاز کو فریج میں رکھنا اسے خراب کرنے کا باعث بنتا ہے۔ پیاز کو فریج کے علاوہ کسی اور ٹھنڈی جگہ پر اور دیگر سبزیوں سے علیحدہ رکھنا چاہیئے۔

    ٹماٹر

    tomatoes

    ٹماٹر کو عموماً فریج میں رکھا جاتا ہے۔ اسے فریج میں رکھنے سے یہ خراب ہونے سے تو بچ جاتے ہیں، مگر ٹھنڈک ان کے ذائقہ پیدا کرنے والے اجزا کو متاثر کرتی ہے جس کے باعث ٹماٹر اپنی لذت کھو دیتے ہیں۔

  • پیاز کاٹنے کے دوران رونے سے کیسے بچا جائے؟

    پیاز کاٹنے کے دوران رونے سے کیسے بچا جائے؟

    آپ اپنے گھر میں تقریباً ہر روز پیاز کٹنے کے باعث رونے پر مجبور ہوتے ہوں گے۔ پیاز چاہے آپ کاٹ رہے ہوں یا کوئی اور، وہاں موجود ہر شخص کو رونا پڑتا ہے۔

    لیکن ایک طریقہ ایسا بھی ہے جس پر عمل کرنے کے بعد آپ پیاز کٹنے کے دوران ہرگز نہیں روئیں گے۔

    دراصل پیاز میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ویسے تو بے ضرر ہوتے ہیں لیکن جب پیاز کو ٹکڑوں کی شکل میں کاٹا جائے تو یہ اپنی جگہ تبدیل کرلیتے ہیں جس کے باعث ایک تیز قسم کی گیس خارج ہوتی ہے۔

    یہ گیس آپ کی آنکھوں میں جلن پیدا کرتی ہے جس کے بعد آپ کے دماغ کو سگنل ملتے ہیں کہ فوری طور ان اجزا کو آنکھوں سے دھو دیا جائے یوں آپ کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگتے ہیں۔

    پیاز کٹنے کے دوران رونے سے بچنے کی ایک ترکیب یہ ہے کہ پیاز کو فریج میں رکھ دیا جائے۔

    جب یہ مرکبات ٹھنڈے ہوں گے تو جلن پیدا کرنے والی گیس خارج نہیں کریں گے۔ یوں آپ کی آنکھیں بھی جلنے سے بچیں گی اور آپ کو رونا بھی نہیں پڑے گا۔

  • ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    ترکی میں پیاز کا بحران، پیاز دہشت گرد تنظیم قرار

    انقرہ : ترکی میں پیاز کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کے باعث ترک صدر اردوان نے پیاز کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی میں کچھ ماہ قبل ایک تنازعے پر امریکی پابندیوں کے باعث ترک کرنسی کی قدر میں کمی سمیت کئی بحرانوں نے سر اٹھایا تھا لیکن حالیہ دنوں ترکی میں پیاز کے بحران عوام سمیت سیاست دانوں کے لیے مشکل کا باعث بنا ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی میں پیاز میں بحران کیا پیدا ہوا سیاست دان پریشان ہوگئے، یہاں تک کہ پیاز کے بحران کی صدائیں ایوان صدر سے بھی بلند ہونے لگیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے پیاز کے بحران کی وجہ ذخیرہ اندوزی کو قرار دیتے ہوئے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے گوداموں پر چھاپے مارنے کا حکم دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ذخیرہ اندوزوں نے اتنی پیاز ذخیرہ کرلی ہے کہ پیاز کے قیمتوں کو پر لگ گئے اب ترک پولیس صدارتی احکامات پر پیاز کی تلاش میں جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پیاز کے خلاف کارروائی کا آغاز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر طنز کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    ترکی کی گڈ پارٹی مرال آکسنر صدر پر طنز کرتے ہوئے کہا کہاردوان نے پیاز کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے جس کے باعث ترک عوام تعجب کا شکار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک صارف نے طنزیہ ٹویٹ کیا کہ ’میرے گھر میں تو پیاز کی ایک پوری بوری موجود ہے ایسا نہ ہو مجھے بھی گرفتار کرکے لیں جائیں۔

    ایک اور صارف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر طنز کیا کہ خلائی گاڑی ان سائیٹ مریخ پر لینڈ کررہی تھی اور یہاں پیاز کو دہشت گرد قرار دے کر گوداموں پر چھاپے مارے جارہے تھے۔

  • پیاز کا عرق ذیابیطس کے مریضوں کیلئے انتہائی موثر

    پیاز کا عرق ذیابیطس کے مریضوں کیلئے انتہائی موثر

    کراچی: (ویب ڈیسک) پیاز کا عرق ذیابیطس کے مریضوں کیلئے انتہائی موثر ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیاز کا عرق خون میں ذیابیطس اور کولیسٹرول کی زائد مقدار کو کم کرنے میں معاون ہے۔

    پیاز کھانوں کا ذائقہ ہی نہیں بڑھاتی بلکہ یہ صحت کی محافظ بھی ہے، ماہرین کے مطابق پیاز کی تاثیر بعض تکلیف دہ امراض میں نہایت سود مند ثابت ہوتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق پیاز کی تہوں میں ذیابیطس ختم کرنے والی دوامیٹ فارمین پائی جاتی ہے جو کہ ذیابیطس کے مریضوں میں کولیسٹرول اورگلو کوزکی زیادہ مقدارکو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔