Tag: پیش رفت

  • 26 نومبر سے قبل بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق پیش رفت کے قریب تھے، بیرسٹر گوہر

    26 نومبر سے قبل بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق پیش رفت کے قریب تھے، بیرسٹر گوہر

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 26 نومبر سے قبل بانی کی رہائی سے متعلق پیش رفت کے قریب تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا ہے کہ 26 نومبر سے قبل بانی پی ٹی آئی کی رہائی سے متعلق پیش رفت کےقریب تھے۔ ابتدائی مذاکرات میں پیش رفت ہو جاتی تو بڑا بریک تھرو ہوتا، لیکن افسوس معاملات آگے نہ چل سکے، تاہم بات چیت کا دروازہ کھلا رکھنا چاہیے۔

    بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ایک ماہ بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آیا ہوں۔ ان سے ملاقات کے نتیجے میں کوئی نہ کوئی حل نکل سکتا ہے۔ اگر ملاقات ہو گئی تو ان سے حکومت کی مذاکراتی پیشکش پر بات کروں گا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں مصافحہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں بات کرنی چاہیے، لیکن عمران خان نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ ان کا موقف تھا کہ اگر حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے تو پہلے کوئی مثبت اقدامات ہونے چاہئیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فوری رہائی ہو۔ اگر رہائی نہیں ہو رہی تو کم سے کم رسائی کا موقع دینا چاہیے۔ آگے بڑھنے کے لیے سختیاں نہیں ہونی چاہئیں۔ بانی سے ملاقات ہوگی تو اسیران کے خط پر بھی گفتگو ہوگی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ فی الحال ہمارا کسی قسم کا کوئی بیک ڈور ڈائیلاگ نہیں چل رہا۔ ہم نے مذاکرات سے راہ فرار اختیار نہیں کی اور تحریک چلانا ہمارا آئینی حق ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے اتحاد نہ ہو سکا لیکن راہیں بھی جدا نہیں کیں۔

    بیرسٹر گوہر نے پنجاب اسمبلی سے پی ٹی آئی کے 26 اراکین کی رکنیت معطلی کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کیا ہم کے پی اسمبلی میں بھی ایسا ہی کریں۔ ہمیشہ آئین اور قانون کا راستہ اپنانا چاہیے اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کو بھی قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔

  • امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت

    امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت

    لاہور: امیر بالاج ٹیپو قتل کیس کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، احسن شاہ کو باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس نے مقتول امیر بالاج ٹیپو کے دوست احسن شاہ کو باقاعدہ گرفتارکرلیا ہے۔ احسن شاہ کو بالاج کی مخبری کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ احسن شاہ قتل ہونے والے امیر بالاج کا قریبی دوست تھا۔ ملزم احسن شاہ کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فائرنگ کرکے امیر بالاج ٹیپو ٹرکاں والے کو قتل اور 2 افراد کو زخمی کرنے والے حملہ آور ٹیم کے سرغنہ کی شناخت ہوئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ امیر بالاج کو قتل کرنے والی ٹیم کے سرغنہ کی شناخت کرلی گئی، سرغنہ کا نام بلاول ہے جس کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق بلاول قتل کے اگلے روز ہی سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی فرار ہوگیا تھا، بلاول نے شادی میں شرکت کیلئے کرائے کی گاڑی لی تھی۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ گاڑی اور ڈرائیور نعمان کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ پولیس نے بلاول کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    امیر بالاج ٹیپو کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔ ملزم مظفر حسین نے شاٹ گن کا لائسنس حاصل کر رکھا تھا اور اپنے لائسنس والے ہتھیار سے ہی امیر بالاج کو قتل کیا۔

    امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی تھی، حملے کے وقت لوگ امیر بالاج کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف تھے۔

  • کرونا وائرس کے خلاف ایک اور دوا کے مؤثر نتائج

    کرونا وائرس کے خلاف ایک اور دوا کے مؤثر نتائج

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے علاج کے لیے مختلف دواؤں اور ویکسینز پر کام کیا جارہا ہے، حال ہی میں ایک اور دوا سے کرونا وائرس کے خلاف مؤثر نتائج سامنے آئے ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کی کرونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیئس ڈیزیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کا کہنا ہے کہ ایک اینٹی وائرل دوا ریمڈسویئر کرونا وائرس کے خلاف مؤثر نتائج دے رہی ہے۔

    یہ اینٹی وائرل افریقہ میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کے وقت تیار کی گئی تھی۔ ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا ہے کہ اس دوا نے ایچ آئی وی ایڈز کے خلاف بھی یکساں نتائج دیے تھے۔

    اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاؤچی نے بتایا کہ اس دوا سے مرض کی شدت کم ہوسکتی ہے جس کے بعد مریض کی جلد صحتیابی کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اس دوا سے مریض کی صحتیابی کے امکان میں 31 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔

    ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ یہ دوا اس انزائم کو بلاک کرتی ہے جو کرونا وائرس استعمال کرتا ہے، تاہم وائرس صرف یہی ایک انزائم استعمال نہیں کرتا چنانچہ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہ مکمل طور پر کرونا کا علاج ثابت ہوسکتی ہے۔

    ان کے مطابق امریکا میں مختلف اسپتالوں میں داخل 1 ہزار سے زائد مریضوں کو یہ دوا استعمال کروائی گئی جبکہ کم از کم 5 یورپی ممالک میں بھی یہ دوا استعمال کروائی گئی ہے جس کے بعد اس کے یہ نتائج سامنے آئے۔

  • ٹی بی کی تشخیص میں برطانوی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت

    ٹی بی کی تشخیص میں برطانوی سائنسدانوں کی اہم پیش رفت

    لندن : برطانوی سائنسدانوں نے تپ دق کی تشخیص میں اہم پیش رفت حاصل کرلی ہے جس سے علاج مزید موثر ہو جائے گا۔

    تفصیلات کےمطابق اوکسفرڈ اور برمنگھم کے سائنس دانوں نے ٹی بی کی تشخیص میں جینوم سیکونسنگ کا طریقہ استعمال کر کے اہم پیش رفت حاصل کر لی ہے۔

    برطانوی سائنسدانوں کی اس اہم پیش رفت کےبعد جن مریضوں کو درست دوا کےانتخاب کے لیےمہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا اب ان کے اندر بیماری پیدا کرنے والے جراثیم کی شناخت چند دنوں کے اندر اندر ہو سکے گی۔

    برطانوی وزیرِ صحت جیریمی ہنٹ کاکہناہے کہ اس پیش رفت سے زندگیاں بچائی جا سکیں گی۔

    خیال رہےکہ برطانیہ میں ٹی بی کےمریضوں کی تعداد میں کمی واقع ہو رہی ہے،لیکن اس کے باوجود انگلینڈ میں اس مرض کی شرح یورپ کےدوسرے ملکوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔


    مزید پڑھیں: پاکستان ٹی بی کا شکار پانچواں بڑا ملک


    سائنس دانوں کےمطابق جینوم سیکونسنگ کی مدد سے وہ ایک ہفتے میں مختلف نمونوں کے اندر ڈی این اے کی شناخت کر سکتے ہیں۔مرض کی جلد تشخیص کی بدولت مریضوں کا علاج جلد شروع کیا جا سکتا ہے۔

    مائیکرو بیالوجسٹ پروفیسر گریس اسمتھ نےکہاکہ ہم یہ معلومات دے سکتے ہیں کہ بیماری پیدا کرنے والے جراثیم کون سے ہیں اور ان پر کون سی ادویات اثر نہیں کرتیں۔

    واضح رہےکہ اس وقت دنیا بھر میں تشویش ہے کہ ٹی بی کے ایسے جراثیم سامنے آ رہے ہیں جن پر اینٹی بیاٹک ادویات اثر نہیں کرتیں۔اس کے باعث اس مرض کو دنیا سے ختم کرنے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں۔

  • سانحہ کوئٹہ میں پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں،چوہدری نثار

    سانحہ کوئٹہ میں پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں،چوہدری نثار

    اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے ذمہ داران کے کچھ سراغ ملے ہیں اور پیش رفت کے بعد کچھ گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں تاہم ابھی کوئی اعلان نہیں کر سکتا.

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیرداخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ سانحہ کوئٹہ میں جائے وقوعہ سے ملنے والی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق اسی دن ہو گئی تھی،انگلیاں پشین کے رہائشی کی تھیں.

    انہوں نے مزید کہا کہ جائے حادثہ سے جو سر کا ایک حصہ ملا وہ اتنا مسخ تھا کہ ڈی این اے نہیں ہو سکتا تھا.

    ا س کے علاوہ جائے وقوعہ سے ملنے والے تصویروں سے بھی ملزم کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم روزانہ کی بنیاد پر معاملے کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں.

    چودھری نثار نے مزید کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں انٹیلی جنس ایجنسوں کی بدولت کافی پیش رفت ہوئی.

    *اسلام آباد سےامریکی شہری گرفتار

    وزیر داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کہا کہ جلد تمام وزرائے اعلیٰ کو بلایا جائے گا.نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات میں سے 9صوبوں سے متعلق ہیں،نیشنل ایکشن پلان پر بننے والی کمیٹی انتظامی ہے.

    چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ امریکی شہری میتھیو کو چوبیس گھنٹے کے اندر ویزا جاری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں،میتھیو کے معاملے پر جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے،سکیورٹی اداروں نے میتھیو کو ممنوعہ علاقے میں گھومتے ہوئے گرفتار کیا.

    واضح رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس سے امریکی شہری میتھیو کو حراست میں لے لیا گیا تھا.