Tag: پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل

  • خواجہ برادران پر آئندہ سماعت پر فردِ جرم عائد کرنے کا امکان

    خواجہ برادران پر آئندہ سماعت پر فردِ جرم عائد کرنے کا امکان

    لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو ریفرنس کی نقول فراہم کردیں، عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پرخواجہ برادران پرفرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کی عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر خواجہ برادران کوریفرنس کی نقول فراہم کرنے کے ساتھ ہی تفتیشی افسر نے عدالت کومفرور ملزم ندیم ضیاء، عمر ضیاء اور فرحان علی کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

    تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ کہ ملزموں کے گھروں کے باہر عدالتی نوٹس چسپاں کردئیے گئے ہیں اور گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں، جس پر عدالت نے مزید سماعت آٹھ اگست تک ملتوی کردی ہے ۔

    سماعت کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی جارحیت کے خطرات سے نمٹنے کی بجائےحکومت صرف اپوزیشن کے خلاف ملک میں حالت جنگ میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ برطانوی امداد شہباز شریف کے دور میں نہیں آئی ، لہذا یہ بات مضحکہ خیز ہے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی کامیاب ہڑتال نے ثابت کردیا ہے کہ عوام موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے تنگ ہیں، میثاق جمہوریت اور میثاق معیشت پر بات کر لی جائے۔

    ان کا کہناتھا کہ شیخ رشید کی موجودگی میں ریلوے کا کوئی مستقبل نہیں ہے،حادثات ہونے کی بنیادی وجہ زیادہ ٹرینیں ٹریک پر لانا ہے۔

    خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور کنٹینر لگا کر سڑکیں
    بلاک کر دی گئیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

  • خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع

    خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع

    لاہور: احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برداران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیے گئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کواحتساب عدالت میں پیش کیا گیا، معزز جج سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔

    فاضل جج نے سماعت کے دوران تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتایا جائے ریفرنس کا کیا بنا؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 90 روزپورے ہونے تک پیراگون کا ریفرنس پیش کردیا جائے گا۔

    احتساب عدلت نے خواجہ برادران کے خلاف حتمی رپورٹ داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ جلد کام کیا کرو۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار خواجہ برداران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے خواجہ برادران کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔

    عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے خواجہ برادران کو14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

    عدالت کا خواجہ برادران کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کا حکم

    واضح رہے 11 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

    خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔

    اس سے قبل آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    نیب کے مطابق وفاقی وزیر ہوتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا تھا اور شواہد کو ٹمپر کرنے کی کوشش بھی کی، دونوں بھائیوں نے اپنے ساتھیوں سے مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور رقم بٹوری۔

    نیب کا کہنا ہے کہ خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سے فوائد حاصل کرتے رہے، خواجہ برادران کے نام پیراگون میں 40 کنال اراضی موجود ہے۔