Tag: پیرو

  • پیرو میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم

    پیرو میں شدید زلزلہ، متعدد عمارتیں منہدم

    جنوبی امریکی ملک پیرو میں گزشتہ روز 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے سبب متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیرو کے وسطی ساحل پر زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس نے لیما اوربندرگاہ شہر کیلاؤ کو ہلا کر رکھ دیا اور چٹانوں سے گرد اور ریت کے غبار اُٹھنے لگا۔

    رپورٹس کے مطابق زلزلے کے باعث ابھی تک ایک شخص کے مرنے اور 5 کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    یونائٹڈ اسٹیٹس جیولاجیکل سروے کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح کے وقت بحرالکاہل میں آیا۔ اس کا مرکز راجدھانی لیما کے مغرب میں کیلؤ سے 23 کلومیٹر جنوب-مغرب میں تھا۔

    پولیس کرنل رامیرو کلوکو نے آر پی پی ریڈیو کو بتایا کہ شمالی لیما میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ مہلوک اپنی گاڑی کے باہر ایک مسافر کا انتظار کر رہا تھا۔ اسی دوران زیر تعمیر عمارت کی چوتھی منزل کی دیوار ٹوٹ کر اس کے سر پر گر گئی۔

    دوسری جانب ایران کے ایک ایٹمی پلانٹ پر اسرائیلی حملے کے بعد فردو کے علاقے میں 2.5 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی شہر قم کے قریب فردو ایٹمی پلانٹ پر اسرائیل نے فضائی حملہ کیا ہے، ایرانی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ آج پیر کی صبح حملے کے بعد فردو کے علاقے میں 2.5 شدت کا زلزلہ آیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ فردو جوہری تنصیب سے 35 کلومیٹر دور واقع شہر قم میں آیا ہے۔ فردو ایٹمی پلانٹ کو ایران کی سب سے زیادہ مضبوط زیر زمین جوہری تنصیب سمجھا جاتا ہے، جہاں اسرائیلی حملے کے بعد زبردست دھماکا سنا گیا۔

    سی این این کے مطابق اسرائیل نے جوہری ریسرچ سے وابستہ اعلیٰ سائنس دانوں کے علاوہ 3 اہم ایرانی جوہری تنصیبات نتنز، اصفہان اور فردو کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد نقصانات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں، سیٹلائٹ کی تصاویر اور ماہرین کے تجزیے سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ حملوں کا کم از کم دو مقامات پر خاصا اثر پڑا ہے۔

    کراچی میں ایک بار پھر زلزلہ ، شہریوں کو خوف و ہراس

    ایران انٹرنیشنل نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیل نے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے، اور اتوار کے روز تہران کے تقریباً ہر محلے کو نشانہ بنایا گیا، جس سے شہری دارالحکومت سے نکل گئے ہیں، اسرائیلی جنگی طیاروں نے مغربی اور شمالی ایران میں میزائل ڈپو اور فوجی انفراسٹرکچر کو بھی نشانہ بنایا۔

  • پیرو میں لینڈ سلائیڈنگ، چٹان گاڑی پر آگری، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    پیرو میں لینڈ سلائیڈنگ، چٹان گاڑی پر آگری، ویڈیو نے دل دہلا دیے

    پیرو میں خوفناک لینڈ سلائیڈنگ کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    پیرو میں خوفناک لینڈسلائیڈنگ کے باعث بڑی چٹان گاڑی پر آگری جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہولناک منظر پچھلی گاڑی کے دیش بورڈ کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہائی وے پر پہاڑ سے اچانک پتھروں کی برسات ہوئی اور ایک بڑے پتھر نے ہائی لکس کو کچل ڈالا۔

    لینڈ سلائیڈ ہوتی کیا ہے؟

    لینڈ سلائیڈ ایک ڈھلوانی علاقے میں مٹی، پتھر یا ملبے کی نیچے کی طرف حرکت ہے۔ یہ عمل اچانک یا بتدریج ہو سکتا ہے۔

    برٹش جیولوجیکل سروے کی ویب سائٹ کے مطابق، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب کسی ڈھلوان پر کشش ثقل سمیت نیچے کی جانب کھینچنے والی قوت وہاں موجود مٹی یا پتھروں کی وہاں جمے رہنے کی قوت سے زیادہ ہو جائے۔

    لینڈ سلائیڈنگ کی وجوہات کیا ہوتی ہیں؟

    زمین سرکنے کے زیادہ تر واقعات میں ایک سے زیادہ محرکات ہوتے ہیں۔

    امریکی ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق، ’ ڈھلوانی علاقوں میں بارش، برف پگھلنے، پانی کی سطح میں تبدیلی، دریا کے کٹاؤ، زیرِ زمین پانی کی سطح میں تبدیلی، زلزلے، آتش فشانی سرگرمیوں اور انسانی سرگرمیوں سے خلل جیسی وجوہات یا ان میں سے کئی عوامل کے مجموعے سے زمین کھسکنے کی شروعات ہو سکتی ہے۔‘

    لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات صرف زمین پر ہی نہیں بلکہ زیر آب بھی پیش آتے ہیں جنھیں سب میرین لینڈ سلائیڈز بھی کہا جاتا ہے۔ یہ زلزلے اور طوفانی لہروں کی وجہ سے پیش آ سکتے ہیں اور بعض اوقات سونامی کا باعث بنتے ہیں جو ساحلی علاقوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

    عالمی ادارۂ صحت کے مطابق مندرجہ ذیل علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں

    پہاڑوں کی ڈھلوانیں اور وادیوں کے دامن

    جنگل کی آگ سے جلنے والی زمین

    جنگلات کی کٹائی یا تعمیرات جیسی انسانی سرگرمیوں سے متاثرہ علاقے

    دریاؤں یا ندیوں کے کنارے کے علاقے

  • پیرو کے سابق صدر کا قید سے رہائی کے دس ماہ بعد انتقال

    پیرو کے سابق صدر کا قید سے رہائی کے دس ماہ بعد انتقال

    لیما: جنوبی امریکا کے ملک پیرو کے سابق صدر البرٹو فوجیموری کا قید سے رہائی کے دس ماہ بعد انتقال ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیرو کے سابق صدر البرٹو فوجیموری طویل عرصہ کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد 86 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

    سابق صدر البرٹو فوجیموری کی بیٹی نے X پر بتایا کہ ان کے والد دارالحکومت لیما میں طویل علالت کے انتقال کر گئے ہیں، فوجیموری کو گزشتہ دسمبر میں جیل سے رہا کیا گیا تھا، جہاں وہ انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں 25 سال کی سزا کاٹ رہے تھے۔

    البرٹو فوجیموری 1991 میں ایک کسان کو باغیوں سے لڑنے کے لیے ہتھیار دے رہے ہیں

    فوجیموری نے 1990 اور 2000 کے درمیان پیرو پر حکومت کی تھی، انھیں کرپشن کے الزامات پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، ان پر بائیں بازو کی گوریلا شورش کے خلاف سخت مؤقف کے باعث انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات بھی لگائے گئے۔ تاہم ان کے حامیوں کا کہنا تھا کہ فوجیموری نے اس وقت باغیوں کو شکست دی جب وہ اقتدار پر قبضہ کرنے ہی والے تھے۔

    اقتدار سے بے دخلی کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہو گئے تھے تاہم بعد میں انھیں گرفتار کر کے واپس لایا گیا، اور انھیں عدالت نے سزا سنا کر جیل بھیج دیا، فوجیموری کے ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ ان کی موت زبان کے کینسر کی وجہ سے ہوئی ہے۔

  • پیرو میں 7.0 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    پیرو میں 7.0 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

    جنوبی امریکی ملک پیرو 7.2 شدت کے زلزلے سے لرز اُٹھا، جس کے سبب رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو پیرو میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے، جن کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس کے بعد سونامی الرٹ جاری کردیا گیا۔

    جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعہ کی رات جنوبی پیرو کے ساحل سے 28 کلومیٹر کی گہرائی میں 7.2 شدت کا شدید زلزلہ آیا۔ جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی.

    وزیر اعظم گسٹاوو ایڈرینزین کا کہنا ہے کہ زلزلے میں کسی کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے، دارالحکومت تک زلزلے کے جھٹکوں کو محسوس کیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں لیما میں گھروں کے اندر چراغ جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    امریکہ، روس اور جرمنی نے شہریوں کو وارننگ جاری کردی

    پیرو کے ایوان صدر کا کہنا ہے کہ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ نقصان کا اندازہ لگا رہی ہے۔

  • جرائم اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہونے لگا، مگر کیسے؟

    جرائم اور قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہونے لگا، مگر کیسے؟

    لیما: لاطینی امریکی ملک پیرو میں بچوں کے لیے کھیلنے کے لیے ایک ایسا پارک بنایا گیا ہے جس میں لگائے گئے جھولے خطرناک آتشیں اسلحے کو پگھلا کر بنائے گئے ہیں۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت سارا اسلحہ پکڑا تھا، جسے ایک اسٹیل کمپنی کے حوالے کیا گیا، جہاں یہ اسلحہ پگھلا کر اسے جھولوں کی شکل دی گئی۔

    حکام کے مطابق دارالحکومت لیما کے پارک میں 6 ہزار سے زیادہ آتشیں اسلحے کو پگھلا کر سی سا، منکی بار، جھولے اور ایکسرسائز مشینیں بنائی گئی ہیں، جن سے بچے ہنستے کھیلتے محظوظ ہوتے ہیں۔

    سی سا اور منکی بار

    مقامی حکام نے کہا کہ کھیل کا یہ میدان ایک خواب ہے، ایک ایسا خواب جو اُن بندوقوں کی بدولت شرمندہ تعبیر ہوا جو پہلے جرائم اور قتل کے لیے استعمال ہوتی تھیں، اب یہ بندوقیں بچوں کی بھلائی کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔

    یہ انوکھا پارک عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مزید 2 پارکس اور بنائے جائیں گے، پیرو میں جرائم پیشہ افراد سے ایک سال کے دوروان 21 ہزار سے زائد ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

  • پیرو میں ملنے والی ’خلائی مخلوق‘ کی ممیوں کے سائنسی تجزیے میں بڑا انکشاف

    پیرو میں ملنے والی ’خلائی مخلوق‘ کی ممیوں کے سائنسی تجزیے میں بڑا انکشاف

    لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں ملنے والی ’خلائی مخلوق‘ کی ممیوں کے سائنسی تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ ہڈیاں زمینی ہیں۔

    روئٹرز کے مطابق پیرو کے دارالحکومت کے ایئرپورٹ پر گزشتہ اکتوبر کو پراسرار طور پر ملنے والی ایلین ممیوں کے ایک جوڑے کے تجزیے کے بعد سائنس دانوں نے جمعہ کو کہا کہ ’خلائی مخلوق کی یہ ممیاں‘ مکمل طور پر زمینی ہیں۔

    لیما میں وزارت ثقافت کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں ماہرین نے بتایا کہ دونوں گڑیاؤں میں انسانی ہڈیوں کا استعمال کیا گیا ہے، کچھ ہڈیاں جانوروں کی بھی استعمال کی گئی ہیں، انھوں نے بتایا کہ پیرو کے شہر نزکا سے تعلق رکھنے والے تین انگلیوں والے ہاتھ کا بھی تجزیہ کیا گیا، اس ہاتھ کا بھی کسی ایلین مخلوق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    پیرو کے انسٹی ٹیوٹ فار لیگل میڈیسن اینڈ فرانزک سائنسز کے ماہر آثار قدیمہ فلاویو ایسٹراڈا نے کہا کہ یہ کسی ماورائے ارضی مخلوق کی حنوط شدہ لاشیں نہیں ہیں، یہ ’ایلین ممیاں‘ دراصل زمینی ہڈیوں سے بنی گڑیائیں ہیں، جو اسی سیارے یعنی زمین کے جانوروں کی ہڈیوں سے بنائی گئی ہیں، اور ہڈیوں کو جدید مصنوعی گوند سے جوڑا گیا ہے۔

    مقامی حکام کے مطابق یہ دونوں ’ممیاں‘ لیما ایئرپورٹ پر واقع کورئیر ڈی ایچ ایل کے دفتر میں گتے کے ڈبے میں آئی تھیں، ان ممیوں کو کوہ اینڈیز کا روایتی لباس پہنایا گیا تھا، میڈیا نے سنسنی پھیلاتے ہوئے انھیں ممکنہ طور پر ایلین قرار دے دیا تھا۔

    میکسیکو کے صحافی اور UFO کے پرجوش شائق جیمے موسن نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ لاشیں تقریباً 1,000 سال پرانی ہیں اور 2017 میں پیرو سے برآمد ہوئیں، اور ان کا تعلق کسی بھی معلوم نسل سے نہیں۔ تاہم ماہرین نے ان کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کسی نے فراڈ کے پیش نظر بنایا ہے۔

    سائنس دانوں نے ڈی این اے ٹیسٹ کے نتائج کی بنیاد پر کہا کہ انھیں انسانوں اور جانوروں کی ہڈیوں سے تیار کیا گیا ہے۔

  • انجیکشن کی 8 سوئیاں نگلنے والے بچے کو ڈاکٹروں نے بچا لیا

    انجیکشن کی 8 سوئیاں نگلنے والے بچے کو ڈاکٹروں نے بچا لیا

    لیما: جنوبی امریکی ملک پیرو میں ایک 2 سالہ بچے نے انجیکشن کی 8 سوئیاں نگل کر جان خطرے میں ڈال دی، تاہم ڈاکٹروں نے سرتوڑ کوشش کر کے بچے کو بچا لیا۔

    روئٹرز کے مطابق شمال مشرقی پیرو میں ڈاکٹروں نے ایک ایسے دو سالہ لڑکے کی جان بروقت بچا لی، جس نے کھیلتے ہوئے انجیکشن کی آٹھ سوئیاں نگل لی تھیں۔

    آپریشن کرنے والے ڈاکٹر ایفرین سالزار نے میڈیا کو بتایا کہ جب انھوں نے بچے کا پیٹ چاک کیا، تو انھیں اس میں دھاتی ٹکڑے ملے، اور یہ دیکھ کر وہ حیران رہ گئے کہ وہ میڈیکل سوئیاں تھیں۔

    مقامی میڈیا نے بتایا کہ بچے کی ماں جانوروں کے ایک فارم میں کام کرتی ہے جہاں جانوروں کو ٹیکے لگانے کے لیے انجیکشن استعمال کیے گئے تھے، بچے نے کھیلتے ہوئے وہی سوئیاں اٹھا کر نگل لیں۔

    یہ واقعہ پیرو کے دارالحکومت لیما سے تقریباً 622 کلومیٹر (386 میل) دور تاراٹوپو کے زرعی علاقے میں پیش آیا۔ لڑکے کی ماں نے کہا کہ اس کا بچہ وہاں کھیل رہا تھا شاید اسی دوران اس نے سوئیاں نگل لیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سرجری کے بعد بچے کی حالت خطرے سے باہر تھی۔

  • پیرو میں تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ، دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    پیرو میں تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ، دل دہلا دینے والی ویڈیوز سامنے آ گئیں

    لیما: جنوبی پیرو میں شدید بارشوں کے درمیان تباہ کن لینڈ سلائیڈنگ سے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرو کے جنوبی علاقے میں پیر کو طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رونما ہوئے، مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور پانچ لاپتا ہو گئے، جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    پیرو کے پہاڑی قصبے سیکوچا میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد فوج نے علاقے میں ہیلی کاپٹر تعینات کر دیے ہیں، جو لوگوں کو امداد اور پینے کا پانی پہنچا رہے ہیں۔

    پہاڑی قصبہ دریائے اوکونا کے کنارے واقع ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ علاقے میں مسلسل بارشوں کی وجہ سے پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے، جس سے آبادی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔

    کچھ مقامی میڈیا رپورٹس میں مرنے والوں کی تعداد 36 بتائی جا رہی ہے، تاہم وزارت دفاع نے اس کی تردید کرتے ہوئے اسے غلط معلومات قرار دیا، اور کہا کہ صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کی جائیں۔

  • پیرو میں نئی قسم کی چھپکلی دریافت

    پیرو کے نیشنل پارک میں چھپکلی کی نئی قسم دریافت ہوئی ہے۔

    اوٹیشی نیشنل پارک کے حکام کے مطابق سائنسدانوں نے جنوب مشرقی پیرو کے شہر کسکو میں ایک محفوظ قدرتی علاقے میں چھپکلی کی ایک نئی قسم دریافت کی ہے۔

    اس چھپکلی کو ’پروکٹوپورس ٹائٹنس‘ کا حیاتیاتی نام دیا گیا ہے، یہ بلند پہاڑوں پر ہی پائی جاتی ہے،  یہی وجہ ہے کہ یہ چھپکلی سب سے پہلے 3241 میٹر کی بلندی پہاڑ پر دیکھی گئی ہے۔

    چھپکلی گہرے سرمئی رنگ کی ہے جس کے اطراف اور سر پر پیلے اور سنہرے دھبے ہیں، جبکہ اس کی دم اس کے جسم سے لمبی ہے۔

  • پیڈرو کاسٹیلو کی معزولی کے بعد پیرو میں احتجاج میں 7 ہلاک، نیا آئین بنانے کا مطالبہ

    پیڈرو کاسٹیلو کی معزولی کے بعد پیرو میں احتجاج میں 7 ہلاک، نیا آئین بنانے کا مطالبہ

    لیما: پیرو میں سیاسی بحران پر عوامی غصہ بھڑک اٹھا، ملک بھر میں پیڈرو کاسٹیلو کی معزولی کے بعد شدید اور پُر تشدد احتجاج شروع ہو گیا ہے، جس میں 7 افراد ہلاک ہو گئے، عوام نے نیا آئین بنانے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاطینی امریکی ملک پیرو میں حکومت مخالف احتجاج نے شدت اختیار کر لی ہے، معزول صدر پیڈرو کاسٹیلو کے حامی سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہونے لگی ہیں۔

    پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہو گئے، دارالحکومت لیما میدانِ جنگ بنا رہا، پولیس اور شہری آمنے سامنے آ گئے اور مشتعل افراد نے سخت مزاحمت کا مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین نے سرکاری عمارتوں کو آگ لگائی، جن پر فورسز نے آنسو گیس کی شیلنگ کر دی، احتجاج کرنے والوں نے موجودہ صدر سے اسمبلی اور کانگریس کو تحلیل کر کے نئے انتخابات کے ساتھ ساتھ نیا آئین بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی کوشش مہنگی پڑ گئی، پیرو کے صدر تھانے میں‌ بند

    واضح رہے کہ پیرو ایک سیاسی بحران سے دوسرے سیاسی بحران کی طرف گامزن ہے، گزشتہ ہفتے میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوئے اور شہر کی سڑکوں پر آگ اور آنسو گیس کا دھواں چھایا رہا۔ موجودہ بدامنی کی چنگاری بائیں بازو کے رہنما پیڈرو کاسٹیلو کی اقتدار سے بے دخلی اور ان کی گرفتاری کے بعد اٹھی ہے، پیڈرو کاسٹیلو نے کانگریس کو غیر قانونی طور پر تحلیل کرنے کی کوشش کی تھی، اس سے قبل مخالف قانون سازوں نے انھیں ہٹانے کے لیے تین بار ان کا مواخذہ کیا تھا، بالآخر آخری بار انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    سری لنکا کی ناکامی، آئی ایم ایف نے بڑا قدم اٹھا لیا

    پیرو 21 ویں صدی میں لاطینی امریکا کے معاشی طور پر نہایت نمایاں ممالک میں سے ایک رہا ہے، جس کی مضبوط ترقی نے لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکالا، لیکن اب سیاسی انتشار تیزی سے اس کے معاشی استحکام کو پٹڑی سے اتارنے میں لگا ہوا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق پیرو کے حالات قریب سے دیکھنے والوں کے لیے یہ صورت حال زیادہ باعث حیرت نہیں ہونی چاہیے، کیوں کہ ووٹر اس مسلسل سیاسی لڑائی سے تنگ آ چکے ہیں، جنھوں نے پچھلے 5 سالوں میں 6 صدور اور 7 مواخذے کی کوششیں دیکھے ہیں۔