Tag: پیرس ماحولیاتی معاہدہ

  • امریکا دنیا کے لیے اہم معاہدے سے باضابطہ طور پر نکل گیا

    امریکا دنیا کے لیے اہم معاہدے سے باضابطہ طور پر نکل گیا

    واشنگٹن: امریکا باضابطہ طور پر عالمی ماحولیاتی معاہدے سے علیحدہ ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا تین سالہ تاخیر کے بعد آخر کار موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پیرس معاہدے سے نکلنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ معاہدہ ختم کیا تھا۔

    صدر ٹرمپ نے دراصل جون 2017 میں اس معاہدے سے دست برداری کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ برس اقوام متحدہ کو اس سے باضابطہ طور پر مطلع کیا گیا، تاہم یو این ضابطے کے مطابق مطلع کیے جانے کے بعد ایک سال تک انتظار کرنا پڑتا ہے، یہ انتظار آج بدھ کے روز ختم ہو گیا۔

    معاہدے سے دست برداری کا فیصلہ ایک ایسے دن نافذ العمل ہوا ہے جب کہ محض ایک دن قبل ہی امریکی انتخابات منعقد ہوئے، اور آج دونوں امیدواروں میں سے کسی ایک کی جیت کا اعلان ہوگا۔

    سابق اسٹیٹ سیکریٹری جان کیری اپنی پوتی کو گود میں لیے اقوام متحدہ میں پیرس ایگریمنٹ پر دستخط کر رہے ہیں

    مستقبل میں امریکا اس معاہدے میں دوبارہ شامل ہو سکتا ہے، اس کے لیے آنے والے صدر کو اس کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    پیرس معاہدے پر تقریباً 200 ممالک نے دستخط کیے تھے، ان میں سے امریکا پہلا ملک بنا ہے جس نے گرین ہاؤس گیس اخراج کو کم کرنے کے وعدوں سے منہ پھیرا۔

    اٹھارویں صدی کے وسط سے جب سے صنعتی دور شروع ہوا ہے، تب سے امریکا وہ ملک ہے جس نے کسی بھی دوسرے ملک کی نسبت فضا میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کیا۔

  • پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے کوشاں ہے: وزیر اعظم

    پاکستان گرین ہاؤس گیسز میں کمی کے لیے کوشاں ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسز میں کمی پر کام کر رہا ہے۔ ہمارا مقصد عوام کو ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے سے بچانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سائنس پالیسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک بڑاخطرہ ہے اور اسی کی طرف فوری توجہ دینا ہوگی۔ اسموگ کے روزمرہ زندگی پر بدترین اثرات آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عمل پیرا ہے اور 20 فیصد ماحول کے لیے تباہ کن یعنی گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی پر عمل کر رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ساہیوال کول پاور پلانٹ کا حکومتی اشتہار تنقید کی زد میں

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے تمام ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان اپنی 50 فیصد توانائی کی ضروریات گیس سے پوری کر رہا ہے جبکہ فرنس آئل سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کو گیس پر منتقل کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کےمطابق قابل تجدید توانائی کے شعبے پر توجہ دے رہے ہیں۔ آئندہ سال ملک میں فرنس آئل کی درآمد ختم ہو جائے گی۔ ’پاکستان میں گرین ہاؤس گیسز کا اخراج ایک فیصد سے بھی کم ہے‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملک بھر میں 10 کروڑ مقامی پودے لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ ملک میں موسمیاتی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج ے اثرات پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ منصوبے کے آغاز کے دن کو نیشنل گرین ڈے کا نام دیا گیا تھا۔

    مذکورہ منصوبے کے لیے ساڑھے 3 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی تھی جس میں سے 50 کروڑ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خرچ کیے جانے تھے جبکہ بقیہ رقم صوبوں کو دی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں ۔