Tag: پیر پگارا

  • بانی پی ٹی آئی چور ہے تو ہم سب ہی چور ہیں، پیر پگارا

    بانی پی ٹی آئی چور ہے تو ہم سب ہی چور ہیں، پیر پگارا

    جامشورو: پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی چور ہے تو ہم سب ہی چور ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جامشورو میں جی ڈی اے کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیرپگارا نے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی سے پہلے جو آئے تھے انہوں نے توشہ خانہ سے گاڑیاں نہیں لیں، توشہ خانہ سے کوئی بھی گاڑی نہیں لے سکتا، میری نظر میں بانی پی ٹی آئی چور نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بے وقوفی ہوگئی ہوگی غلطی کسی سے بھی ہوسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی سے غلطی نہیں ہوتی تو میری نظر میں وہ فرشتہ ہوتا۔

    پیر پگارا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے زمین آسمان ایک کردیا، الیکشن میں جو خریدو فروخت ہوئی اس پر بھی الیکشن کمیشن کچھ بولے۔

    انہوں نے کہا کہ اس الیکشن نے ثابت کردیا کوئی بھی سیاسی پارٹی وفاق کی سطح پر نہیں، اب کوئی قومی لیڈر نہیں رہا سب صوبائی بن گئے ہیں۔

    پیر پگارا نے کہا کہ یہ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم احتجاج کریں، ہمارا احتجاج الیکشن میں جو ڈاکہ ڈالا گیا اس کے خلاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا تھا وفاق کی علامت ہماری اپنی فوج ہے، فوج ہماری اپنی ہے جو فیڈریشن کو سنبھال رہی ہے وہ ہم سے دور ہو ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے، اب سوائے فوج کے فیڈریشن کو سنبھالنے والا کون بچا ہے۔

    پیر پگارا کا کہنا ہے کہ فوج نہ ہو تو ہمارا فلسطین جیسا حشر ہوتا، یہ ہماری فوج ہے جس کی وجہ سے ہم عزت اور سکون سے بیٹھے ہیں، یہی ہماری فوج بارڈر سنبھال رہی ہے اور دہشت گردی سے مقابلہ کررہی ہے۔

    صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا کہ فوج نے اب سب کو آزما لیا ہے تو اب بچا کیا ہے، ہوسکتا ہے کہ ایمرجنسی اور مارشل لا لگ جائے پھر یہی جج اس کو تحفظ دیں گے، اللہ اس ملک کو ہماری فوج کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ججز اور فوج کی رہنمائی فرمائے۔

  • پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    پیر پگارا کا 9 مئی کے واقعے پر رد عمل

    کراچی: حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے 9 مئی کے واقعے کے خلاف پاک فوج سے اظہار یک جہتی کا بیان جاری کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر صبغت اللہ راشدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ افواج پاکستان ملک کی سالمیت اور استحکام کی علامت ہے، اور ہر محب وطن پاکستانی اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

    پیر پگارا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج فیڈریشن کی واحد علامت ہے، فوج نے بطور ادارہ وطن کی سلامتی، اس کے دفاع اور زلزلے اور دوسری قدرتی آفات کے مواقع پر شان دار خدمات انجام دی ہیں۔

    انھوں نے کہا ’’ہم اپنی مسلح افواج کی بدولت رات کو چین و اطمینان کی نیند سوتے ہیں، یہی بہادر فوج ہے جس کے افسر اور جوانوں نے وطن عزیز کی خاطر کبھی اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی۔‘‘

    پیر پگارا نے کہا فوج نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔

  • پیر پگارا کی اہم ساتھی کا پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ

    پیر پگارا کی اہم ساتھی کا پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ

    کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹ الائنس کو ایک بڑا دھچکا لگ گیا، جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگارا کے اہم ساتھی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں مہتاب اکبر راشدی بھی شامل ہو گئیں، مہتاب راشدی اور ان کے خاندان کے دیگر افراد پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی سابق ایم پی اے مہتاب اکبر راشدی آج پی پی رہنما فریال تالپور سے ملاقات کر کے پی پی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔

    مہتاب راشدی مسلم لیگ فنکشنل کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ آج اکبر شاہ راشدہ اور مہتاب اکبر راشدی نے شمولیت کے لیے پی پی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔

  • سندھ کے حکمرانوں کے آخری دن چل رہے ہیں، پیر صدر الدین شاہ راشدی

    سندھ کے حکمرانوں کے آخری دن چل رہے ہیں، پیر صدر الدین شاہ راشدی

    کراچی: مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں کے آخری دن چل رہے ہیں، سندھ میں آنے والا وقت فنکشنل لیگ اور جے ڈی اے کا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کے آخری دن چل رہے ہیں، فروری کے ماہ سے قلابازیاں شروع ہوجائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ جن قوتوں نے ان کو اقتدار دیا اب ان کو احساس ہوچکا ہے، الیکشن کے بعد ہم قومی مفاد کی خاطر خاموش رہے، قومی مفاد کی خاطر اب بھی خاموش ہیں۔

    پیر صدر الدین شاہ نے کہا کہ سو دن گزر گئے اب ضلعی سطح تک تنظیم کو منظم کرنا ہے، سندھ میں زرداری لیگ کا نظام فیل ہوگیا ہے، زرداری لیگ کے اپنے لوگ ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ختم ہوگئی تھی اس وقت بھی ہمارے لوگوں کے ساتھ زیادتیاں کی گئیں کاروبار تباہ اور دکانیں جلائی گئیں۔

    پیر صدر الدین شاہ نے کہا کہ ان کے غباروں سے ہوا نکل چکی ہے یہ کب تک شہیدوں کے نام پر عوام کو بے وقوف بناتے رہیں گے، اب نوجوانان کا دور ہے نوجوان اور خواتین کو آگے آنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سردار رحیم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ضلعی سطح پر تنطیم سازی کا عمل مکمل کریں اب ہر پندرہ روز بعد ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

    کنونشن میں صوبائی جنرل سیکریٹری سردار رحیم، سینیٹر مظفر حسین شاہ، کاشف نظامانی، سید اسماعیل شاہ راشدی، نصرت سحر عباسی، نند کمار گوکلانی ودیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • پیر پگارا نے عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

    پیر پگارا نے عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

    کراچی: حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا نے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کے دوران چیئرمین عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین نے پیر پگارا سے کہا کہ حکومت سازی میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔

    قبل ازیں حروں کے روحانی پیشوا پیر سید صبغت اللہ راشدی سے تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنماؤں سے کنگری ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں عارف علوی اور عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ شاہ محمود قریشی نے عمران خان کا پیغام پیر پگارا کو پہنچایا، انھوں نے کہا کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے ہمارا ساتھ دیں، پی ٹی آئی ملک کو کرپشن سے پاک کرنا چاہتی ہے۔

    پیر پگارا  نے مرکز میں عمران خان کی وزارتِ عظمیٰ کے لیے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’عمران خان بہتری کے لیے آگے بڑھیں، ہم  ہر دکھ سکھ میں غیرمشروط طور پر  پی ٹی آئی کا ساتھ دیں گے۔‘

    اس موقع پر حروں کے روحانی پیشوا نے کہا کہ سندھ میں سازش کے تحت گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے امیدواروں کو ہرایا گیا،ہم اس پر پُرامن احتجاج کریں گے۔

    مذاکرات کام یاب: بلوچستان نیشنل پارٹی وزارتِ عظمیٰ کے لیے عمران خان کی حمایت کرے گی

    واضح رہے کہ پیر پگارا الیکشن سے قبل بھی عمران خان کے ساتھ رابطے میں تھے، تاہم انھوں نے  2018 کے انتخابات نہ ہونے کی پیشن گوئی کر دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ یہ انتخابات ملک کے لیے اچھے ثابت نہیں ہوں گے۔

    شاہ محمود قریشی


    جی ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ جی ڈی اے نے قومی اسمبلی میں حمایت کی ہماری درخواست کو قبول کیا، سندھ میں ہم مشترکہ اپوزیشن بنائیں گے جن میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے اور ایم کیو ایم شامل ہیں، حکمت عملی کے لیے لائحہ مل کر طے کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے 14 نشستیں پی ٹی آئی کو دیں جس نے پارٹی کا حوصلہ بڑھایا، سندھ کے عوام نے مجھے ووٹ دیا لیکن میں ہار گیا مگر کوئی بات نہیں، مشکل حالات میں ٹرن آؤٹ بہت اچھا رہا۔ اسلام آباد میں پی پی اور اپوزیشن نے کس بات کا احتجاج کیا، بی بی کی شہادت کے بعد تو پی پی کو زیادہ نشستیں ملی ہیں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا ’سندھ کو ملنے والی 100 ارب روپے کی رائلٹی کا کوئی حساب کتاب نہیں، سندھ کے 10 اضلاع کو تیل اور گیس کی مد میں 100 ارب کی رائلٹی ملتی ہے، کنگری ہاؤس ملاقات میں رائلٹی کے معاملے پر تفصیلی بات کی گئی۔ ہم ماضی میں ہونے والی لوٹ مار کو ختم کریں گے۔ ہم کسی کے ساتھ سودے بازی نہیں کر رہے بلکہ مستقبل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔‘

  • گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا نگراں حکومت پرعدم اعتماد کا اظہار

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا نگراں حکومت پرعدم اعتماد کا اظہار

    کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے نگراں حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، جی ڈی اے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سندھ میں نگراں حکومت پیپلزپارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کنگری ہاؤس میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا اجلاس منعقد ہوا، جس سے پیر پگارا، ایاز لطیف پلیجو، سردار رحیم،  غوث علی شاہ، ذوالفقار مرزا نے خطاب کیا۔

    پیرپگارا

    پیرپگارا نے کہا کہ سندھ میں تبادلے پیپلزپارٹی کے مفاد میں کیے گئے، جو حکومت بجلی اور پانی نہیں دے سکی اسے حکمرانی کا اختیار نہیں ہے، پیپلزپارٹی حکومت نے سندھ میں کچرے کے ڈھیر بنادیے، کارکن مقابلے کی بھرپور تیاری کریں۔

    انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا ہے، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کو کئی خط لکھے کوئی جواب نہیں ملا، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ غیر جانبدار نہیں ہیں، سندھ کا الیکشن کمیشن جانبدار ہے، پنجاب میں ایک اور سندھ میں دوسرا قانون چل رہا ہے، 25 جولائی کو جی ڈی اے الیکشن کے لیے تیار ہے.

    پیر پگارا نے کہا کہ موجودہ نگراں سیٹ اپ سے امید نہیں ہے، میں نہیں سمجھتا نگراں حکومت شفاف انتخابات کراسکے، تمام سیاسی جماعتوں کو ایک جیسے موقع فراہم کیے جائیں، سندھ میں کرپٹ افسران کو دوبارہ تعینات کردیا گیا ہے۔

    ایاز لطیف پلیجو

    سربراہ قومی عوامی تحریک اور جی ڈی اے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ میں نہ پانی ہے نہ بجلی، ترقیاتی بجٹ لوٹ لیا گیا ہے، آصف زرداری کی دی گئی لسٹ پر ٹرانسفر تسلیم نہیں ہیں، تمام حلقوں کے امیدوار آج کے اجلاس میں فائنل کررہے ہیں، تحریک انصاف سے سیٹ ایڈجسٹمںٹ کرلی ہے۔

    ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ اربوں روپے کی سرکاری زمینوں پر وزیروں کے قبضے ہیں، سندھ میں شفاف اور صاف الیکشن چاہئیں، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کو دس دن کا ٹائم دیتے ہیں، ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو سندھ میں پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔

    فہمیدہ مرزا

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہمیں سندھ میں نگراں سیٹ اپ پر تحفظات ہیں، سندھ کے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ انتہائی کمزور ہیں، سندھ میں بلدیاتی نمائندے الیکشن مہم چلا رہے ہیں، تمام اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز دئیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنر پر ہمارے تحفظات ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر کی موجودگی میں شفاف الیکشن ممکن نہیں، نگراں وزیر اعلیٰ، صوبائی الیکشن کمشنر کا کردار متنازع ہے، جی ڈی اے امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم نہیں کئے جارہے ہیں۔

    فہمیدہ مرزا نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ شفاف لوگوں کو تعینات کرایا جائے، اینٹی کرپشن محکمے میں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں، شفاف انتخابات ہوتے ہوئے نظر نہیں آرہے ہیں۔

    غوث علی شاہ

    تحریک انصاف کے رہنما غوث علی شاہ نے کہا کہ دس سال سے بلدیاتی افسر مال بنانے میں مصروف ہیں، سندھ میں شفاف انتخابات کرائے جائیں، اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے ہمارے تحفظات کو دور کیا جائے۔

    سردار رحیم

    جی ڈی اے رہنما سردار رحیم نے کہا کہ عوام کرپٹ امیدواروں سے رعایت نہ کریں، جی ڈی اے عوام کو انصاف اور روزگار دے گی۔

    ذوالفقار مرزا

    سابق وزیر داخلہ سندھ اور جی ڈی اے رہنما ذوالفقار مرزا نے کہا کہ لوگوں پر جھوٹی ایف آئی آر کٹوائی گئی ہیں اور کسانوں کا پانی بند کیا گیا ہے۔

    گرینڈڈیموکریٹک الائنس کاالیکشن کمیشن کواحتجاجی خط

    گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس نے الیکشن کمیشن کو احتجاجی خط بھیج دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں نگراں حکومت پیپلزپارٹی کی حکومت کا تسلسل ہے جبکہ نگراں حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔

    خط کے متن کے مطابق انتظامی عہدوں سمیت پولیس افسران کا تقرر سندھ حکومت نے کیا، نگراں حکومت نے محض تقرر نامے جاری کئے، پنجاب طرز پر سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران تبدیل کیے جائیں، تبادلے پنجاب کی طرز پر وفاقی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت ہونے چاہئیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ق اور فنکشنل لیگ کا ایک ہی نشان پر الیکشن لڑنے کا اعلان

    ق اور فنکشنل لیگ کا ایک ہی نشان پر الیکشن لڑنے کا اعلان

    لاہور: مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ فنکشنل نے آئندہ انتخابات میں ایک ہی نشان سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا اور مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما پرویز الہیٰ نے متحدہ ہو کر ایک ہی نشان پرالیکشن لڑیں کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں رات کے اندھیرے میں نتائج تبدیل کیے گئے ،اس مرتبہ الیکشن شفاف ہونے چاہییں۔

    اس موقع پر چوہدری پرویزالٰہی کا کہنا تھا جلد تمام لیگی ذہن رکھنے والے ایک پلیٹ فارم پرمتحدہوں گے، سب کوایک ہی جھنڈے تلے متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں، ایک جماعت نے سارے ملک میں تباہی مچائی، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ متحدہ ہو کر ایک ہی نشان پرالیکشن لڑیں گے۔

    پیر پگارا نے کہا کہ 2013کے انتخابات والی نگراں حکومت ہوئی، تونتائج ملک کے لیے بہترنہیں ہوں گے، ہم اس لیے متحد ہوئے ہیں کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں، گذشتہ نگراں سیٹ اپ نے انتخابات میں ہیرپھیرکاسہارالیا۔

    انھوں نے کہا کہ حالات دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس مرتبہ الیکشن نتائج مشکل سے تبدیل ہوں گے، کسی سیاست دان نے نہیں، فوج نے دہشت گردی کاخاتمہ کیا،دہشت گردی کاخاتمہ جوانوں کی قربانی کےمرہون منت ہے کچھ سیاسی جماعتیں توجرائم پیشہ افرادکوتحفظ دیتی رہی ہیں۔


    شریف برادران بہت تسلسل کے ساتھ جھوٹ بولتے ہیں، پرویز الہیٰ


    پاک فوج اورعدلیہ کی وجہ سے پاکستان آج تک سلامت ہے، پیرپگارا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں‌ چاہتے، پیر پگاڑا

    راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں‌ چاہتے، پیر پگاڑا

    خیرپور: مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ الطا ف حسین اور ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دوسرے سے الگ ہونا مشکل بات ہے، خدافاروق ستار پر رحم کرے، دھرنے،جلسے، جلوس ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن کسی کے گھر پر جانا نامناسب ہے، عوام تبدیلی چاہتے ہیں تو اس کے لیے عوام کو خود نکلنا ہوگا۔

    خیرپور کے قریب اپنی رہائش گاہ پیر جوگوٹھ میں مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر سید صدر الدین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیرپگاڑا نے کہا کہ خدا منظور وسان کی زبان قبول کرے جنہوں نے کہا تھا کہ چند دنوں میں عوام سکھ کا سانس لیں گے۔

    انہوں‌ نے کہا کہ راحیل شریف کی مدت میں اضافہ کرنا نواز شریف کا کام ہے مگر راحیل شریف خود نہیں چاہتے کہ ان کی ملازمت میں توسیع ہو۔

    پیرپگاڑا کا کہنا تھا کہ راحیل شریف بہت اچھا کام کررہا ہے لیکن یہ کام چار پانچ سال پہلے ہوتے تو اور بھی اچھا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیرونی خدشات لاحق ہیں جس کے ثبوت بھارتی جاسوس کا پکڑا جانا ہے،پاکستان نہ چھوٹا ملک ہے اور نہ ہی پاکستانی فوج کمزور ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 1990ء سے لے کر پاکستان کے خلاف سازشیں ہورہی تھیں اور اب وہ باتیں کھل رہی ہیں،جس طرح جمہوریت کی گاڑی چل رہی ہے سمجھ سے بالاتر ہے،پاناما لیکس پر نواز شریف کی اولاد اور نواز شریف کے بیانات میں تضاد ہے۔

    پیرپگاڑا نے کہا کہ خدا فاروق ستار پر رحم کرے کیونکہ فاروق ستار شریف اور بہت غریب آدمی ہے جس کے لیے پارٹی چلانا بس کی بات نہیں،شکلیں بدلنے سے تبدیلی نہیں آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعلیٰ سندھ آٹھ سال اسی کابینہ کے رکن تھے اس لیے اب کیا تبدیلیاں آنی ہیں۔

  • سابق صدر پرویز مشرف پیر پگارا نئے سیاسی اتحاد پرمتفق

    سابق صدر پرویز مشرف پیر پگارا نئے سیاسی اتحاد پرمتفق

    کراچی: سابق صدر پرویزمشرف اور فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرصاحب پگارا نے نئے سیاسی اتحاد پر اتفاق کرلیا۔

    آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر پرویز مشرف مسلم لیگ ن کے سابق صدر غوث علی شاہ کے ہمراہ مسلم لیگ ف کے سربراہ پیر پگاڑا کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے۔

    ذرائع کے مطابق تین گھنٹے تک  جاری رہنے والی ملاقات میں ایک نئے ملک گیر سیاسی اتحاد بنانے کے حوالے سے بات ہوئی ہے، پیر پگارا اور پرویز مشرف نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تمام مسلم لیگی دھڑوں سے رابطے کئے جائیں گے اور دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی نئے سیاسی اتحاد کےلئے رابطے کئے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ کو رابطوں کے لئے اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں اس دوران سندھ کے دو سابق وزرائے اعلی ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی سے بھی رابطے کئے گئے۔

     اس ملاقات کے بارے میں مسلم لیگ ف کے ترجمان کامران ٹیسوری نے اے آروائی نیوز کو بتایاکہ پرویز مشرف اور غوث علی شاہ پیر پگارا کےکھانے کی دعوت پر تشریف لائےتھے اور اس دوران سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

     واضح رہے کہ دو ہفتے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم اور پیر پگارا نے مشترکہ طورپر پرویز مشرف سے ملاقات کی تھی اس کے بعد ان کے سیاسی جماعتوں سے رابطے ہوئےتھے اور وسیع تر سیاسی اتحاد بنانے کےلئےکوششیں جاری ہیں۔

  • دھرنے والے عیدالاضحیٰ کو سیاست کی نظر نہ کریں، خورشید شاہ

    دھرنے والے عیدالاضحیٰ کو سیاست کی نظر نہ کریں، خورشید شاہ

    سکھر: خورشید شاہ کہتے ہیں عمران خان اور طاہرالقادری سے التجا ہے کہ عید جیسے خوشیوں کے تہواروں کو سیاست کی نظر نہ کریں۔۔پیر پگارا کہتے ہیں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔

    اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عید قرباں سے پہلے حکومت نہیں گئی۔

    عمران خان اور طاہرالقادری سے التجا ہے کہ عید جیسے تہواروں کا احترام کریں۔ عید جیسی خوشیوں کے تہواروں کو سیاست کی نظر نہ کریں۔

    مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا نے خیر پور میں عید کی نماز ادا کی۔ حروں کے روحانی پیشوا پیر پگاڑہ کا اپنے مریدین کے اجتماع سے روحانی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک حالات سے گذر رہاہے اس لئے ملکی سلامتی اور پاک افواج کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ اسلام انسانیت کا درس دیتا ہے اس لئے انسانیت کی خدمت کرنے میں دلی سکون ہوتا ہے۔