Tag: پیسے

  • ڈالر کی قیمت 167 روپے سے تجاوز کر گئی

    ڈالر کی قیمت 167 روپے سے تجاوز کر گئی

    کراچی: انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں آج 62 پیسے اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 167 روپے سے تجاوز کر گئی، چند روز قبل تک ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر مزید 62 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد ڈالر 167 روپے سے تجاوز کر گیا، انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 166.58 سے بڑھ کر 167.20 روپے ہوگئی۔

    گزشتہ چند روز میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی جارہی تھی، گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 33 پیسے سستا ہوگیا تھا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 166.63 سے کم ہو کر 166.30 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

    اس سے قبل بھی ڈالر کی قدر میں 10 پیسے کمی ہوئی تھی اور ڈالر 165.75 تک پہنچ گیا تھا۔

  • مرحوم رشتے دار کے چھپائے ہوئے پیسے ملنے پر جوڑا خوشی سے نہال

    مرحوم رشتے دار کے چھپائے ہوئے پیسے ملنے پر جوڑا خوشی سے نہال

    انگلینڈ میں ایک جوڑا اس وقت غیر متوقع خوشی سے دو چار ہوگیا جب کرسمس کے موقع پر ان کے مرحوم رشتے دار کے چھپائے ہوئے پیسے انہیں مل گئے۔

    اس کا آغاز انگلینڈ کے علاقے مڈسمر نورٹن میں واقع ایک ری سائیکلنگ سینٹر سے ہوا جہاں جوڑے نے گھر سے نکلا ہوا غیر ضروری سامان چھوڑا۔ سینٹر کے ملازمین نے ایک ڈبے پر کام کرنے سے قبل اسے اچھی طرح چیک کیا تو اندر سے ساڑھے 19 ہزار ڈالر سے زائد رقم برآمد ہوئی۔

    ملازمین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور جلد ہی پولیس نے اس جوڑے کی کار کی شناخت کرلی جنہوں نے اسی دن صبح بہت سا سامان بشمول اس ڈبے کے سینٹر میں چھوڑا تھا۔

    پولیس نے جوڑے سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ایک مرحوم رشتہ دار کا گھر صاف کیا تھا۔ وہیں سے انہوں نے بے شمار اضافی ڈبے اور دیگر ساز و سامان کو غیر ضروری جان کر ری سائیکلنگ سینٹر میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مذکورہ جوڑے نے بتایا کہ ان کا مرحوم رشتہ دار پیسہ بچانے اور انہیں غیر متوقع جگہوں پر چھپا کر رکھنے میں مشہور تھا۔ اس کے باوجود انہیں اس کی اس چھپائی ہوئی رقم کے بارے میں جان کر نہایت حیرت ہوئی۔ پولیس نے رقم جوڑے کے حوالے کردی۔

    بعد ازاں پولیس نے ری سائیکلنگ سینٹر کے ملازمین کا بے حد شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر وہ اس ایمانداری کا مظاہرہ نہ کرتے تو مذکورہ خاندان اس رقم سے لاعلم رہتا لیکن اب کرسمس کے موقع پر وہ غیر متوقع طور پر ایک خطیر رقم حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

  • ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے کمی

    ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 30 پیسے کمی

    کراچی: گزشتہ ہفتے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد آج منگل کے روز انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 30 پیسے سستا ہوگیا جس کے بعد ڈالر 157 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بینکوں کے درمیان لین دین میں روپے پر دباؤ میں کمی آئی ہے جس کے بعد روپے کی قدر میں بہتری کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 30 پیسے سستا ہوگیا۔

    انٹر بینک میں آج ڈالر 157 روپے 75 پیسے کا ہوگیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹر بینک میں ڈالر 3 روپے 22 پیسے مہنگا ہوا تھا، ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 164.05 کی بلند ترین سطح تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق جون کے پورے ماہ میں انٹر بینک میں ڈالر کی اونچی اڑان ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی طور پر جون میں انٹر بینک میں ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہوا۔

    صرف ایک ماہ میں ڈالر 147 روپے 92 پیسے سے مہنگا ہو کر 160 روپے 5 پیسے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ ڈالر 12 روپے 13 پیسے مہنگا ہونے سے قرضوں میں بھی 12 سو 73 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا تھا۔