Tag: پیٹرول

  • ملک میں یومیہ 4 ہزار میٹرک ٹن تیل کی اسمگلنگ کا انکشاف

    ملک میں یومیہ 4 ہزار میٹرک ٹن تیل کی اسمگلنگ کا انکشاف

    اسلام آباد: ملک میں یومیہ 4 ہزار میٹرک ٹن تیل کی اسمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے، جس سے قومی خزانے کو یومیہ 3 کروڑ 56 لاکھ ڈالرز کا نقصان پہنچ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئل کمپنیوں نے ملک میں تیل کی بے تحاشا اسمگلنگ کی روک تھام اور اس کے خلاف کارروائی کے لیے حکومت اور اوگرا سے مدد مانگ لی، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے سیکریٹری پیٹرولیم کو اس سلسلے میں ایک خط لکھ دیا ہے۔

    او سی اے سی کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت کی صورت حال کرونا وبا کے عرصے کے برابر ہو گئی ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں جولائی تا فروری ڈیزل اور پیٹرول کی فروخت 6.5 فی صد کم رہی، تیل کی اسمگلنگ سے تیل کی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

    او سی اے سی نے خط میں تیل اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کی سفارش کی ہے، اور کہا ہے کہ اسمگل شدہ تیل کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کیا جائے، او سی اے سی نے تیل اسمگلنگ کے خلاف قانون سازی کی تجویز بھی دے دی ہے۔

    خط کے مطابق او سی اے سی نے غیر قانونی پیٹرول پمپس فوری بند کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، اور تیل اسمگلنگ کے خلاف ملک گیر مہم کی سفارش کر دی ہے۔

  • پٹرول ختم ہونے پر مسافر کا بائیک سے اترنے سے انکار، ویڈیو وائرل

    پٹرول ختم ہونے پر مسافر کا بائیک سے اترنے سے انکار، ویڈیو وائرل

    حیدرآباد: بھارتی شہر حیدرآباد میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں بائیک میں پٹرول ختم ہونے کے بعد بھی رائیڈر مسافر کو بائیک سمیت پمپ کی طرف کھینچ کے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یہ واقعہ بھارتی شہر حیدرآباد میں پیش آیا، جہاں بائیک ٹیکسی کا چلن عام ہو رہا ہے، لوگ ٹریفک میں جلد سے جلد اپنے مقام پر پہنچنے کے لیے بائیک ٹیکسی کر لیتے ہیں، تاہم ایک واقعے میں جب بائیک میں پٹرول ختم ہو گیا تو مسافر نے اترنے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ وہ پیسے دے رہا ہے، پیدل کیوں چلے وہ۔

    ریپیڈو نامی بائیک سروس بک کروانے والے شہری نے جب بائیک سے اترنے سے انکار کیا تو مجبوراً رائیڈر نے پٹرول پمپ تک اسی حالت میں بائیک دھکیلتے ہوئے پہنچائی۔

    سڑک سے گزرنے والے ایک شخص نے اس منظر کی ویڈیو بنا لی، جو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • پیٹرول کتنا سستا ہونے والا ہے؟ عوام کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    پیٹرول کتنا سستا ہونے والا ہے؟ عوام کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر، ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق سمری حکومت کو بھجوا دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں میں دروبدل کا اعلان کل کیا جائے گا، اس حوالے سے اوگرا نے حکومت کو سمری بھیج دی ہے، قیمتوں کا اطلاق 16 جنوری 2024 سے ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق حکومت کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے تک کمی کی تجویز ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے اضافے کا امکان ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت کو مٹی کا تیل فی لیٹر 3 روپے سستا کرنے کی تجویز ہے جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 75 پیسے کمی کا امکان ہے۔

  • سب سے سستا پیٹرول کس ملک میں؟

    سب سے سستا پیٹرول کس ملک میں؟

    کویت : دنیا کے کسی بھی ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے جانے ردوبدل کے اثرات وہاں کی معیشت اور خصوصی طور پر مہنگائی پر براہ راست پڑتے ہیں۔

    دنیا کے مختلف ممالک میں پیٹرول کی قیمتوں میں کافی فرق ہے، اس کا ایک سادہ اصول ہے کہ امیر ممالک میں قیمتیں زیادہ( امریکا کے سوا) ہوتی ہیں جبکہ غریب ممالک اور تیل پیدا کرنے و برآمد کرنے والے ممالک کی قیمتیں نمایاں طور پر کم ہوتی ہیں۔

    اس حوالے سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق خلیجی ریاستوں میں کویت ایندھن کی سب سے کم قیمتوں کی وجہ سے پہلے نمبر آگیا جبکہ عرب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

    یہ اعداد و شمار بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق شائع کیے گئے جس میں 2019 سے 2022تک خلیجی ممالک میں افراط زر کی شرح میں تبدیلی پر توجہ دی گئی تھی۔

    PETROL

    مذکورہ مقالے میں مہنگائی میں عالمی اضافے کی وجہ درآمدات پر بھاری انحصار اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے درمیان صارفین کے اخراجات میں اضافہ کو بتایا گیا ہے۔ اس کے باوجود بعض خلیجی ممالک نے حکومتی تعاون کی وجہ سے مخصوص شعبوں میں کم اضافہ کا تجربہ کیا۔

    تحقیق میں خلیجی ممالک میں تین شعبوں خوراک، رہائش اور ایندھن پر افراط زر کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، کویت سب سے کم ایندھن کی قیمتوں کے ساتھ خلیجی ملک کے طور پر ابھرا جبکہ عرب دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس نے 2019 اور 2022 کے درمیان عالمی قیمت اوسط سے 1 فیصد کی معمولی کمی کا تجربہ کیا جو کہ الجیریا سے بالکل پیچھے ہے۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ سروے میں شامل تمام عرب ممالک نے یو اے ای کے علاوہ ایندھن کی قیمتوں میں عالمی اوسط کے مقابلے میں کم تبدیلیوں کا مظاہرہ کیا۔

    رپورٹ میں دیگر خلیجی ممالک میں خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے شراکت میں کمی کو اجاگر کیا گیا، سعودی عرب کو 2020 سے پچھلے سال کے مقابلے میں بتدریج کمی کا سامنا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات نے 2021 میں غیر جانبدار اثر دیکھا۔

  • ’مہنگے پیٹرول سے چھٹکارا، گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری‘

    ’مہنگے پیٹرول سے چھٹکارا، گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری‘

    ملک میں آئے روز پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان گاڑی مالکان کے لئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، چینی کمپنی کی جانب سے پاکستان میں ای وی پلانٹ لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک چینی الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی نے پاکستان میں الیکٹرک وہیکل (EV) پلانٹ اور ملک کے بڑے شہروں میں شو رومز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کمپنی کے اسسٹنٹ چیئرمین جی یو زونگ کی سربراہی میں وفد نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر سے ملاقات کے موقع پر اس بات کا اعلان کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک کاروں کے استعمال سے پیٹرول کی لاگت میں بہت زیادہ بچت ہو گی اور عوام کے لئے آسان اور سستا سفر ممکن ہوسکے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ طویل مدتی کاروباری منصوبے کا حصہ ہے، وہ پاکستانی مارکیٹ کا رخ کررہے ہیں اور مینو فیکچرنگ یونٹ اور شورمز قائم کرنا کمپنی کے مفاد میں ہے۔

    واضح رہے کہ آئی ایم ایف کی سخت شرائط کے سبب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث ملک کے عوام شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔

  • پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، ٹرانسپوٹرز نے کتنے کرائے بڑھا دئیے؟

    پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، ٹرانسپوٹرز نے کتنے کرائے بڑھا دئیے؟

    کراچی : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اندرون سندھ جانے والی بسوں کے کرایوں میں ساڑھے300 روپے تک اضافہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز دونوں ہی کیلئے سنگین معاشی مشکلات پیدا کردی ہیں۔

    ٹرانسپورٹرز نے کراچی سے اندرون سندھ جانے والی بسوں کے کرایوں میں ساڑھے تین سو روپے تک اضافہ کردیا جبکہ کراچی سے کوئٹہ کی بس کے کرائے پندرہ سو سے دو ہزار روپے تک بڑھا دیئے گئے ہیں

    مسافر شکوہ کرتے ہیں کہ وہ ٹرانسپورٹ کے بڑھتے کرائے ادا کرنے کی اسطاعت نہیں رکھتے، بجلی کا بل ادا کریں یا دو وقت کی روٹی کا انتظام کریں ۔

    ٹرانسپورٹرز کے مطابق انتہائی مجبوری میں کرایہ میں اضافہ کرتے ہیں، کراچی سے اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں جانیوالی بسوں میں کم و بیش ڈیزل اور ٹول ٹیکس کی مد میں سوا لاکھ سے زائد کے اخراجات آتے ہیں۔

    ٹرانسپورٹ کے کرائے میں اضافے کے سبب سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں کمی بھی آئی ہے، مسافروں کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ کم سے کم کرائے میں سفر کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔

    یاد رہے حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے فی لیٹرجبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔

  • نگراں حکومت نے 30 دن میں پیٹرول کتنے روپے مہنگا کیا؟

    نگراں حکومت نے 30 دن میں پیٹرول کتنے روپے مہنگا کیا؟

    اسلام آباد: نگراں حکومت نے 30 دن میں پیٹرول 58 اور ڈیزل 56 روپے مہنگا کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں حکومت کے آتے ہی پاکستانی عوام کی مشکلات میں اضافہ حد سے بڑھ گیا ہے، پیٹرول اور ڈیزل ہوش ربا حد تک مہنگا کر دیا گیا ہے، اور قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

    گزشتہ ایک ماہ کے دوران نگراں حکومت نے پیٹرول میں 58 روپے اور ڈیزل میں 56 روپے کا اضافہ کیا ہے، گزشتہ رات پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے فی لیٹریکمشت اضافہ کیا گیا، جس سے پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 331 روپے 38 پیسے ہو گئی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے 34 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا جس سے ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 329 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔

    عوام دہائی دے رہے ہیں کہ ملکی تاریخ میں کبھی 30 دن میں پیٹرول اور ڈیزل اتنا مہنگا نہیں ہوا، عوام نے اضافہ مسترد کر دیا ہے، ماہرین معیشت کہتے ہیں کہ اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی میں مہنگائی بہ تدریج کم ہونے کا دعویٰ کیا تھا، لیکن اب پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی اور زیادہ بڑھ جائے گی۔

    نگراں حکومت کا عوام پر ایک اور بوجھ، فی لیٹر پیٹرول پر مارجن میں اضافہ

    نگراں حکومت نے عوام پر ایک اور اضافی بوجھ بھی ڈال دیا ہے، پیٹرول کے فی لیٹر پر مارجن 88 پیسے بڑھا دیا ہے، پیٹرول پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں فی لیٹر 47 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا پیٹرول پر مارجن 6 روپے 47 پیسے ہو گیا، پیٹرول پر ڈیلرز کے مارجن میں بھی فی لیٹر 41 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ڈیلرز کا پیٹرول پر مارجن 7 روپے 41 پیسے ہو گیا ہے۔

    ادھر نگراں وزیر توانائی محمد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی بھی آہستہ آہستہ مزید مہنگی ہوگی، کے الیکٹرک کا ٹیرف ایک سال سے ایڈجسٹ نہیں ہوا ہے، جو اب ایک ساتھ ہوگا تو عوام پر بوجھ پڑے گا، بجلی سیکٹر کا نقصان 2500 ارب روپے ہے، ہر سال ہزار ارب روپے کا سود دینا پڑ رہا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے میں مہینے نہیں، کئی سال لگیں گے۔

  • کراچی: ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا

    کراچی: ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا

    کراچی: پیٹرول مصنوعات کی قیمتیں بڑھتے ہی ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا۔

    مہنگی بجلی کے ستائے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کا بم گرادیا گیا ہے۔

    پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ٹرانسپوٹرز نے کرایوں میں من مانی اضافہ کردیا ہے، ٹرانسپورٹرز نے بس،کوچز کے کرایوں میں 20 سے 30 روپے اضافہ کر دیا ہے۔

    پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

    واضح رہے کہ ملک میں گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کیا گیا تھا۔

    پیٹرول 14 روپے91 پیسے جبکہ ڈیزل 18روپے 44 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 305.36 جبکہ ڈیزل کی قیمت  311.84 روپے ہوگئی ہے۔

    پیٹرولیم مصنوعات میں ایک ماہ سے بھی کم وقت میں یکے بعد دیگرے دوسری مرتبہ اضافے سے ہوشربا مہنگائی میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

    اس کے علاوہ روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    واضح رہے کہ نگران حکومت کو آئے ابھی ایک ماہ کا بھی عرصہ نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود لگاتار دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس عرصے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا ہے۔

    اس سے قبل 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کردیا تھا۔

  • پیٹرول قیمتوں میں اضافہ : تاجر برادری نے دھمکی دے دی

    پیٹرول قیمتوں میں اضافہ : تاجر برادری نے دھمکی دے دی

    کراچی : تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بم چلایا، جس کے بعد مہنگائی کے ہاتھوں ستائی تاجر برادری سیخ پا ہوگئی۔

    پیٹرول مہنگا ہونے پر آل پاکستان تاجر لیبرز ریسٹورنٹس، کیٹرز، بیکرز ایسوسی ایشن نے اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ سبزیوں، پھلوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہوجائے گا، نگراں حکومت ہوش کے ناخن لے۔

    تاجر ایسوسی ایشنز کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی عوام اور تاجروں کیلئے بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی مشکل تھی اب پٹرول بم بھی گرا دیا گیا، واسا نے بھی پانی، سینی ٹیشن چارجز میں ایک ہزار گناہ اضافہ کردیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی سے ملک بھر میں تاجر تباہ اور کاروبار بند ہو رہے ہیں، کروڑوں پاکستانیوں کو فوڈ سیکٹر کے تاجر روزگار فراہم کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے ہرچیز مہنگی اور بیروزگاری مزید بڑھے گی، نگران حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کے فوری اقدامات کرے۔

    ایسوسی ایشنز عہدیداران نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے شروع کردیں گے۔

  • پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بُری خبر

    پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بُری خبر

    لاہور: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد عوام کے لیے ایک اور بُری خبر آگئی، لاہور کے ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور کے ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک  اضافہ کردیا۔

     ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں 15 سے 20 فیصد تک اضافہ کردیا گیا، لاہور سے دوسرے شہروں کا کرایہ 200 سے 800 روپے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرکے عوام پر بم گرایا تھا۔

    پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی ہے۔

    حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا  جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہوگئی۔