Tag: پیرس اولمپکس 2024

  • پیرس اولمپکس 2024 : تمام تر مشکلات کے باوجود کھیلوں کامیاب انعقاد

    پیرس اولمپکس 2024 : تمام تر مشکلات کے باوجود کھیلوں کامیاب انعقاد

    فرانس میں ہونے والے پیرس اولمپکس 2024 نے ملک کے تمام تر سیاسی اور دیگر مشکلات کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔

    چند ہفتے قبل فرانس میں جاری سیاسی بحران کے پیش نظر پیرس میں کامیاب گیمز کی توقعات کم دکھائی دیتی تھیں، سیکورٹی حکام حملے کا خدشہ ظاہر کررہے تھے جبکہ بہت سے فرانسیسی بھی غیرمطمئن تھے۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بیجنگ اور ٹوکیو میں تقریباً تماشائیوں کے بغیر منعقد کیے جانے والے گیمز کے بعد بین الاقوامی اولمپک کمیٹی جو کہ پہلے ہی اسپانسرز اور براڈ کاسٹرز کے دباؤ کا شکار تھی وہ ایک اور ناکامی کی متحمل نہیں ہو سکتی تھی۔

    لیکن اس میگا ایونٹ کے اختتامی ایام میں صورتحال تیزی سے بہتری کی جانب دکھائی دی، اولمپکس کا شاندار انعقاد کرکے پیرس نے اپنے اولمپک برانڈ کو پھر سے زندہ کر دیا ہے۔

    آئی او سی مارکیٹنگ کے سابقہ چیف مائیکل پین کا کہنا ہے کہ فرانس نے لوگوں کو حیران کر دیا، خاص طور پر جب کہ حالیہ ایونٹس جیسے کہ 2022آئیفا چیمپئنز لیگ کا فائنل مسائل سے متاثر ہوا تھا۔،

    فرانسیسی منتظمین نے کفایت شعاری سے کام لیتے ہوئے پیرس کو ایک اوپن ایئر اولمپک کھیل کا میدان بنا دیا جہاں ہر کسی کو مدعو کیا گیا ہے چاہے اس کے پاس ٹکٹ ہو یا نہ ہو، صبح کے آغاز کے ساتھ ہی تماشائی تیراکوں کو پانی میں غوطہ لگاتے دیکھنے کے لیے دریائے سین کے کنارے جمع ہوجاتے ہیں جو صرف 1.5 بلین یورو ($1.64 بلین) کی لاگت سے تیراکی کے قابل بنایا گیا تھا۔

    دن کے اختتام پر سورج کے غروب ہوتے ہی ہزاروں سیاح ٹویلریز گارڈن میں آجاتے اور آسمان کی جانب اٹھتی اور چمکتی ہوئی اولمپک مشعل کے سامنے سیلفیاں بنواتے ہیں۔

    فرانس میں پیرس اولمپکس کے موقع پر روس یوکرین تنازعہ اور غزہ جنگ اثرات زیادہ مرتب نہیں ہوئے تاہم امریکی انتخابات اور برطانیہ میں فسادات کا میڈیا کی سرخیوں پر کافی چرچا رہا۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے مقابلے امریکا کی حکمرانی کے ساتھ ختم ہو گئے۔17روز تک جاری رہنے والے زبردست مقابلوں کا اختتام اتوار کو ایک سنسنی خیز فائنل کے ساتھ ہوا جس میں امریکا کی خواتین باسکٹ بال ٹیم نے فرانس کو 67-66 سے شکست دے کر گیمز کا آخری گولڈ میڈل جیتا۔

     

  • قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا

    قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا

    پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو میں تاریخ رقم کرنے والے قومی ایتھلیٹ اشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا۔

    پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو مقابلے میں کامیاب ایتھلیٹس کو میڈلز پہنانے کی تقریب ایفل ٹاور کے قریب چیمپئنز پارک میں منعقد ہوئی۔

    پاکستان کے ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولن تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کر کے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

    ارشد ندیم کے کارنامے کی بدولت پیرس میں پاکستانی پرچم بلند ہوگیا، قومی ترانہ بھی بجایا گیا، تقریب میں قومی ترانے کے موقع پر ارشد ندیم کی آنکھیں نم ہوگئیں۔

     

    گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز کو برانز میڈل دیا گیا،  بھارت کے نیرج چوپڑا کو سلور میڈل دیا گیا۔

    واضح رہے کہ ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 1984 میں اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا جو کہ ہاکی ٹیم نے دلوایا تھا جبکہ پاکستان نے 32 سال بعد اولمپک میں میڈل جیتا تھا۔

  • پیرس اولمپکس 2024، گولڈ میڈلسٹ پارک میں سونے پر مجبور، تصاویر وائرل

    پیرس اولمپکس 2024، گولڈ میڈلسٹ پارک میں سونے پر مجبور، تصاویر وائرل

    سوئمنگ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ‘دی شارک‘ کی عرفیت سے مشہور تھامس سیکن کے پارک میں سونے کی تصاویر وائرل ہوگئی۔

    پیرس اولمپکس میں منتظمین کی بدنظمی کا ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جب تیراکی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے تھامس سیکن پیرس میں پارک میں سونے پر مجبور ہوگئے، ٹیم اٹلی کے تھامس سیکن ’دی شارک‘ کی عرفیت سے بھی جانے جاتے ہیں وہ اس اولمپکس میں ایک اسٹار بن کر ابھرے ہیں۔

    اولمپک ولیج کے پارک میں تھامس سیکن کو پرسکون نیند کی تلاش میں خواب خرگوش کے مزے لیتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

    سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طلائی تمغہ جیتنے والے تیراک بینچ کے ساتھ گھاس پر تولیے پر سوئے ہوئے ہیں، ان کے ایک ساتھی اولمپک ایتھلیٹ نے یہ شیئر کی تھی۔

    سعودی ٹیم کے رکن حسین علیرضا نے ہفتے کو اپنے انسٹاگرام پیج پر یہ تصویر شیئر کی اور اولمپک ولیج کے سینٹ ڈینس لوکیشن کو ٹیگ کیا، جس میں اطالوی تیراک بے خبر سورہے ہیں۔

    حسین علیرضا نے اس تصویر کے کیشپن میں لکھا کہ ’آج آرام کرو، کل فتح کرو‘، مردوں کے 100 میٹر بیک اسٹروک میں تھامس کے سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد انکی یہ تصویر سامنے آئی ہے۔

    خیال رہے کہ تھامس اور اٹلی کے مردوں کی ٹیم x1004 میٹر میڈلے ہیٹس سے باہر ہوچکی ہے، تاہم یہ پتا نہیں چل سکا کہ یہ تصویر اس سے پہلے یا بعد میں لی گئی ہے۔

  • پیرس اولمپکس میں سرب ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے تاریخ رقم کردی

    پیرس اولمپکس میں سرب ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے تاریخ رقم کردی

    پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے سپراسٹار نوواک جوکووچ نے ٹینس میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    سرب ٹینس اسٹار نے اولمپکس کے فائنل میں اسپین کے کارلوس الکاراز کو شکست سے دوچار کیا، نوواک جوکووچ نے حتمی مقابلے میں اسٹریٹ سیٹس میں میدان مارا، جوکووچ اولمپکس میں پہلی بارسونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    37 سالہ سرب پلیئر نے اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد مینز ٹینس کے عظیم پلیئر کے طور پر اپنا نام درج کروا لیا ہے۔

    ٹینس کے اس سنسنی خیز مقابلے میں، نمبر ون جوکووچ نے نمبر 2 کارلوس الکاراز کو 2 گھنٹے 50 منٹ میں 7-6(3) اور 7-6(2) سے شکست دی۔، یہ 2024 میں جوکووچ کا پہلا ٹائٹل بھی ہے۔

    نوواک جوکووچ نے جیتنے کے بعد خوشی سے مغلوب ہوئے کہا کہ میں ابھی کافی جذباتی ہورہا ہوں، میرے محسوسات اس وقت کافی مختلف ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ میں شاید لاکھوں مختلف جذبات سے گزر رہا ہوں جو یقیناً مثبت ہیں، مجھے بہت فخر ہے، میں بہت خوش ہوں اپنے کیریئر میں پہلی بار طلائی تمغہ جیتنے پر بہت پرجوش ہوں۔

  • پیرس اولمپکس، میڈل جیتنے کی پاکستانی امیدیں دم توڑنے لگیں

    پیرس اولمپکس، میڈل جیتنے کی پاکستانی امیدیں دم توڑنے لگیں

    پاکستان کا 7 میں سے چھٹا ایتھلیٹ بھی پیرس اولمپکس سے باہر ہوگیا، 25 میٹر پسٹل شوٹرغلام مصطفیٰ بشیر کوالیفکیشن راؤنڈ میں ناکام ہوئے۔

    پیرس اولمپکس 2024 میں میڈل جیتنے کی پاکستانی امیدیں دم توڑتی نظر آرہی ہیں، شوٹنگ مقابلوں میں قومی شوٹر غلام مصطفیٰ بشیر کوالیفائنگ راؤنڈ میں 15 ویں نمبر پر رہے، غلام مصطفیٰ نے مجموعی طور پر581 پوائنٹس اسکور کیے۔

    ٹاپ 6 شوٹرز نے پیسرس اولمپکس کے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا، پاکستان کی واحد امید ارشد ندیم منگل کو میدان میں اتریں گے۔

    اس سے قبل پیرس اولمپکس میں پاکستان کے 7 میں سے 5 ایتھلیٹ کا سفر تمام ہوا تھا، ایونٹ میں اب تک پاکستانی ایتھلیٹ نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    شوٹرز اور سوئمرز کے ساتھ پاکستانی اسپرنٹر بھی پیرس اولمپکس 2024 کے پہلے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئے ہیں۔

    فائقہ ریاض سو میٹر دوڑ کی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں، کشمالہ طلعت پچیس میٹر ریپڈ پسٹل میں بھی ناکام ہوگئیں، سوئمر احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل ہیٹس میں آخری نمبر پر رہے، جہاں آرا نبی کا بھی سفر شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا تھا۔

    خیال رہے کہ اب صرف ارشد ندیم ہی پاکستان کے لیے کوئی اولمپک میڈل جیتنے کی سب سے بڑی امید یں، جیولین تھروور ارشد ندیم 6 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

  • پیرس اولمپکس میں پاکستان کے 5 ایتھلیٹس کا سفر تمام، آخری امید کون ہیں؟

    پیرس اولمپکس میں پاکستان کے 5 ایتھلیٹس کا سفر تمام، آخری امید کون ہیں؟

    پیرس اولمپکس میں پاکستان کے 7 میں سے 5 ایتھلیٹ کا سفر تمام ہوگیا اب صرف دو ایتھلیٹ پاکستان کے لیے امید کی کرن ہیں۔

    پیرس اولمپکس پاکستان ایتھلیٹ نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا، شوٹرز اور سوئمرز کے ساتھ پاکستانی اسپرنٹر بھی پیرس اولمپکس کے پہلے راؤنڈ سے باہر ہوگئے۔

    فائقہ ریاض سو میٹر دوڑ کی ہیٹ میں چھٹے نمبر پر رہیں، کشمالہ طلعت پچیس میٹر ریپڈ پسٹل میں بھی ناکام ہوگئیں۔

    سوئمر احمد درانی نے دو سو میٹر فری اسٹائل ہیٹس میں آخری نمبر پر رہے، جہاں آرا نبی کا بھی سفر شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا تھا۔

    اب صرف ارشد ندیم اور شوٹر غلام بشیر میڈل کی سب سے بڑی امید ہے، ارشد ندیم 6 اگست کو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے میڈل ٹیبل پر چین اور امریکا کا راج ہے، چین 12 گولڈ اور 7 سلور اور 7 برانز میڈل کے ساتھ سرفہرست ہے۔

    امریکا 9 طلائی اور 39 مجموعی میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، پیرس اولمپکس کے مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔

  • پیرس اولمپکس: ایتھلیٹ اپنی شادی کی انگوٹھی کھو جانے پر خوش، وجہ حیران کن

    پیرس اولمپکس: ایتھلیٹ اپنی شادی کی انگوٹھی کھو جانے پر خوش، وجہ حیران کن

    پیرس میں اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران اٹلی کے ہائی جمپر تامبیری کی شادی کی انگوٹھی کھو گئی جس نے ایتھیلیٹ کی خوشی بڑھا دی۔

    دنیائے کھیل کے سب سے بڑے مقابلے فرانس کے دارلحکومت پیرس میں جاری ہیں۔ پیرس اولمپکس کا آغاز ایک رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوا تاہم یہ تقریب اٹلی کے ہائی جمپر تامبیری کے لیے یہ دن ایک اور حوالے سے یادگار رہے گا کیونکہ اس تقریب کے دوران ان کی شادی کی انگوٹھی کھو گئی۔

    برطانوی جریدے دی گارجین کے مطابق پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران اٹلی کے ہائی جمپرتامبیری نے اپنے ملک کا جھنڈا تھام کر پورے دستے کی قیادت کی۔ اس دوران ان کی شادی کی انگوٹھی دریائے سین میں جا گری جس پر ایتھیلیٹ کو اپنی بیوی سے معافی مانگنا پڑی۔

    رپورٹ کے مطابق اطالوی ہائی جمپر گیانمار تمبیری جو ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ بھی ہیں نے انکشاف کیا کہ دریائے سین پر پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران ان کی شادی کی انگھوٹھی دریائے سین میں گر کر گم ہوگئی۔

    22 سالہ تمبیری نے افتتاحی تقریب کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ سے معافی مانگی اور اس واقعے کو منفرد انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جھنڈا اٹھانے کے دوران محسوس کیا کہ میری انگوٹھی انگلی سے پھسل رہی ہے، پھر میں نے اسے اڑتے دیکھا اور اپنی نگاہوں سے اس کا پیچھا کیا تو پہلے انگوٹھی کو کشتی کے اندر اچھلتے ہوئے دیکھا لیکن اس سے قبل کہ وہ اسے دوبارہ حاصل کر پاتے انگوٹھی اچھل کر دریا کے گہرے پانی میں جا گری۔

    اس موقع پر ایتھلیٹ نے بہترین حس مزاح کا مظاہرہ کیا اور انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں اہلیہ چیارا بونٹیمپی ٹمبری سے معافی مانگنے کے ساتھ تجویز دی کہ ’’اب تمہیں بھی اپنی شادی کی انگوٹھی کو پیرس کے دریا میں پھینک دینا چاہیے کیونکہ اس سے ہمیں دوبارہ شادی کرنے کا ایک اور بہانہ مل گیا۔‘‘

    ایتھلیٹ کے اس مزاحیہ معذرت خواہانہ بیان پر ان کی اہلیہ بھی خاموش نہ رہیں اور جواب دیا کہ ’’صرف تم ہی ایسے سنجیدہ موقع کو بھی رومانوی شکل دے سکتے ہو۔‘‘

  • ملالہ یوسف زئی پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پیرس پہنچ گئیں

    ملالہ یوسف زئی پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے پیرس پہنچ گئیں

    پاکستانی ایتھلیٹس کا حوصلہ بڑھانے کے لیے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پیرس پہنچ گئیں۔

    نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پاکستانی ایتھلیٹس سے ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے، تصویر میں ملالہ کے شوہر عصر ملک بھی موجود ہیں۔

    ملالہ یوسفزئی نے پاکستانی ایتھلیٹس کی حوصلہ افزائی کی، ملالہ سے ملنے والوں میں فائقہ ریاض، جہاں آرا نبی اور احمد درانی شامل ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Malala Yousafzai (@malala)

     

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراکوں کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا ہے اور قومی ریکارڈ کے حامل سوئمر احمد درانی کے ساتھ ساتھ جہاں آرا نبی بھی مایوس کن پرفارمنس کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔

    جہاں آرا نبی نے پیرس اولمپکس میں خواتین کے 200 میٹر فری اسٹائل مقابلوں میں حصہ لیا، وہ اپنی ہیٹ میں سات تیراکوں میں تیسرے نمبر پر رہیں تاہم وہ اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کر سکیں پاکستان کی خاتون تیراک 200 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں دو منٹ دس سیکنڈ میں بمشکل فاصلہ طے کر سکیں اور 30 ایتھلیٹس کی فہرست میں 26ویں نمبر پر رہیں۔

    پاکستانی تیراکوں باالخصوص جہاں آرا نبی کی کارکردگی بین الاقوامی سطح پر پاکستانی کھلاڑیوں کی مستقبل کے مقابلوں میں مسلسل بہتری اور کامیابی کی امیدوں کے ساتھ بڑھتی ہوئی موجودگی اور پرعزم کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

  • پیرس اولمپکس: پاکستانی شوٹرز فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

    پیرس اولمپکس: پاکستانی شوٹرز فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

    پیرس اولمپکس 2024 میں حسب روایت پاکستانی شوٹرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت انفرادی ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئے۔

    دس میٹر ایئر پسٹل کے پہلے راؤنڈ میں گلفام کی 33 میں سے 22ویں پوزیشن رہی جبکہ کشمالہ طلعت کا 44 میں سے 31واں نمبر رہا۔

    فائنل راؤنڈ میں جانے کے لیے دونوں شوٹرز کو ٹاپ 8 میں جگہ بنانی تھی۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے ابتدائی دو گولڈ میڈل چین کے نام رہے ہیں، چینی ایتھلیٹس نے ڈائیونگ اور دس میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں سونے کے تمغے جیت لیے۔

    جنوبی کوریا اور امریکا ایک، ایک سلور میڈل کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    دوسری جانب پیرس اولمپکس میں آج ہونے والے اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس میں آج مینز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ کا ایونٹ ہونا تھا تاہم رات بھر جاری بارش کی وجہ سے ٹریکس مقابلے کیلئے خشک نہ ہوسکے۔

    مینز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے اب پیر کو منعقد ہوں گے جبکہ اتوار کو خواتین کا ایونٹ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔