اسلام آباد : اگلے دو دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافہ کا امکان ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید بڑھیں گی۔
تفصیلات کے مطابق عوام مہنگائی کے مزید بوجھ کے لئے تیار ہوجائیں، ذرائع نے بتایا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کی تجویز بھیج دی گئی ،
اگلے دو دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافہ کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لیٹر پیٹرول 7 روپے 67 پیسےمہنگا کرنے کی تجویز ہے، منظوری کے بعد ایک لیٹر پیٹرول 265.61 روپے سے بڑھ کر 273.28 روپے ہوجائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ ایک لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 72 پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منظوری کے بعد ایک لیٹر ڈیزل 277.45 روپے سے بڑھ کر 281.17 روپے کا ہوجائے گا۔
اس کے علاوہ ایک لیٹر مٹی کا تیل 2 روپے 39 پیسے مہنگا کرنے اور لائٹ ڈیزل بھی 1 روپے تک مہنگا کرنے کی تجویز ہے۔
قیمتوں میں یہ اضافہ تیل کی عالمی قیمتوں، کرنسی کی شرح تبادلہ اور توانائی کے شعبے کے لیے مالی تحفظات جیسے عوامل پر مبنی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 16 جولائی سے اگلے 15 دنوں کے لیے ہو گا۔
حکومت نے اس سے قبل یکم جولائی سے 15 جولائی تک پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 265 روپے 61 پیسے ہوگئی تھی۔