Tag: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل

  • خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5ا کتوبرتک کی توسیع

    خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5ا کتوبرتک کی توسیع

    لاہور: پیراگون اسکینڈل کیس میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبر تک توسیع کردی گئی، عدالتی دائرہ اختیار کے خلاف درخواست کی سماعت کے لئے وکلاء کومزید بحث کےلئے طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نےکیس کی سماعت کی، جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پرخواجہ برادران کو عدالت پیش کیا گیا۔

    عدالت نے دائرہ اختیار کے خلاف خواجہ برادران کی درخواست پر وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کرلیا،گزشتہ سماعت پر خواجہ برادران کو پیش نہ کرنے پرعدالت نے جیل حکام پراظہار برہمی کیا۔

    عدالت نے کہا کہ جس کی جو مرضی آئے وہ آکر لکھ کر دے دیتا ہے،اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ عدالت کا راستہ روکا جا سکتا ہے تو ایسا نہیں ہو گا، ملزموں کو عدالت پیش نہ کرنا عدالتی کاموں میں مداخلت کے مترادف ہے،اس معاملے کی مکمل تفتیش ہو گی۔

    ان ریمارکس کے بعد عدالت نے دائرہ اختیار کے خلاف خواجہ برادران کی درخواست پر وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5اکتوبر تک توسیع کردی۔

    خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے 11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل‘ خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر

    پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل‘ خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر

    لاہور: پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتارمسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف نیب نے لاہور کی احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کردیا، نیب ریفرنس کے مطابق خواجہ برادرز پیراگون کے 93.06فیصد شئیر کے مالک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادرز کے خلاف 17 جلدوں پر مشتمل ریفرنس دائرکیا۔ ریفرنس میں خواجہ سعد رفیق،خواجہ سلمان رفیق ،ندیم ضیا ،عمر ضیا، اور فرخان علی کو نامزد کیا گیا ہے۔

    نیب ریفرنس میں الزام عائد کی گیا ہے کہ پیراگون سوسائٹی میں سادہ لوح شہریوں سے 59کروڑ کا فراڈ کیا گیا، سوسائٹی میں پچاس کنال سے زائد سرکاری اراضی کو شامل کیاگیا،ریفرنس کے مطابق پیراگون سوسائٹی میں 93.6 فیصد شیئرز ہولڈر کے مالک خواجہ سعد،سلمان رفیق اور ندیم ضیا ہیں۔

    ریفرینس کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے پیراگون سٹی سے 5 کروڑ 80 لاکھ کے مالی فوائد حاصل کیے، خواجہ سلمان رفیق نے 3 کروڑ 90 لاکھ روپے کے مالی فوائد بھی حاصل کیے، نیب ریفرینس میں واضع کیا گیا ہےکہ خواجہ برادرن کیخلاف 122 افراد نے بیانات قلمبند کروائے ہیں۔

    لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادرز کو 13 جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوارکھاہے، دوسری جانب خواجہ برادرز نے اپنی ضمانت کے لئے بھی لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

    واضح رہے 11 دسمبرکو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    اس سے قبل آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔