Tag: پیٹرول

  • پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں

    پیٹرول کی قلت کے باعث قیمتیں بڑھ گئیں

    کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نےٹرمینل بند کر دیئے جس کی وجہ سے شہر میں پیٹرول کی قلت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی میں زہریلی گیس سے ہونے والی اموات کے بعد متصل علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں، جیکسن مارکیٹ سمیت دیگر چھوٹے بڑے تجاری و کاروباری مراکز بند ہیں جب کہ شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

    زہریلی گیس کے اثرات کیماڑی کے آئل ٹرمینلز پر بھی مرتب ہوئے ہیں، عملے کی حفاظت کی خاطر پی ایس او سمیت دیگر آئل کمپنیوں نے ٹرمینلز بند کردیے ہیں جس سے شہر میں پیٹرول کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کیا کراچی کی ہوا خطرناک حد تک آلودہ ہو چکی ہے؟

    آئل ٹرمینل بند ہونے سے شہریوں کو پیٹرول کی قلت کا سامنا ہے، پیٹرول پمپس نے گاڑیوں کو 10 لیٹر سے زائد پیٹرول دینے سےانکار کردیا ہے جب کہ مختلف مقامات پر پیٹرول پمپس نے نرخ بڑھا دیئے ہیں۔

    شہر میں پیٹرول 160سے200 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے جب کہ بعض علاقوں میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے ہیں۔

  • ایک سال میں پیٹرول سے 206 ارب 28 کروڑ روپے ٹیکس وصول

    ایک سال میں پیٹرول سے 206 ارب 28 کروڑ روپے ٹیکس وصول

    اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا گیا کہ ایک سال میں ٹیکسز کی مد میں 206 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک سال میں ٹیکسز کی مد میں 206 ارب 28 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر فی لیٹر 45 روپے 75 پیسے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، پیٹرول پر 35 روپے، مٹی کے تیل پر 20 روپے اور لائٹ ڈیزل پر  14.98 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔

    وزیر توانائی عمر ایوب نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران تیل میں قیمتوں کو 17 بار تبدیل کیا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 بار اضافہ اور 11 بار کمی کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی، یہ کہنا بھی درست نہیں کہ پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کبھی کمی تو کبھی اضافہ ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 25 پیسے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 99 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

    رواں برس مئی میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

  • حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

    اسلام آباد: عوام کے لیے اچھی خبر ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کااعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پرحکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر25پیسےکمی کردی جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت113روپے99پیسےفی لیٹرمقرر کی گئی ہے.

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں2روپے90 پیسےفی لیٹرجب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں2روپے40پیسےفی لیٹر کمی کی گئی ہے۔مٹی کےتیل میں فی لیٹر83 پیسے کمی کی گئی ہے۔

    وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت قیمتوں میں کمی کااطلاق رات 12 بجےکے بعد ہوگا۔

    اوگرا نے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری حکومت کو بھجوادی تھی، پیٹرول کی قیمت میں پچیس پیسےجبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دوروپےچالیس پیسےکمی کی تجویز کی گئی تھی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا ، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے 39 پیسے کمی کی گئی تھی۔

    اس سے قبل ماہ اکتوبر میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں ستمبر کی قیمتیں برقرار رہیں گی تاہم ماہ اکتوبر میں عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

  • کیا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں؟

    کیا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے والی ہیں؟

    اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی گئی.

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں2 روپے 55 پیسے فی لیٹر، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں3 روپے23 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے.

    سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 19 پیسے فی لیٹر اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے.

    اگر سمری منظور کی جاتی ہے، تو لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2  روپے 41 پیسے فی لیٹر کمی کی متوقع ہے.

    خیال رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی منظوری کے بعد مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اطلاق یکم اکتوبرسے ہوگا.

    واضح رہے کہ اس وقت پاکستان میں پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 113.24 روپے،  جب کہ ہائی ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 124.8 روپے ہے۔

    سمری منظور ہونے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 110.69 ہوگی۔

  • حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی، نوٹیفکیشن جاری

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزرات خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 113 روپے 24 پیسے ہو گئی۔

    وزارت خزانہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 127 روپے 14 پیسے ہو گئی ہے۔

    مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 99 روپے 57 پیسے ہو گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا: فردوس عاشق

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 91 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

    وزارت خزانہ نے نوٹی فکیشن میں کہا ہے کہ قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا تھا کہ عوام دوست حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدام کا آغاز کر دیا ہے، حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے کمی کا امکان

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے کمی کا امکان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے وعدوں کی تکمیل کے قریب پہنچ گئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے کمی کا امکان متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے 67 پیسے تک کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری حکومت کو ارسال کردی ہے۔

    سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے فی لیٹر، پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 27 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

    اوگرا نے لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے فی لیٹر تک کمی کی بھی تجویز دی ہے۔

    قیمتوں میں کمی کی منظوری وزیر اعظم دیں گے جس کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

    اس سے قبل یکم اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا، حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 117.83 پیسے ہوگئی تھی۔

    اس وقت ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 65 پیسے اضافہ اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 90 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔

  • حکومت نے 9 ماہ میں تیل کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا: شیری رحمان

    حکومت نے 9 ماہ میں تیل کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا: شیری رحمان

    اسلام آباد: سینیٹر شیری رحمان نے تیل کی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے 9 ماہ میں مہنگائی اور بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ انقلابی سرکار نے گزشتہ 9 ماہ میں تیل کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کیا جب کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فی صد کمی ہوئی۔

    شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کے پاس تیل کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں، کیا بجٹ سے چند دن پہلے قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کے کہنے پر کیا گیا ہے؟

    انھوں نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرول مہنگا ہونے سےگھبرانا نہیں ! ابھی آئی ایم ایف کا بجٹ آنا ہے،مریم اورنگزیب

    خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے اضافے کے بعد پٹرول 112 روپے 68 پیسے کا ہو گیا ہے۔

    مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگ زیب نے بھی قیمتوں میں اضافے پر رد عمل میں کہا کہ عید سے چند دن پہلے پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمنی ہے، گھبرانا نہیں، ابھی آئی ایم ایف کا بجٹ آنا ہے، جب بجٹ آئی ایم ایف بنائے گا تو پیشگی عیدی کی اقساط آئیں گی۔

  • پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا

    پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا،  پیٹرول 112 روپے 68 پیسے کا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے26 پیسےکا اضافہ ہوا ہے، نئی قیمت 112 روپے 68 پیسےفی لیٹر ہوگی.

    ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت میں  اضافہ کیا گیا ہے. ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 4 روپے 50 پیسے اضافے کے ساتھ 126 روپے 82 پیسے ہوگی.

    مٹی کےتیل کی قیمت میں 1 روپے 69 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 98 روپے 46 پیسے ہوگی.

    مزید پڑھیں: عید سے پہلے پیٹرول کی قیمت میں9 روپے 50پیسے اضافہ متوقع

    لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 1 روپے 68 پیسے کا اضافہ ہوا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت88 روپے 62 پیسے ہوگی. پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کااطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا.

    خیال رہے کہ اوگرا کی جانب سے  29 مئی 2019 کو  ارسال کردہ سمری میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں نو روپے پچاس پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل گیارہ روپے پچاس پیسے، جب کہ لائٹ ڈیزل سات روپے پچاسی پیسے مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، کابینہ اجلاس میں فیصلہ

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ اجلاس میں کرپشن کے خاتمے پر زور دیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ای سی سی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے ایک بار پھر کرپشن کے خاتمے پر زور دیا، انھوں نے کہا کہ کرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، چوروں اور لٹیروں کو نہیں چھوریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: عدالت نے وفاقی حکومت اوردیگر کونوٹس جاری کردیے

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کم زور معیشت وراثت میں ملی ہے، معیشت میں بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے ہیں۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزرا سحر و افطار میں غریبوں کا خیال رکھیں، مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان تحریک انصاف امیر ترین سیاسی جماعت بن کر سامنے آ گئی

    دریں اثنا، وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم نے وفاقی وزرا کو مزید اختیارات دینے کا بھی فیصلہ کیا، تاہم اس سلسلے میں وفاقی وزرا کو مزید با اختیار بنانے کے لیے اہم فیصلے چند روزمیں کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نے کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی کل طلب کر لیا، یہ اجلاس کل دوپہر پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، پیٹرول 9 روپے 42 پیسے مہنگا

    اسلام آباد: رمضان سے پہلے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں 9 روپے 42 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 89 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔

    ہائی اسپیڈل ڈیزل کی قیمت 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے فی لیٹرمقرر ہوگئی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    ایف بی آر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لاگو ٹیکس میں اضافے کی نئی شرح بھی جاری کردی ہے۔ پیٹرول پر جی ایس ٹی 2 فیصد سے بڑھا کر 12 فیصد کردیا۔

    ہائی اسپیڈ اور لائٹ ڈیزل پر ٹیکس کی یکساں شرح بڑھا کر 17 فیصد کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل پر جی ایس ٹی 8 فیصد سے بڑھا کر17 فیصد کردیا گیا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، قیمتوں میں اضافے کا بوجھ حکومت اور عوام کو مل کر برداشت کرنا پڑے گا۔

    یاد رہے کہ اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرکے 113 روپے کرنے کی سفارش کی تھی، تاہم وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ای سی سی کو بھجوایا تھا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے اضافے کی سفارش کی تھی۔