Tag: پیش امام

  • منفرد خراج تحسین: تراویح میں‌ تکمیل قرآن کے بعد پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا

    منفرد خراج تحسین: تراویح میں‌ تکمیل قرآن کے بعد پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا

    رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تراویح میں تکمیل قرآن کے بعد انوکھی تقریب ہوئی جس میں پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا۔

    رمضان المبارک اختتام کے قریب ہے اور مساجد میں تراویح میں تکمیل قرآن کی تقریبات ہو رہی ہیں۔ بھارت میں تکمیل قرآن کے بعد ایک انوکھی روایت کے تحت پیش امام کو سکوں سے تول دیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھی روایت ریاست یوپی کے ضلع اناؤ میں انجام دی گئی، جہاں دادا میاں موڑ پر واقع میناری مسجد میں مولانا محمد ارشاد رضا کو سکّوں سے تولا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق تراویح سے فارغ ہونے کے بعد مسجد میں جلسہ کا انعقاد کیا گیا اور تراویح میں تکمیل قرآن کرانے والے مولانا محمد ارشاد رضا کو تحائف اور اعزازات سے نوازا گیا۔

    مسجد کمیٹی اور اہل محلہ کی جانب سے پیش امام کی تعظیم کرتے ہوئے ان کا سکوں کے ساتھ وزن کیا گیا۔ 65 کلوگرام وزنی مولانا محمد ارشاد رضا کے وزن میں 90 ہزار بھارتی روپے (پاکستانی تقریباً 3 لاکھ روپے) مالیت کے سکے استعمال کیے گئے۔

    اس حوالے سے نائب شہر قاضی مولانا نعیم احمد مصباحی نے کہا کہ مساجد کے امام اور علمائے کرام معمولی تنخواہوں پر کام کرتے ہیں۔ وہ بغیر کسی تعطیل کے سال بھر مساجد کو آباد رکھتے ہیں اور بچوں کو مذہبی تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ ایسے میں ان کی محنت کو پہچاننا اور انہیں عزت دینا بہت ضروری ہے۔

  • وائرل ویڈیو: مسجد میں پیش امام بچوں کے ساتھ بچہ بن گئے، چُھپن چُھپائی کھیلی

    وائرل ویڈیو: مسجد میں پیش امام بچوں کے ساتھ بچہ بن گئے، چُھپن چُھپائی کھیلی

    بچے قوم کا مستقبل اور مسجد جانے والے بچے مستقبل کے نمازی کہے جاتے ہیں ان بچوں کے ساتھ ایک امام مسجد بچہ بن گئے۔

    بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ ابتدا ہی سے دین سے لگاؤ رکھنے والے مساجد جانے والے بچے مستقبل کے نمازی کہے جاتے ہیں اور ترکیہ میں تو مستقبل کے ان نمازیوں (بچوں) کی مساجد میں خوب آؤ بھگت کی جاتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر ترکی کی ایک مسجد کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں امام مسجد کو بچوں کے ساتھ کھیل کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ویڈیو دیکھ کر لگتا ہے کہ امام مسجد خود بچہ بن گئے اور انہوں نے بچوں کے ساتھ چھپن چھپائی اور چور پکڑائی جیسے کھیل کھیل کر ان کا دل بہلایا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے امام مسجد ستون کے ساتھ آنکھیں بند کرکے کھڑے ہوتے ہیں بچے چھپتے ہیں تو یہ انہیں تلاش کرتے ہیں۔

    کچھ دیر بعد گیم کا موڈ تبدیل ہوتا ہے اور چور پکڑائی کھیل میں آگے دوڑتے پیش امام کو پکڑنے کے لیے بچے انکے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    کھیل کے دوران مسرور بچوں کی کلکاریاں گونج رہی ہیں اور پیش امام بھی بچوں کی خوشی میں خوش دیکھے جا رہے ہیں۔

     

    اس خوبصورت ویڈیو کو اب تک ہزاروں صارفین دیکھ چکے ہیں اور پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے بچوں میں مسجد سے محبت پیدا کرنے کے لیے امام مسجد کے بچوں سے گھل مل کر کھیلنے کو سراہ رہے اور دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترکیہ میں چھوٹے بچوں کو مسجد کی طرف رغبت دلانے کے لیے اس طرح کی سرگرمیوں کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے۔

    چند سال قبل ترکیہ کی ایک مسجد میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں ایک مسجد میں 5 سے 8 سال تک کی عمر کے بچوں کو اعتکاف کرایا گیا تھا اور اس ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر دھوم مچائی تھی۔

    اس اقدام کا مقصد بچوں میں اعتکاف کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان میں عبادت کا ذوق وشوق پیدا کرنا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/children-aitekaf-in-turkey-masjid/

  • سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    سکھر: پیش امام کی بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی، عدالت میں پیش

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کے علاقے پنو عاقل میں مسجد کے پیش امام کی بچی کے ساتھ زیادتی کے معاملے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنو عاقل میں دس سالہ بچی افسانہ بنت احسان سمیجو سے زیادتی ہونے کی تصدیق ہو گئی، ملزم شفقت سمیجو کو سکھر کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

    یہ افسوس ناک واقعہ پنوعاقل کے قریبی گاؤں دلدار سمیجو میں ایک ہفتہ قبل پیش آیا تھا، جس میں مسجد کے پیش امام نے دس سالہ بچی افسانہ بنت احسان سمیجو کے ساتھ زیادتی کی تھی۔

    اس سلسلے میں بچی کی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے، واقعے کے ملزم پیش امام شفقت سمیجو کو پولیس نے گزشتہ دنوں گرفتار کیا تھا، ملزم کو آج پولیس نے سکھر کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا، عدالت نے گرفتار ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔

    مزید تفصیل یہاں:  پنو عاقل، 10 سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا معلم گرفتار

    واضح رہے کہ بچی ملزم کے پاس قرآن پڑھنے جاتی تھی جس کے دوران اس نے بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم بچی کے ساتھ زیادتی کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق متاثرہ بچی نے اپنے والدین کو واقعے سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد انھوں نے درخواست دائر کی اور پھر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، متاثرہ بچی اور والد کی تصویر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ہوئی تھی۔

  • قصور: پیش امام کو نفرت انگیز تقریر پر 5سال قید کی سزا

    قصور: پیش امام کو نفرت انگیز تقریر پر 5سال قید کی سزا

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے قصور میں مسجد کے پیش امام کو اجتماع کے دوران نفرت انگیز تقریر کے زریعے انتشار پھیلانے  پر پانچ سال قید کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق قاری ابوبکر پر کورٹ رادھا کشن پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 9 کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔

    عدالت میں پراسیکیوٹر نے بتایا کہ پیش امام کو عوامی اجتماع کے دوران ایک مخصوص مکتبہ فکر کیخلاف نفرت انگیز تقریر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ مذکورہ تقریر کی ویڈیو بھی عدالت کے سامنے پیش کی گئی۔

    اس سے قبل قاری ابوبکر نے الزامات کو مسترد کردیا تھا او کہا تھا کہ وہ اس اجتماع میں موجود ہی نہیں تھے، پیش امام کے وکیل نے اپنے مؤکل کی ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ قاری ابوبکر پر خود ساختہ اور چھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔

    جج ہارون لطیف نے پیش امام کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنا دی۔

    زرائع کے مطابق رواں سال نفرت پھیلانے والی تقاریر کرنے پر 21 افراد کو سزا سنائی جاچکی ہے۔

  • کراچی : فائرنگ سے پیش امام سمیت 4 افراد جاں بحق

    کراچی : فائرنگ سے پیش امام سمیت 4 افراد جاں بحق

    کراچی :شہر میں ٹارگٹ  کلنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے،   فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں مسجد کے پیش امام سمیت چار افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا ۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون دس نمبر میں غوثیہ چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد کے جاں بحق ہوگئے ۔

    مقتولین کی شناخت سید علی اور سلیم کے نام سے ہوئی۔جن کا تعلق سیاسی جماعت سے تھا، صفورا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے اہلسنت والجماعت کے مقامی رہنما اور مسجد کے امام قاری یاسر کو قتل کردیا ۔

    فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔ اہلسنت والجماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا ۔

    دوسری جانب موسمیات کے قریب سے ایک خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے جسے پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔