Tag: پیٹرولیم مصنوعات

  • آئی بی  کا خط جعلی ہے، حکومت کو بدنام کیا گیا، ایف آئی آر درج کرادی، وزیراعظم

    آئی بی کا خط جعلی ہے، حکومت کو بدنام کیا گیا، ایف آئی آر درج کرادی، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مدمقابل پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہیں، آئی بی کا لیٹر جعلی ہے، کسی نے جاری کیا تحقیقات جاری ہیں، ایف آئی آر درج کرادی۔

    قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین فارمولے کے تحت ہوتا ہے، دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم قیمتیں اس وقت دنیا میں سب سے کم ہیں، پیٹرولیم قیمتیں پڑوسی ممالک میں پاکستان سے 30 فیصد زائد ہیں۔

    انہوں نے آگاہ کیا کہ اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت 20 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی لیکن ہم نے صرف 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔

    آئی بی لیٹر جعلی ہے، حکومت کو بدنام کیا گیا، ایف آئی آر درج کرادی، وزیراعظم

    آئی بی لیٹر کے معاملے پر وزیراعظم نے کہا کہ آئی بی اور حکومت کو بدنام کرنے کے لیے یہ بات پھیلائی گئی، آئی بی لیٹر میں جن ارکان اسمبلی کا نام آیا، وہ شکایت داخل کردیں، تحقیقات کررہے ہیں، آئی بی کو ہدایت دی ہے کہ اس جعلی ڈاکیومنٹ کے خلاف ایف آئی آر درج کرے کہ اس کے نام پر ایسی دستاویز کیسے نکلی؟ ایف آئی آر درج ہوچکی پیمرا بھی اس پر کارروائی کررہا ہے ایسے جعلی دستاویز سے حکومت اور ایوان کا وقار مجروح ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ خط سامنے آنے پر کابینہ کو یقین دلایا کہ وزیراعظم ہاؤس سے کوئی خط جاری نہیں ہوا،جعلی خط کس نے بنایا اس کی تحقیقات ہورہی ہیں لیکن ہماری تحقیقات کا ہدف میڈیا نہیں،میڈیا کے معاملے پر پیمرا کا فورم موجود ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ کچھ ارکان پارلیمنٹ نے تحریک استحقاق پیش کی ہے، اسپیکر قوانین کے مطابق کارروائی کریں۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں ہوشربا اضافہ

    کراچی: محرم الحرام میں سوگ مناتی عوام کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک اور صدمے سے دو چار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے اضافہ کردیا گیا ہے۔

    کل یکم اکتوبر سے اطلاق ہونے والی ان قیمتوں میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے، جبکہ پیٹرول،لائٹ اسپیڈ اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد اب پیٹرول کی موجودہ قیمت 73.5 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام مزید مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش

    اوگرا کی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش

    اسلام آباد : اوگرا نے وزارت پیٹرولیم سے پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا نے یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری وزارت پٹرولیم کوارسال کردی ہے۔

    ارسال کی جانے والی سمری میں پٹرول کی قیمت 3روپے67پیسے کمی کے بعد67روپے63پیسے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت74روپے83پیسے کرنے اور مٹی کے تیل کی قیمت13روپے اضافے سے57 روپے کرنے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت10روپے1پیسے اضافے سے54روپے1پیسے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات ایک بارپھرمہنگی کرنے کی تیاری

    پیٹرولیم مصنوعات ایک بارپھرمہنگی کرنے کی تیاری

    اسلام آباد : اُوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات دو سے ساڑھے سترہ روپے فی لیٹرتک مہنگی کرنے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال کردی ، پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے اور مٹی کا تیل ساڑھے سترہ روپے فی لیٹر تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر ایک اُور وار کرنے کی تیاری کرلی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری ارسال کردی ہے۔

    سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل دو روپے اٹھارہ پیسے۔ پیٹرول تین روپے فی لیٹر اُور مٹی کےتیل کی قیمت ساڑھےسترہ روپے فی لیٹر تک بڑھانےکی تجویز دی گئی ہے۔

    لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 10روپے94 پیسےفی لیٹر اضافےکی سفارش کی گئی ہے۔ وزارت پٹرولیم وزارت خزانہ سی مشاورت کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ آج منگل کو کریگی۔

    نئی قیمتوں کا اعلان وزیرخزانہ اسحاق ڈار کریں گے، جس کے بعد یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات نئی قیمتوں پر فروخت کی جائیں گی۔

  • پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹراضافہ

    پیٹرول اورڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹراضافہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک ایک روپیہ اضافہ کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے تاہم لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت برقرار رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں نہ بڑھانے کی وجہ سے حکومت ان مصنوعات پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ وزارت پیٹرولیم ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 91 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے اضافہ تجویز کیا گیا تھا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پنجاب اسمبلی میں گرما گرمی

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پنجاب اسمبلی میں گرما گرمی

    لاہور : پنجاب اسمبلی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر بحث کے دوران اراکین نے خوب شورشرابہ کیا، اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ پی ٹی آئی نے اضافے کیخلاف قرارداد جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک ماہ میں دوسری مرتبہ عوام پر پیٹرول بم گرا تو اس کی گونج پنجاب اسمبلی تک پہنچ گئی، اپوزیشن اراکین نے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر مذمتی قرارداد پیش کی۔

    قرارداد میں یہ مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اور پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کی شرح کو بھی کم کیا جائے، اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی محمود الرشید کا کہنا تھا حکومت دن بہ دن مہنگائی بڑھا رہی ہے۔

    قرارداد پر اپوزیشن جماعت اورحکومتی ارکان کے درمیان بحث چھڑگئی، بحث بڑھی تو اراکین نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی، اس دوران اپوزیشن جماعت نشستوں سے کھڑی ہوگئی اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے یٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان کیا ہے، مذکورہ اضافہ ایک ماہ میں دوسری مرتبہ کیا ہے، عوام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ کرکے حکمران صرف اپنی جیبیں بھر رہے ہیں اور ان کو غریب عوام کا کوئی خیال نہیں۔

  • یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے اضافے کا امکان

    یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے اضافے کا امکان

    اسلام آباد : خام تیل کی قیمت میں اضافے کے اثرات سامنے آنے والے ہیں۔ یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے تک اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے  آئندہ ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اوگرا پٹرولیم مصنوعات قیمتوں کی سمری 28 اپریل کو وزارت پٹرولیم کو ارسال کرے گی۔

    اضافے کی وجہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمت بتائی جا رہی ہے، جبکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت چالیس ڈالر کے قریب ٹریڈ کر رہی ہے۔

    اوگرا ذرائع کے مطابق یکم مئی سے پیٹرول دو روپےسرسٹھ پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل تین روپے فی لیڑ مہنگا ہوسکتا ہے۔ تاہم ہائی آکٹین، مٹی کے تیل اورلائٹ ڈیزل کی قیمت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق قیمتوں میں اضافہ اضافی جی ایس ٹی کے باعث متوقع ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھیپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تین روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔

     

  • پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں5 فیصد اضافہ ریکارڈ

    پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں5 فیصد اضافہ ریکارڈ

    اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث رواں مالی سال پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں پانچ فیصد اضافہ ریکارڈگیا۔

    رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ایک کروڑ اڑتالیس لاکھ ٹن رہی ،آئل مارکیٹنگ کمپنیز ذرائع کے مطابق زیر غور عرصے میں پیٹرول کی فروخت میں چوبیس فیصد جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت میں تین فیصد کااضافہ ہوا۔

    آٹھ ماہ کے دوران چھتیس لاکھ ٹن پیٹرول اور اڑتالیس لاکھ ٹن ڈیزل فروخت ہوا، معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث فروخت میں مزید اضافہ ہوگا۔

  • آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بند کرنے کا اعلان

    آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بند کرنے کا اعلان

    کراچی: آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس نظام کیخلاف یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پیر کوکراچی میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ٹیکس سسٹم کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کےصدر محمد اسلم نےکہا کہ حکومت خدمات پر ٹیکس اور ٹیکس نظام میں موجوددیگرخامیوں کو ختم کرے۔ورنہ یکم اکتوبر سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات اور پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی فراہمی بند کر دی جائیگی۔

    سپریم کونسل آف ٹرانسپورٹرز اور یونائیٹڈ گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوس ایشن کےرہنماوں کاکہنا تھا کہ حکومت ناجائز طور پر ٹرانسپورٹرز پر عائد کردہ نئے اور پرانے ٹیکس فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کرے۔

    ان کا کہناتھا کہ اگر حکومت نے ان تمام ٹیکسوں کو تیل کی قیمتوں میں شامل کیا تو ملک بھر میں پہیہ جام کر دیں گے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات 6 سے13 روپے فی لیٹر تک مہنگی ہونے کا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات 6 سے13 روپے فی لیٹر تک مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: حکومت نےعوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری کرلی، پیٹرولیم مصنوعات چھ سے تیرہ روپے فی لیٹر تک مہنگی کی جاسکتی ہیں، آخری فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔

    بجٹ میں عوام پر اربوں کا بوجھ ڈالنے کیلئے تیار وزارتِ خزانہ رواں مالی سال کے جاتے جاتے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرکے ٹیکس ریونیو کا شارٹ فال عوام سے وصول کرنا چاہ رہی ہے۔

    تیل مصنوعات مہنگی کرنے کی سمری وزارتِ پیٹرولیم کو ارسال کردی گئی ہے، جس میں یکم جون سے پیٹرول 6روپے 19پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7روپے 91 پیسے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے، مٹی کےتیل کی قیمت 6 روپے53 پیسے فی لیٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے، ہائی آکٹین 13روپے 25 پیسے فی لیٹرمہنگا کرنے کی تجویزہے۔

    لائٹ ڈیزل 7روپے 62 پیسے فی لیٹرمہنگا کیا جاسکتا ہے۔

    اُوگرا نےحکومت سے پیٹرولیم لیوی کم کر کے قیمتیں برقرار رکھنی کی سفارش بھی کی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمتوں کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد ہوگا۔