Tag: پیرس اولمپکس

  • پیرس اولمپکس 2024 میں تین نئے اولمپک ریکارڈ بن گئے

    پیرس اولمپکس 2024 میں تین نئے اولمپک ریکارڈ بن گئے

    پیرس میں جاری اولمپکس 2024 میں میڈلز کی دوڑ میں جاپان بدستور سر فہرست ہے جب کہ چوتھے روز تین نئے اولمپک ریکارڈ بن گئے۔

    دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس گیمز 2024 جاری ہیں۔ چوتھے روز جہاں اولمپک میں تین نئے ریکارڈ بنے وہیں میڈلز کی دوڑ میں جاپان نے بھی اپنی سبقت برقرار رکھی۔

    ایونٹ کے چوتھے روز کے اختتام پر جاپان میڈلز ٹیبل پر سونے کے 7 اور مجموعی طور پر 13 میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔ چین کے مجموعی تمغوں کی تعداد جاپان سے زیادہ 14 ہے مگر ان میں گولڈ میڈل 6 ہونے کے باعث دوسری پوزیشن حاصل کر رکھی ہے۔

    آسٹریلیا 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے، میزبان فرانس چوتھے اور جنوبی کوریا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    شوٹنگ کے مینز ٹریپ ایونٹ میں برطانیہ کے نیتھن ہیلز نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت لیا، اُنہوں نے 48 پوائنٹس اسکور کیے جبکہ سابقہ ریکارڈ چیک ری پبلک کے شوٹر کے پاس تھا جنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں 43 پوائنٹس بنائے تھے۔ اس مقابلے میں چین نے چاندی اور گوئٹے مالا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

    سوئمنگ کے ویمن 100 میٹر بیک اسٹروک میں آسٹریلوی پیراک کیلی میکیون نے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔ اُنہوں نے ٹوکیو اولمپک میں اپنا ہی بنایا ہوا ریکارڈ توڑا، اسی ایونٹ میں چاندی اور کانسی کے تمغے امریکی پیراکوں نے جیتے۔

    آئرلینڈ نے سوئمنگ کے مینز آٹھ سو میٹر فری اسٹائل میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، ڈینیئل ویفن نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، وہ پہلے آئرش پیراک بھی ہیں جنہوں نے اولمپک میں سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ اسی ایونٹ میں امریکا نے چاندی اور اٹلی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

    امریکا گیمز میں دو دن کے مقابلوں کے بعد پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا، سونے کا یہ تمغہ امریکا نے وویمن آرٹسٹک جمناسٹک میں حاصل کیا، اس ایونٹ میں اٹلی نے سلور اور برازیل نے برانز میڈل جیتا۔

    ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں چین نے شمالی کوریا کو چار دو کے اسکور سے ہرایا، جنوبی کوریا نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، جوڈو میں مینز کی 81 کلو گرام کیٹیگری میں جاپان کے ناگاسی تاکا نوری نے سونے کا تمغہ جیتا،جارجیا نے چاندی اور تاجکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

    ویمن رگبی سیونز میں نیوزی لینڈ نے سونے کا تمغہ جیتا۔ اٹلی نے فینسنگ کے ویمن ایپی ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ جوڈو کی وویمن 63 کلو گرام کیٹیگری میں سلوینیا کی آندریا لسکی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

  • پیرس اولمپکس : بلی سائز کے چوہوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا

    پیرس اولمپکس : بلی سائز کے چوہوں نے خوف و ہراس پھیلا دیا

    پیرس : سال 2024کے پیرس اولمپکس کے کھلاڑیوں اور شرکاء پر چوہوں کے حملوں کے مناظر گزشتہ چند دنوں سے معمول بن گئے ہیں جس کے باعث دنیا بھر سے آنے والے مہمان خوف میں مبتلا ہوگئے۔

    اس حوالے اے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پیرس کے چوہے بہت بڑے تھے اور ان کا سائز بلیوں جتنا تھا، فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ہفتے کے آخر میں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث چوہے اپنی چھپنے کی جگہوں سے نکل کر گلیوں میں پھیل گئے اور ریسٹورنٹس اور شراب خانوں میں ان کا دکھائی دینا معمول بن گیا۔

    اولمپک ایونٹ کے موقع پر پیرس کے چوہے دیکھ کر بہت سے لوگوں میں دہشت پھیل گئی ہے۔ مشہور برطانوی اخبار ””ڈیلی اسٹار““ کے صحافی پر ایک چوہے نے اس وقت حملہ کر دیا جب وہ پیرس کے نواحی علاقے میں ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھا رہے تھے۔

    صحافی نے بتایا کہ پیرس کے چوہے نے ہم پر اس وقت حملہ کر دیا جب ہم لنچ کر رہے تھے۔ جس سے پیرس آنے والوں میں خوف پھیل گیا۔ تاہم اس دوران پیرس کے باشندے اس معاملے سے معمول کے مطابق نمٹتے رہے۔

    پیرس اولمپکس دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین میں سے ایک نے بتایا کہ ایک چوہے نے ان پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ایک بار میں تھے، ماہرین نے نشاندہی کی ہے کہ چوہوں کے فضلات کے نتیجے میں طبی خطرات ایک بیماری کا باعث بنتے ہیں جس کے نتیجے میں جگر اور گردے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں تقریباً 40 لاکھ چوہے بستے ہیں جو اس کی کل آبادی سے دوگنا ہے۔

  • پیرس اولمپکس 2024 کی مشعل ’’جعلی‘‘ ہونے کا انکشاف

    پیرس اولمپکس 2024 کی مشعل ’’جعلی‘‘ ہونے کا انکشاف

    پیرس اولمپکس 2024 کے دلچسپ مقابلے جعلی ہیں تاہم اولپمکس کی افتتاحی تقریب میں جلائی جانے والی مشعل کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس گیمز کی تاریخ صدیوں پرانی ہے اور اس کا آغاز ہمیشہ سے روایتی مشعل جلا کر کیا جاتا رہا ہے تاہم رواں پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں جلائی جانے والے مشعل کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انکشاف خود اولمپکس گیمز کے منتظمین نے کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس مشعل میں روایتی طور پر آگ جلانے کے بجائے 40 ایل ای ڈی لائٹس اور واٹر مسٹ کا استعمال کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اولمپکس منتظمین نے اس کی وجہ گیمز کو ’ایکو فرینڈلی‘ بنانا قرار دیا ہے اور پیرس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ٹونی ایسٹانگوئٹ نے کہا ہے کہ روایتی بڑی مشعل میں ایندھن کا استعمال کیا جاتا ہے جب کہ ایل ای ڈی لائٹس والی اس مشعل کو چھوا بھی جاسکتا ہے۔

    پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں کروڑوں شائقین نے جو مشعل جلتی دیکھی تو اس میں حقیقی آگ کا شعلہ نہیں بلکہ ایل ای ڈی لائٹس اور واٹر مسٹ کی مدد سے جعلی شعلہ بنایا گیا تھا۔

    پیرس اولمپکس میں غلطیوں پر غلطیاں

    اولمپک شعلہ ‘جعلی’ ہے: پیرس 2024 کی افتتاحی تقریب میں فلوٹنگ کلڈرن فائر جس نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، 100 فیصد برقی ہے، جس میں ایل ای ڈی لائٹس اور واٹر مسٹ کا استعمال کیا گیا ہے – اور چھونے کے لیے بھی محفوظ ہے۔

    اولمپک شعلہ جس نے پیرس 2024 کی افتتاحی تقریب میں تیرتے ہوئے دیگچی میں دنیا کو جھنجوڑ کر رکھ دیا تھا وہ حقیقی نہیں بلکہ حقیقت میں 100 فیصد برقی ہے، منتظمین نے انکشاف کیا ہے۔

    پیرس اولمپکس: ایتھلیٹ اپنی شادی کی انگوٹھی کھو جانے پر خوش، وجہ حیران کن

    ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم بہت پرجوش تھے کہ ایک ہی وقت میں ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ کچھ شاندار مظاہرہ کرنا چاہتے تھے۔

    واضح رہے کہ فرانسیسی اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والے میری جوزے پیریک اور ٹیڈی رائنر نے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں مشعل کو اولمپک کیلڈرن میں منتقل کرنے کا روایتی کردار ادا کیا۔

  • پیرس اولمپکس میں تمغوں کی جنگ، چین کی لمبی چھلانگ

    پیرس اولمپکس میں تمغوں کی جنگ، چین کی لمبی چھلانگ

    پیرس اولمپکس 2024 میں تمغوں کی جنگ جاری ہے اور چوتھے روز چین نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے چھٹی سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔

    دنیا میں کھیلوں کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس 2024 کے مقابلے فرانس کے شہر پیرس میں جاری ہیں تمغوں کی جنگ میں جاپان 6 طلائی تمغوں کے ساتھ بدستور سر فہرست ہے جب کہ چین نے لمبی چھلانگ لگاتے ہوئے پانچ طلائی تمغوں کے ساتھ چھٹی سے دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

    پیرس اولمپکس کے چوتھے روز جاپان 6 طلائی، 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغوں کے ساتھ میڈلز فہرست میں بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے جب کہ چین نے 5 گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

    آسٹریلیا جس نے اولمپکس کے تیسرے دن چار گولڈ میڈل کے ساتھ دوسری پوزیشن پر اختتام کیا تھا اب پانچویں پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ اس فہرست میں کوریا کی تیسری اور میزبان فرانس کی چوتھی پوزیشن ہے۔

    برطانیہ نے بھی گولڈ میڈلز کا کھاتہ کھول لیا، جرمن رائیڈر مائیکل نے کیریئر کا تیسرا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر ایکسوٹرئین میں نیا ریکارڈ بنا دیا۔

    اس اولمپکس میں اب تک 22 سے زائد ممالک اپنے میڈلز کا کھاتہ کھول چکے ہیں تاہم پاکستانی ایتھلیٹس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ شوٹنگ اور تیراکی کے مقابلوں میں ناکامی کے بعد اب امید کی کرن جیولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم ہیں جو 6 اگست کو نیزہ بازی کے میدان میں اتریں گے۔

  • پیرس اولمپکس میں غلطیوں پر غلطیاں

    پیرس اولمپکس میں غلطیوں پر غلطیاں

    پیرس اولمپکس میں غلطیوں پر غلطیاں سامنے آ رہی ہیں جس کے باعث منتظمین کی کارکردگی پر سوالیہ نشانات لگنا شروع ہوگئے ہیں۔

    دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ایونٹ اولمپکس پیرس میں پوری شان وشوکت سے جاری ہیں تاہم جہاں دنیا بھر کے ہزاروں ایتھیلٹ ان مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے آئے ہیں وہیں منتظمین کی جانب سے غلطیوں پر غلطیاں سامنے آ رہی ہیں۔

    پیرس اولمپکس 2024 میں گزشتہ روز ایک اور سنگین غلطی باسکٹ بال میچ سے قبل ہوئی جب کھیل میں شریک ٹیم جنوبی سوڈان کے بجائے سوڈان کا قوامی ترانہ بجا دیا گیا۔

    اس موقع پر جنوبی سوڈان جو پہلی بار کسی ٹیم ایونٹ میں شریک ہوا ہے، اس کے کھلاڑیوں کی حیرت دیدنی تھی اور وہ ایک دوسرے کو حیرت سے دیکھتے رہے۔

    2011 میں آزادی حاصل کرنے والے ملک جنوبی سوڈان نے پیورٹو ریکو کو 79-90 سے ہرا کر اولمپکس میں اپنا پہلا تمغہ جیتا۔

    جنوبی سوڈان نے اولمپکس کی تاریخ میں اپنا پہلا میچ جیت لیا

    اس سے قبل اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب میں گارڈز نے گیمز کا مشہور پانچ رنگوں کے دائروں والا پرچم الٹا اٹھا لیا تھا۔

    فرانس کے ریپبلیکن گارڈ کے افسران نے پانچ رنگوں کے دائروں والا اولمپکس کا جھنڈا الٹا بلند کیا۔ جھنڈا بلند کیے جانے کے دوران ریڈیو فرانس شوئر کے 60 موسیقار اولمپک ترانہ بجا رہے تھے، تاہم کسی بھی آفیشل نے یہ بات نوٹ نہیں کی کہ اولمپک کا جھنڈا الٹا بلند کیا جا رہا ہے۔

    پیرس اولمپکس:افتتاحی تقریب میں الٹا جھنڈا لہرا دیا گیا

    واضح رہے کہ درست ترتیب میں جھنڈے کے بالائی حصے میں نیلے، سیاہ اور سرخ رنگ کے تین دائرے ہوتے ہیں جبکہ نیچے سبز اور پیلے دائرے ہوتے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/paris-olympics-athlete-happy-to-lose-wedding-ring/

  • پیرس اولمپکس: میڈلز کی دوڑ میں جاپان سب سے آگے

    پیرس اولمپکس: میڈلز کی دوڑ میں جاپان سب سے آگے

    فرانس کے دارالحکومت میں جاری پیرس اولمپکس 2024 کے ابتدائی چار روز کے دوران میڈلز کی دوڑ میں جاپان سب سے آگے ہے۔

    پیرس اولمپکس 2024 میں میڈلز کی جنگ جاری ہے اور میڈل ٹیبل پر اب تک 22 ملکوں کا کھاتہ کھل چکا ہے۔ جاپان چار گولڈ میڈلز، دو سلور اور ایک کانسی کے تمغے کےس اتھ اس فہرست میں سب سے اوپر ہے جب کہ آسٹریلیا نے چار گولڈ اور دو سلور میڈیل جیت کر دوسری پوزیشن سنبھالی ہوئی ہے۔

    اب تک اولمپکس میں امریکا کے حاصل کردہ مجموعی میڈلز کی تعداد سب سے زیادہ 12 ہے لیکن تین گولڈ میڈل ہونے کے باعث وہ تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔ امریکی کھلاڑیوں نے 6 سلور اور تین کانسی کے تمغے بھی حاصل کر رکھے ہیں۔

    اس فہرست میں میزبان ملک فرانس کے ایتھلیٹس 3 گولڈ، 3 سلور اور 2 برانز میڈلز کے ساتھ چوتھے جبکہ کوریا 3 گولڈ، 2 سلور اور ایک برانز میڈل کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    چین نے 3 گولڈ میڈل کے علاوہ ایک سلور اور 2 برانز میڈلز جیتے ہیں۔ اٹلی نے ایک گولڈ، 2 سلور اور 3 برانز، قازقستان نے ایک گولڈ 2 برانز، جبکہ بیلجیم نے ایک گولڈ اور ایک برانز میڈل جیت کر بالترتیب چھٹی سے نویں پوزیشن پر ہیں۔

    جرمنی، ہانگ کانگ اور ازبکستان نے ایک، ایک گولڈ میڈل جیتا، برطانیہ نے 2 سلور، 2 برانز، برازیل نے ایک سلور، 2 برانز جبکہ کینیڈا نے ایک سلور اور ایک برانز میڈل جیتا ہے۔
    اس کے علاوہ فجی، کوسوو، منگولیہ، پولینڈ اور تیونس نے ایک ایک سلور میڈل۔

    سوئیڈین نے 2 برانز میڈلز جبکہ مصر، اسپین، ہنگری، انڈیا میکسیکو، مولدووا اور جنوبی افریقا نے ایک ایک کانسی کا تمغہ جیتا ہوا ہے۔

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی رہی۔ شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بنا سکے جب کہ تیراکی کے مقابلوں میں سوئمر احمد درانی اور خاتون سوئمر جہاں آرا نبی کا سفر بھی کوئی میڈل جیتے بغیر تمام ہوا۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

  • پیرس اولمپکس: قومی شوٹرز کے بعد سوئمرز بھی باہر

    پیرس اولمپکس: قومی شوٹرز کے بعد سوئمرز بھی باہر

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، سوئمر احمد درانی 200 میٹر فری اسٹائل ہیٹس میں آخری نمبر پر رہے، اور سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔

    سوئمر جہاں آرا نبی کا بھی سفر تمام ہو گیا ہے، وہ فری اسٹائل سوئمنگ میں 30 میں سے 26 ویں پوزیشن پر رہیں۔

    اس سے قبل پاکستانی شوٹرز کی مایوس کن پرفارمنس دیکھنے کو ملی، گلفام جوزف 10 میٹر ایئر پسٹل ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی نہ کر سکے تھے، گلفام کی پہلے راؤنڈ میں 22 ویں پوزیشن رہی، جب کہ کشمالہ طلعت بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہیں، اور وہ 31 ویں پوزیشن پر رہیں۔

    دوسری طرف پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے کی جنگ میں آسٹریلیا ریس میں سب سےآگے ہے، پہلے روز آسٹریلوی ایتھلیٹ سب پر بازی لے گئے، 3 سونے اور 2 چاندی کے تمغے حاصل کر کے مجموعی طور پر 5 میڈلز کے ساتھ ٹاپ کی پوزیشن پر براجمان ہے، کینگروز نے ایک طلائی تمغہ سائیکلنگ اور دو سوئمنگ مقابلوں میں اپنے نام کیے۔

    3 گولڈ میڈل جیتنے والا چین دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، ڈائیونگ اور شوٹنگ میں اس نے سونے اور سوئمنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ کوریا بھی 5 میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے، اس نے 2 گولڈ، 2 سلور اور 1 برونز تمغہ جیتا۔

    سپر پاور امریکا مجموعی 5 میڈلز لے کر ایک گولڈ، 2 سلور اور 2 برونز کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر براجمان ہے، جب کہ میزبان فرانس نے پانچویں پوزیشن کے ساتھ 4 میڈلز جیت لیے ہیں، ایک گولڈ، 2 سلور اور ایک برونز۔ فرانس نے رگبی میں پہلا سونے کا تمغہ اپنے نام کیا ہے۔

    بیلجیئم، جاپان اور قازقستان نے ایک ایک گولڈ اور ایک ایک برونز میڈل جیت لیے ہیں، جرمنی اور ہانگ کانگ نے ایک ایک سونے کا تمغہ جیتا۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے تمام مقابلے اے اسپورٹس اور اے آر وائی زیپ پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

    ادھر اسرائیلی دہشت گردی کے شکار فلسطینیوں کی آواز بھی پیرس اولمپکس میں گونجنے لگی ہے، اسرائیل اور پیراگوئے کے فٹ بال میچ میں فلسطین کا جھنڈا لہرایا گیا، تماشائیوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف بینر بھی اٹھا رکھے تھے، میچ کے بعد اسرائیلی اور فلسطینی حامی اسٹیڈیم کے باہر آمنے سامنے بھی آئے۔

  • پیرس اولمپکس: پاکستانی شوٹرز فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

    پیرس اولمپکس: پاکستانی شوٹرز فائنل کیلیے کوالیفائی کرنے میں ناکام

    پیرس اولمپکس 2024 میں حسب روایت پاکستانی شوٹرز نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

    پیرس اولمپکس میں پاکستانی شوٹرز گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت انفرادی ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئے۔

    دس میٹر ایئر پسٹل کے پہلے راؤنڈ میں گلفام کی 33 میں سے 22ویں پوزیشن رہی جبکہ کشمالہ طلعت کا 44 میں سے 31واں نمبر رہا۔

    فائنل راؤنڈ میں جانے کے لیے دونوں شوٹرز کو ٹاپ 8 میں جگہ بنانی تھی۔

    واضح رہے کہ پیرس اولمپکس کے ابتدائی دو گولڈ میڈل چین کے نام رہے ہیں، چینی ایتھلیٹس نے ڈائیونگ اور دس میٹر ایئر پسٹل ایونٹ میں سونے کے تمغے جیت لیے۔

    جنوبی کوریا اور امریکا ایک، ایک سلور میڈل کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

    دوسری جانب پیرس اولمپکس میں آج ہونے والے اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس میں آج مینز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ کا ایونٹ ہونا تھا تاہم رات بھر جاری بارش کی وجہ سے ٹریکس مقابلے کیلئے خشک نہ ہوسکے۔

    مینز اسٹریٹ اسکیٹ بورڈنگ کے مقابلے اب پیر کو منعقد ہوں گے جبکہ اتوار کو خواتین کا ایونٹ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

  • فرانس میں ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع نے ہلچل مچا دی

    فرانس میں ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع نے ہلچل مچا دی

    پیرس: فرانس میں ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع نے ہلچل مچا دی۔

    تفصیلات کے مطابق اولمپکس شروع ہونے سے پہلے فرانس میں خطرے کے بادل چھا گئے ہیں، ریلوے ٹریک پر حملے کے بعد ایئرپورٹ پر بم کی اطلاع نے ہلچل مچا دی۔

    سینٹ لوئس میں فرینکو سوئس ایئرپورٹ کو بم کی اطلاع کے بعد خالی کر کے عارضی طور پر بند کر دیا گیا، فرانسیسی پولیس کا کہنا ہے کہ پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔

    واضح رہے کہ پیرس 2024 اولمپک گیمز پر خطرہ منڈلا رہا ہے، جمعرات کی رات کئی ریلوے عمارات کو آتش زنی کے مربوط حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے کئی ٹرین سروسز منسوخ ہوئیں، یا انھیں دوسری طرف موڑا گیا، یا ٹرینوں کی روانگی اور آمد میں تاخیر ہوئی۔

    مقامی حکام نے کہا کہ حملوں کا مقصد نقصان پہنچانا تھا، جن کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم حکام نے کسی مشتبہ شخص کا نام نہیں لیا، جب کہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی وجوہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ کو دو گھنٹے بعد دوبارہ کھول دیا گیا اور کہا کہ فلائٹ آپریشن بتدریج دوبارہ شروع کی جار ہی ہے۔

  • پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے

    پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے قبل ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے

    پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ہنگامہ آرائی اور ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے کئے گئے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شر پسندوں کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر توڑ پھوڑ اور آگ لگائی گئی ہے جس سے ریلوے کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ٹرین نیٹ ورک پر حملے بد نیتی پر مبنی کارروائیاں ہیں، جن کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    فرانسیسی ریل کمپنی کے حکام کے مطابق نیٹ ورک مفلوج کرنے کے لیے بڑے پیمانے کا حملہ کیا گیا ہے۔حملوں کا مقصد ریلوے کے نظام کو مفلوج کرنا تھا۔

    حکام نے بتایا کہ شرپسندوں کے حملوں کے سبب ٹرینوں کی بڑی تعداد کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ کئی ٹرینوں کو متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق انجینئرز کی ٹیمیں متاثرہ جگہوں پر روانہ کردی گئی ہیں جو معاملات کو بہتری کی جانب لانے کے لئے کاموں میں مصروف ہیں۔

    برطانوی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ریلوے کمپنی یورو اسٹار کی جانب سے مسافروں کو سفر کرنے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

    یمن میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ، 45 افراد ڈوب گئے

    سوئس ریل آپریٹر کے بیان کے مطابق سوئٹزرلینڈ سے فرانس جانے والی ٹرینیں متاثر نہیں ہوئی ہیں اور معمول کے مطابق اپنے امور انجام دے رہی ہیں۔