Tag: پیٹرول ختم

  • پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، کراچی کے بیشتر پمپوں پر پیٹرول ختم

    پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، کراچی کے بیشتر پمپوں پر پیٹرول ختم

    کراچی: پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر کراچی کے اکثر پیٹرول پمپ پر رش اور متعدد پر پیٹرول ختم ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حالیہ دنوں میں فنانس بل میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس لگانے کے خلاف آج سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے تاہم آئل ٹینکرز اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔

    آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے اونرز شمس شاہوانی کا کہنا ہے کہ پی ایس او اور دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ٹرمینلز سے پیٹرولیم مصوعات کی ترسیل جاری ہے، آئل ٹرمینلز اور ڈپوز سے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی جاری رہے گی۔

    ٹینکرز اونرز کا کہنا ہے کہ ریلوئے، ایئرپورٹس پاورپلانٹس کو بھی سپلائی جاری رہے گی، اوگرا کی ہدایت کے مطابق شہر میں رات کو بھی پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری تھی۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں 500 پیٹرول پمپوں سے تقریباً 20 پیٹرول پمپ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ہیں،دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال کے اعلان کے بعد لاہور میں پیٹرول پمپ کھلے ہیں اور پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔

  • ایمبولینس میں پیٹرول ختم، مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی

    ایمبولینس میں پیٹرول ختم، مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی

    کراچی: ایمبولینس ڈرائیور کی غفلت نے شہر قائد میں مریضہ کی جان کو خطرے میں ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال سے نکلنے والی ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کا پیٹرول کوریڈور تھری پر ختم ہو گیا، جس کے باعث گاڑی میں موجود مریضہ کی جان خطرے میں پڑ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایمبولینس ڈرائیور نے گاڑی میں پیٹرول کی موجودگی سے غفلت برتتے ہوئے مریضہ کی جان خطرے میں ڈالی، ایمبولینس راستے ہی میں رک جانے پر اور مریض کی حالت کے پیش نظر ساتھ موجود شخص پریشانی میں مبتلا ہو گیا۔

    کوریڈور تھری پر ایمبولینس ڈرائیور نے دوسری ایمبولینس منگوانے کے لیے سیل فون کے ذریعے ہیڈ آفس رابطہ کیا لیکن کسی نے فون نہ اٹھایا، ڈرائیور نے متاثرہ شخص سے تلخ کلامی بھی کی، ہیڈ آفس رابطہ نہ ہونے پر متاثرہ شخص نے مریض کو مجبوراً رکشے میں منتقل کیا۔

    متاثرہ شخص اپنی مریضہ کو سول اسپتال ایمرجنسی منتقل کر رہا تھا تاہم راستے میں یہ نا خوش گوار واقعہ پیش آیا، ایمبولینس کا پیٹرول ختم ہونے پر متاثرہ شخص نے راہ چلتا رکشا روک کر مریضہ کو اس میں سول اسپتال پہنچایا۔

    فلاحی ادارے نے اپنے مؤقف میں کہا کہ ان کی ایمبولینس سروس میں خرابی نہیں تھی، پیٹرول ختم ہو گیا تھا، یہ واقعہ ڈرائیور کی غلطی سے پیش آیا۔ دوسری طرف ڈرائیور بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے، متاثرہ شخص کے ساتھ بدتمیزی پر اتر آیا، اور کہا کہ مریضہ کی حالت اتنی خراب نہیں ہے جتنی وہ کہہ رہا ہے۔