Tag: پیشی

  • گجرات: پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

    گجرات: پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل

    گجرات کے گاؤں کھاریاں میں پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کو گھات لگا کر قتل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات کے گاؤں لادیاں کے قریب کھاریاں میں پیشی پر جانے والے ایک ہی خاندان کے چار افراد کو دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔

      پولیس کا کہنا ہے کہ تھانہ ککرالی کے گاؤں سمرالہ کے رہائشی دو بھائی محمد عرفان نمبردار اور عطاالرحمان عرف طاہر اپنے بیٹوں محمد شہزاد اور سفیان کے ہمراہ سوزوکی بولان میں سوار کھاریاں سیشن کورٹ تاریخ پیشی پر جا رہے تھے جونہی انکی گاڑی گاؤں لادیاں کے قریب پہنچی تو مخالف گروپ کے چار افراد جو دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے انہوں نے گھات لگا کر مقتولین کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے چاروں افراد موقع پر ہی جانبحق ہو گئے ملزمان چار افراد کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    واقع کی ملتے ہی ڈی پی او گجرات مستنصر عطا باجوہ موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے مقتولین کی میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے کھاریاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولین پر الزام ہے کہ انھوں نے حملہ آور گروپ فاروق کے بیٹے کو قتل کیا تھا جسکی آج تاریخ پیشی تھی، دوسری جانب آئی جی پنجاب نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا۔

    آئی جی پنجاب عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ساتھ ہی ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسپیشل ٹیم تشکیل  دینے کی ہدایت دی ہے۔

  • عمران خان کی کل ممکنہ پیشی: رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کا سرکلر جاری

    عمران خان کی کل ممکنہ پیشی: رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کا سرکلر جاری

    اسلام آباد : رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کل 2 مقدمات میں ممکنہ پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محسن شاہنواز رانجھا پر حملہ اور اداروں کیخلاف بیان پر مقدمات میں عبوری ضمانت کے لئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کل 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممکنہ پیشی کا امکان ہے۔

    چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب کل کیس کی سماعت کریں گے، عمران خان کی پیشی کے موقع پر رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کا سرکلر جاری کردیا ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کا آئی جی اور ضلع انتظامیہ کو سیکورٹی انتظامات کی ہدایت کردی ہے ، عمران خان کی 2 مقدمات میں عبوری درخواست ضمانت پرسماعت کل ڈھائی بجے ہوگی۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کورٹ روم نمبر 1 میں وکلااور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاس کےذریعے ہوگا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے ملازمین اور عدالتی عملہ خصوصی پاس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    رجسٹرار کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ 15وکلاکو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی جبکہ اٹارنی جنرل ،ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 10 وکلاکمرہ عدالت جاسکیں گے اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے 30ممبران کو کمرہ عدالت جانے کی اجازت ہوگی۔

    سرکلر میں کمرہ عدالت میں داخلے کیلئےخصوصی پاس ،8 مئی تک فہرستیں فراہم کرنے ، انتظامیہ کوخصوصی پاس ،ڈیپارٹمنٹ کارڈ ہولڈر کو احاطہ عدالت سےنہ روکنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    رجسٹرار نے کہا ہے کہ خصوصی پاسز رکھنے والے افراد کوکمرہ عدالت نمبر ایک میں جانے کی اجازت ہوگی۔

  • عمران خان  پیشی پر غنڈے اور بدمعاش بھی کمرہ عدالت میں لے آتے ہیں، جج کے ریمارکس

    عمران خان پیشی پر غنڈے اور بدمعاش بھی کمرہ عدالت میں لے آتے ہیں، جج کے ریمارکس

    اسلام آباد : انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج نے عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس آمد پر ریمارکس میں کہا کہ مثالیں برطانیہ کی دیتے ہیں عدالت کا احترام نہیں کرتے، اپنے ساتھ غنڈے اور بدمعاش بھی کمرہ عدالت میں لے آتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی گزشتہ جوڈیشل کمپلیکس آمد کا ذکر ہوا ، دورانِ سماعت جج راجہ ناصر عباس نے عمران خان کی گزشتہ پیشی پر اہم ریمارکس دیئے۔

    جج نے برہمی اظہار کرتے ہوئے کہا اس دن آئے تھے اور اپنے ساتھ ڈھائی ہزار بندہ بھی کمرہ عدالت لے آئے تھے، برطانیہ کی مثالیں دیتےہیں اور خود عدالت کا احترام نہیں کرتے۔

    جج راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ عدالتی پیشی کےدوران عدالت کا احترام نہیں کیاگیاتھا، اپنے ساتھ غنڈے ،بدمعاش بھی کمرہ عدالت میں لے آتے ہیں، ایک سال کی پیشی پر آئے تھے اور اپنے ساتھ 2 سال کی پیشیاں ساتھ لے کر چلے گئے۔

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج نے کہا کہ اب ایک سال مزید مجھے عدالتی سماعتوں میں مصروف رکھیں گے، میرے پاس اس معاملے کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔

    خیال رہے عمران خان 28 فروری کو اےٹی سی میں تھانہ سنگجانی میں درخواست ضمانت پر حاضری لگانے آئے تھے، اس موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے باعث عمران خان کے خلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج ہوا تھا۔

  • ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع

    اسلام آباد : بینکنگ کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کردی۔

    اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں  چیئرمین پی ٹی آئی عمران کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت سے عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوانے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

    عدالت نے کہا کہ اگر 15 فروری کو عمران خان نہ آئے تو ضمانت خارج کر دینگے، اور اگر 15 فروری کو کوئی نئی درخواست لانے کی بھی کوشش کی گئی تو ضمانت خارج ہوگی۔

    بینکنگ کورٹ کے جج نے کہا کہ عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں، وہ نیچے آئیں حاضری لگوا دیں جس پر وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کو 2سے زیادہ گولیاں لگیں ہیں، عمران خان لاہور سے اسلام آباد کا سفر نہیں کرسکتے۔

    اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیے، غریب آدمی پیش نہ ہو تو اس کی ضمانت منسوخ ہو جاتی ہے، سابق وزیراعظم کو ہمیشہ کیوں عدم پیشی پر توسیع دی جائے۔

    شریک ملزمان طارق شفیع اور فیصل مقبول نے تاریخ تبدیلی کی درخواست دائر کی، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت10 کے بجائے  15 فروری تک ملتوی کردی۔

  • احسن اقبال کی احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت

    احسن اقبال کی احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں آج احتساب عدالت میں پیشی سے معذرت کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

    نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم کورونا وائرس کے باعث مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پیش نہ ہوئے۔

    احتساب عدالت کے جج نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ احسن اقبال کے خلاف ریفرنس کا کیا بنا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ انکوائری مکمل ہے، ریفرنس تیاری کی مراحل میں ہے۔

    عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے احسن اقبال کے خلاف کیس کی سماعت 8 جون تک ملتوی کر دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 23 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو قومی احتساب بیور (نیب) نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں گرفتار کیا تھا۔

    بعدازاں 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں احسن اقبال کی ضمانت منظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کو ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

  • شوگر ملز کیس: مریم نواز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گی

    شوگر ملز کیس: مریم نواز آج نیب لاہور میں پیش ہوں گی

    لاہور: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں آج نیب نے طلب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے مریم نواز سمیت کوٹ لکھپت جیل میں قید نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز کو بھی (آج) 31 جولائی کو طلب کیا ہے۔

    نیب لاہور میں طلب کیے گئے تمام افراد چوہدری شوگر ملز میں کروڑوں روپے کے شیئر ہولڈرز ہیں، اس کیس میں ان کے بھتیجے عبدالعزیز کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    نیب میں پیشی پر مریم نواز سے شوگر ملز سے متعلق سوالات کیے جائیں گے، نیب ذرایع نے آج کی پیشی پر اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    خیال رہے کہ شریف خاندان کے کرپشن کھل کر سامنے آرہے ہیں، رواں سال اپریل میں احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں نامزد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی ہے۔

    رمضان شوگر ملز کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 11 جنوری 2018 کو رمضان شوگر ملز کیس کا ریفرنس مکمل کرتے ہوئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا تھا، بعد ازاں چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

  • مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈید کی نیب کی درخواست خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے معزز جج محمد بشیر نے کی۔

    احتساب عدالت میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفرعباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی تھی، ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق عدالت کا دائرہ اختیار ہے، مریم نواز نے کہا عدالت کا دائرہ اختیارنہیں۔

    معزز جج نے ریمارکس دیے کہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کا معاملہ فرد جرم سے ہدف کردیا گیا تھا، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی درخواست پرمعاملہ فرد جرم سے نکالا گیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا تھا کہ جعلی دستاویزات کا معاملہ فیصلے کے بعد دیکھا جائے گا۔ سردار مظفر عباسی نے ایون فیلڈ ریفرنس کا حکم نامہ عدالت کو پڑھ کرسنایا۔

    احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، غیرمتعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کیا تھا، عدالت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ، مریم نواز 19 جولائی کو طلب

    احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے چھ جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

    فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا تھا اور 13 جولائی کو وطن واپسی پر نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی پر نیب اعلامیہ جاری

    آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی پیشی پر نیب اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی پیشی سے متعلق نیب اعلامیہ میں کہا گیا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سوالات پوچھے جبکہ کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے تحریری سوالنامہ بھی دیا، جوابات کی روشنی میں آئندہ بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی پیشی پر اعلامیہ جاری کردیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا آصف زرداری اور بلاول بھٹو آج نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے، نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 2 گھنٹے سوالات کیے، فی الحال 3 مقدمات میں سوالات کیے گئے۔

    نیب اعلامیہ میں کہا گیا ڈی جی نیب کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نےسوالات پوچھے ، کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم نے تحریری سوالنامہ بھی دیا، جوابات کی روشنی میں آئندہ بلانے یا نہ بلانے کا فیصلہ ہوگا، انکوائری براہ راست چیئرمین نیب کی نگرانی میں ہورہی ہے۔

    یاد رہے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے نیب نے ابتدائی تفتیش مکمل کر لی ہے ، دونوں باپ بیٹا تحقیقات کے لئے اسلام آباد میں نیب کے دفتر میں پیش ہوئے۔ یہ بلاول بھٹو کی کسی بھی تفتیشی ادارے کے روبرو اپنی زندگی کی پہلی پیشی تھی۔

    مزید پڑھیں : پارک لین کمپنی کیس : آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے بیان ریکارڈ کرادیا

    تفتیشی حکام نے دونوں سے الگ الگ کمرے میں پوچھ گچھ کی اور تحریری سوالنامہ بھی دیا۔

    نیب ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو پارک لین کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، پارک لین کیس میں اربوں روپےکی ترسیلات جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی گئیں، آصف زرداری پرپارک لین کمپنی میں 1989 میں فرنٹ مین کے ذریعے خریداری کاالزام ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے 2009 میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کمپنی کے شیئر ہولڈر بنے، دونوں 25 ،25 فیصد کےشیئر ہولڈر ہیں، آصف زرداری بطور کمپنی ڈائریکٹر اکاؤنٹس استعمال کرنے کا اختیار رکھتے تھے جبکہ 2008 میں کمپنی کے دستاویز پر آصف زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط موجود ہیں، پارک لین کمپنی نے قرضوں کی مد بھی بینکوں سے اربوں روپے لیے۔

    ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران آڈیوو یڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی، بلاول بھٹو نے سوالوں کا جواب دینے کے بعد کہا امیدکرتاہوں آئندہ مجھےنیب نہیں بلائےگا، اس دوران آصفہ بھٹو سمیت مرکزی قیادت کو نیب آفس کے ہال میں بٹھایا گیا تھا۔

  • سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    سعودیہ میں‌ قید خواتین رضاکاروں کی پہلی مرتبہ عدالت میں پیشی

    ریاض : سعودی حکام نے انسانی حقوق کےلیے سماجی خدمات انجام دینے والے دس خواتین کو ایک سال قید میں رکھنے کے بعد عدالت میں پیش کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے انسانی حقوق کی علمبردار متعدد خواتین کو ایک برس قبل سعودی حکومت کے خلاف اور خواتین کی آزادی کےلیے آواز اٹھانے پر گرفتار کیا تھا جن میں سے دس رضاکار خواتین کو گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گرفتار خواتین کو سعودی عرب کی کرمنل کورٹ میں پیش کیا گیا، حکام نے عدالت میں غیر ملکی سفیروں اور صحافیوں کے داخلے پر پابندی لگائی ہوئی تھی تاہم مذکورہ خواتین کے اہلخانہ کو عدالت میں آنے کی اجازت تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرمنل کورٹ میں پیش کی گئیں خواتین رضاکاروں میں لجین الھذلول اور عزیزہ الیوسف سمیت دس خواتین شامل تھیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ کا کہنا ہے کہ مذکورہ خواتین کو طویل عرصے سے قید میں رکھا ہوا تھا لیکن ان پر کوئی مقدمہ چلایا جارہا ہے اور نہ ہی نہیں کسی وکیل تک رسائی کا حق حاصل ہے۔

    خیال رہے کہ کچھ ماہ قبل برطانیہ کی انسانی حقوق کی غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سعودی عرب سے متعلق اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا تھا کہ سعودی عرب کے صوبے جدہ کی دھابن جیل میں قید انسانی حقوق کی عملبردار خواتین کو دوران تفتیش جنسی زیادتی، تشدد اور دیگر ہولناک زیادتیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    سعودیہ میں قید خواتین رضاکاروں کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

    ایمنسٹی انٹرنینشل نے اپنی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گرفتار خواتین رضاکاروں کو دوران تفتیش بجلی کے جھٹکے لگائے گئے اور اس قدر کوڑے مارے گئے ہیں کہ متاثرہ خواتین کھڑی ہونے کے بھی قابل نہیں رہیں۔

    جاری رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ تفتیش کاروں نے کم از کم 10 خواتین کو ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تفتیش کاروں نے جبراً ایک دوسرے کو بوسہ دینے پر مجبور کیا گیا۔

  • احتساب عدالت کا آئندہ سماعت پرہرصورت شہبازشریف کو پیش کرنے کا حکم

    احتساب عدالت کا آئندہ سماعت پرہرصورت شہبازشریف کو پیش کرنے کا حکم

    لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہبازشریف میٹنگ اٹینڈ کرسکتے ہیں توعدالت کیوں نہیں آسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں آشیانہ ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت ہوئی، احد چیمہ اور فواد حسن فواد عدالت میں پیش ہوئے، شہبازشریف پیش نہیں ہوئے۔

    احتساب عدالت نے سماعت کے دوران استفسار کیا کہ رمضان شوگرملزکا ریفرنس ابھی تک کیوں فائل نہیں کیا گیا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ریفرنس منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھجوا دیا گیا ہے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ شہبازشریف کیوں پیش نہیں ہوئے، انہیں صحت کامسئلہ ہے یا پی اے سی کی میٹنگ میں ہیں، کیس ایسے تو نہیں چل سکتا۔

    احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہبازشریف کوکس نے اسلام آباد میں رہنے کی اجازت دی، شہبازشریف کومیڈیکل کی اجازت اس لیے نہیں دی وہ عدالت نہ آئیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ شہبازشریف کوپیش کرنا نیب کی ذمہ داری نہیں پولیس کی ہے، احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس کیا کرے وہ تواپنا آپ بچاتی ہے۔

    وکیل شہبازشریف نے بتایا کہ شہبازشریف کو ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہے لمبے سفر سے ڈاکٹرز نے روکا ہے، عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ اس ڈاکٹرکو ہی طلب کرکے رپورٹ کے متعلق پوچھا جائے۔

    احتساب عدالت نے ریمارکس دیے کہ رپورٹ کے مطابق شہبازشریف ٹھیک تھے، لگتا ہے بسترمیں پڑے پڑے بیمارہوگئے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایئرایمبولینس کا انتظام کرلیں گے اگرشہبازشریف کی طبیعت خراب ہے۔

    احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت 16 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو ہرصورت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔