Tag: پیغام

  • مہاتیر محمد نے اپنی 100 سالہ زندگی کا اہم راز بتادیا

    مہاتیر محمد نے اپنی 100 سالہ زندگی کا اہم راز بتادیا

    ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے گزشتہ روز اپنی زندگی کے 100 برس مکمل کرلیے۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے اپنی زندگی کا نصف سے زائد حصّہ سیاست اور عوامی خدمت میں گزارا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم پہلی بار 1981ء میں ملائیشیا کے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے اور اُنہوں نے 2003ء تک ملک کے چوتھے وزیر اعظم کے طور پر امور انجام دیے، اس کے بعد 2018ء کے الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے دوسری بار وزیرِ اعظم کے منصب پر فائز ہوگئے اور 2020ء تک ملک کے ساتویں وزیر اعظم کے طور پربرسر اقتدار رہے۔

    اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم اپنے خاندان کے تمام افراد سے سالگرہ کی مبارکباد موصول کرنے کے بعد اپنا مشہور سفاری سوٹ پہن کر کام کرنے کے لیے اپنے دفتر پہنچے۔

    اُنہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی لائیو پوڈ کاسٹ میں کہا کہ میں ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جو کیک، پھول، محبت بھرے خطوط لے کر مجھے 100 ویں سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لئے پہنچے ہیں۔

    اُنہوں نے زندگی کی ایک سنچری مکمل ہونے پر کہا کہ 100 برس کا ہونا کافی خوفناک ہے۔

    پوڈ کاسٹ کے دوران اُنہوں نے ملائیشیا کی تاریخ کے اہم لمحات پر روشنی ڈالی، فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور چین کے عروج کے بارے میں بھی بات کی۔

    اُنہوں نے کہا کہ میں کوئی راز نہیں جانتا، مجھے لگتا ہے کہ اگر انسان اتنا خوش قسمت ہے کہ مہلک بیماریوں کا شکار نہ ہو تو وہ طویل عرصے تک زندہ رہنے کے قابل ہو سکتا ہے۔ اُنہوں نے لوگوں کو صحت مند رہنے کے لیے کم کھانے کا مشورہ بھی دیا۔

    سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر آپ اچھی طرح سے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو اپنے جسم اور دماغ کو متحرک رکھنے کی ضرورت ہے۔

    مہاتیر محمد کی امریکا اور اسرائیل پر کڑی تنقید

    اُن کا کہنا تھا کہ میں تھوڑی بہت ورزش کرتا ہوں، پڑھنے، لکھنے، بات چیت کرنے اور نتیجہ خیز مباحثوں کے ذریعے اپنے دماغ کو متحرک رکھتا ہوں۔ مہاتیر محمد نے اپنے طویل عمر، اچھی صحت اور کامیابی کا کریڈٹ اپنی 98 سالہ اہلیہ سیتی حسمہ کو بھی دیا۔

    اُنہوں نے اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میری بیوی ہمیشہ میرے ساتھ رہی ہے، وہ صرف ایک بیوی نہیں ہے بلکہ درحقیقت ایک بہترین دوست ہے، وہ میری تمام تر سرگرمیوں میں بھرپور ساتھ دیتی ہے۔

  • ’ٹرمپ کیساتھ جوہری معاہدہ کرو یا اسرائیلی حملے کا خطرہ مول لو‘ سعودی عرب کا ایران کو پیغام

    ’ٹرمپ کیساتھ جوہری معاہدہ کرو یا اسرائیلی حملے کا خطرہ مول لو‘ سعودی عرب کا ایران کو پیغام

    سعودی عرب کے وزیر دفاع نے ایران کو کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جوہری معاہدے پر بات چیت کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیں۔

    رائٹرز کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے گزشتہ ماہ تہران کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ایرانی حکام کو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دو ٹوک پیغام پہنچایا تھا، جس میں انہون نے کہا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جوہری معاہدے پر بات چیت کی پیشکش کو سنجیدگی سے لیں ورنہ اسرائیل حملہ کرسکتا ہے۔

    سعودی وزیر دفاع نے ایرانی حکام کو کہا تھا کہ امریکا سے مذاکرات کی ناکامی کی صورت میں اسرائیل کے حملے کے امکان کا سامنا کرنے سے بہتر ہو گا کہ امریکا کے ساتھ جوہری معاہدہ کر لیا جائے۔

    https://urdu.arynews.tv/saudi-defense-minister-meets-iran-khamenei/

    سعودی وزیر دفاع نے ایران کو پیغام میں مزید کہا تھا کہ پہلے ہی غزہ اور لبنان تنازعات کی زد میں ہے اور یہ خطہ مزید کشیدگی برداشت نہیں کر سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ تہران میں بند کمرہ اجلاس 17 اپریل کو صدارتی احاطے میں منعقد ہوا تھا، جس میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان، مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری اور وزیر خارجہ عباس عراقچی موجود تھے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میڈیا نے وزیر دفاع کے دورے کی کوریج کی تھی لیکن شاہ سلمان کے خفیہ پیغام کو پہلے رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ خالد کا یہ دورہ دو دہائیوں سے زائد عرصے میں سعودی شاہی خاندان کے کسی سینئر رکن کا پہلا دورہ تھا۔

  • افغان کرکٹر نے بابر اعظم کے نام پیغام جاری کر دیا

    افغان کرکٹر نے بابر اعظم کے نام پیغام جاری کر دیا

    افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹر رحمان اللّٰہ گرباز نے بلے کا تحفہ دینے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے نام پیغام جاری کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں افغان بیٹر رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ زبردست کھلاڑی اور شخصیت کی جانب سے بہترین تحفہ ہے، بابر اعظم ایک شائستہ شخصیت کے مالک ہیں۔

    اپنے پیغام میں رحمان اللّٰہ گرباز نے بابر اعظم کا حوصلہ بڑھایا اور لکھا کہ آپ مضبوط رہیں اور چمکتے رہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان افغانستان کے میچ کے بعد بابر اعظم نے اپنا بیٹ رحمان اللّٰہ گرباز کو تحفے میں دیا تھا۔

    واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دی تھی۔

  • ’’کمال ہے یار بچے بڑے اور سمجھدار ہو گئے‘‘ سلمان خان نے یہ پیغام کس کیلیے جاری کیا؟

    ’’کمال ہے یار بچے بڑے اور سمجھدار ہو گئے‘‘ سلمان خان نے یہ پیغام کس کیلیے جاری کیا؟

    بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے مسٹر پرفیکٹ کی صاحبزادی اِرا خان کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ کی ہے۔

    بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے عامر خان کی صاحبزادی اِرا خان کو سراہتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ کی، اِرا خان ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پھیلانے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

    بالی وڈ کے بھائی سلمان خان نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اسٹوری پر نے لکھا کہ ’کمال ہے یار، بچے بڑے ہوگئے، بڑے مضبوط ہوگئے ہیں اور بڑے سمجھدار بھی، خدا آپ پر مہربان ہو بیٹا‘۔

    اِرا خان نے چند سال پہلے ’اگستو فاؤنڈیشن‘ قائم کی تھی جس کا مقصد ذہنی شہریوں کو صحت سے متعلق مدد فراہم کرنا، ان کو بہتر جسمانی صحت اور اپنی ذات میں موجود صلاحیتوں کو درست انداز میں بروئے کار لانے کو فروغ دینا تھا۔

    2021 میں اِرا خان نے اس فاؤنڈیشن کے قیام کا اعلان ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔

  • بیٹے کے انتقال کے بعد عماد عرفانی کا پہلا جذباتی پیغام

    بیٹے کے انتقال کے بعد عماد عرفانی کا پہلا جذباتی پیغام

    پاکستانی اداکار عماد عرفانی نے بیٹے زاویار عرفانی کے انتقال کے بعد ان کی یاد میں پہلی پوسٹ کی ہے۔

    2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد عماد عرفانی نے انسٹاگرام پر بیٹے اور اہلیہ کے ہمراہ بیٹے زاویار کی چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی یاد میں ایک پوسٹ کی۔

    عماد عرفانی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آپ میری زندگی کی بہترین نعمتوں میں سے ایک ہو، آپ  میری بہترین امید تھے  اور ہمیشہ  رہوگے، میں ہمیشہ آپ  سے پیار اور تمہیں یاد کرتا رہوں گا‘۔

    عماد عرفانی کے کمسن بیٹے زاویار انتقال کر گئے

    یاد رہے کہ 15 مئی کو عماد عرفانی کے بیٹے کے انتقال کی خبر ان کی دوست شانزے شیخ کی جانب سے بذریعہ انسٹاگرام اسٹوری دی گئی تھی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Emmad Irfani (@emmadirfani)

     شانزے نے عماد عرفانی کے مداحوں کو ان کے بیٹے کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے  ان سے سورہ  فاتحہ پڑھنے اور والدین کیلئے صبر کی دعا کرنے کی درخواست کی تھی۔

    واضح رہے کہ اداکار عماد عرفانی اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی ان کی اہلیہ اور بیٹے کے ہمراہ چند تصاویر ہی موجود ہیں ۔

  • شہدائے پاک فوج  کے لواحقین کا اپنے خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغام

    شہدائے پاک فوج کے لواحقین کا اپنے خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغام

    شہدائے پاک فوج کے لواحقین نے شہداء ارضِ پاک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار اور عوام کو پیغام دیا ہے۔

    کیپٹن جواد اکرام شہید کی والدہ اور سپاہی عمران شہید کی بیٹی نے شرپسندوں سے سوالات کیے، کہا شہید بچوں کے خون کی ہی لاج رکھ لیتے، شہیدوں کی تصویروں کو کیوں جلاتے ہیں؟

    کیپٹن جواد اکرام شہید کی والدہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے 2 بیٹے شہید ہو چکے، اللہ پاک ان کے درجات بلند فرمائے، مجھے آج بہت ہی دکھی دل کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ مجھے بہت افسوس ہوا کہ جن لوگوں نے بھی ہماری فوجی تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچایا، اس کا مجھے بہت دکھ ہوا‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ کم از کم ہمارے شہید بچوں کے خون کی ہی لاج رکھ لیتے، اتنا ہی سوچ لیتے کہ پاکستان کتنی عظیم قربانیوں سے بنا ہے، ہمارے بچوں نے اس مٹی میں اپنا خون ملایا ہے، اب جب بھی کوئی شہید ہوتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ میرا بیٹا شہید ہوا ہے۔

    سپاہی عمران شہید کی بیٹی نے پیغام دیاکہ ’کیا قصور ہے ان لوگوں کا جنہوں نے وطن کے لئے قربانی دی، ہم یتیم ہو جاتے ہیں تو آپ لوگ شہیدوں کی تصویروں کو کیوں جلاتے ہیں، ہم یتیم آپ لوگوں کے لیے ہوتے ہیں۔

    سپاہی عمران شہد کی بیتی نے کہا کہ میں اپنے بابا سے کہوں گی کہ آپ نے ان لوگوں کے لیے جان دی جو شہیدوں کی تصویریں تک جلا دیتے ہیں، جو شہداء سے محبت نہیں کر سکتے تو آپ نے ان کے لئے جان دی ہے، جب ہم دوسرے بچوں کے ماں باپ کو ان کے ساتھ دیکھتے ہیں تو ہمارے اوپر کیا گزرتی ہو گی؟۔

  • راحت فتح علی خان کا وطن عزیز کی عوام کو خاص پیغام

    راحت فتح علی خان کا وطن عزیز کی عوام کو خاص پیغام

    عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان نے وطن عزیز کی عوام کیلئے خاص پیغام جاری کیا ہے۔

    گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا کہ ہمیں پاک فوج کے احسانات کو نہیں بھولنا چاہیے، کیا جو قربانیاں پاک فوج کے جوانوں نے دیں کیا ہم سویلین دے سکتے ہیں؟۔

    راحت فتح علی خان نے کہا کہ فوج کا دشمن، پاکستان کا دشمن ہے ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔

    راحت فتح علی خان نے مشہور گانا "اے وطن کے سجیلے جوانوں” گا کر شہدائے پاک افواج کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔

  • عمران خان کا مینار پاکستان پر جلسے سے متعلق اہم پیغام

    عمران خان کا مینار پاکستان پر جلسے سے متعلق اہم پیغام

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان پر جلسے سے متعلق اہم پیغام جاری کیا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مینار پاکستان پر اس سال کا پہلا جلسہ کروں گا، میں ساری پاکستانی قوم کو تیار کرنا چاہتا ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ جس نازک موڑ پر پاکستان ہے وہاں مجھے سب پاکستانیوں کی ضرورت ہے، قوم کو بتاؤں گا انہوں نے کس طرح آئین، عدلیہ کیساتھ کھڑے ہونا ہے۔

    آج ہم خفیہ طور پر عدالت آئے، عمران خان کا لاہور ہائیکورٹ میں بیان

    عمران خان نے پیغام میں کہا کہ قانونی کی حکمرانی کے لئے سب نے ساتھ دینا ہے، موجودہ حکومت نے جس دلدل میں پھنسا دیا ہے اس سے نکلنے کا راستہ بتاؤں گا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ مینار پاکستان پر قوم کو وہ پروگرام دوں گا کہ کیسے مشکل وقت سے پاکستان کو نکالنا ہے۔

  • ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    ورلڈ کپ فائنل: پہلا ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کا قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پیغام

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں، پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج پاکستانی ٹیم کے لیے میرا وہی پیغام ہے جو 1992 میں اپنی ٹیم کو دیا تھا۔

    عمران خان نے کہا کہ آج کے دن کا لطف اٹھائیں کیونکہ ورلڈ کپ کھیلنے کا موقع مشکل سے ملتا ہے، آپ جیت جائیں گے اگر خطرہ مول لینے کو تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مخالفین کی غلطیوں کو کیش کر سکتے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں۔ پوری قوم کی دعائیں قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔

  • یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    یوم عاشور: حضرت امام حسینؓ نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا

    اسلام آباد: یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغامات میں کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے ثابت کیا کہ حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل ہے، شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت رہتی دنیا تک عزم و استقلال کی علامت ہے، ہمیں اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا ہوگا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ امام عالی مقام کی شہادت پر امت آج بھی افسردہ ہے، سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول ﷺ نے یزید کے جبر و استبداد اور ظلم و ستم کو ماننے سے انکار کیا، امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی پر ظلم کے سامنے سر نہ جھکایا۔

    انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ امام حسینؓ نے ثابت کیا حق و باطل کے معرکے میں ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیئے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم عاشور 10 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    ملک کے مختلف علاقوں میں سخت سیکیورٹی میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جس میں عزاداران ماتم اور نوحہ خوانی کرتے ہوئے شہدائے کربلا پر ڈھائے گئے مظالم کو یاد کریں گے، جلوسوں کے راستوں میں بڑی تعداد میں نذر و نیاز کا سلسلہ بھی ہوگا۔