Tag: پیر اور منگل

  • پیر اور منگل کو وارداتیں کرنے والے مَلک گینگ سے متعلق حیرت انگیز انکشافات، پولیس مقابلے کی ویڈیو

    پیر اور منگل کو وارداتیں کرنے والے مَلک گینگ سے متعلق حیرت انگیز انکشافات، پولیس مقابلے کی ویڈیو

    کراچی: پیر اور منگل کو وارداتیں کرنے والے مَلک گینگ سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جنھیں پولیس نے کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں ایک مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری سے گرفتار مَلک بھائی گینگ شہریوں کے پیسوں سے کیسے شاہانہ زندگی بسر کرتا ہے، تفصیلات سامنے آ گئیں، ملزمان نے 29 کروڑ کی پراپرٹیاں خرید رکھی ہیں اور مزید آمدنی کے لیے دکانیں بھی کرائے پر دیتے ہیں۔

    کراچی کے شہریوں سے ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور دیگر لوٹ مار کے واقعات میں ملوث ڈکیت گینگ لوٹ مار کے پیسوں سے شاہانہ زندگی بسر کرنے لگے ہیں، تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ عیسی نگری مقابلے میں گرفتار ملزمان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وہ صرف پیر اور منگل کے روز واردات کرتے تھے۔

    ملتان میں خریدے گئے پرتعیش بنگلے

    تفتیشی حکام کے مطابق ملک بھائی گینگ 2016 سے کراچی میں وارداتیں کر رہا ہے، یہ لٹیرے اب تک 333 تولے سونا لوٹ چکے ہیں۔

    گینگ کے 2 ملزمان دو مہنگے ترین بنگلوں کے مالک ہیں، اور دونوں بنگلے ملتان کے پوش علاقوں میں خریدے گئے ہیں، ان بنگلوں کی قیمت 14 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گینگ نے مستقل آمدنی کے لیے کمرشل پراپرٹی بھی بنائی ہے، اور 8 دکانیں 15 کروڑ روپے میں خریدیں، جنھیں کرائے پر دے دیا گیا ہے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق شاطر لٹیرے واردات کے روز بغیر موبائل فون جاتے تھے، اور یہ ڈکیت گروہ کسی بھی واردات میں موبائل نہیں لوٹتا تھا، گروہ کا ایک لٹیرا علاقے میں خود کو ڈی ایس پی ظاہر کرتا ہے، جب کہ دوسرا خود کو اسٹیٹ ایجنٹ بتاتا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔