Tag: پیٹرولیم سیکٹر

  • پیٹرولیم سیکٹر سے اچھی خبر آگئی

    پیٹرولیم سیکٹر سے اچھی خبر آگئی

    کراچی: پیٹرولیم سیکٹر سے اچھی خبر ہے کہ فرنس آئل کی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرنس آئل کی ایکسپورٹ جنوری میں 189 ہزار ٹن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، جنوری 2025 میں ماہانہ تیل کی ایکسپورٹ جنوری 24 کے مقابلے میں 113 فیصد اور گزشتہ سال دسمبر کے مقابلے میں 47 فیصد بڑھی ہے۔

    فرنس آئل ایکسپورٹ 89 ہزار ٹن سے بڑھ کر 189 ہزار ٹن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    نیپتھا کی برآمدات میں بھی 189 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے، مالی سال 2025 کے سات ماہ میں ایکسپورٹ میں سالانہ 63 فیصد اضافہ ہوا، مجموعی ایکسپورٹ 895 ہزار ٹن ہوگئی۔

    واضح رہے کہ ایشیائی مارکیٹ میں جمعہ کے روز تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جو تین ہفتوں کی مسلسل گراوٹ کے بعد بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ اس کی وجہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی طلب اور اس توقع کو قرار دیا جا رہا ہے کہ امریکہ کے عالمی جوابی ٹیرف اپریل تک نافذ نہیں ہوں گے جس سے تجارتی جنگ سے بچنے کے لیے مزید وقت مل جائے گا۔

    برینٹ فیوچر 23 سینٹ یا 0.3 فیصد اضافے سے 75.25 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 16 سینٹ یا 0.2 فیصد بڑھ کر 71.45 ڈالر فی بیرل پر جاپہنچا۔

    ہفتے کے دوران، برینٹ میں تقریباً 0.6 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 0.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

  • وزیر اعظم کی ہدایت پر کاروبار میں آسانی کے لیے ایک اور اہم اقدام

    وزیر اعظم کی ہدایت پر کاروبار میں آسانی کے لیے ایک اور اہم اقدام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کی مہم جاری ہے اور اس کے تحت پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کار کمپنیوں کو بڑا ریلیف دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی پیداوار اور تلاش کے لیے پالیسی میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی، ترامیم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم انرجی ٹاسک فورس نے تجویز کی تھیں۔

    ترامیم کے بعد طے شدہ مدت میں کام مکمل نہ کرنے والی کمپنی کو حکومتی دباؤ کا سامنا نہیں ہوگا۔ کمپنی کی درخواست پر ورک لائسنس میں 2 سال تک کی توسیع مل سکے گی، کمپنی بغیر دباؤ کے تیل کی تلاش کا کام جاری رکھ سکے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے ترامیم کے تحت 25 سال تک لیز حاصل کرنے والی کمپنیوں کو بھی سہولت دے دی گئی ہے، لیز کی مدت مکمل ہونے پر 5 سال کی مزید توسیع ملے گی۔

    مذکورہ فیصلہ کمرشل پروڈکشن بڑھانے کے تناظر میں کیا گیا ہے، تاکہ تیل کی پیداوار اور تلاش کا کام بلا تعطل جاری رہ سکے۔

    خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاکستان پیٹرولیم نے سندھ اور بلوچستان میں تیل اور گیس کی بڑی دریافت کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ خیرپور سندھ میں 2 کروڑ 86 لاکھ کیوبک فٹ گیس دریافت ہوئی اور کنویں سے یومیہ 152 بیرل تیل بھی حاصل ہوگا۔

    پی پی ایل کو مرکنڈ بلوچستان سے بھی گیس اور تیل کا بڑا ذخیرہ دریافت ہوا تھا، مرکنڈ کنویں سے ایک کروڑ 7 لاکھ کیوبک فٹ گیس اور اس کنویں سے 132 بیرل یومیہ تیل کی بھی دریافت کا اعلان کیا گیا تھا۔