Tag: پیٹرول

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آ گئی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آ گئی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق انٹرنیشنل خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آ گئی ہے، برینٹ خام تیل 3 ڈالر 85 سینٹ کمی سے 103.50 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

    ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 3 ڈالر 54 سینٹ کم ہو کر 99.06 ڈالر پر آ گئی۔

    واضح رہے کہ خام تیل کی قیمتیں پچھلے مہینے سے 20 ڈالر سے زیادہ نیچے آ چکی ہیں، لیکن دوسری جانب پمپوں پر قیمتیں اب بھی زیادہ ہیں۔

    معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمت 101.65 کی سطح کو توڑنے اور اسے نیچے ہی رکھنے میں کامیاب رہی ہے، اور آج سے مزید مندی کے رجحان کی توقع ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتیں ان کے متوقع منفی ہدف 98.95 تک آ جائیں گی، اور پھر اس سطح کو عبور کر کے 96.00 کی طرف جانے کی توقع ہے، جب کہ اگلا منفی ہدف 89.80 ہے۔

  • پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مڈل کلاس طبقہ متاثر ہوا ہے: ترجمان وزارت خزانہ

    پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مڈل کلاس طبقہ متاثر ہوا ہے: ترجمان وزارت خزانہ

    اسلام آباد: ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں تو حکومت پر بوجھ نہیں پڑے گا، پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مڈل کلاس طبقہ بہت متاثر ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ حکومت نے قرض لے کر یا خسارہ بڑھا کر کچھ کرنا ہے تو یہ اچھی خبر نہیں، حکومت اپنے وسائل سے سب کچھ کرنا چاہ رہی ہے تو یہ اچھی خبر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کلیکشن میں آگے چل رہا ہے، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں برقرار رہیں تو حکومت پر بوجھ نہیں پڑے گا، پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مڈل کلاس طبقہ بہت متاثر ہوا ہے۔

    مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ چینی کی قیمت 100 روپے کلو سے نیچے آچکی ہے۔

  • پیٹرول مہنگا ملنے پر شہری کا پمپ ملازم پر تشدد

    پیٹرول مہنگا ملنے پر شہری کا پمپ ملازم پر تشدد

    خیبرپختون خواہ کے علاقے ایبٹ آباد میں پیٹرول مہنگا ہونے پر شہری نے پمپ کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایبٹ آباد میں ایک شہری نے گاڑی میں ایک لیٹر پیٹرول ڈلوایا تو ملازم نے 127 روپے 30 پیسے کے حساب سے پیسے مانگے تو شہری مشتعل ہوگیا۔

    ملازم نے جب رقم ادا کرنے پر زور دیا تو شہری نے پیٹرول پمپ پر کام کرنے والے ملازم کا گریبان پکڑا اور اُس پر تشدد کرنا شروع کردیا۔

    مشتعل نوجوان نے ملازم کے منہ پر مکے مارے، اسی دوران پمپ پر کھڑے شہریوں نے بیچ بچاؤ کروایا تو شہری نے بتایا کہ یہ ’مجھ سے ایک لیٹر پیٹرول کے پیسے اضافی مانگ رہا ہے‘۔

    شہریوں نے مشتعل نوجوان کو گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر کیے جانے والے اضافے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ’پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ملازم نے نہیں حکومت نے کیا ہے‘۔

    اس پر نوجوان نے بتایا کہ اُسے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا کوئی علم نہیں تھا۔

    یاد رہے کہ حکومت نے اکتوبر کے ابتدائی پندرہ روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا اعلان گزشتہ روز کیا، نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے،  ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے، لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں8روپے82پیسے اور مٹی کےتیل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 5 پیسے اضافہ کیا۔

    حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی فی لیٹرقیمت 127روپے30 پیسے تک پہنچ گئی، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 122 روپے چار پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 31 پیسے، لائٹ ڈیزل 99 روپے 51 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔

  • برطانیہ میں پٹرول کی قلت ہو گئی

    برطانیہ میں پٹرول کی قلت ہو گئی

    لندن: آئل ٹینکر ڈرائیورز کی کمی کی وجہ سے برطانیہ میں پٹرول کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بی پی اور ایسو کے متعدد پٹرول اسٹیشنز پٹرول ختم ہونے پر عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے، بلکہ پٹرول اسٹیشنز پر پٹرول کی قلت کی وجہ ڈسٹریبیوشن ٹرمنلز سے فیول کی ترسیل کے مسائل ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹرول کی قلت ہونے کے بعد ڈرائیورز نےگھبرا کر گاڑیوں کے ٹینک بھرنے شروع کر دیے ہیں، اور پٹرول اسٹیشنز کے باہر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    ٹرانسپورٹ سیکریٹری گرانٹ شیپس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو فیول ٹینکرز چلانے کے لیے طلب کیا جا سکتا ہے۔

    پٹرول کی قلت کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کرونا وبا اور بریگزٹ سے حالات مزید بگڑے ہیں، بعض وزرانے حکومت کو یورپی ممالک سے ڈرائیورز کو عارضی ویزے دے کر بلوانے کی تجویز دے دی ہے۔

    اسٹیشنز پر قلت ہونے کے بعد بی پی اور ایسو نے تنبیہی نوٹس بھی جاری کیے کہ ان کے چند اسٹیشنز پر پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی وجہ سے صارفین خبردار رہیں۔

    ٹرانسپورٹ سیکریٹری نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں لاری ڈرائیورز کی کمی کی وجہ بریگزٹ نہیں ہے، یورپی یونین سے علیحدگی نے تو حکومت کی مدد کی ہے مسائل کے حل میں۔

  • جب آٹو رکشہ کے پی اسمبلی کے گیٹ کی طرف تیر کی طرح بڑھا اور سیکیورٹی میں ہلچل مچی

    جب آٹو رکشہ کے پی اسمبلی کے گیٹ کی طرف تیر کی طرح بڑھا اور سیکیورٹی میں ہلچل مچی

    پشاور: جب آٹو رکشہ خیبر پختون خوا اسمبلی کے گیٹ کی طرف تیر کی طرح بڑھا اور سیکیورٹی میں ہلچل مچی، لیکن پھر اس میں سے سردار رنجیت سنگھ برآمد ہوئے تو اہل کاروں نے سکون کا سانس لیا۔

    یہ کہانی ہے اس احتجاج کی جو پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے مجبور ہو کر کیا جا رہا ہے، اور جس کے باعث خیبر پختون خوا اسمبلی میں چمچماتی گاڑیوں کے بعد غریب کی سواری آٹو رکشے نے بھی انٹری ماری۔

    جمعیت علماے اسلام سے تعلق رکھنے والے صوبائی اسمبلی کے اقلیتی رکن سردار رنجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ پیٹرول اتنا مہنگا ہوگیا ہے کہ اپنی گاڑی کھڑی کر کے رکشے میں اسمبلی آنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    کے پی اسمبلی کے مرکزی داخلی دروازے پر کھڑے سیکیورٹی اہل کار اس وقت چونک گئے، جب ایک آٹو رکشے نے خیبر روڈ سے جاتے ہوئے ایک دم اپنا رخ اسمبلی گیٹ کی موڑ دیا، سیکیورٹی پر مامور پولیس، اسپیشل برانچ اہل کار اور اسمبلی سیکیورٹی اسٹاف فوری طور پر حرکت میں آ گئے، اور آٹو رکشے کو روک لیا گیا۔

    لیکن اس سے قبل کے سیکیورٹی اہل کار رکشہ ڈرائیور سے کچھ پوچھتے، رکشے میں سوار جے یو آئی ف کے اقلیتی رکن سردار رنجیت سنگھ نے سر باہر نکال کر سیکیورٹی اہل کاروں کو دروازہ کھولنے اور رکشہ کو عمارت کے اندر جانے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کر دیے، اور یوں کے پی اسمبلی میں غریب کی سواری اسمبلی کے احاطے میں داخل ہو سکی۔

    رکن صوبائی اسمبلی سردار رنجیت سنگھ کے بقول ایم پی اے ہاسٹل کے سامنے جب انھوں نے آٹو رکشہ روک کر اسے اسمبلی جانے کا کہا، تو ڈرائیور نے جو مجھے ایک سکھ سردار سمجھ رہا تھا، فوراً کہا کہ کس گیٹ پر اتریں گے، میں نے کہا کہ گیٹ پر نہیں اندر جانا ہے، اس پر ڈرائیور بولا کہ پولیس والے گیٹ کے قریب چھوڑیں تو بھی بڑی بات ہے آپ اندر جانے کی بات کر رہے ہیں۔

    سردار رنجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ آٹو رکشے سمیت اسمبلی میں داخلے کے وقت ڈرائیور کے چہرے پر حیرت اور خوشی کے ملتے جلتے اثرات واضح دیکھے جا سکتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ان کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ گاڑی کا فیول افورڈ کر سکیں، سردار رنجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ان کی گاڑی ایم پی اے ہاسٹل میں کھڑی ہے، اور واپسی پر کسی ایم پی اے کے ساتھ ہاسٹل جائیں گے۔

    سردار رنجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت زیادہ ہونے کی وجہ سے رکشے کا کرایہ بھی بڑھ گیا ہے اور ایم پی اے ہاسٹل سے اسمبلی تک رکشہ والے کو ایک سو پچاس روپے کرایہ دیا۔

    انھوں نے کہا کہ ان کا رکشے میں اسمبلی آنے کا عمل ایک احتجاج کی صورت بھی رکھتا ہے، مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے، ایم پی ایز اگر پیٹرول کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے تو عام لوگ کیسے کرتے ہوں گے۔

  • حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی، نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جولائی رات 12 بجے سے ہوگا۔

    اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 118 روپے 9 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 54 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 39 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، اعلامیہ کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت 87 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 27 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 67 پیسہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 جولائی رات 12 بجے سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ذرائع پیٹرولیم ڈویژن نے کہا تھا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے، جس کی وجہ سے پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے 11 روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

    ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں ڈیڑھ روپے اضافے کی تجویز ہے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے تک بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔

  • پٹرول بھرنے والے شخص نے کیا کیا، کہ 3 لٹیرے سر پر پیر رکھ کر بھاگ اٹھے (ویڈیو)

    پٹرول بھرنے والے شخص نے کیا کیا، کہ 3 لٹیرے سر پر پیر رکھ کر بھاگ اٹھے (ویڈیو)

    سانتیاگو: لٹیروں نے سوچا بھی نہ تھا کہ اپنی گاڑی میں اطمینان سے پٹرول بھرنے والا شخص اتنا خطرناک رد عمل دے دے گا، ابھی وہ اس شخص تک پہنچے بھی نہ تھے کہ انھیں اپنی جانیں بچانے کے لیے سر پر پیر رکھ کر بھاگنا پڑا۔

    یہ واقعہ جنوبی امریکا کے ایک ملک چلی کا ہے، کسی مقام پر ایک پٹرول پمپ پر ایک شہری اپنی کار میں ایندھن بھر رہا تھا، کہ اس دوران ایک سفید وین میں لٹیرے پہنچ گئے۔

    اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید وین بڑی تیزی سے آ کر کار کے بالکل قریب رک گئی، اور دونوں کے طرف کے دروازوں سے 3 ڈاکو تیزی سے نیچے اتر کر اس شخص کی طرف بڑھے۔

    دونوں طرف سے تین افراد کو تیزی سے اپنی طرف بڑھتے دیکھ کر وہ شخص جبلی طور پر چوکنا ہو گیا، اور تیزی سے اپنے بچاؤ کا فیصلہ کرتے ہوئے اس نے ڈسپنسر کا رخ ان کی طرف کر دیا، اور پٹرول ان پر اسپرے کرنے لگا۔

    پٹرول کے حملے سے لٹیروں کے اوسان خطا ہو گئے، اور وہ الٹے پیر بھاگنے لگے، وہ اپنی گاڑی میں بیٹھنا تک بھول گئے اور آگے پیچھے ہوتے رہے، تاہم اسی بدحواسی کے عالم میں وہ وین میں بیٹھے اور بھاگ گئے۔

    سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو شیئر ہوئی تو لوگوں نے اس پر مختلف قسم کے تبصرے کیے، کسی کا کہنا تھا کہ چور یہ ویڈیو دیکھ کر آئندہ کسی پٹرول بھرتے شخص کو لوٹنے سے محتاط رہیں گے، کیوں کہ ان کے ساتھ کچھ بھی بھیانک ہو سکتا ہے۔

    کسی نے کہا کہ پٹرول لگنے کے بعد اب چوروں کی وین کو پولیس حکام آسانی سے پہچان سکتے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ لٹیروں کے خلاف کوئی کارروائی ہوئی یا نہیں۔

  • یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: یکم مئی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں پونے 6 روپے فی لیٹر تک اضافہ ہو سکتا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پٹرول اور ڈیزل کی مجوزہ قیمتوں کا تعین موجودہ پٹرولیم لیوی کی شرح پر کیا گیا ہے، پٹرول پر موجودہ لیوی 11 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہے، جب کہ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 15 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہے۔

    تاہم، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گی۔

  • ہوشیار، ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا

    ہوشیار، ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا

    اسلام آباد: ملک میں ایک بار پھر پٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ایک وارننگ لیٹر جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق نہ رکھنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    اوگرا حکام نے کہا ہے کہ تمام کمپنیاں 20 روز کا پٹرول ذخیرہ رکھنے کی پابند ہیں، ذخیرہ 20 روز کا نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی، اس لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق رکھیں۔

    وزیر اعظم کی ہدایت پر ندیم بابر نے معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا قلم دان چھوڑ دیا

    اوگرا ذرائع نے کہا ہے کہ پٹرول کا 2 لاکھ 97 ہزار 882 میٹرک ٹن کا ذخیرہ موجود ہے، جو کہ 12 روز کی ملکی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے، جب کہ اس وقت ڈیزل کا 17 روز کا ذخیرہ موجود ہے، جو 3 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک پر مشتمل ہے۔

    یاد رہے کہ 26 مارچ کو وفاقی کابینہ کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کیا تھا، آڈٹ سے جون 2020 میں پٹرولیم بحران میں ملوث کمپنیوں کا پتا چلے گا، آڈٹ سے یہ معلوم ہو جائے گا کہ کون سی کمپنیوں نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی، اور کس نے کتنا پیسا بنایا۔

    گزشتہ سال جون میں پٹرول بحران سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا، جس پر وزیر اعظم نے ندیم بابر کو معاون خصوصی برائے پٹرولیم کا قلم دان چھوڑنے کی ہدایت کر دی تھی۔

  • پٹرول بحران، پٹرولیم ڈویژن کا بڑا قدم

    پٹرول بحران، پٹرولیم ڈویژن کا بڑا قدم

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ کر لیا ہے، نیز حکومت پٹرول بحران پر منسٹریل کمیٹی کی رپورٹ بھی پبلک کرنے جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو خط تحریر کر دیا ہے، جس میں کابینہ کے 16 مارچ کی ہدایات کا حوالہ دے کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے فرانزک آڈٹ کی ہدایت کی گئی ہے۔

    آڈٹ سے جون 2020 میں پٹرولیم بحران میں ملوث کمپنیوں کا پتا چلے گا، اس سلسلے میں خط میں آڈیٹر جنرل کو کمپنیوں کی تفصیلات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    آڈٹ سے یہ معلوم ہو جائے گا کہ کون سی کمپنیوں نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کی، اور کس نے کتنا پیسا بنایا۔

    واضح رہے کہ پٹرول بحران سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کمیشن کی رپورٹ بھی پبلک کی جائے گی، کابینہ نے آئل کمپنیوں، اور پٹرولیم ڈیلرز کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی، وزیر اعظم نے بھی پٹرول بحران کی انکوائری کا حکم دے رکھا ہے۔

    پٹرولیم بحران پر وزیر اعظم کی ندیم بابر کو قلم دان چھوڑنے کی ہدایت

    خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں پٹرول بحران سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ آج اسلام آباد میں نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے بتایا کہ پٹرولیم بحران پر وزیر اعظم نے ندیم بابر کو قلم دان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ سیکریٹری پٹرولیم کو بھی واپس بھیجا جا رہا ہے۔

    اسد عمر نے کہا پٹرولیم بحران پر منسٹریل کمیٹی نے وزیر اعظم کو سفارش کی تھی کہ ندیم بابر کو شفاف تحقیقات کے لیے عہدے سے ہٹایا جائے۔