Tag: پیٹرول

  • پیٹرول کی قیمتیں: حکومت نے عوام کو بڑے ریلیف سے محروم کردیا

    پیٹرول کی قیمتیں: حکومت نے عوام کو بڑے ریلیف سے محروم کردیا

    اسلام آباد: حکومت نے 31 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد عوام پیٹرول کی قیمت میں بڑے ریلیف سے محروم ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے شہریوں کو پیٹرول کی قیمت میں بڑے ریلیف سے محروم کردیا، وفاقی حکومت نے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 14 روپے 84 پیسے بڑھا دی۔

    حکومت نے پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 47 روپے 26 پیسے کردی گئی، پیٹرول پر لیوی بڑھانے سے صارفین 14 روپے 84 پیسے کے ریلیف سے محروم ہوگئے۔

    اس سے قبل پیٹرول پر فی لیٹر لیوی 32 روپے 42 پیسے عائد تھی، پیٹرول 14 روپے 84 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی ورکنگ کی گئی تھی۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 4 پیسے اضافے کی تجویز تھی، لائٹ ڈیزل 8 روپے 41 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز تھی۔

    حکومت نے 31 اکتوبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

  • عمران خان کی حکومت ہوتی تو ٹیکس ملا کر بھی پیٹرول 180 روپے ہوتا: مزمل اسلم

    عمران خان کی حکومت ہوتی تو ٹیکس ملا کر بھی پیٹرول 180 روپے ہوتا: مزمل اسلم

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی اور 30 روپے ٹیکس بھی شامل کر لیتے تو پیٹرول 180 روپے ہوتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ابھی خبر آئی ہے کہ ڈالر تاریخ کی نچلی سطح 240 روپے عبور کر گیا ہے۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ جب سے حکومت آئی ہے روپیہ اپنی قدر 60 روپے کھو چکا ہے، دوسری طرف پیٹرول 1.45 روپے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سب برائی کی جڑ روپے کی قیمت ہے، اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی اور 30 روپے ٹیکس بھی شامل کر لیتے تو پیٹرول 180 روپے ہوتا۔

    ایک اور ٹویٹ میں مزمل اسلم نے کہا کہ 175 موجودہ ارکان اسمبلی جو حکومت کے شراکت دار ہیں، کیا کسی ایک کا بھی موجودہ مہنگائی دیکھ کر ضمیر نہیں جاگ رہا؟

    انہوں نے کہا کہ ثابت ہوا آپ عوام کے نمائندے نہیں کیونکہ آپ خاموش تماشائی بن کر بیٹھے ہیں۔

  • مسلط حکومت نے اپنی نالائقی سے پیٹرول مزید مہنگا کر دیا: حماد اظہر

    مسلط حکومت نے اپنی نالائقی سے پیٹرول مزید مہنگا کر دیا: حماد اظہر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل عوام کو دھوکا دینا بند کرو، مسلط حکومت نے مہنگے تیل کو بھی اپنی نالائقی سے مزید مہنگا کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں وزیر خزانہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل عوام کو دھوکا دینا بند کرو۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پچھلے مہینوں میں ضرورت سے زیادہ پیٹرولیم مصنوعات درآمد کیں، ان کنسائنمنٹس کو نیشنل بینک نے 240 روپے سے اوپر پر آف لوڈ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مسلط حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی امپورٹ میں بھی غفلت دکھائی، پچھلے 2 ماہ میں مہنگے دام اور بلند مارجن پر ضرورت سے کہیں زیادہ تیل امپورٹ کیا گیا۔ پھر تیل کی قیمت بینکوں نے مہنگے ڈالر ریٹ پر روپے میں موصول کی۔

    حماد اظہر نے کہا کہ ذرائع کے مطابق اس وقت کے کچھ کارگو میں مارکیٹ ریٹ سے بھی 8 روپے اضافی وصول کیے گئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت روس سے سستا تیل لانے والی تھی، لیکن مسلط حکومت نے سستا تیل تو دور کی بات، مہنگے تیل کو بھی اپنی نالائقی سے مزید مہنگا کر دیا۔

  • مالی حالات اجازت دیں گے تو مزید ریلیف فراہم کریں گے: وزیر اعظم

    مالی حالات اجازت دیں گے تو مزید ریلیف فراہم کریں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کر رہی ہے، جیسے ہی مالی حالات ہمیں اجازت دیں گے ریلیف فراہم کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام سے وعدے کے مطابق اتحادی حکومت نے فوری طور پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدے کو عوام تک منتقل کیا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جیسے ہی مزید معاشی گنجائش پیدا ہوگی ہم عوام تک ریلیف پہنچاتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں عوام سے ہمیشہ سچی بات کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔

    پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 230 روپے 24 پیسے ہوگئی ہے۔

  • پیٹرول کی قیمت میں کمی متوقع

    پیٹرول کی قیمت میں کمی متوقع

    اسلام آباد: شہباز حکومت نے پہلی بار پیٹرول کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتحادی حکومت نے پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر موجود پیٹرولیم لیوی برقرار رکھے جانے کا امکان ہے، پیٹرول کی قیمت میں 8 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے تک کمی کا امکان ہے۔

    کیروسین آئل 21 جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کمی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے، پیٹرول پر 10 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی عائد ہے، ہائی اسپیڈ ڈیزل، کیروسین آئل اور لائٹ ڈیزل پر 5، 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد ہے۔

    اتحادی حکومت اقتدار میں آ کر 66 سے 95 فیصد تک پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھا چکی ہے۔

    پیٹرول کی قیمت میں 99 روپے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 132 روپے فی لیٹر، کیروسین آئل کی قیمت میں 111 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 100 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیا جا چکا ہے۔

  • پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    برسلز: یورپی یونین نے اگلے 13 سال میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو ختم کر کے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    بین الاقوامی ویب سائت کے مطابق یورپی یونین نے ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت سنہ 2035 تک مکمل طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ اعلان 27 رکنی بلاک نے بدھ کو کیا جس کا مقصد آلودگی کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ تجویز جولائی 2021 میں سامنے آئی تھی، جس کی منظوری دی گئی ہے۔ یورپی یونین کے فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک انجن پر شفٹ کیا جائے گا۔

    اس اقدام کا مقصد ماحولیات کے تحفظ سے متعلق طے کیے گئے اہداف کو حاصل کرنا ہے جس میں 2050 تک کاربن کے اخراج کو صفر کرنا ہے۔

    جرمنی اور اٹلی سمیت بلاک میں شامل دیگر ممالک کی درخواست پر تمام 27 ممالک نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں آلودگی کے مسائل سے بچنے کے لیے متبادل ٹیکنالوجیز کی طرف بڑھنا چاہیئے، جیسا کہ ہائبرڈ یا بجلی سے چلنے والی گاڑیاں جن کی مدد سے فضا کو آلودہ بنانے والی گیسز کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو بھی 5 سال کے لیے اس پابندی سے چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے، اس میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جو 2035 کے آخر تک سالانہ 10 ہزار سے کم گاڑیاں بنا رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس شق کو فراری ترمیم کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے کیونکہ اس سے پرتعیش برانڈز کو فائدہ ہوگا، ان اقدامات پر اب یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے ساتھ بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔

    اجلاس کی صدارت کرنے والی فرانس کی وزیر برائے ماحولیات ایگنس پینیر رنیچر کا کہنا ہے کہ یہ ہماری آٹو موٹیو انڈسٹری کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور امریکا کے ساتھ مسابقت کے لیے یہ ایک بہت بڑی ضرورت ہے جن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے لیے بہت بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    ایتھنز: یونان میں سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا جس پر لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، یونان میں اس وقت پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یونان کا سرکاری ٹی وی چینل اس وقت لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن گیا جب ایک پروگرام میں دکھایا گیا کہ ایک پائپ سے کسی کی گاڑی سے پیٹرول کیسے نکالا جاسکتا ہے۔

    یہ پروگرام اس وقت نشر ہوا جب یونان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    ای آر ٹی نامی چینل میں 22 جون کو مارننگ شو میں رپورٹر نے بتایا کہ یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں، درحقیقت آپ کو کسی خصوصی ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، ایک عام پائپ سے بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

    گاڑی سے پیٹرول کو نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک مکینک نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن کو چرایا جاسکتا ہے۔

    اس پروگرام پر لوگوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹویٹر پر بہت زیادہ تنقید کی۔

    ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ لوگ پاگل ہوگئے ہیں جو لوگوں کو پیٹرول چرانے کے طریقے بتا رہے ہیں۔

    ایک اورصارف نے کہا کہ پیٹرول کو آسانی سے چرانے کے 2 طریقوں کے بعد اب ای آر ٹی کی جانب سے یہ سکھایا جائے گا کہ کس طرح تالوں کو کھولا جاسکتا ہے اور بٹوے چرائے جاسکتے ہیں۔

    یونان کی ایک ویب سائٹ پر اس ویڈیو کو 23 جون تک 1 لاکھ 70 ہزار بار سے زیادہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ ہزاروں افراد نے ٹویٹر پر بھی اسے دیکھا۔

    خیال رہے کہ یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 2.37 یورو ہے۔

  • سری لنکا میں پیٹرول مزید مہنگا

    سری لنکا میں پیٹرول مزید مہنگا

    کولمبو: معاشی طور پر دیوالیہ سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا، ملک میں غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیا کی قلت جاری ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق معاشی بحران سے دو چار سری لنکا میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے، سری لنکن پیٹرولیم اور گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔

    قیمتوں میں اضافے کے بعد سری لنکا میں ایک لیٹر پیٹرول 470 روپے (پاکستانی 271 روپے کا) ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب سری لنکا میں غذائی بحران شدید تر ہونے کے باعث فوج کاشت کاری مہم میں حصہ لے گی جس کے تحت 1500 ایکڑ بنجر زمین کو غذائی پیداوار بڑھانے کے لیے قابل کاشت بنایا جائے گا۔

    سری لنکن آرمی نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔

    یاد رہے کہ سری لنکا میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیا کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    عدالت پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے: درخواست دائر

    لاہور: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہری عدالت پہنچ گیا، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی، درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی مشکلات کا شکار ہوگا، قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ حکومت کو پیٹرول کی قیمتوں پر عائد ٹیکس کم کر کے ریلیف دینا چاہیئے تھا، حکومت نے اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے تمام بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا حکم کالعدم قرار دے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کر رہے ہیں، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوچکا ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت پیٹرولیم پر فی لیٹر 56 روپے سبسڈی دے رہی ہے، 15 دن میں 55 ارب روپے کا نقصان برداشت کر چکے ہیں۔

  • سری لنکا: پیٹرول کی قیمت میں 137 فیصد اضافہ

    سری لنکا: پیٹرول کی قیمت میں 137 فیصد اضافہ

    کولمبو: معاشی بحران کے شکار سری لنکا میں پیٹرول کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ کردیا گیا، پچھلے 6 ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں 230 فیصد اور پیٹرول کے نرخ میں 137 فیصد سے زائد اضافہ کیا جا چکا ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق معاشی بحران سے دو چار ملک سری لنکا میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کر دیا گیا ہے، ملک کو پہلے ہی خوراک کی قلت کا سامنا ہے جبکہ حکومت کے خلاف شدید احتجاج بھی چل رہا ہے جس کی وجہ سے اب تک کم از کم 9 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

    سری لنکا کے وزیر توانائی کنچنا وجیسکیرا کا کہنا ہے کہ کابینہ نے تیل کی قیمتوں میں اس لیے اضافے کی منظوری دی ہے تاکہ ریاست کے زیر انتظام پیٹرولیم کارپوریشن میں بھاری نقصانات کو روکا جا سکے۔

    ملک میں ڈیزل کی قیمت 289 سے بڑھا کر 400 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت کو 338 سے بڑھا کر 420 روپے کر دیا گیا ہے۔

    پچھلے 6 ماہ کے دوران ڈیزل کی قیمتوں میں 230 فیصد اور پیٹرول کے نرخ میں 137 فیصد سے زائد اضافہ کیا جا چکا ہے، قیمتیں بڑھنے کے باوجود ملک میں تیل کی کمی ہے اور اکثر اوقات تیل بھروانے کے لیے قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    خیال رہے کہ 2 کروڑ 20 لاکھ کی آبادی کے ملک کو تاریخ کے بدترین حالات کا سامنا ہے۔ زرمبادلہ کی کمی کے باعث خوراک اور ادویات کی بھی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے جبکہ عوام کو بجلی کی طویل بندش اور مہنگائی کا بھی سامنا ہے۔

    سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتیں زیادہ ہونے کے باعث بسوں اور ٹیکسیوں کے کرائے میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔

    وجیسیکیرا کے مطابق حکومت بھارت سے 500 ملین کا قرضہ لینے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے ایندھن خریدا جائے گا جبکہ 700 ملین کی رقم پہلے ہی بھارت فراہم کر چکا ہے۔

    مردم شماری دفتر کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے ماہ ملک میں مہنگائی 33.8 فیصد تھی جبکہ اشیائے خور و نوش کے مہنگے ہونے کی شرح 45.1 فیصد تھی۔

    جان ہوپکنز یونیورسٹی سے وابستہ معاشیات دان سٹیو ہینک کا کہنا ہے حقیقت میں سری لنکا میں مہنگائی اس سے بھی زیادہ ہے، جو حکومت کی طرف سے بتائی جا رہی ہے۔