Tag: پیٹ

  • 15سالہ لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بالوں کا گچھا نکال لیا گیا

    15سالہ لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بالوں کا گچھا نکال لیا گیا

    چین میں 15سالہ لڑکی کے پیٹ سے 2کلو وزنی بہت بڑا بالوں کا گچھا نکال لیا گیا، لڑکی 6 سال سے اپنے بالوں کو کھانے کی عادت میں مبتلا تھی۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صوبے ہینان کی رہائشی لڑکی نی نی 6 سال سے اپنے ہی بال نگلتی تھی، اچانک اسے پیٹ میں شدید درد ہوا، جس پر والدہ اسے چلڈرن اسپتال لے گئیں، جہاں معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ اس کے پیٹ میں 2 کلوگرام بالوں کا گچھا (ہیئر بال) موجود ہے۔

    ڈاکٹروں نے بتایا کہ 15 سالہ نی نی شدید خون کی کمی (انیمیا کی بیماری) میں مبتلا تھی، اسے مسلسل پیٹ درد کی شکایت تھی جس کی وجہ سے کھانا کھانے سے بھی قاصر تھی۔

    لڑکی کے معدے میں بالوں اور کھانے کے ذرات سے بنا ایک بڑا گولا موجود تھا جو تقریباً پورے معدے میں پھیل چکا تھا اور اس وجہ سے پیٹ کا نظام درست طور پر کام نہیں کررہا تھا۔

    آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے نی نی کے معدے سے 2 کلو وزنی بالوں کا گچھا نکال لیا، سرجری کے وقت معلوم ہوا کہ اس کا معدہ بھی عام سائز سے دگنا پھول چکا ہے۔

    کامیاب آپریشن کے5 دن بعد نی نی نے دوبارہ کھانا پینا شروع کردیا ہے، چیک اپ کے دوران بتایا گیا کہ وہ مکمل طور پر صحتیاب ہو چکی ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ ایک خطرناک بیماری ہے جو ٹرائیکوفگیا (Trichophagia) کہلاتی ہے جس میں مریض ایسی اشیا کھاتے ہیں جو انسانی غذا نہیں ہوتی، مثلاً بال یا شیشہ وغیرہ کھانے کی عادت میں مبتلا ہو تے ہیں۔

    والدین کو ڈاکٹر نے انتباہ دیا ہے کہ اگر بچے ایک ماہ سے زائد عرصے تک غیرغذائی اشیا کھانے کی عادت کو ترک نہ کرسکیں تو فوراً طبی معائنہ کروائیں اور ڈاکٹرز سے مشورہ کریں۔

  • 5 سالہ بچے نے چابی نگل لی

    5 سالہ بچے نے چابی نگل لی

    لاہور میں 5 سالہ بچے نے چابی نگل لی، ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بچے کے پیٹ سے چابی نکال لی۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا سے تعلق رکھنے والے 5 سال کے بچے نے چابی نگل لی تھی جنرل اسپتال کے معالجین نے اینڈوسکوپی پروسیجر سے بچے کے معدے سے چابی نکال لی۔

    انتظامیہ نے بتایا کہ بچے کے والدین اسے لاہور کے جنرل اسپتال لائے جہاں ڈاکٹر نے ضروری ٹیسٹ کیے، ایسوسی ایٹ پروفیسرپیڈیاٹرک ڈاکٹر حسن سلمان کی سربراہی میں ٹیم نے کامیاب پروسیجر مکمل کیا۔

    پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے بچے کی جان بچانے پر ڈاکٹرز کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ جنرل اسپتال کے تمام شعبوں میں اسٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں ہیں۔

  • دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے آئس بھرے کیپسولز برآمد

    دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے آئس بھرے کیپسولز برآمد

    اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 36 آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 36 آئس بھرے کیپسولز برآمدکرلئے۔

    ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم پرواز نمبرکیو آر 0621 کے ذریعے دوحہ کے لئے روانہ ہو رہا تھا،گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ پشین کے علاقے کلی میرجان زئی میں مکان سے 312 کلو گرام افیون برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزم کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

  • ڈاکٹر دوران زچگی خاتون کے پیٹ میں روئی بھول گئے

    ڈاکٹر دوران زچگی خاتون کے پیٹ میں روئی بھول گئے

    تلنگانہ: بھارت کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹر  دوران زچگی خاتون کے پیٹ میں روئی بھول گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے شہر تلنگانہ کے ایک سرکاری اسپتال میں پیش آیا جہاں ڈاکٹروں نے زچگی کے بعد روئی پیٹ میں ہی بھول گئے جس کے کچھ دن کے بعد خاتون کی حالت غیر ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق اہلخانہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حاملہ خاتون کیرتی کے ہاں کچھ دن قبل آپریشن سے بیٹے کی پیدائش ہوئی تاہم آپریشن کے دوران ڈاکٹر  خاتون کے پیٹ میں روئی بھول گئے۔

    رپورٹ کے مطابق گھر منتقل ہونے کے بعد کیرتی کی حالت خراب ہوگئی جس کے بعد اسے دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا، جب ڈاکٹر نے معائنہ کیا تو اس بات کا پتا چلا کہ خاتون کے پیٹ میں روئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دوبارہ آپریشن کے بعد کیرتی کے پیٹ سے روئی نکال لیا گیا جبکہ اب خاتون کی صحت بہتر ہے جبکہ دوسری جانب گھر والوں نے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ایئر پورٹ پر مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد

    ایئر پورٹ پر مسافر کے پیٹ سے منشیات بھرے کیپسول برآمد

    راولپنڈی: لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک مسافر کے پیٹ سے چرس بھرے کیپسول برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اینٹی نارکوٹکس فورس کی منشیات کے خلاف اے این ایف، اے ایس ایف کی ملک گیر کارروائیاں جاری ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک ملزم  کے پیٹ سے 4 چرس بھرے کیپسول برآمد کر لیے گئے ہیں۔

    اس کے علاوہ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی میں ملزم سے 1 کلو 240 گرام آئس برآمد ہوئی ہے، گرفتار ملزم نے برآمد آئس 3 جام کی بوتلوں میں چھپائی رکھی تھی۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے انکے کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

  • ہنستا کھیلتا صحت مند بچہ پیٹ میں درد سے ہلاک

    ہنستا کھیلتا صحت مند بچہ پیٹ میں درد سے ہلاک

    انگلینڈ میں ایک 3 سال کا صحت مند بچہ اچانک پیٹ میں درد اٹھنے کے بعد دم توڑ گیا، ڈاکٹرز کی ایمرجنسی سرجری بھی اسے نہ بچا سکی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 سالہ جوڈ چن نامی بچہ بالکل صحت مند تھا اور طبیعت خرابی سے ایک رات قبل ہنستا کھیلتا بستر پر لیٹا تھا۔

    بچے کی ماں کا کہنا ہے کہ رات میں وہ نیند سے جاگ گیا اور پیٹ میں درد کی شکایت کرنے لگا، پوری رات اسے قے بھی ہوئی۔ اگلی صبح تک وہ غشی کی کیفیت میں جاچکا تھا جس کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا۔

    اہلخانہ کے مطابق ابتدا میں ڈاکٹرز اسے ذیابیطس سمجھے تاہم جب اس کا اسکین کیا گیا تو علم ہوا کہ اس کی آنتوں میں خرابی ہے۔

    ڈاکٹرز نے فوری طور پر اس کی سرجری کی، بعد ازاں 24 گھنٹے تک وہ لائف سپورٹ پر رہا لیکن جانبر نہ ہوسکا اور تکلیف اٹھنے کے صرف 48 گھنٹوں کے اندر دم توڑ گیا۔

    والدہ کا کہنا ہے کہ بچے کو اس سے قبل کوئی طبی مسئلہ نہیں ہوا تھا۔

    ان کے مطابق اسپتال کے عملے نے اس مشکل وقت میں ان سے بہترین سلوک کیا اور بہترین سہولیات مہیا کیں، اب وہ اسپتال کے لیے فنڈز جمع کر رہے ہیں تاکہ جوڈ جیسے دیگر بچوں کی زندگی بچائی جاسکے۔

  • بھارت: 80 سالہ بزرگ کے پیٹ سے 2 ہزار سے زائد پتھریاں نکال لی گئیں

    بھارت: 80 سالہ بزرگ کے پیٹ سے 2 ہزار سے زائد پتھریاں نکال لی گئیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک 80 سالہ بزرگ کے پیٹ میں 2 ہزار سے زائد پتھریاں الٹرا ساؤنڈ میں دیکھی گئیں جنہیں آپریشن کے ذریعے نکالا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کا رہائشی 80 سالہ سری چند کیتھل کے جے پور اسپتال میں ہرنیا کی شکایت لے کر پہنچا تھا۔ الٹرا ساؤنڈ کروانے پر ڈاکٹرز کو علم ہوا کہ ان کے پیٹ میں پتھریاں موجود تھیں جس کے بعد ان کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

    آپریشن کے دوران اسپتال کی ٹیم نے سری چند کے پیٹ سے مجموعی طور پر چھوٹی بڑی 22 سو 15 پتھریاں نکالیں، پتھریاں گننے میں اسپتال کی ٹیم کو ڈیڑھ گھنٹے کا وقت لگا۔

    آپریشن میں شامل ڈاکٹر پوار کا کہنا ہے کہ یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں کسی مریض کے پیٹ سے 2 ہزار سے زائد پتھریاں نکالی گئی ہیں۔

    ان کے مطابق اس سے قبل مغربی بنگال میں ایک شخص کے پیٹ سے 11 ہزار پتھریاں نکالی گئی تھیں، بعد ازاں راجھستان میں بھی ایک مریض کے پیٹ میں 5 ہزار پتھریاں پائی گئی تھیں۔

  • عید کی دعوتیں اڑائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    عید کی دعوتیں اڑائیں لیکن احتیاط کے ساتھ

    عید الاضحیٰ ایک طرف تو سنت ابراہیمی کی تکمیل کرنے اور غریب و نادار افراد کو اپنے دستر خوان میں شریک کرنے کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کا موقع ہے تو دوسری جانب اس روز دوستوں رشتہ داروں سے مل بیٹھنے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔

    جب سب مل بیٹھیں تو مزے مزے کے کھانوں کا اہتمام کیوں نہ ہو، اور عید الاضحیٰ تو ہے بھی مزیدار پکوان بنانے کا نام، تو ایسے موقع پر دستر خوان پر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے۔ لیکن ایسے میں بے احتیاطی آپ کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

    چونکہ عید کے دنوں میں مرغن اور مصالحہ دار پکوان بہت زیادہ کھانے میں آتے ہیں تو ایسے میں معدے اور پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہوجانا ایک عام بات ہے۔ اسی صورتحال سے بچنے کے لیے ہم آپ کو کچھ مفید تجاویز بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر آپ کسی تکلیف میں مبتلا ہوئے بغیر دعوتیں اڑا سکتے ہیں۔

    گرمی سے بچیں

    مرغن اور مصالحہ دار غذائیں معدے پر بوجھ بنتی ہیں اور یہ امکان اس وقت اور بھی بڑھ جاتا ہے جب موسم گرم ہو۔ گرمیوں کے موسم میں عید کے روایتی پکوان جیسے قورمہ، بریانی، کڑاہی وغیرہ میں مصالحوں اور تیل کی مقدار کم رکھی جاسکتی ہے۔

    پانی ساتھ رکھیں

    دن کے وقت عزیز و اقارب سے ملنے کے لیے یا سیر و تفریح کے لیے نکلتے ہوئے یا پھر قربانی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے سخت مصروفیت کے دوران پانی پینا نہ بھولیں۔ دن بھر کی مصروفیت میں پانی کی کمی طبیعت خرابی کا باعث بن سکتی ہے۔

    سلاد ضرور کھائیں

    اگر آپ خاتون خانہ ہیں اور اپنے گھر میں ایک شاندار سی دعوت کا اہتمام کر رہی ہیں تو سلاد کو مینیو کا لازمی جز رکھیں۔ مختلف سبزیوں پر مشتمل سلاد یقیناً کھانے کی تیزی کو کم کرنے میں مدد دے گا۔

    کولڈ ڈرنک سے گریز

    کھانے کے ساتھ کولڈ ڈرنک رکھنے سے گریز کریں۔ اس کی جگہ فریش جوسز رکھے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کسی کے گھر مہمان بن کر گئے ہیں تو کھانے کے بعد کولڈ ڈرنک کی جگہ ٹھنڈا پانی پئیں۔

    گو کہ ڈبے کے جوسز صحت بخش تو نہیں ہوتے تاہم یہ سوڈا ڈرنک سے بہتر ہوتے ہیں۔ کولڈ ڈرنک آپ کے معدے کو سخت نقصان پہنچانے والی شے ہے۔

    پھلوں کا استعمال

    دعوت میں کھانے کے بعد پھلوں سے بنا ہوا میٹھا دعوت کا مزہ دوبالا کردے گا اور طبیعت پر بوجھ بھی نہیں بنے گا۔

    دال اور سبزی بہترین

    عید کی تعطیلات میں جس دن کوئی دعوت نہ ہو اس دن کم مصالحوں کی سبزیاں یا دال چاول بنائیں۔ یہ سادہ کھانا مسلسل کھائے جانے والے مرغن کھانوں کے منفی اثرات سے نمٹنے میں مدد دے گا۔

    ہوسکتا ہے آپ مسلسل دعوتوں میں مرغن کھانے کھا کر اکتا چکے ہوں ایسے میں سادہ دال چاول اور سلاد آپ کے منہ کا ذائقہ بدلنے میں مدد دے گا اور آپ اس سادے کھانے کو آج سے پہلے کبھی اتنا لذیذ محسوس نہیں کرسکے ہوں گے۔

    دہی بہترین شے

    عید کی تعطیلات میں گھر پر رہتے ہوئے دہی اور لسی کو اپنے کھانے کا حصہ بنا لیں۔ یہ آپ کو گرمی کے اثرات سے بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔

    ورزش کریں

    دن کے آخر میں سونے سے قبل کھلی ہوا میں چند منٹ کی چہل قدمی نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی اور آپ کے جسمانی نظام کو معمول کے مطابق رکھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔

  • پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    پیٹ میں منشیات بھرکر اسمگلنگ کی کوشش موت کا پروانہ ثابت ہوئی

    میکسیکو سٹی : ٹوکیو کا سفر کرنے والے شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کولمبیا کے شہر بگوٹا سے جاپان کے شہر ٹوکیو کا سفر کرنے والا شخص کے معدے اور آنت میں کوکین کے 246 پیکٹس ہونے کے باعث اس کی موت ہوگئی جس کی وجہ سے جہاز کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

    سونورا کے پراسیکیوٹر آفس کا کہنا تھا کہ 42 سالہ ادھیڑ عمر شخص کی شناخت اس کے نام کے پہلے حرف ’این‘ سے کی گئی جس کی تکلیف کے باعث کولمبیا سے اڑنے والی کمرشل پرواز کو میکسکو میں اتارا گیا۔

    بیان میں بتایا گیا کہ ’فضائی میزبانوں نے دیکھا کہ ایک شخص درد سے تڑپ رہا ہے جس پر انہوں نے ہرموسلو سونورا میں ہنگامی طور پر جہاز اتارنے کی درخواست کی، 2 بج کر 25 منٹ پر جیسے ہی جہاز اترا مذکورہ شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا، جس کے بعد ہونے والے پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی کہ مرنے والے شخص نے کوکین کے 246 پیکٹس نگل رکھے تھے، ہر پیکٹ کا سائز تقریباً ڈھائی سینٹی میٹر تھا۔

    پراسیکیوٹر کے مطابق منشیات کے زائد استعمال کے باعث اس کے دماغ میں سوجن ہوگئی تھی، جو اس کی موت کی وجہ بنا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ بعدازاں مذکورہ شخص کو لے جانے والے جہاز ایئرو میکسیکو، جس میں 198 مسافر تھے، سے بین الاقوامی پروٹوکول کے مطابق لاش ہٹا کر پرواز بحال کردی گئی۔

    واضح رہے کہ منشیات کو انسانی جسم کے اندر خالی حصوں میں چھپا کر اسمگل کرنے کا طریقہ منشیات فروشوں میں بہت مقبول ہے۔