Tag: پیٹرول قیمتیں

  • اوگرا نے پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا

    اوگرا نے پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا

    اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ہائی اوکٹین پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت کا نوٹس لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے گٹھ جوڑ سے پیٹرول غائب ہونے کے بعد اب پیٹرول زیادہ قیمتوں پر فروخت کیا جانے لگا ہے، جس پر اوگرا نے نوٹس لے لیا ہے۔

    ترجمان اوگرا عمران غزنوی نے کہا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیز سے ہائی اوکٹین پیٹرول پر وضاحت طلب کی گئی ہے، اوگرا نے ہدایت کی ہے کہ صارفین کے مفاد کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    ترجمان نے کہا کمپنیاں ہائی اوکٹین پیٹرول کی مناسب قیمت مقرر کریں، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، صارفین کو ہائی اوکٹین کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ منتقل کیا جائے۔

    ملک بھر میں پیٹرول کا بحران سنگین صورت اختیار کرگیا

    عمران غزنوی کا کہنا تھا کہ مسابقتی کمیشن بھی پیٹرول کی زیادہ قیمتوں پر فروخت پر نوٹس لے چکا ہے۔

    یاد رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات سستی کے ہونے کے بعد مارکیٹنگ کمپنیوں نے گٹھ جوڑ کر کے پیٹرول ہی غائب کر دیا تھا جس کے بعد پیٹرول کا بحران پیدا ہو گیا، جس پر گزشتہ روز اوگرا نے نوٹس لیا اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔

    تاہم کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کا بحران جاری ہے، چئیرمین آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن سمیر نجم الحسن کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیوں کے پاس صرف 3 روز کا اسٹاک رہ گیا ہے، مسلسل کوٹے میں کمی ہو رہی ہے اور نیا کوٹا خریدا نہیں جا رہا، پی ایس او کے علاوہ کسی بھی آئل کمپنی کی جانب سے تیل کی خریداری نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے اتوار تک صورت حال مزید خراب ہو جائے گی۔

  • پٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    پٹرول قیمتوں پر احتجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیٹرول قیمتوں پر احجاج کرنے والوں پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پیپلز پارٹی ورکرز پر مقدمات پر پارٹی چیئرمین نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول قیمتوں میں اضافے کے خلاف پُر امن مظاہرہ کیا جا رہا تھا۔

    بلاول بھٹو نے پنجاب میں جیالوں پر مقدمات درج کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرہ پرامن تھا، مظاہرین پر مقدمات نے آمریت کی یاد تازہ کر دی۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکمران عوامی احتجاج دبانے کے لیے تشدد پر اتر آئے ہیں، وزیر اعظم نے عوام سے پر امن احتجاج کا جمہوری حق بھی چھین لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    بلاول بھٹو نے کہا کہ ملتان، لودھراں، ڈی جی خان اور بہاولپور میں پی پی کارکنوں پر بنائے جانے والے مقدمات واپس لیے جائیں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے لودھراں کے مرحوم جیالے عاشق کو بھی مقدمے میں نامزد کر دیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج سے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 108 روپے 31 پیسے ہو گئی ہے جب کہ مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے اضافے کے بعد 96 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہو گیا۔

    پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے اشیاے خورد و نوش کی قیمتوں پر براہ راست اثر پڑے گا اور رمضان المبارک میں عوام کو مزید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پھر اضافہ کر دیا

    اسلام آباد: حکومت نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش مان لی، پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 6،6 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔

    مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3،3 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل اوگرا کی جانب سے ماہ اپریل کے لیے حکومت سے سفارش کی گئی تھی کہ پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے 91 پیسے اضافہ کیا جائے تاہم حکومت کی جانب سے چھ روپے بڑھائے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 2.50 روپے فی لیٹر مہنگا

    اوگرا کی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 17 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 65 پیسے فی لیٹر اضافے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 49 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پٹرول کی قیمت میں 11روپے91 پیسے اضافے کی سفارش

    واضح رہے کہ 28 فروری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2.50 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 92 روپے 88 پیسے ہو گئی تھی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل 4.75 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 111.43 روپے فی لیٹر ہو گئی تھی۔