Tag: پیٹرول پمپ

  • پیٹرول پمپ پر لٹیروں کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    پیٹرول پمپ پر لٹیروں کی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے، چاکر ہوٹل کے قریب پیٹرول پمپ پر ہونے والی ڈکیتی کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    یہ واقعہ 5 جنوری کی رات پیش آیا تھا، جس کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واردات میں لٹیرے 2 سے 3 لاکھ روپے نقدی اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ لے کر فرار ہوئے تھے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹر سائیکل پر 3 لٹیروں کو دیکھا جا سکتا ہے، ایک ڈاکو نے ٹہلنے کے انداز میں جا کر کونے میں کرسی پر بیٹھے سیکیورٹی گارڈ کو قابو کیا اور اس سے اسلحہ چھینا، ڈاکو نے اس پر تشدد بھی کیا۔

    لٹیرے پیٹرول پمپ کے ملازم اور سیکیورٹی گارڈ کو تشدد کے بعد ایک کمرے میں لے گئے تھے، اور رقم لوٹنے کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لٹیروں کی تلاش جاری ہے، ڈکیتی کا مقدمہ درج ہو چکا ہے، جلد ہی ملزمان کو تلاش کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے ساتھ ساتھ پیٹرول پمپوں پر بھی تواتر کے ساتھ ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں، پولیس انھیں روکنے میں پوری طرح ناکام ہے۔

  • پیٹرول پمپ پر 20 لاکھ کی ڈکیتی کا معاملہ، واردات کرانے والے سابقہ ملازم نکلے

    پیٹرول پمپ پر 20 لاکھ کی ڈکیتی کا معاملہ، واردات کرانے والے سابقہ ملازم نکلے

    کراچی: الفلاح شمسی سوسائٹی میں پیٹرول پمپ پر 20 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کا کہنا ہے کہ پمپ پر 2 مرتبہ ڈکیتی کرانے والے سابقہ ملازم ہیں، الفلاح پولیس نے ڈکیتی میں ملوث 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ ملزمان ڈکیتی کے دوران پولیس اہلکار کا اسلحہ بھی لے کر فرار ہوئے تھے، ملزمان نے 20 جولائی کو پیٹرول پمپ کا کیش لوٹا تھا۔

    ٹیکنیکل بنیادوں پر ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان سے 3 پستول، 2 لاکھ کیش برآمد کرلیا گیا ہے، سابقہ ملازمین ڈکیت گروہ کو بھاری کیش کی مخبری کرتے تھے۔

    کراچی میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیر آب

    ایس ایس پی کورنگی کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 6 ماہ قبل بھی پمپ سے 13 لاکھ 60 ہزار کیش چھینا تھا، ملزمان میں علی حیدر، پرویز احمد اور ندیم شامل ہیں جن سے تفتیش جاری ہے، 3 ملزمان کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی: پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے بائیک رائیڈر جاں بحق

    کراچی: پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے بائیک رائیڈر جاں بحق

    کراچی میں سچل غازی گوٹھ کے قریب پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل گوٹھ میں پیٹرول پمپ پر فائرنگ سے بائیک رائیڈر جاں بحق ہوگیا، پیٹرول ڈلوانے کے دوران موٹر سائیکل سوار افراد کی پمپ ملازم  سے تکرار ہوئی، فائرنگ کی زد میں آکر بائیک رائیڈر جان سے گیا۔

    پمپ ملازم کے مطابق دو افراد پمپ پر اپنی موٹر سائیکل میں پیٹرول ڈلوانے آئے تھے، ملزمان پیٹرول پمپ پر رکھی چیزوں سے چھیڑ چھاڑ کر رہے تھے، دونوں افراد کو کئی بار منع کیا لیکن نہ مانے۔

    پمپ ملازم نے کہا کہ اس دوران دونوں ملزمان نے مجھ سے جھگڑا شروع کردیا، پمپ پر موجود افراد اور سیکیورٹی گارڈ نے جھگڑا ختم کر ایا، ملزمان نے پمپ سے تھوڑے فاصلے پر جاکر فائرنگ کردی جس سے موقع پر موجود ذیشان کمر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول ذیشان رائیڈر اور سچل گوٹھ کا رہائشی تھا،  فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

     مقتول کے ورثا کے مطابق ذیشان چاربچوں کا باپ تھا، تین سال سے آن لائن رائڈر کا کام کر رہا تھا، اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

  • ویڈیو : پیٹرول مفت نہ دینے پر پولیس اہلکار کی پمپ ملازم کو جان سے مارنے کی کوشش

    ویڈیو : پیٹرول مفت نہ دینے پر پولیس اہلکار کی پمپ ملازم کو جان سے مارنے کی کوشش

    کیرالہ : بھارتی پولیس اہلکار نے ایندھن کے پیسے مانگنے پر پیٹرول پمپ ملازم پر گاڑی چڑھا دی بونٹ پر گرنے والے ملازم کو دور تک لے گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس اہلکار پیٹرول ڈلوانے کے بعد بدمعاشی پر اتر آیا ملازم کے پیسے مانگنے پر اس پر گاڑی چڑھا دی جس پر ملازم کار کے بونٹ پر گرگیا۔

    بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک پولیس اہلکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس نے پیٹرول پمپ کے ملازم کو پیٹرول کی رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے کے بعد کار کے بونٹ پر بٹھا دیا۔

    ویڈیو میں پیٹرول پمپ ملازم انیل اور ملزم ڈرائیور سنتوش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ ہوتا ہوا دکھایا گیا ہے جو اس حد تک بڑھ گیا کہ پولیس اہلکار نے گاڑی کے سامنے کھڑے انیل پر گاڑی چڑھادی جس کے بعد انیل خوش قسمتی سے زمین پر گرنے کے بجائے بونٹ پر گرگیا۔

    اہلکار نے اس پر ہی بس نہ کی بلکہ گاڑی کو تیزے چلاتے ہوئے بونٹ سے چمٹے ہوئے پیٹرول پمپ ملازم کو ایک کلو میٹر دور تک اسی طرح لے گیا۔

    اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور لوگ مطالبہ کیا کہ مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    بعد ازاں متعلقہ پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو معطل کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • شہری کل صبح 6 بجے سے پہلے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں  میں پٹرول بھروالیں!

    شہری کل صبح 6 بجے سے پہلے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پٹرول بھروالیں!

    کراچی :ملک میں بھر میں پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے پیش نظر عوام اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پٹرول بھروالیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے پیٹرول پمپ کل صبح 6 بجے سے بند کرنے کا اعلان کے بعد پاکستانیوں کو پٹرول کی قلت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    خیال رہے ٹیکس کے معاملے پر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر کے پٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہڑتال ایک دن سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔

    پیٹرولیم ڈیلرز کو ہدایت کر دی ہے کہ چار جولائی تک کا پٹرول پمپوں پر پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ رکھیں اور پانچ جولائی کی صبح سے ملک بھر کے تیرہ ہزار ڈیلرز پمپس بند کر دیں گے۔

    چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت ٹیکس واپس لینے کا اعلان نہیں کرتی اس وقت تک کوئی مزاکرات نہیں ہوں گے۔

    پیٹرولیم ڈیلرز نے گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں پٹرول بھروا لیں۔

  • پیٹرول پمپ پر پولیس اہلکار آپس میں لڑ پڑے، فائرنگ سے اہلکار زخمی

    پیٹرول پمپ پر پولیس اہلکار آپس میں لڑ پڑے، فائرنگ سے اہلکار زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے بلدیہ سعیدآباد میں پیٹرول پمپ پر پولیس اہلکار آپس میں لڑ پڑے جس کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ سعید آباد میں دو پولیس اہلکار کی آپس میں لڑائی ہوگئی، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دوسرا اہلکار زخمی ہوگیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ہاتھا پائی کے دوران ایک اہلکار سے گولی چل گئی، جس سے دوسرا زخمی ہوگیا، جھگڑا کرنیوالے اہلکار مددگار ون فائیو یونٹ میں تعینات ہیں، موبائل ڈیزل بھروانے پمپ پہنچی جہاں اہلکاروں میں جھگڑا ہوا۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ زخمی اہلکار کو ہاتھ میں گولی لگی ہے تاہم حالت خطرے سے باہر ہے، حکام نے کہا کہ تحقیقات کررہے ہیں قانون کے مطابق  ایکشن لیا  جائے گا۔

  • پیٹرول کے بجائے پیٹرول پمپ سے پانی آنے کا واقعہ، عوام کا احتجاج

    پیٹرول کے بجائے پیٹرول پمپ سے پانی آنے کا واقعہ، عوام کا احتجاج

    بھارت کے حیدرآباد میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، پیٹرول پمپ سے پیٹرول کے بجائے پانی بھرنے کے واقعے کے بعد عوام نے شدید احتجاج کیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے ضلع مُلگ کے ایک پٹرول پمپ پر عجیب واقعہ پیش آیا، ایک شخص نے اس پیٹرول پمپ سے پیٹرول اپنی موٹر سائیکل میں ڈلوایا تاہم کچھ دور جانے کے بعد اس کی بائیک اچانک رک گئی۔

    جب متاثرہ شخص نے اپنی موٹر سائیکل کو چیک کیا تو اس میں پیٹرول کے بجائے پانی موجود تھا، جس کے بعد وہ شخص واپس پیٹرول پمپ پہنچ گیا اور ذمہ داروں سے پوچھا تو وہ مناسب جواب نہیں دے پائے۔

    جس پر اس شخص کے ساتھ مل کر پیٹرول پمپ پر موجود دیگر افراد نے بھی احتجاج شروع کردیا اور پیٹرول پمپ کے مالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    مردہ بیٹی کے رشتے کیلئے والدین نے اخبار میں اشتہار دیدیا!

    واقعے کے ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور احتجاج کرنے والے افراد کو پیٹرول پمپ کے مالکان کے خلاف کارروائی کی یقینی دہانی کرائی۔

  • پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    پیٹرول پمپ پر 2 کروڑ کی ڈکیتی کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ خیبر پختونخواہ میں رواں سال کی سب سے ڈکیتی کرنے والے گروہ کے ملزم کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بوٹ بیسن کی حدود میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ فرید کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چند روز قبل صوابی میں پیٹرول پمپ پر 1 کروڑ 82 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی تھی، گرفتار ملزم شاہ فرید پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کرنے والے گروہ کا کارندہ ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ڈکیتی کی رقم میں اس کا حصہ اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا، گرفتار ملزم پرجیکسن تھانے میں بھی مقدمات درج ہیں۔

  • کراچی : پیٹرول پمپ  پر ڈکیتی کی بڑی واردات ، ملزمان کیشئر سے  80 لاکھ روپے چھین کر فرار

    کراچی : پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی بڑی واردات ، ملزمان کیشئر سے 80 لاکھ روپے چھین کر فرار

    کراچی : ابوالحسن اصفحانی روڈ پر پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی بڑی واردات کے دوران ملزمان 80 لاکھ روپے چھین کر فرارہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفحانی روڈ پیٹرول پمپ پر بڑی واردات ہوئی ، جہاں مسلح ملزمان کیشئر سے 80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ بینک میں رقم جمع کرانے سے پہلے ہی 80 لاکھ روپے چھین لئے گئے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    حکام کا کہنا تھا کہ پیٹرول پمپ کا کیشئر ملازم کے ہمراہ موٹر سائیکل پر قریب واقع بینک پہنچا تھا کہ 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان کیشئر سے رقم چھین کر فرار ہوئے، ملزمان ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

    ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 80 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردارت میں فرارمبینہ ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

    فوٹیج میں 2موٹر سائیکل پر 4 ملزمان کو جاتے دیکھا جا سکتا ہے ، مبینہ طور پر فوٹیج میں نظر آنیوالے ملزمان نے واردات کی۔

    اس سے قبل کراچی پولیس نے چار مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کیا تھا، جو لاہور کے سونے کے تاجر سے تین کروڑ روپے لوٹنے میں ملوث تھے۔

    پولیس نے مبینہ ڈاکو کے قبضے سے 4.6 ملین روپے کی نقدی بھی برآمد کی تھی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈاکو 2 فروری کو تاجر سے تین کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

  • پیٹرول پمپس پر بائیڈن کے اسٹیکر کس نے لگائے؟

    پیٹرول پمپس پر بائیڈن کے اسٹیکر کس نے لگائے؟

    واشنگٹن: امریکا میں پیٹرول کی قیمتوں میں انتہائی اضافے پر امریکی بلبلا اٹھے ہیں، ناراض امریکیوں نے پیٹرول پمپوں پر صدر جو بائیڈن کے اسٹیکرز چسپاں کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جو بائیڈن کی پالیسیوں سے تنگ آ گئے ہیں، امریکیوں کا کہنا ہے کہ صدر بائیڈن کی پالیسیوں کے باعث ملک پیٹرول اور ایندھن کی آزادی سے محروم ہو گیا ہے، کیوں کہ وہ زیادہ قیمتوں کے ذریعے زیادہ ٹیکس وصول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    امریکی عوام نے پیٹرول پمپوں پر بائیڈن کے اسٹیکرز چسپاں کر کے ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر ناراضگی اور تشویش ظاہر کی ہے، اور انھیں یہ یاد دلانے کی کوشش کی گئی ہے کہ بڑھتی قیمتوں کا ذمہ دار کون ہے۔

    ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پورے ملک بالخصوص ڈیموکریٹ پارٹی کے گڑھ نیویارک کے پیٹرول پمپوں پر ایسے اسٹیکرز لگائے گئے ہیں، جن پر صدر بائیڈن، ایندھن کی قیمتوں کی جانب اشارہ کر رہے ہیں اور اس کے نیچے لکھا ہے کہ ‘یہ میرا کام ہے’۔

    ان اسٹیکرز سے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر امریکیوں کی ناراضگی کا پتا چلتا ہے، اگرچہ پمپ مالکان کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی ہے تاہم بڑھتی قیمتوں سے سخت پریشان موٹر سائیکل چلانے والوں نے گیس پمپوں پر یہ اسٹیکرز لگا کر احتجاج کرنے کا انوکھا طریقہ ڈھونڈا۔

    امریکا میں 24 گیلن ریگولر گیس کی قیمت 120 ڈالر تک پہنچ گئی، جس نے لوگوں میں بے چینی کی سطح کو بڑھا دیا ہے، اور امریکیوں کو روز مرہ اخراجات میں کٹوتی کرنی پڑ رہی ہے۔