Tag: پیٹرولیم مصنوعات

  • ‘لاک ڈاؤن میں پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89 پیسے تک کی کمی،  یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت’

    ‘لاک ڈاؤن میں پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89 پیسے تک کی کمی، یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت’

    لاہور : وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کےدوران پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89پیسے فی لیٹر تک کمی کی گئی ، یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم کی ہدایت پر حکومت نےلاک ڈاؤن کےدوران قیمتوں میں کمی کی، لاک ڈاؤن کےدوران پیٹرولیم مصنوعات میں 56روپے89پیسےفی لیٹرتک کمی کی گئی، 2 ماہ میں پیٹرول37 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 42 روپےفی لیٹر سستا کیا جا چکا ہے،یہ ہوتی ہے عوام کی خدمت۔

    یاد رہے گذشتہ روز حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مزید 7 روپے 6 پیسے کمی کا اعلان کیا، جس کے بعد نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی، وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 5پیسے اضافے کےساتھ80روپے 15 پیسے جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت گیارہ روپے 88 پیسے کمی کے بعد 35روپے 56 پیسے ہوگئی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سےکم قیمت پر پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے، وزیراعظم

    اسی طرح لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے فی لیٹر کم ہو کر 38 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگیا۔

    بعد ازاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان پر وزیراعظم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیدکمی کر دی ہے، پاکستان جنوبی ایشیا میں سب سےکم قیمت پر پٹرول فروخت کرنے والا ملک ہے، بھارت میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں ہم سے2گنا زیادہ ہیں جب کہ بنگلادیش، سری لنکا اورنیپال میں قیمتیں 50سے75 فیصد زائد ہیں۔

  • پٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کیلیے بڑی خوشخبری

    پٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کیلیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : پٹرول کی فی لیٹرقیمت میں 7  روپے6 پیسے کمی کا امکان ہے ، اوگرانے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کےبعدپاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے، آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ نے ارسال کردی۔

    سمری میں پٹرول کی فی لیٹرقیمت میں سات روپےچھ پیسے کمی اور مٹی کےتیل کی فی لیٹرقیمت میں 11 روپے88پیسے کی کمی کرنےکی تجویزدی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل بھی 9روپے37 پیسےسستاکرنے اور ڈیزل 5 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے۔

    سمری کی منظوری کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت80 روپے 10پیسے، پٹرول کی نئی قیمت 74روپے52 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت35روپے56 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 38روپے 14پیسے ہونے کا امکان ہے۔

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کاحتمی فیصلہ وزارت خزانہ ،وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سےہوگا۔

    انڈسٹری ماہرین کےمطابق کورونا وائرس کے باعث عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، جس کے بعد مقامی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں، حکومت کا ایک اور بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں واضح کمی کے پیش نظر قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    پٹرولیم انڈسٹری ذرایع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 5 سے 10 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا کے باعث ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، وزیر اعظم نے ایک اور اہم ہدایت جاری کر دی

    یکم مئی کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 82 روپے پیسے ہو گئی تھی، پٹرولیم انڈسٹری ذرایع کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں مزید 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کا امکان ہے، جو لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کے لیے بڑی خوش خبری ہوگی۔

    مارچ کے آخر میں بھی وزیر اعظم عمران خان کے معاشی پیکج کے تحت وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 96 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 107 روپے 25 پیسے جب کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 77 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے، بلکہ رمضان اور عید پر مزید مہنگائی دیکھی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے 2 مئی کو صوبوں کو اس سلسلے میں ہدایت کی تھی کہ اب مہنگائی میں بھی کمی لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام تک اس کمی کے اثرات پہنچ سکیں۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، وزیر اعظم نے ایک اور اہم ہدایت جاری کر دی

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، وزیر اعظم نے ایک اور اہم ہدایت جاری کر دی

    اسلام آباد: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے متعلق وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور اہم ہدایت جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر وزیر اعظم نے اہم قدم اٹھا لیا، انھوں نے صوبوں کو مہنگائی میں مزید کمی لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کر دی۔

    وزیر اعظم نے اس سلسلے میں پنجاب اور خیبر پختون خواہ کی صوبائی حکومتوں کو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ثمر عام افراد تک پہنچایا جائے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئل پرائسز بڑھنے پر بلا تاخیر مہنگائی کی جاتی رہی ہے، اب تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی یقینی بنائی جائے۔ انھوں نے صوبوں کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ناجائز منافع خوری کے خلاف ایکشن لیا جائے، اور ہر صورت قیمتیں کم کروائیں، بہ صورت دیگر سخت ایکشن لیں۔

    وفاقی حکومت کا غریب کو ریلیف، پیٹرول کی قیمت میں‌ 15 روپے فی لیٹر کمی

    ذرایع وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو بھی پیغام پہنچا دیا گیا ہے، جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں قیمتوں میں کمی کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، وزیر اعظم کی ہدایت ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہ راست فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے۔

    یاد رہے حکومت کی جانب سے مئی کے لیے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے ہو گئی ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 27 روپے 15 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد فی لیٹر قیمت 80 روپے 10 پیسے ہو گئی ہے۔ مٹی کا تیل 30 روپے سستا کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 47 روپے 44 پیسے ہو گئی ہے، لائٹ ڈیزل 15 روپے سستا ہو کر 47 روپے 51 پیسے فی لیٹر تک آ گیا ہے۔

  • پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی عمل دخل نہیں: نمائندہ آئی ایم ایف

    پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی عمل دخل نہیں: نمائندہ آئی ایم ایف

    اسلام آباد: انٹرنیشل مانیٹری فنڈ کی پاکستان میں مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی عمل دخل نہیں، اگر حکومت پیٹرولیم لیوی کم نہیں کرتی تو یہ اس کا فیصلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی پاکستان میں مقیم نمائندہ ٹریسا ڈبن نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کرونا وائرس کے باعث چیلنجز کا سامنا ہے، آئی ایم ایف اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر 50 ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

    ٹریسا ڈبن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کرونا کے خلاف بروقت اقدامات کیے ہیں، کرونا سے پہلے معاشی اصلاحات اور اقدامات کیے جارہے تھے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن تھی، پاکستان میں ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہو رہا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد پاکستانی معاشی شرح نمو میں کمی متوقع ہے، رواں مالی سال افراط زر کی شرح 11.3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، پاکستان کے اخراجات میں 700 ارب روپے تک کا اضافہ ہوسکتا ہے، ٹیکس وصولیوں میں 900 ارب تک کمی متوقع ہے۔

    ٹریسا ڈبن کا کہنا تھا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے 1.4 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی، پاکستان کے لیے ریپڈ فنانس کی منظوری دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں کوئی عمل دخل نہیں، اگر حکومت پیٹرولیم لیوی کو کم نہیں کرتی تو یہ اس کا فیصلہ ہے، پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے دوست ملکوں کے قرضے واپس کر سکتا ہے۔

  • کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی

    کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی

    کراچی: ملک میں کرونا وائرس کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے، گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 55 فی صد کمی آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیزل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 31 فی صد کمی ہوئی، فرنس آئل کی فروخت میں گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں 62 فی صد کمی ہوئی۔

    مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 40 فی صد کمی ہوئی، مارچ کے آخری 15 روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 26 ہزار ٹن یومیہ رہی، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 13 فی صد کی کمی آئی۔

    ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 20 ڈالر فی بیرل تک ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا، تاہم آج خام تیل کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، امریکی خام تیل کی قیمت میں 4.7 فی صد اضافے کے ساتھ 21 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔

    برینٹ خام تیل کی قیمت ڈیڑھ فی صد اضافے کے ساتھ 26 ڈالر 83 سینٹ فی بیرل ہوگئی ہے۔ آئل انڈسٹری ماہرین کےمطابق کرونا وائرس کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی عالمی طلب میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سعودی عرب اور روس کے درمیان جاری قیمتوں کی جنگ بھی قیمت میں کمی کا باعث بن رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث آئل امپورٹنگ ممالک کے لیے کافی آسانی ہو جائےگی۔

  • سندھ حکومت کا  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30روپے کمی کا مطالبہ

    سندھ حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30روپے کمی کا مطالبہ

    کراچی : سندھ حکومت نے وفاق سےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں30روپےکمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا عالمی سطح پرکمی کے بعد پاکستان  میں پیٹرول 70روپے لیٹر ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کا وفاق سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ سامنے آگیا، وزیر زراعت سندھ محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومت 28روپے لیٹر پیٹرول خرید کر عوام کو111روپےمیں بیچ رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے تک کی کمی کی جائے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول مصنوعات میں20فیصدسےزائدکمی آئی، جس کا فائدہ عوام کو نہیں دیا گیا، وفاقی حکومت عوام کو رلیف دینے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟

    صوبائی وزیر نے کہا عالمی منڈی میں پیٹرو لیم مصنوعات سستا ہونےکہ بعد پاکستان میں پیٹرول 70روپے لیٹرہوناچاہیے، پیٹرول مصنوعات میں حکومت نے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جبکہ دوسرے ممالک نے ریلیف دے دیا۔

    مزید پڑھیں : عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ،حکومتی اتحادی جماعت نے بڑا مطالبہ کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول سستا ہونے سے مہنگائی کم ہوجائے اور پاکستان کی معیشت میں بہتری آئے گی، سپریم کورٹ نے 2013 میں تیل کی مصنوعات پر ٹیکس منسوخ کر دیے تھے اور کہا تھا کہ انہیں پارلیمان سے منظور کرایا جائے۔

    گذشتہ روز حکومتی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا عوام کی تکالیف کم کریں اور پٹرولیم مصنوعات پر بھر پور ریلیف دیں۔

    خیال رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے ، گذشتہ روزخام تیل کی قیمت ساڑھےاکتیس فیصدگرنےکےبعدتیس سال پرانی سطح پرآگئی تھی۔

    آج ایشیائی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت میں ساڑھےسات فیصد کا اضافہ دیکھنےمیں آیا، برینٹ خام تیل کی قیمت دوڈالرباون سینٹس اضافےکےساتھ چھتیس ڈالرستاسی سینٹس فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت دوڈالرسترہ سینٹس اضافےکےساتھ تینتیس ڈالرتیس سینٹس فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی

    اسلام آباد: رواں مالی سال 20-2019 کے پہلے پانچ ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 21.79 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات کا حجم 5 ارب 11 کروڑ ڈالر رہا۔ یہ حجم گزشتہ مالی سال کے اس عرصے میں 6 ارب 53 کروڑ ڈالرتھا۔

    اعداد و شمار کے مطابق خام تیل کی درآمدات میں 28 فیصد اور گیس کی درآمدات میں 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم ایل پی جی درآمدات میں 32 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی درآمدی بل میں بھی کمی کا باعث بنے گی۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایک موقع پر مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا تھا کہ سال 2018 کی نسبت 2019 میں برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا جبکہ درآمدات 4 ارب ڈالر کم ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مقدار کے لحاظ سے ہماری برآمدات 29 فیصد بڑھ گئی ہیں، گرے کلاس میں اضافہ ہوا، چین بھی پاکستان کی 313 مصنوعات کو ڈیوٹی فری کر رہا ہے، درآمدات میں بھی ہماری پوزیشن اچھی ہے۔

  • خلیجی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر

    خلیجی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر

    دوحہ: نئے سال کے آغاز پر خلیجی ممالک نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں مقرر کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات، قطر اور عمان نے پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ مقرر کردیے جس کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوچکا ہے، البتہ سعودی عرب نے اب تک ایسا فیصلہ نہیں لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عوام کے لیے خوش خبری یہ ہے کہ عمان اور قطری حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا، نرخ وہی رہیں گے جو گزشتہ سال دسمبر میں تھے البتہ دیگر مصنوعات میں جزوی تبدیلی دیکھی گئی۔

    سعودی آئل کمپنی (آرامکو) نے ’’91 پیٹرول‘‘ فی لیٹر ڈیڑھ ریال جبکہ ’’95 پیٹرول‘‘ فی لیٹر 2 ریال 5 ہللہ مقرر کررکھا ہے۔

    قطر اور عمان سے پہلے متحدہ عرب امارات نے مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کیا۔

    خلیجی ممالک میں پیٹرولیم مصنوعات کا نرخ نامہ

    ’’95 پیٹرول‘‘ کی فی لیٹر قیمت سعودی عرب میں 2.05 ریال، امارات میں 2.24 درہم، قطر میں 1.90 ریال، بحرین میں 200 فلس، عمان میں 222 پیسہ جبکہ کویت میں 105 فلس ہوگا۔

    جبکہ ’’91 پیٹرول‘‘ سعودی عرب میں 1.50 ریال، امارات میں 2.05 درہم، قطر میں 1.75 ریال، بحرین میں 140 فلس، عمان میں 211 پیسہ اور کویت میں 85 فلس ہے۔

    سعودی عرب میں ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 0.47 ریال، امارات میں 2.38 درہم، قطر میں 1.85 ریال، بحرین میں 120 فلس، عمان میں 240 پیسہ اور کویت میں 115 فلس مقرر ہے۔

  • ایک سال میں پیٹرول سے 206 ارب 28 کروڑ روپے ٹیکس وصول

    ایک سال میں پیٹرول سے 206 ارب 28 کروڑ روپے ٹیکس وصول

    اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ٹیکسز کی مد میں 206 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک سال میں ٹیکسز کی مد میں 206 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر فی لیٹر 45 روپے 75 پیسے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، پیٹرول پر 35 روپے، مٹی کے تیل پر 20 روپے اور لائٹ ڈیزل پر  14.98 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔

    وزیر توانائی عمر ایوب نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تیل میں قیمتوں کو 17 بار تبدیل کیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 بار اضافہ اور 11 بار کمی کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی، یہ کہنا بھی درست نہیں کہ پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کبھی کمی تو کبھی اضافہ ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 25 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    رواں برس مئی میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔