خیرپور : پیروں کی حویلی میں قتل ہونے والی بچی فاطمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی ہے ، لیبارٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کے سر اور سینے پر چوٹیں لگنے سے موت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق رانی پور میں پیروں کی حویلی میں قتل ہونے والی بچی فاطمہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی گئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آج شام یا کل تک پولیس کے حوالے کی جائے گی۔
لیبارٹری ذرائع کا کہنا تھا کہ بچی کے سر اور سینے پر چوٹیں لگنے سے موت ہوئی تاہم ایس ایس پی خیرپور سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ رپورٹ ہمیں موصول نہیں ہوئی ہے۔
یاد رہے ر انی پور کی دس سالہ فاطمہ کے قتل کیس میں خیرپور پولیس نے کراچی پولیس کے ہمراہ ڈیفنس خیابان شمشیر میں چھاپہ مارا تھا پولیس کو فاطمہ قتل کیس میں نامزد ملزمان حناء شاہ اور فیاض شاہ کی تلاش ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا تھا کہ چھاپے کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، چھاپہ فیاض شاہ کے بھائی نیاز شاہ کے گھر پر مارا گیا، ملزمان نے گرفتاری کے خوف سے اپنے موبائل فونز بند رکھے ہوئے ہیں تاہم تکنیکی سپورٹ کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھارہے ہیں۔
خیال رہے فاطمہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں قبل از مرگ تشدد اور ریپ کی علامات کی تصدیق ہوئی تھی، فاطمہ کی والدہ شبانہ پھرڑو نو ماہ قبل اپنی بیٹی کو بطور ملازمہ حویلی پر چھوڑ کر آئی تھیں اور اس کے بعد انھیں اپنی بیٹی کو گھر لے جانے کی کبھی اجازت نہیں ملی۔